Tag: بلی

  • کیا آپ تصویر میں موجود دوسری بلی ڈھونڈ سکتے ہیں؟

    کیا آپ تصویر میں موجود دوسری بلی ڈھونڈ سکتے ہیں؟

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم اپنے دماغ کو جتنا زیادہ کام کرنے پر مجبور کریں گے اتنا ہی وہ فعال ہوتا جائے گا۔ کم کام کرنے والا دماغ آہستہ آہستہ سست اور غیر فعال ہوتا جاتا ہے جس کا نتیجہ غائب دماغی کی صورت میں نکلتا ہے۔

    دماغ کو فعال کرنے کے لیے ماہرین چھوٹی چھوٹی مشقیں بتاتے ہیں جن میں سب سے آسان مشق حساب کے سوالات حل کرنا، کوئی پہیلی بوجھنا یا کسی چیز کو غور سے دیکھ کر اس کا مشاہدہ کرنا ہے۔

    اسی لیے ہم آپ کے دماغ کی ورزش کے لیے آج آپ کو ایک تصویر دکھا رہے ہیں۔

    تصویر میں بظاہر ایک بلی موجود ہے، لیکن اگر آپ غور کریں تو آپ کو دوسری بلی بھی یہیں کہیں دکھائی دے جائے گی۔

    بس آپ نے اسی بلی کو ڈھونڈنا ہے۔

    کیا آپ کو جواب مل گیا؟ ایک بار پھر غور سے دیکھ لیں۔

    صحیح جواب یہ ہے۔

    اگر آپ بھی ان میں سے ایک ہیں جو اس کا جواب نہیں ڈھونڈ پائے تو یہ کوئی پریشانی کی بات نہیں۔ زیادہ تر افراد بلی کو ہی غور سے دیکھ کر اس کی دم کے پیچھے سے دوسری بلی برآمد کرنے کی کوشش کرتے ہیں، کم ہی افراد پس منظر پر غور کرتے ہیں۔

  • بلی نے جان بچانے کے لیے جلتی عمارت کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگا دی، ویڈیو وائرل

    بلی نے جان بچانے کے لیے جلتی عمارت کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگا دی، ویڈیو وائرل

    شکاگو: امریکی شہر شکاگو میں ایک جلتی عمارت کی پانچویں منزل سے بلی نے جان بچانے کے لیے اندھا دھند چھلانگ لگا دی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ریاست ایلی نوئے میں شکاگو کے فائر فائٹرز نے ایک ایسی ویڈیو شیئر کی ہے جسے دیکھ کر لوگ ششدر رہ گئے، اس ویڈیو میں بلی جان بچانے کے لیے عمارت کی پانچویں منزل سے بے دھڑک چھلانگ لگاتی دکھائی دے رہی ہے۔

    کہا جاتا ہے کہ بلی کی نو جانیں ہوتی ہیں، آتش زدگی کی شکار عمارت سے اتنی بلندی سے چھلانگ لگانے کے لیے شاید بلی کو اپنی یہ ساری جانیں خرچ کرنی پڑی ہوں گی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت کی پانچویں منزل سے دھواں اٹھ رہا ہے اور ایک بلی کھڑکی سے بے دھڑک چھلانگ لگا رہی ہے، حیرت انگیز بات یہ ہے کہ بلی چھلانگ لگانے کے بعد بالکل سلامت رہی، اور اسے کوئی چوٹ نہیں آئی۔

    مقامی حکام کا کہنا تھا کہ بلی چھلانگ لگانے کے بعد دوڑتی نظر آئی، اور اس نے واپس عمارت میں جانے کی بھی کوشش کی۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جیسے ہی شیئر ہوئی، نہایت تیزی سے وائرل ہو گئی، لوگوں نے اس پر حیرت اور تعجب کا اظہار کرتے ہوئے طرح طرح کے تبصرے کیے، کسی نے بلی کو حیرت انگیز قرار دیا تو کسی نے اسے شیطان کی خالہ کہا۔

    کالی بلیوں کو عام طور سے لوگ بد بختی کی علامت سمجھتے ہیں لیکن یہ والی کالی بلی تو بڑی خوش قسمت نکلی۔

    واضح رہے کہ یہ ویڈیو اس وقت ریکارڈ ہوئی جب شکاگو فائر ڈیپارٹمنٹ کا عملہ آگ بجھانے کے دوران ویڈیو بنا رہا تھا، جب ٹوٹی کھڑکی سے نکلتے دھوئیں میں سے یہ بلی اچانک کھڑکی میں نمودار ہوئی۔

