Tag: بل بورڈ

  • کراچی: کار ساز روڈ پر بل بورڈ گرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    کراچی: کار ساز روڈ پر بل بورڈ گرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    کراچی میں کار ساز روڈ پر بل بورڈ کا کھمبا موٹر سائیکل سوار پر گر گیا، افسوس ناک حادثے میں موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کار ساز شارع فیصل پر ایئر پورٹ جانے والے ٹریک پر بل بورڈ کا خستہ حال کھمبا موٹر سائیکل سوار خاندان پر گر گیا جس کے نتیجے میں شوہر جاں بحق، اہلیہ اور بیٹی زخمی ہوگئیں۔

    ریسکیوحکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 45 سالہ جمیل اور زخمیوں میں 40 سالہ فاطمہ اور 16 سالہ بیٹی انیسہ شامل ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    متوفی ڈرگ روڈ کینٹ بازار کا رہائشی اور3 بچوں کا باپ تھا، جس میں دو بیٹیاں اورایک بیٹا ہے اوراپنی رہائش گاہ سے کسی رشتے دار کے گھر جا رہا تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا۔

    حادثے کے بعد شارع فیصل پر وقتی طور پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پالیا۔

    اس سے قبل راشد منہاس روڈ پر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں خاتون اور بچی سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی تھیں۔

    حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، خونی ڈمپر ریت سے بھرا ہوا تھا جو کار پر گرگیا، حادثے کے کافی دیر بعد بھاری بھرکم ڈمپر کو ہیوی مشینری کی مدد سے اٹھایا گیا دبی ہوئی کار میں سے ایک بچی اور ایک خاتون کی لاش نکال لی گئی۔

  • کراچی میں لگے بل بورڈز 3 دن میں ہٹانے کا حکم

    کراچی میں لگے بل بورڈز 3 دن میں ہٹانے کا حکم

    کراچی: سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے شہر میں لگے بل بورڈز اور ہورڈنگ 3 دن میں ہٹانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بل بورڈز اور ہورڈنگز سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

    سماعت کے دوران سندھ اسمبلی اور ہائیکورٹ کے اطراف کی شاہراہوں اور شہر میں بچھے بل بورڈز کے جال پر عدالت برہم ہوگئی۔

    جسٹس قاضی عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ سندھ اسمبلی اور ہائیکورٹ کے اطراف میں شاہراہوں پر بل بورڈز عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ گزشتہ عدالتی حکم پر عمل در آمد نہیں ہوا۔

    عدالت نے بل بورڈز نہ ہٹانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 3 دن میں شہر سے تمام بل بورڈز ہٹا کر رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی عدالت نے کراچی میں نئے بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے پر پابندی عائد کردی تھی جبکہ گھروں کی چھتوں اورعمارتوں پر لٹکے بورڈز ہٹانے کا بھی حکم دیا تھا۔

  • سپریم کورٹ نے کراچی میں تمام بل بورڈ 15 دن میں ہٹانے کا حکم دے دیا

    سپریم کورٹ نے کراچی میں تمام بل بورڈ 15 دن میں ہٹانے کا حکم دے دیا

    کراچی: سپریم کورٹ نے کراچی کے پبلک مقامات ، فلائی اوورز ، گلیوں ، گرین بیلٹس اور فٹ پاتھوں سے تمام بل بورڈ 15 دن میں ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کے نمائندے پالیسی ڈرافٹ ایک ماہ میں عدالت میں پیش کریں۔

    سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے بل بورڈز اور سائن بورڈز کے معاملے کی سماعت کی، سماعت کے دوران جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ یہ دیکھ کر افسوس ہوا کہ بل بورڈز کے لئے درخت کاٹے جا رہے ہیں ، شہر میں رات سینکڑوں درخت کاٹ دئیے گئے ۔

    جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ انسانی زندگی سے زیادہ کسی بات کی اہمیت نہیں، دوران سماعت ایڈووکیٹ جاوید میر نے عدالت کو بتایا کہ کلفٹن میں ایک وزیر کے فون پر غیر قانونی بل بورڈ اور سائن بورڈ لگائے جا رہے ہیں ۔

    سپریم کورٹ نے تمام متعلقہ اداروں کو حکم دیا کہ 15 روز میں پبلک مقامات ، فلائی اوورز ، گلیوں ، گرین بیلٹس اور فٹ پاتھوں سے تمام بل بورڈ ہٹا دئیے جائیں ، بل بورڈ اور سائن بورڈز لگانے کا نہ تو نیا معاہدہ ہوگا اور نہ پرانے کی تجدید ہوگی۔

    جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے بل بورڈ اور سائن بورڈز کے متعلق ضابطہ اخلاق تحریری طور پر بتائیں ، ہمیں بتایا جائے کہ بل بورڈ نہ ہٹانے پر ہم کس سے پوچھیں، جب ہم فیصلہ کریں گے اور اس پر عمل ہوگا تو پھر کراچی میں گھومنے کا مزا بھی آئے گا ۔

  • ساڑھے 3ہزارسے زائد غیرقانونی اشتہاری ہورڈنگز اور بل بورڈ اتاردیئے گئے

    ساڑھے 3ہزارسے زائد غیرقانونی اشتہاری ہورڈنگز اور بل بورڈ اتاردیئے گئے

    کراچی : ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد عباسی کی ہدایت پر محکمہ لوکل ٹیکسز نے شہر کے مختلف علاقوں میں 3700 سے زیادہ نادہندہ یا قواعد کے برخلاف لگائے گئے اشتہاری ہورڈنگز اور بل بورڈ اتارلئے ہیں جبکہ بل بورڈ اور ہورڈنگزکیخلاف آپریشن جاری ہے۔

    قائدآباد ملیر سے شارع فیصل پر بل بورڈ اور ہورڈنگز ہٹانے کی مہم شروع کی گئی جو شارع فیصل سے تمام غیرقانونی ہورڈنگز ہٹانے تک جاری رہے گی۔

    شہر کے تمام ادارے خطرناک اور خلاف قانون بل بورڈ کو ہٹالیں ،انہوں نے کہا کہ تمام ادارے ہورڈنگز کے حوالے سے کے ایم سی کونسل کے منظور شدہ بائی لاز پر مکمل عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔

    اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر لگے ہوئے 149 ہورڈنگز 2095بینرز /اسٹیمرز،181 ڈائریکشن بورڈز، 156پائیلون سائن،50پول سائن اور شہر میں بنائے گئے بس اسٹاپس پر نصب 150 اشتہاری بینرزسمیت بڑی تعداد میں غیرقانونی اور قواعد کے خلاف لگائی گئیں اشتہاری ڈیوائسز اتار لیں۔

    نادہندہ اور غیرقانونی اشتہاری ڈیوائسز کے خلاف اس کارروائی کا مقصد شہر میں لگائے جانے والے اشتہاری ہورڈنگز ،بینرز اور بل بورڈز کو ایڈورٹائزمنٹ بائی لاز کے تحت لانا ہے جبکہ ایسے ہورڈنگز کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے جن کے لئے متعلقہ اشتہاری ادارے نے ادائیگی نہیں کی۔