Tag: بل گیٹس

  • بل گیٹس نے پاکستانی پولیو ورکر کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کر دی

    بل گیٹس نے پاکستانی پولیو ورکر کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کر دی

    مائیکروسافٹ کے بانی بِل گیٹس پاکستانی خاتون پولیو ورکر سے اتنے متاثر ہوئے کہ ان کی ایک ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شامل بل گیٹس پاکستان کی خاتون پولیو ورکر شمائلہ رحمانی کے بلند حوصلے کے معترف دکھائی دے رہے ہیں۔

    بل گیٹس نے جو ویڈیو شیئر کی ہے اس میں پولیو ورکر شمائلہ رحمانی انسداد پولیو مہم کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلاتی دکھائی دیتی ہیں۔

    انھوں نے شمائلہ رحمانی کی پولیو کے خاتمے کے لیے خدمات کے اعتراف میں ان کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کر دی۔ بِل گیٹس نے شمائلہ رحمانی کا تعارف بھی کرایا، انھوں نے لکھا شمائلہ رحمانی پاکستانی پولیو ویکسنیٹر ہیں، وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں کہ ان کی کمیونٹی کا ہر بچہ اس بیماری سے محفوظ رہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Bill Gates (@thisisbillgates)

    مائیکروسافٹ کے بانی نے لکھا کہ شمائلہ اس مہم کے دوران زیادہ تر ایسے خاندانوں سے ملیں جو چاہتے تھے کہ ان کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگیں، لیکن کچھ ایسے والدین بھی ملے جنھوں نے خوف یا معلومات کی کمی کی وجہ سے اپنے بچوں کو پولیو ویکسین دینے سے انکار کیا، لیکن شمائلہ ہمت نہیں ہارتیں۔

    انسداد پولیو مہم کے لیے بنائی جانے والی اس ویڈیو میں شمائلہ نے پاکستان میں مہم کے دوران پیش آنے والے واقعات اور مسائل اور ان کے حل کے حوالے  سے گفتگو کی۔

  • طلاق کے بعد بل گیٹس کی دولت فیس بک کے زکربرگ سے بھی کم ہو گئی

    طلاق کے بعد بل گیٹس کی دولت فیس بک کے زکربرگ سے بھی کم ہو گئی

    واشنگٹن: طلاق کے بعد بل گیٹس کی دولت میں نمایاں کمی آئی ہے، اور وہ امیر ترین افراد کی فہرست میں نیچے چلے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 27 برس کا ازدواجی تعلق ختم ہونے کے بعد دنیا کی ارب پتی شخصیت بل گیٹس کی دولت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، مائیکروسافٹ کے بانی دنیا کی امیر ترین شخصیات کی فہرست میں پانچویں نمبر پر چلے گئے۔

    امریکی جریدے فوربز کی مرتب کردہ دنیا کی امیر ترین افراد کی فہرست میں بل گیٹس کا نام پانچویں نمبر پر ہے، بتایا جا رہا ہے کہ ارب پتی شخصیات کی فہرست میں بل گیٹس کا نام ٹاپ تین میں نہ ہونے کی بنیادی وجہ ان کی میلنڈا فرنچ گیٹس سے طلاق ہے۔

    بِل گیٹس 1987 کے بعد سے سرفہرست ارب پتیوں میں سے ایک رہے ہیں، فوربز کی فہرست شروع ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب وہ تیسرے نمبر سے نیچے آ گئے ہیں، اس وقت بل گیٹس کے کُل اثاثوں کی مالیت 129 اعشاریہ 6 بلین ڈالر ہے، جب کہ فیس بُک کے بانی مارک زکربرگ 132 بلین ڈالر کے ساتھ فوربز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔

    بل گیٹس اور میلنڈا میں باقاعدہ طور پر طلاق ہو گئی، جائیداد کی تقسیم کیسے ہوگی؟

    واشنگٹن کے قوانین کے مطابق شادی شدہ زندگی کے دوران ایک جوڑا جو بھی جمع کرتا ہے اس پر دونوں کا برابر کا حق ہوتا ہے، تاہم اگر دونوں فریقین اس پر اتفاق کریں اور عدالت اسے مناسب سمجھے تو علیحدگی کے کانٹریکٹ میں تقسیم کا فیصلہ اس سے ہٹ کر کیا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ دنیا کے امیر ترین لوگوں میں سے ایک بِل گیٹس، اور ان کی اہلیہ میلنڈا نے تین مہینے پہلے طلاق کا اعلان کیا تھا، اور اب ان کی 27 سالہ شادی شدہ زندگی کا حتمی طور پر اختتام ہوگیا ہے۔