  • ماں کی تڑپ: بلی بیمار بچوں کو علاج کے لیے خود اسپتال لے آئی (ویڈیو دیکھیں)

    ماں کی تڑپ: بلی بیمار بچوں کو علاج کے لیے خود اسپتال لے آئی (ویڈیو دیکھیں)

    ازمیر: ترکی کے شہر ازمیر میں ایک بلی ممتا کی تڑپ لیے اپنے بیمار بچوں کو خود اسپتال لے آئی، اور ڈاکٹرز سے مدد طلب کرنے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق ازمیر کے ضلع کارابگلر کے ایک اسپتال میں علاج کے لیے آنے والی ایک بلی نے لوگوں کے دلوں کو پگھلا دیا، بلی نے منہ میں اپنا بچہ پکڑا ہوا تھا اور ڈاکٹرز سے مدد طلب کر رہی تھی۔

    اسپتال کے کیمرے سے لی گئی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلی اپنے بچے کو منہ میں اٹھا کر اسپتال کے دروازے سے اندر آتی ہے، اور دروازے پر کھڑے لوگ بلی کو راستہ دینے کے لیے ایک طرف ہو جاتے ہیں جب کہ کچھ لوگ دوسروں کو بلی کے لیے راستہ بنانے کا کہتے ہیں۔

    جب بلی کےبچوں کا معائنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ ان کی آنکھوں میں انفیکشن ہو گیا ہے، جس پر جانوروں کے ڈاکٹر سے علاج کے لیے مدد طلب کی گئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نرس بلی کے بچوں کی آنکھوں میں دوا کے قطرے ڈال رہی ہے۔ ایک منظر میں بلی کے دونوں بچوں سے ڈاکٹر باتیں کر رہے ہیں۔

    مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپتال کے اسٹاف نے بتایا کہ وہ اکثر اس بلی کو کھانا اور دودھ دیتے رہتے تھے، جو پاس ہی سڑک پر کہیں رہتی ہے۔

    اسٹاف کا کہنا تھا کہ وہ صبح کے وقت مریض دیکھ رہے تھے جب یہ بلی اپنے بچے کو منہ میں دبائے آ گئی، اور وہ دیر تک میاؤں میاؤں کرتے ہوئے مدد مانگتی رہی، جسے دیکھ کر ہم دنگ رہ گئے، جب ہم نے احتیاط سے معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ انفیکشن کی وجہ سے بلونگڑا آنکھیں نہیں کھول پا رہا تھا۔

    بلی بیمار بچے کو لے کر اسپتال پہنچ گئی، تصاویر وائرل ہوگئیں

    آئی ڈراپس ڈالنے کے بعد جب بلونگڑوں نے آنکھیں کھولیں تو ہم سب بہت خوش ہوئے۔ بعد ازاں ہم نے بلی کو اس کے بچوں سمیت مزید علاج کے لیے دوسرے شہر بھیج دیا۔

  • بلی 4 سال بعد اپنے مالک تک کیسے پہنچی؟

    بلی 4 سال بعد اپنے مالک تک کیسے پہنچی؟

    امریکا میں اس وقت ایک خاتون خوشی سے نہال ہوگئیں جب ان کی 4 سال قبل کھو جانے والی بلی انہیں دوبارہ مل گئی۔

    نووا نامی یہ بلی سنہ 2016 میں امریکی ریاست نیو جرسی سے اپنی مالکن کے گھر سے لاپتہ ہوئی تھی۔ خاتون نے اسے تلاش کرنے کی بہت کوشش کی اور علاقے میں پوسٹرز بھی چپساں کیے، لیکن وہ اسے ڈھونڈنے میں ناکام رہیں۔

    اب یہ بلی ریاست پنسلوینیا کے ایک شیلٹر ہوم سے ملی ہے۔ شیلٹر ہوم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ بلی کچھ دن قبل یہاں آئی تو اس کا اسکین کیا گیا کہ اس کے اندر کوئی مائیکرو چپ تو نصب نہیں۔

    مائیکرو چپ کی موجودگی کا علم ہونے کے بعد اس کی مالکن سے رابطہ کیا گیا جو اب میسا چوسٹس میں رہتی تھی۔

    مالکن اپنی بلی کے دوبارہ مل جانے پر خوشی سے نہال ہوگئیں، وہ شیلٹر ہوم پہنچیں اور اپنی پیاری بلی کو اپنے نئے گھر لے گئیں۔

