Tag: بل گیٹس

  • ’میرا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے‘

    ’میرا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے‘

    نیویارک: ارب پتی مخیر شخصیت اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز بل گیٹس نے کہا ہے کہ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے، اور انھیں ہلکی علامات کا سامنا ہے۔

    اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر انھوں نے لکھا ‘میرا کرونا کا ٹیسٹ پازیٹو آ گیا ہے، مجھے ہلکی علامات ہیں، اور میں قرنطینہ رہ کر ماہرین کے مشورے پر عمل کر رہا ہوں۔’

    یاد رہے کہ گیٹس کی عالمی صحت کی خیراتی تنظیم بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے جنوری میں وباؤں سے لڑنے والے ایک پروگرام کو کرونا وائرس کے خلاف 150 ملین ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔

    انھوں نے ٹویٹر پر لکھا میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے ویکسین لگ چکی ہے، بوسٹر ڈوز بھی لے لی ہے، اور مجھے ٹیسٹنگ اور بہترین طبی دیکھ بھال تک رسائی حاصل ہے۔

    بل گیٹس نے مزید لکھا کہ ہم شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے کہ ہم میں سے کسی کو دوبارہ وبائی مرض کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • آرمی چیف اور بل گیٹس کے درمیان رابطہ، قومی پولیومہم کے دوران بھرپور تعاون پر پاک فوج کی تعریف

    آرمی چیف اور بل گیٹس کے درمیان رابطہ، قومی پولیومہم کے دوران بھرپور تعاون پر پاک فوج کی تعریف

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید سے رابطے میں بل گیٹس نے قومی پولیو مہم کے دوران بھرپور تعاون اورکوریج یقینی بنانے پر پاک فوج کی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں صحت عامہ بالخصوص پولیو کے خاتمےاورکوروناپرکنٹرول سےمتعلق امور پر گفتگو ہوئی اور پاکستان میں تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

    ترجمان کے مطابق بل گیٹس نے قومی پولیو مہم کے دوران بھرپور تعاون اورکوریج یقینی بنانے پر پاک فوج کی تعریف کی۔

    آرمی چیف نے کہا پولیوسے پاک پاکستان ایک قومی مقصداورقومی کوشش ہے، جس پر بل گیٹس نے محدود وسائل کے باوجود کورونا کے خلاف پاکستان کی کامیابی کی تعریف کی۔

    جنرل قمرجاوید باجوہ نے کامیابی کا سہرا ایک حقیقی قومی ردعمل کو قرار دیتے ہوئے کہا قومی ردعمل این سی اوسی کے تحت وسائل کے بہترین استعمال سےممکن ہوا۔

    آرمی چیف نے نیک مقاصد کیلئے کوششیں اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

  • بل گیٹس نے ایک اور وبا کے خطرے سے خبردار کردیا

    بل گیٹس نے ایک اور وبا کے خطرے سے خبردار کردیا

    مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے ایک اور وبا آنے کے خطرے سے خبردار کردیا، ان کا کہنا ہے کہ طبی ٹیکنالوجی میں پیشرفت دنیا کو اس سے لڑنے کے لیے مزید مدد دے گی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ کووڈ 19 جیسی ایک اور وبا جلد دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

    بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے تسلیم کیا کہ کووِڈ 19 سے شدید بیماری کے خطرات ڈرامائی طور پر کم ہو گئے کیونکہ لوگ وائرس سے مدافعت حاصل کر رہے ہیں۔

    سی این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر کرونا وائرس فیملی سے تعلق رکھنے والے مختلف پیتھوجن سے نئی وبا پھیل سکتی ہے تاہم، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر ابھی سے سرمایہ کاری کی جائے تو طبی ٹیکنالوجی میں پیشرفت دنیا کو اس سے لڑنے کے لیے مزید مدد دے گی۔

    بل گیٹس نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کو تقریباً 2 سال ہوچکے ہیں اور عالمی آبادی کے ایک بڑے حصے میں کسی حد تک قوت مدافعت پیدا ہونے کے باعث وبائی مرض کے بدترین اثرات کم ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اومیکرون کی تازہ ترین قسم سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کی شدت بھی کم ہو گئی ہے۔