    واشنگٹن کے قوانین کے تحت طلاق کی درخواست دائر کروانے سے لے کر اس پر حتمی فیصلہ سنائے جانے کے درمیان 90 دن کا دورانیہ ہوتا ہے۔ عدالتی ریکارڈز میں بتایا گیا ہے کہ بل گیٹس اور میلنڈا میں سے کوئی بھی اپنا نام نہیں بدلے گا نہ ہی ان میں سے کوئی ایک دوسرے کو مالی معاونت دینے کا قائل ہوگا۔

  • بل گیٹس اور میلنڈا میں باقاعدہ طور پر طلاق ہو گئی، جائیداد کی تقسیم کیسے ہوگی؟

    بل گیٹس اور میلنڈا میں باقاعدہ طور پر طلاق ہو گئی، جائیداد کی تقسیم کیسے ہوگی؟

    واشنگٹن: بِل اور میلنڈا گیٹس کے درمیان باقاعدہ طور پر طلاق ہو گئی،   عدالت نے ان کے درمیان جائیداد کی منصفانہ تقسیم کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مئی میں بل گیٹس اور میلنڈا فرینچ کی طلاق کے انکشاف کے بعد سے بل گیٹس کی کمپنی کیسکیڈ انویسٹمنٹ کے 3 ارب ڈالر سے زائد کے حصص میلنڈا کے نام ٹرانسفر کیے جا چکے ہیں۔

    بلوم برگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق یہ تین ارب ڈالر ان کی طلاق کے اعلان کے وقت 146 ارب ڈالر کی جائیداد کا حصہ ہیں، تاہم اس بات کا ممکنہ طور پر پتا لگانا مشکل ہے کہ اس سابقہ جوڑی کے بیچ اثاثے کیسے تقسیم ہوں گے، جب کہ 65 سالہ بل گیٹس کے اثاثوں کی لاگت 150 ارب ڈالر ہے۔

    واشنگٹن کے قوانین کے مطابق شادی شدہ زندگی کے دوران ایک جوڑا جو بھی جمع کرتا ہے اس پر دونوں کا برابر کا حق ہوتا ہے، تاہم اگر دونوں فریقین اس پر اتفاق کریں اور عدالت اسے مناسب سمجھے تو علیحدگی کے کانٹریکٹ میں تقسیم کا فیصلہ اس سے ہٹ کر کیا جا سکتا ہے۔

    جب کہ بل اور میلنڈا کی طلاق کا فیصلہ سنانے والے جج نے دونوں کی جائیداد کی ’عادلانہ اور منصفانہ‘ تقسیم کا کہا ہے۔

    واضح رہے کہ دنیا کے امیر ترین لوگوں میں سے ایک بِل گیٹس، اور ان کی اہلیہ میلنڈا نے تین مہینے پہلے طلاق کا اعلان کیا تھا، اور اب ان کی 27 سالہ شادی شدہ زندگی کا حتمی طور پر اختتام ہوگیا ہے۔

    واشنگٹن کے قوانین کے تحت طلاق کی درخواست دائر کروانے سے لے کر اس پر حتمی فیصلہ سنائے جانے کے درمیان 90 دن کا دورانیہ ہوتا ہے۔ عدالتی ریکارڈز میں بتایا گیا ہے کہ بل گیٹس اور میلنڈا میں سے کوئی بھی اپنا نام نہیں بدلے گا نہ ہی ان میں سے کوئی ایک دوسرے کو مالی معاونت دینے کا قائل ہوگا۔

  • وزیراعظم کا  بل گیٹس سے رابطہ، پولیو کا خاتمہ حکومت کی قومی ترجیح قرار

    وزیراعظم کا بل گیٹس سے رابطہ، پولیو کا خاتمہ حکومت کی قومی ترجیح قرار

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس سے رابطے میں بل گیٹس فاؤنڈیشن کےمعاشی ترقی کے کام کو سراہتے ہوئے کہا پولیو کا خاتمہ حکومت کی قومی ترجیح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ، جس میں پولیوکےخاتمے ، کورونا اور صحت سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔

    وزیراعظم نے بل گیٹس فاؤنڈیشن کےمعاشی ترقی کے کام کو سراہتے ہوئے کہا پولیو کا خاتمہ حکومت کی قومی ترجیح ہے، کورونا کے باوجود پولیو کے خاتمے کی  بھرپورمہم جاری رکھی ہے، مہم میں 33 ملین بچوں کوقطرے پلائے گئے۔

    بل گیٹس نےاس قومی مقصد کے لئے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ اداکیا، وزیر اعظم نے کوروناتیسری لہر پر قابو پانے کیلئے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی اور مائیکروسافٹ کو آئی ٹی شعبے میں وسعت کیلئے کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ کے آخر میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا ، جس میں آرمی چیف نے کہا تھا پولیو کا خاتمہ اور کرونا وبا کی روک تھام قومی کاز اور کوشش ہے، پاکستان سے جب تک پولیو ختم نہیں ہو جاتا، کامیابی قرار نہیں دے سکتے۔

    بل گیٹس نے قومی پولیو مہم میں پاک فوج کے تعاون کی خصوصی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک فوج کے تعاون سے قومی پولیو مہم کے بہتر نتائج آئے ہیں۔

  • بل گیٹس کا بڑا اعلان

    بل گیٹس کا بڑا اعلان

    نیویارک: مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے اعلیٰ درجے کا ایٹمی ری ایکٹر پلانٹ بنانے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست وائیومنگ کے گورنر نے بدھ کو بتایا کہ بل گیٹس کی ایٹمی ری ایکٹر کمپنی ٹیراپاور اور پیسفی کارپ نے مشترکہ طور پر اپنے پہلے نیٹریم ری ایکٹر منصوبے کی تعمیر کے لیے وائیومنگ کا انتخاب کر لیا ہے، یہ پلانٹ کوئلے کے ایک ریٹائرڈ پلانٹ پر بنایا جائے گا۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق ٹیرا پاور ایل ایل سی اور پیسفی کارپ سال کے آخر تک نیٹریم ری ایکٹر پلانٹ کی سائٹ کا اعلان کر دیں گے، ریاست وائیومنگ کے گورنر مارک گورڈن نے اس منصوبے کے بارے میں کہا کہ کوئلے کا استعمال ختم کرنے کے لیے یہ سب سے تیز اور شفاف طریقہ ہے۔

    خیال رہے کہ عام ری ایکٹرز کے مقابلے میں اعلیٰ درجے کے چھوٹے ری ایکٹرز کو چلانے کے لیے مختلف قسم کے ایندھنوں کا استعمال کیا جاتا ہے، ہوا اور شمسی توانائی کی طرح اعلیٰ درجے کے چھوٹے ری ایکٹرز کا شمار بھی ایسی ٹیکنالوجی میں ہوتا ہے، جس کے استعمال میں کاربن کے اخراج کی ضرورت نہیں پڑتی۔

    امریکا کی بیش تر ریاستیں ماحولیاتی تبدیلیوں کا سبب بننے والے مواد کے اخراج میں کمی لانے کی کوشش کر رہی ہیں، جب کہ وائیومنگ کا شمار سب سے زیادہ کوئلہ پیدا کرنے والی امریکی ریاستوں میں ہوتا ہے۔

    ٹیرا پاور کمپنی نے گزشتہ برس کہا تھا کہ نیٹریم ری ایکٹر پلانٹ کی تعمیر پر ایک ارب ڈالر کی لاگت آئے گی، تاہم اس منصوبے کے ذریعے 500 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے، امریکی محکمہ توانائی نے ٹیرا پاور کو گزشتہ برس نیٹریم ٹیکنالوجی کے لیے 80 ملین ڈالر کی رقم بھی دی تھی۔

    ٹیرا پاور کے صدر کرس لیوسک کے مطابق پلانٹ کے بننے میں تقریباً 7 سال کا عرصہ لگے گا، اور اس کی وجہ سے جوہری فضلے کی مقدار میں کمی آئے گی، دوسری طرف جوہری توانائی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ عام ری ایکٹرز کے مقابلے میں اعلیٰ درجے کے ری ایکٹرز زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، کیوں کہ ان میں استعمال ہونے والے ایندھن کی زیادہ رفتار پر افزودگی کی جاتی ہے، جو شدت پسندوں کا نشانہ بن سکتی ہے۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