  • لاکھوں روپے کی ٹک ٹاک اسٹار بلی چند ہزار میں فروخت کر دی گئی

    لاکھوں روپے کی ٹک ٹاک اسٹار بلی چند ہزار میں فروخت کر دی گئی

    پشاور: خیبر پختون خوا میں ٹک ٹاک سے مشہور ہونے والی ایک چوری شدہ بلی کو پولیس نے ڈھونڈ نکالا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے پھندو سے چوری ہونے والی بلی برآمد کر لی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک اسٹار بلی چوری کے بعد فروخت کر دی گئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پرشین بلی کو فقیر آباد سے برآمد کیا گیا ہے، 10 روز قبل پھندو پولیس نے بلی گمشدگی کی رپورٹ درج کی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق پشاور میں بلی کے مالک محمد ہارون کی جانب سے تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی، ہارون کا کہنا تھا کہ ان کی ایرانی بلی کھو گئی ہے، جس پر پولیس نے تحقیقات شروع کر دی۔

    پولیس نے فقیر آباد سے بلی برآمد کی، پولیس نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے بلی چوری کے بعد ایک شہری کے ہاتھ 15 ہزار روپے میں فروخت کی تھی۔

    پولیس نے بلی برآمد کر کے اس کے مالک محمد ہارون کے حوالے کر دی، مالک کا کہنا تھا کہ یہ پرشین بلی ہے جس کی قیمت لاکھوں روپے ہے۔

    ٹک ٹاک پر اس بلی کی ویڈیوز اپ لوڈ کی گئی تھیں، جس کے بعد اس کو شہرت ملی۔

  • سعودی عرب: بلیوں کے تحفظ کے لیے گاڑی مالکان کو ہدایت جاری

    سعودی عرب: بلیوں کے تحفظ کے لیے گاڑی مالکان کو ہدایت جاری

    ریاض: سعودی عرب میں گاڑی اسٹارٹ کرنے سے قبل ہارن بجانے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارتِ ماحولیات نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ صبح گاڑی اسٹارٹ کرنے سے قبل ہارن ضرور بجا لیا کریں۔

    وزارت ماحولیات کی جانب سے اس ہدایت کے ساتھ خبردار کیا گیا ہے کہ ہارن بجائے بغیر گاڑی اسٹارٹ کر دی گئی تو اس سے بلی کی جان جا سکتی ہے۔

    سبق ویب سائٹ کی خبر میں کہا گیا ہے کہ یہ ہدایت اس لیے کی گئی ہے کیوں کہ سرد موسم میں بلیاں گاڑیوں کے گرم انجن کے قریب پناہ تلاش کرتی ہیں، اس لیے ہارن بجانے سے اگر انجن کے قریب کوئی بجلی چھپی ہوئی ہوگی تو بھاگ جائے گی۔

    خیال رہے کہ سرد راتوں میں عام طور پر بلیاں گرم جگہوں کی تلاش میں رہتی ہیں اور گلی محلے میں کھڑی گاڑیاں ان کے لیے مناسب ترین جگہیں ہیں۔

  • بہادر دیہاتی نے لات مار کر خوف ناک اژدہے سے بلی کو بچا لیا (ویڈیو دیکھیں)

    بہادر دیہاتی نے لات مار کر خوف ناک اژدہے سے بلی کو بچا لیا (ویڈیو دیکھیں)

    بینکاک: تھائی لینڈ میں دیہاتیوں نے ایک بلی کو اژدھے کی خوف ناک گرفت سے بڑی بہادری کے ساتھ بچا لیا، ایک دیہاتی نے نہایت بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سانپ کو ایک لات بھی ماری۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی دیہاتیوں نے ایک آوارہ بلی کو موت کے گھاٹ اترنے سے بچانے کے لیے ایک 8 فوٹ بووا کنسٹریکٹر سے لڑائی لڑی۔

    تھائی لینڈ میں بلی اچانک ہی ایک بہت بڑے سانپ کی گرفت میں آ گئی تھی، لیکن چند دیہاتیوں نے بڑے ڈرامائی انداز میں بے بس بلی کو بچایا۔

    یہ واقعہ ہفتے کو تھائی لینڈ کے صوبے ٹک میں ایک مصروف سڑک کے بیچوں بیچ پیش آیا تھا، لوگوں نے دیکھا کہ ایک بڑا بووا سانپ بلی کو دبوچ کر اسے بھینچ رہا ہے۔