    وبائی مرض پر قابو پانے کی عالمی کوششوں کو کریڈٹ دینے کے بجائے بل گیٹس کا کہنا تھا کہ وائرس پھیلنے کے ساتھ ہی اپنی قوت مدافعت بھی پیدا کرتا رہا اور ویکسین سے زیادہ وائرس کے اس رجحان نے اس کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ شدید بیماری کا امکان، جو زیادہ تر بڑھاپے اور موٹاپے یا ذیابیطس کے ساتھ منسلک ہوتا ہے، اب اس انفیکشن کے خلاف قوت مدافعت کے باعث خطرات ڈرامائی طور پر کم ہو گئے ہیں۔

    بل گیٹس نے کہا کہ سنہ 2022 کے وسط تک عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے 70 فیصد عالمی آبادی کو ویکسین لگانے کے ہدف تک پہنچنے میں بہت دیر ہو چکی ہے، اس وقت دنیا کی 61.9 فیصد آبادی کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک ملی ہے۔

    انہوں نے صحت کے پیشہ ور افراد اور حکام پر زور دیا کہ جب اگلی وبائی بیماری دنیا میں آئے تو وہ ویکسین تیار کرنے اور تقسیم کرنے کے لیے مزید تیزی سے آگے بڑھیں گی۔

    بل گیٹس نے مزید کہا کہ اگلی بار ہمیں کوشش کرنی چاہیئے اور اسے دو سال کے بجائے، ہمیں اسے چھ ماہ کے اندر اندر ختم کرنا چاہیئے۔ اگلی وبا کے لیے تیار رہنے کی قیمت بہت زیادہ نہیں ہے، یہ موسمیاتی تبدیلی کی طرح نہیں ہے، اگر ہم عقلی انداز سے سوچیں تو اگلی بار ہم وبا پر جلد قابو پالیں گے۔

  • شکریہ وزیراعظم عمران خان، بل گیٹس کا ٹویٹ

    شکریہ وزیراعظم عمران خان، بل گیٹس کا ٹویٹ

    اسلام آباد : مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے دورہ پاکستان کے دوران عمران خان سے ملاقات میں نتیجہ خیز گفتگو پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پر امید ہوں کہ ہم جلد پولیو کو ختم کر سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ شکریہ وزیراعظم عمران خان ، ملاقات میں پولیو کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر نتیجہ خیز گفتگو پر شکرگزار ہوں۔

    بِل گیٹس نے لکھا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے عزم کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں اور پر امید ہوں کہ ہم جلد پولیو کو ختم کر سکتے ہیں۔

    گزشتہ روز بِل گیٹس نے پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا، بل گیٹس نے اپنے مختصر دورے میں وزیراعظم عمران خان، صدرِ مملکت عارف علوی سے ملاقات کی۔

    مزید پڑھیں : ”انسداد پولیو اور غربت میں تخفیف میں تعاون پر بل گیٹس کا مشکور ہوں

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے انسداد پولیو اور غربت میں تخفیف میں تعاون پر مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا تھا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے بل گیٹس کے ہمراہ اپنی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان آنے والے بل گیٹس کا خیر مقدم باعثِ مسرت تھا۔

  • ‘پاکستان نے پولیو کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی ہے’

    ‘پاکستان نے پولیو کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی ہے’

    اسلام آباد: مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل شخصیت بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

    وزیر اعظم پاکستان کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بل گیٹس نے آج جمعرات کو قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کا دورہ کیا، انھوں نے اس موقع پر کہا پاکستان نے پولیو کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی ہے، اس کامیابی کو برقرار رکھتے ہوئے ہم منزل حاصل کر لیں گے۔

    دورے کے دوران کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے انھیں بریفنگ بھی دی، اور بل گیٹس کو اب تک کی کامیابیوں اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا گیا، اس دوران بل گیٹس نے ہیلپ لائن 1166 کا بھی دورہ کیا۔

    بل گیٹس کا این سی او سی کا دورہ، کورونا کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کی تعریف

    معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ ہم ضلعی سطح پر اپنی ٹیموں کی کارکردگی بہتر بنا رہے ہیں، اور ہم نے انسداد پولیو کے لیے حساس علاقوں پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے، پاکستان جلد پولیو سے پاک ملک بن جائے گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بل گیٹس نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی، جس میں پولیو کے خاتمے پر بھی بات چیت کی گئی، ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے پولیو کے خاتمے کے لیے تعاون پر بل گیٹس سے اظہار تشکر کیا۔