    راولپنڈی: آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے اور کرونا کی روک تھام پر بات چیت کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا پولیو کا خاتمہ اور کرونا وبا کی روک تھام قومی کاز اور کوشش ہے، پاکستان سے جب تک پولیو ختم نہیں ہو جاتا، کامیابی قرار نہیں دے سکتے۔

    بل گیٹس نے قومی پولیو مہم میں پاک فوج کے تعاون کی خصوصی تعریف کی اور کہا کہ پاک فوج کے تعاون سے قومی پولیو مہم کے بہتر نتائج آئے ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پولیو کے سدباب کے لیے پولیو ورکرز سمیت سب کی کوششیں کار فرما ہیں۔

    پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے بل گیٹس کی تنظیم کے تعاون پر آرمی چیف نے شکریہ ادا کیا۔

  • بل گیٹس نے میلنڈا کو مزید کروڑوں ڈالر شیئرز منتقل کر دیے

    بل گیٹس نے میلنڈا کو مزید کروڑوں ڈالر شیئرز منتقل کر دیے

    نیویارک: مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے اپنی سابقہ اہلیہ میلنڈا کو 80 کروڑ ڈالر سے زائد شیئرز منتقل کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق بل گیٹس نے میلنڈا کو 80 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کے شیئرز منتقل کر دیے، مائیکرو سافٹ کے بانی 3مئی کو اہلیہ میلنڈا سے علیحدگی کے بعد اب تک انھیں 3 ارب ڈالر منتقل کر چکے ہیں۔

    میلنڈا فرنچ گیٹس کو منتقل کیے گئے اثاثوں میں کینیڈا کے قومی ریلوے اور آٹو نیشن کے حصص بھی شامل ہیں، جب کہ گزشتہ روز بل گیٹس نے ڈیئر اینڈ کمپنی کے حصص میں سے 80 کروڑ 50 لاکھ کے حصص میلنڈا کو منتقل کیے، کہا جا رہا ہے کہ مذکورہ رقم ڈیئر اینڈ کمپنی (Deere & Co) میں بل گیٹس کے حصص کا 7 فی صد ہے۔

    واضح رہے کہ تین مئی کو بل اور میلنڈا کی دی گئی طلاق کی درخواست میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 1994 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے اس جوڑے نے شادی سے قبل معاہدہ (prenuptial) نہیں کیا تھا، اور واشنگٹن ریاست کے قانون کے تحت جوڑوں میں طلاق ہونے پر اثاثے مساوی بنیادوں پر تقسیم کر دیے جاتے ہیں۔

    طلاق کے بعد بل گیٹس کی سابق بیوی کا بڑا اقدام

    خیال رہے کہ میلنڈا کو طلاق دینے سے قبل بل گیٹس 146 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں، بتایا جاتا ہے کہ اس جوڑے میں علیحدگی کی وجہ بل گیٹس کے اپنی ملازمہ کے ساتھ تعلقات بنے تھے۔

    ایک طرف بل سے طلاق کے بعد میلنڈا کو مائیکرو سافٹ کے شریک بانی کے اثاثے منتقل ہو رہے ہیں، دوسری طرف میلنڈا نے ایک جزیرہ 2 کروڑ یومیہ کرائے پر لے لیا ہے، جزیرہ کیلوینی ویسٹ انڈیز میں گرینیڈا کے قریب واقع ہے۔

  • بل گیٹس اور میلنڈا نے شادی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا

    بل گیٹس اور میلنڈا نے شادی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا

    نیویارک: مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور مخیر و انسان دوست خاتون میلنڈا نے 27 سال بعد شادی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بل گیٹس اور میلنڈا کی جانب سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے بہت سوچ و بچار کے بعد شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انھوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اب ہمیں اس بات پر یقین نہیں رہا کہ ہم ایک جوڑے کی حیثیت سے مزید ایک ساتھ زندگی گزار سکتے ہیں، ٹوئٹ میں جاری مشترکہ بیان میں انھوں نے کہا کہ 27 سالہ ازدواجی زندگی میں انھوں نے 3 بچوں کو پروان چڑھایا۔

