Tag: بل کی ادائیگی

  • کرونا وائرس بحران: سعودی عرب کا نجی شعبے کے لیے بڑا اعلان

    کرونا وائرس بحران: سعودی عرب کا نجی شعبے کے لیے بڑا اعلان

    ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نجی شعبے کو مراعات دینے کے فرمان کے بعد نجی اداروں کو بجلی کے بل کی ادائیگی میں سہولت دے دی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت توانائی نے نجی شعبے میں کام کرنے والے تجارتی اور صنعتی اداروں کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کے اثرات کے حوالے سے شاہی امدادی مہم سے استفادہ کرتے ہوئے 3 ماہ کا بجلی کا بل 50 فیصد ادا کرسکتے ہیں۔

    یہ اقدام خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کو کم کرنے کے لیے نجی شعبے کو بھی مراعات دینے کے خصوصی احکامات جاری کرنے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

    شاہی امدادی مہم سے نجی شعبے کے 16 لاکھ سے زائد ادارے مستفید ہوسکیں گے، امدادی مہم میں کہا گیا تھا کہ نجی سیکٹر میں تجارت اور صنعت سے وابستہ افراد 3 ماہ (اپریل، مئی اور جون) کا بجلی کا بل قسطوں میں ادا کر سکتے ہیں۔

    مہم میں صنعتکاروں اور تاجروں پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے یہ رعایت دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ 3 ماہ کا بل 50 فیصد ادا کردیا جائے باقی 50 فیصد آئندہ برس سنہ 2021 میں قسطوں کی صورت میں ادا کیا جائے۔

    مہم سے استفادہ کے لیے وزارت توانائی نے نجی سیکٹر سے وابستہ اداروں کے مالکان یا انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ سسٹم کو مذکورہ رعایت کے حوالے سے اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے جس سے استفادہ کرتے ہوئے 50 فیصد بل براہ راست ’سداد‘ کے آپشن کے ذریعے ادا کیا جاسکتا ہے، باقی 50 فیصد بل کی ادائیگی جنوری 2021 سے کی جائے گی۔

    وزارت توانائی نے اس حوالے سے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ برس سے بل کی ادائیگی 6 ماہ تک قسطوں کی صورت میں ادا کی جاسکیں گی جس کے لیے کسی پیشگی منظوری کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    واضح رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے مملکت میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کے حوالے سے نجی سیکٹر کے لیے متعدد خصوصی مراعات دینے کا اعلان کرتے ہوئے خطیر رقم مختص کی تھی جس میں نجی سیکٹر میں سعودی ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگیاں بھی سوشل انشورنس اسکیم کے تحت کی جانی تھیں۔

    اس حوالے سے صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ انہیں شاہی فرمان سے کافی ریلیف ملا ہے۔

  • جعلی اکاؤنٹ سے زرداری گروپ کو رقم منتقل، بلاول ہاؤس کے بل کی ادائیگی کا انکشاف

    جعلی اکاؤنٹ سے زرداری گروپ کو رقم منتقل، بلاول ہاؤس کے بل کی ادائیگی کا انکشاف

    اسلام آباد : ایف آئی اے ٹیم کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم کامیابی ملی ہے، مذکورہ اکاؤنٹس سے زرداری گروپ کو رقوم منتقل اور بلاول ہاؤس کی بجلی کا بل ادا کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں ایف آئی اے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، اس حوالے سے ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ زرداری گروپ میں جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے ساٹھ کروڑ روہے منتقل ہوئے ہیں جس کا ریکارڈ بھی مل گیا ہے۔

    اس کے علاوہ بلاول ہاؤس کے پانی کا بل ایک لاکھ بیس ہزار روپے بھی جعلی اکاؤنٹس سے ادا کیا گیا، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اومنی گروپ کے مالک انور مجید کی بیرون ملک جائیدادوں کی تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں۔

    تحقیقات کے لئے ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیمیں بیرون ملک بھجوائی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق اومنی گروپ کے مالک انور مجید کے تمام اکاؤنٹس بھی سیل کر دیئے گئے، اب تک جعلی اکاؤنٹس میں 44ارب روپے کی منتقلی کے شواہد مل چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس، انورمجید کے گرد گھیرا مزید تنگ

    ایف آئی اے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ جعلی اکاؤنٹس سے سو ارب سے زائد کی ترسیل کے شواہد ملنے کا امکان ہے۔