    وزیراعظم عمران خان کا پولیو کے خاتمے کیلئے تعاون پر بل گیٹس سے اظہار تشکر

    مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو حکومت پاکستان کی جانب سے ”ہلال پاکستان“ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے، بل گیٹس کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہلال پاکستان ایوارڈ دیا۔

  • بل گیٹس کا این سی او سی کا دورہ، کورونا کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کی تعریف

    بل گیٹس کا این سی او سی کا دورہ، کورونا کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کی تعریف

    اسلام آباد : مائیکروسافٹ کےبانی بِل گیٹس نے انسداد کورونا اور عوام کے تحفظ کیلئے این سی اوسی کی تعریف کرتے ہوئے اسمارٹ اور مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن اسٹریٹجی میں خصوصی دلچسپی لی۔

    تفصیلات کے مطابق مائیکروسافٹ کےبانی بِل گیٹس نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے چیئرمین این سی اوسی اسدعمر اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان سے ملاقات کی۔

    بل گیٹس نے وفد کے ہمراہ این سی اوسی کے اجلاس میں شرکت کی اور این سی اوسی کے کردار ،طریقہ کار اور کامیابیوں کو سراہا۔

    بل گیٹس نے انسداد کورونا اور عوام کے تحفظ کیلئے این سی اوسی کی تعریف کرتے ہوئے اسمارٹ اورمائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن اسٹریٹجی میں خصوصی دلچسپی لی۔

    بل گیٹس نے این سی اوسی میں کوروناویکسینیشن مہم پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا ، جس پر اسد عمر نے بل گیٹس کی جانب سے پاکستان کو کورونا سے نمٹنے کیلئے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہمیں کوروناسے نمٹنے میں کامیابی عوام کے تعاون سے ملی۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے مائیکروسافٹ کےبانی بِل گیٹس کی ملاقات ہوئی تھی ، ملاقات میں پولیو کے خاتمے اور دیگر اہم موضوعات پر بات چیت کی گئی۔

    وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کیلئے کے تعاون پر بل گیٹس سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان کے اقدامات سےبھی آگاہ کیا۔

  • وزیراعظم عمران خان کا  پولیو کے خاتمے کیلئے تعاون پر بل گیٹس سے اظہار تشکر

    وزیراعظم عمران خان کا پولیو کے خاتمے کیلئے تعاون پر بل گیٹس سے اظہار تشکر

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مائیکروسافٹ کے بانی بِل گیٹس سے ملاقات میں پولیو کے خاتمے کیلئے کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے مائیکروسافٹ کےبانی بِل گیٹس کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں پولیو کے خاتمے اور دیگر اہم موضوعات پر بات چیت کی گئی۔

    وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کیلئے کے تعاون پر بل گیٹس سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان کے اقدامات سےبھی آگاہ کیا۔

    بل گیٹس کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچاؤ کے لئےپاکستان کی حکمت عملی متاثر کن رہی ، کورونا اور پولیو سے بچاؤ کیلئے پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔

    یاد رہے مائیکروسافٹ کے بانی بِل گیٹس آج ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے ، معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ بِل گیٹس چک شہزادمیں کوروناکےمریضوں کےلیے بنائےگئےخصوصی اسپتال کا دورہ بھی کریں گے۔

    ڈاکٹر فیصل سلطان نے مزید کہا کہ این سی اوسی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی بل گیٹس کے شیڈول کا حصہ ہیں ، اس دوران حکام کورونا اور پولیو کی روک تھام سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دیں گے۔

  • کرونا دنیا کی آخری وبا، لیکن کیسے؟ بل گیٹس نے کتاب میں بتا دیا

    کرونا دنیا کی آخری وبا، لیکن کیسے؟ بل گیٹس نے کتاب میں بتا دیا

    جیسا کہ بل گیٹس طویل عرصے سے ایک عالمی وبا کے خطرات کے بارے میں خبردار کرتے رہے ہیں، اسی طرح اب انھوں نے کووِڈ 19 کی وبا کو دنیا کی آخری وبا بنانے کے لیے ایک کتاب لکھ لی ہے، جو مئی 2022 میں چھپ کر مارکیٹ میں آئے گی۔

    مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس پُر امید ہیں کہ کرونا دنیا کی آخری وبا ہو سکتی ہے، اس سلسلے میں انھوں نے ایک کتاب لکھ لی ہے جس میں انھوں نے اس حوالے سے کئی اہم نکات پر گفتگو کی ہے۔

    اپنی اس نئی کتاب کے بارے میں انھوں نے اپنے بلاگ گیٹس نوٹس پر بتایا، انھوں نے کہا اگرچہ ابھی ہم وبا کے اختتام کے قریب نہیں پہنچے، مگر ہم نے اس سے بہت کچھ سیکھا ہے کہ آئندہ اس طرح کی وبا کو پھیلنے سے کیسے روکا جا سکتا ہے۔

    کتاب میں ایسے مخصوص اقدامات بتائے جائیں گے جن کی مدد سے معاشرہ مستقبل کی وباؤں کی روک تھام کر سکے گا۔ انھوں نے بلاگ میں لکھا یہ وہ چیز ہے جس کے بارے میں میں ایک طویل عرصے سے سوچ رہا ہوں، اور کووِڈ نے اس امر کو واضح کر دیا ہے کہ وبائی امراض انسانیت کے لیے ایک خطرہ ہیں اور دنیا کو ان کے خاتمے کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔

    اس کتاب میں اہم طبی عہدے داران جیسے امریکی صدر کے چیف میڈیکل ایڈوائرزر انتھونی فاؤچی اور عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ سے کی جانے والی بات چیت سے سیکھے جانے والے اسباق بھی شامل ہوں گے۔

    بل گیٹس نے لکھا میں اس وبا کے ابتدائی دنوں ہی سے کرونا کا جائزہ لیتا آ رہا ہوں، اس پر گیٹس فاؤنڈیشن کے اندر اور باہر کے بڑے ماہرین کے ساتھ مسلسل کام کیا، میں نے اس عمل میں بہت کچھ سیکھا ہے، یہ کہ ہم اگلی وبا کو کیسے روک سکتے ہیں، اور میں نے جو کچھ سنا ہے اسے لوگوں کے ساتھ شیئر کرنا چاہتا ہوں، لہٰذا میں نے اس بارے میں ایک کتاب لکھنا شروع کی کہ ہم اس بات کو کیسے یقینی بنا سکتے ہیں کہ کوئی بھی دوبارہ وبائی مرض کا شکار نہ ہو۔

    گیٹس نے بتایا کہ اس کتاب کا نام How to Prevent the Next Pandemic (اگلی عالمگیر وبا کو کیسے روکا جائے؟) ہے، اور آپ اسے 3 مئی 2022 کو پڑھ سکیں گے، یہ کتاب امریکا میں Knopf اور بین الاقوامی سطح پر Penguin Random House کے تحت شائع کی جا رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اگر ہم نے درست اقدامات اٹھائیں اور اس سلسلے میں مخصوص سرمایہ کاری کریں، تو ہم کووڈ 19 کو دنیا کی آخری عالمی وبا بنا سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ ویکسینز کے لیے حمایت کرنے پر بل گیٹس سازشی خیالات کا ہدف بھی بنتے رہے ہیں، اور مائیکرو چپ کی افواہیں پھیلائی گئیں۔

  • اومیکرون سب کے گھروں‌ پر دستک دینے والا ہے: بل گیٹس کی پیشگوئی

    اومیکرون سب کے گھروں‌ پر دستک دینے والا ہے: بل گیٹس کی پیشگوئی

    واشنگٹن: بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ اومیکرون ویرینٹ سب کے گھروں‌ پر دستک دینے والا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے متنبہ کیا ہے کہ لوگ اب وبائی مرض کے بدترین مرحلے میں داخل ہو سکتے ہیں، اومیکرون ویرینٹ ہم سبھی کے گھروں پر دستک دینے والا ہے۔

    انھوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ انھوں نے چھٹیوں کے اپنے بیش تر منصوبے منسوخ کر دیے ہیں کیوں کہ ان کے قریبی دوست کرونا وائرس سے تیزی سے متاثر ہو رہے ہیں۔

    بل گیٹس نے لکھا جب ایسا لگ رہا تھا کہ زندگی اب معمول پر آ جائے گی، لیکن ہم وبائی مرض کے بدترین دور میں داخل ہونے لگے ہیں۔