    معلوم ہوا کہ سفید بلی وہاں کبوتروں کا شکار کرنے آئی تھی جب اچانک خوف ناک سانپ نے اس پر حملہ کر کے اسے پکڑ لیا، جب وہ اس کے گرد لپٹ کر اسے موت کے گھاٹ اتارنے والا تھا تب کچھ لوگوں نے دوڑ کر سانپ پر حملہ کر دیا۔

    سوشل میڈیا پر کسی نے اس واقعے کی ویڈیو بھی شیئر کی، جو بہت تیزی سے وائرل ہو گئی، یہ ویڈیو سڑک پر چلنے والے ایک کار کے ڈیش بورڈ کے کیمرے میں ریکارڈ ہوئی تھی۔

    بلی سانپ کے شکنجے میں مکمل طور پر بے بس ہو چکی تھی، جب آس پاس کے چند لوگ دوڑے ہوئے آئے، اور اسے بچانے لگے، ایک دیہاتی نے نہایت بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلی کے گرد لپٹے ہوئے سانپ کو لات مار دی، اگرچہ سانپ نے بلی کو نہیں چھوڑا لیکن ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہی لات ہی سانپ کو لگ سکی تھی۔

    ذرا دیر بعد ایک اور شخص نے سانپ پر دور سے لکڑی پھینکی لیکن اس نے کچھ خاص کام نہیں کیا، اتنے میں ایک خاتون سمیت چند اور لوگ سلاخوں کے ساتھ آ گئے اور زمین پر اسے بجانے لگے، اس کے بعد سانپ نے بلی کو چھوڑ دیا اور بھاگ گیا۔

    بلی اتنی خوف زدہ ہو چکی تھی کہ آزادی ملنے کے بعد بھی چند لمحے تک بے حس و حرکت بیٹھی رہی، اور اس کے بعد اٹھ کر تیزی سے بھاگی۔ رپورٹ کے مطابق صوبے کی میونسپلٹی ریسکیو ادارے نے بعد میں اس سانپ کو پکڑ کر جنگل میں لے جا کر چھوڑ دیا تھا۔

  • بلی نے مالک کو قرض دار بنا دیا، ایک حیران واقعہ

    بلی نے مالک کو قرض دار بنا دیا، ایک حیران واقعہ

    بینکاک: تھائی میں لینڈ میں ہونے والے ایک دل چسپ واقعے نے انٹرنیٹ پر بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے، یہ واقعہ ایک پیاری سی بلی کا ہے جو 3 دن سے غائب تھی۔

    ہوا یوں کہ ایک پالتو بلی گھر سے غائب ہوئی اور تین دن بعد اچانک لوٹ آئی، مالک نے دیکھا کہ بلی صحیح سلامت ہے تاہم اس کے گلے سے ایک پلے کارڈ بندھا ہوا ہے جو قرض سے متعلق تھا۔

    کارڈ سے معلوم ہوا کہ یہ کسی آنٹی مے نے بلی کے گلے میں باندھا ہے، جنھیں یہ بلی ان کے دکان کے باہر کھڑی ملی تھی۔ بلی آنٹی مے کی دکان پر مچھلیوں کی طرف دیکھ رہی تھی جس پر انھوں نے بلی کو تین مچھلیاں کھلا دیں۔

    پلے کارڈ پر تھائی زبان میں لکھا تھا: ’آپ کی بلی میرے اسٹال پر مچھلیوں کو للچائی نظروں سے دیکھ رہی تھی، اس لیے میں نے اسے تین مچھلیاں کھلا دیں: آنٹی مے، گلی نمبر تین۔‘

    اس واقعے سے متلعق فیس بک پر ایک پوسٹ کی گئی، جس میں بلی کی تصاویر بھی دی گئیں، بلی کے گلے میں پلے کارڈ بھی بندھا دیکھا جا سکتا ہے۔

    تھائی زبان میں ان تصاویر پر کیپشن لگایا گیا کہ تین دن بعد بلی قرض کے ساتھ لوٹ آئی، کیا یہ دل چسپ نہیں ہے؟ ایک تصویر میں ٹیبی نسل کی یہ بلی پیارے انداز میں کیمرے کی طرف دیکھ رہی ہے۔

  • شکار کو پکڑنے کے لیے تیندوے کی خطرناک چھلانگ، ویڈیو وائرل

    شکار کو پکڑنے کے لیے تیندوے کی خطرناک چھلانگ، ویڈیو وائرل

    چیتے اور تیندوے کی تیز رفتاری نہایت غیر معمولی ہے اور انسان تو کیا کئی جانور بھی ان کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہتے ہیں، اور جب بات ہو شکار پکڑنے کی تو ان کی پھرتی اور رفتار میں اور بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

    بھارت میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ تیندوا کس طرح اپنے شکار تک پہنچنے کے لیے تیز رفتاری دکھاتا ہے۔

    یہ ویڈیو ایک بھارتی فاریسٹ افسر نے شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نصف رات کے وقت سنسان گلی میں تیزی کے ساتھ ایک جانور جو بظاہر بلی دکھائی دیتی ہے، اپنی جان بچانے کے لیے جالی والے دروازے کے اندر سے بھاگتی ہوئی نکل گئی۔

    بلی کی اس رفتار سے یوں لگتا ہے جیسے اسے پیچھے کوئی خطرہ ہے، اور اگلے ہی لمحے وہ خطرہ دکھائی دے جاتا ہے، ایک تیندوا اپنے شکار کو قابو کرنے کے لیے خطرناک تیز رفتاری سے دوڑ رہا ہے۔

    اگلے ہی لمحے ویڈیو دیکھنے والے حیرت میں مبتلا ہوجاتے ہیں جب تیندوا جالی والے دروازے سے چند قدم دور چھلانگ لگاتا ہے اور جست لگا کر تقریباً 5 فٹ بلند دروازہ پار کرلیتا ہے۔

    تیندوے کی اس پھرتی کو دیکھ کر یہ کہنا مشکل نہیں کہ بیچاری بلی شاید ہی اپنی جان بچا پائی ہو۔

    سوشل میڈیا پر 9 سیکنڈز کی اس وائرل ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں، کوئی بلی سے اظہار ہمدردی کر رہا ہے تو کوئی تیندوے کی اس صلاحیت پر حیران ہے۔

    یاد رہے کہ تیندوا 20 فٹ تک بلند کسی شے کو چھلانگ لگا کر پار کرسکتا ہے جبکہ ہوا میں 10 فٹ بلند چھلانگ لگا سکتا ہے۔

  • آپ کی پالتو بلی ہر وقت سوتی کیوں رہتی ہے؟ کہیں اس کی وجہ خود آپ تو نہیں؟

    آپ کی پالتو بلی ہر وقت سوتی کیوں رہتی ہے؟ کہیں اس کی وجہ خود آپ تو نہیں؟

    پالتو بلیاں نہایت پیاری ہوتی ہے اور ان کی معصوم شرارتیں ہر کسی کا دل موہ لیتی ہیں، حال ہی میں ایک تحقیق میں ان کے بارے میں ایک اور حیران کن اور پیارا انکشاف ہوا ہے۔

    انگلینڈ کی یونیورسٹی آف لنکن میں کی گئی ایک تحقیق میں پتہ چلا کہ پالتو بلیوں کے مالکوں کی شخصیت و عادات ان کی بلی پر بھی اثر انداز ہوتی ہیں۔

    تحقیق کے لیے ماہرین نے 3 ہزار کے قریب بلیوں اور ان کے مالکان کا تجزیہ کیا۔

    نتائج میں دیکھا گیا کہ جس طرح کوئی بچہ اپنے والدین کی شخصیت کا آئینہ ہوتا ہے اور بالکل اپنی والدین جیسی عادات و فطرت رکھتا ہے، بالکل ویسے ہی بلیاں بھی اپنے مالک کی عادات اپنا لیتی ہیں۔

    تحقیق میں شامل ایک ماہر کا کہنا ہے کہ پالتو جانور کسی بھی گھر کا حصہ بن جاتا ہے اور گھر والے اس سے ایک فیملی ممبر ہی کی طرح برتاؤ کرتے ہیں، چانچہ یہ حیران کن نہیں کہ پالتو جانور اپنے ارد گرد موجود افراد کی عادات کو اپنا لیتے ہیں۔

    یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ اگر آپ کی پالتو بلی سست ہے یا بہت ایکٹو ہے، ہر وقت سونے کی عادی ہے یا شرارتیں کرتی ہے، چالاک ہے یا بہت بھولی بھالی ہے، تو یہ عادات یقیناً آپ میں بھی ہوں گی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ گھر میں پالتو جانور رکھنا بے شمار جسمانی و ذہنی فوائد کا باعث بنتا ہے، پالتو جانور سے آپ کے ذہنی تناؤ میں کمی واقع ہوتی ہے۔

    طویل عرصے تک گھر میں پالا جانے والا جانور گھر میں موجود مریضوں کے لیے ایسا ہی ثابت ہوتا ہے جیسے کسی قریبی عزیز یا اپنے کی موجودگی۔ علاوہ ازیں گھر میں جانور پالنا بچوں کی بہترین تربیت میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