    گیٹس کا کہنا تھا کہ اومیکرون ویرینٹ پہلے کے کرونا وائرس ویرینٹس سے زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے، یہ جلد ہی دنیا کے ہر ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔

    انھوں نے لکھا ’ابھی تک یہ ظاہر نہیں ہوا کہ اومیکرون آپ کو کس حد تک بیمار کر سکتا ہے، لیکن ہمیں اس کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے، جب تک کہ اس کے بارے میں مزید معلومات سامنے نہیں آتیں، چاہے یہ ڈیلٹا ویرینٹ کے مقابلے میں کم خطرناک ہی کیوں نہ ہو۔‘

    گیٹس کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کے ڈی جی ٹیڈروس ایڈہانم گبریس پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ’زندگی ختم کرنے سے بہتر ہے کہ چھٹیاں ختم کر دیں‘ امریکا میں اومیکرون کے کیسز تیزی سے پھیل رہے ہیں، یہاں تک کے کرونا کے نئے کیسز میں سے 73 فی صد کیسز اومیکرون سے وابستہ ہیں۔

    واضح رہے کہ اب تک اومیکرون ویرینٹ سے اموات کی تعداد 12 ہے۔

  • کرونا وائرس کی وبا کب ختم ہوگی؟ بل گیٹس نے بتا دیا

    کرونا وائرس کی وبا کب ختم ہوگی؟ بل گیٹس نے بتا دیا

    ایک عرصے تک دنیا کے سب سے متمول رہنے والے شخص اور مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کا کہنا ہے کہ کووِڈ 19 کی عالم گیر وبا کا خطرناک مرحلہ 2022 میں‌ ختم ہو جائے گا۔

    یہ بات انھوں نے اپنے بلاگ ‘گیٹس نوٹس’ میں کہی ہے، اس سے قبل بھی انھوں نے کرونا کی وبا کے خاتمے سے متعلق پیش گوئی کی تھی، اس حوالے سے انھوں نے لکھا کہ ایک اور پیش گوئی کرنا احمقانہ محسوس ہوگا لیکن میرا خیال ہے کہ وبا کا خطرناک مرحلہ اگلے برس میں کسی وقت ختم ہو جائے گا۔

    ایک ایسے وقت میں جب کہ کرونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون سے دنیا بھر میں تشویش پھیلی ہوئی ہے، بل گیٹس نے وبا کے خاتمے کی توقع کیوں ظاہر کی؟ اس سلسلے میں انھوں نے ویکسینز اور اینٹی وائرل ادویات کی تیاری کی رفتار کا ذکر کیا، اور کہا کہ اب جلد ہی کرونا ایک عام وبا یا مقامی مرض بن کر رہ جائے گا۔

    بل گیٹس نے لکھا کہ وبا کا اب کوئی بھی مرحلہ ہو، دنیا وائرس کی خطرناک اقسام سے نمٹنے کے لیے بہتر طور پر تیار ہو چکی ہے، ضرورت پڑنے پر اب ہم اپ ڈیٹڈ ویکسینز تیار کرنے کے لیے بہتر پوزیشن میں ہیں۔

    اس سے قبل دسمبر 2020 میں ایک انٹرویو میں بل گیٹس نے پیش گوئی کی تھی کہ یہ وائرس دنیا میں موجود رہے گا اور دنیا کے ہر کونے سے وائرس کے خاتمے کے بعد ہی وبا کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا، اور حالات 2022 کی پہلی ششماہی سے قبل معمول پر نہیں آ سکیں گے۔

    بل گیٹس نے لکھا کہ ویکسینز اور اینٹی وائرل ادویہ کی وجہ سے مستقبل میں کووِڈ 19 کے جان لیوا ہونے کی شرح میں کمی آ جائے گی، کبھی کبھار کسی جگہ پر کرونا کی لہر ابھرے گی لیکن بیش تر کیسز میں گھر میں علاج کے لیے نئی ادویات دستیاب ہوں گی۔

    انھوں نے کہا کہ امریکا میں زندگی کے معمولات رواں سال موسم خزاں تک بحال ہو سکتے ہیں، مگر قانون سازوں کی جانب سے عالمی سطح پر ویکسینیشن کی ناکافی کوششوں کے باعث مکمل بحالی 2022 کے آخر تک ہی ممکن ہو سکے گی۔

    یاد رہے کہ 2015 میں بل گیٹس نے کرونا جیسی وبا کی پیش گوئی کی تھی۔