    انھوں نے کہا کہ انھوں نے مل کر ایسی فاؤنڈیشن بنائی جس کے تحت دنیا بھر میں فلاحی کام جاری ہے، ہم اس فاؤنڈیشن کے تحت آگے بھی مل کر فلاحی کام کرتے رہیں گے، مگر اب ہم دونوں مزید ازدواجی زندگی جاری نہیں رکھ سکتے۔

    انھوں نے کہا ہے کہ آئندہ زندگی کے لیے انھیں اپنے لیے وقت اور پرائیویسی چاہیے۔

    خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ نے مشترکہ طور پر 124 بلین ڈالرز کا اثاثہ بنایا، جس سے وہ دنیا کے 5 امیر ترین جوڑوں میں شامل ہوئے۔

    اس جوڑے نے پیر کو ٹوئٹر پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ازدواجی تعلق پر بہت سارا کام کرنے اور بہت غور و فکر کے بعد انھوں نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ واضح رہے کہ 56 سالہ میلنڈا نے ماضی میں کہا تھا کہ ان کی شادی ناقابل یقین حد تک مشکل رہی ہے، 65 سالہ بل کے بارے میں انھوں نے کہا کہ وہ باقاعدگی سے دن میں 16 گھنٹے کام کرتے ہیں اور فیملی کے لیے وقت نکالنا ان کے لیے بہت مشکل ہوتا ہے۔

    بل اور ملینڈا کے تین بچے ہیں، 25 سالہ جینیفر، 21 سالے روری، اور 18 سالہ فیبی۔ جینیفر گیٹس نے پیر کو انسٹاگرام پر لکھا کہ یہ ہمارے پورے خاندان کے لیے بہت مشکل وقت تھا، انھوں نے لوگوں کا اس بات کے لیے شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے ان کی پرائیویسی کی خواہش کو سمجھا جب کہ وہ زندگی کے اگلے مرحلے میں داخل ہو رہے تھے۔

    یاد رہے کہ بل گیٹس، جنھوں نے 1975 میں مائیکرو سافٹ کی مشترکہ طور پر بِنا رکھی، جب یہ دونوں 1994 میں شادی کے بندھن میں بندھ رہے تھے تو بل گیٹس اس وقت ایک ارب پتی بن چکے تھے، ان کی میلنڈا سے ملاقات 1987 میں ہوئی جب میلنڈا نے 31 سال کی عمر میں کمپنی میں ملازمت اختیار کی تھی۔ شادی سے قبل بھی انھوں نے کئی ہفتے اس سوچ و بچار میں لگا دیے تھے کہ انھیں شادی کرنی چاہیے یا نہیں۔

  • اوباما اور بل گیٹس کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرنے والے ملزم کو سزا سنا دی گئی

    اوباما اور بل گیٹس کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرنے والے ملزم کو سزا سنا دی گئی

    واشنگٹن: سابق امریکی صدر بارک اوباما، بل گیٹس اور ایلن مسک سمیت متعدد معروف افراد کے ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرنے والے ملزم کو 3 سال قید کی سزا سنا دی گئی، ملزم نے ایک فراڈ کے لیے ان شخصیات کے اکاؤنٹس ہیک کیے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایک امریکی نوجوان نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے ایک بڑے بٹ کوائن فراڈ کے لیے کئی مشہور شخصیات کے ٹویٹر اکاؤنٹس ہیک کیے۔

    گراہم آئیوان کلارک 17 سال کے تھے جب انہوں نے اس فراڈ کی منصوبہ بندی کی جس میں کئی معروف شخصیات بشمول کم کاردیشن ویسٹ، کین ویسٹ، ایلن مسک، بل گیٹس اور بارک اوباما کے ٹویٹر اکاؤنٹس ہائی جیک کیے گئے۔

    فلوریڈا کی عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم اب اقبال جرم کے معاہدے کے تحت 3 سال جیل میں گزارے گا۔

    ملزم اپنی 3 سالہ سزا کے 229 دن پہلے ہی جیل میں گزار چکا ہے، وہ اب 18 سال کا ہوچکا ہے مگر اسے کمسن مجرم کے طور پر سزا دی گئی ہے۔

    قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اجازت اور نگرانی کے بغیر کلارک کمپیوٹرز استعمال نہیں کر سکیں گے۔

  • بل گیٹس کا بٹ کوائن خریدنے سے متعلق اہم مشورہ

    بل گیٹس کا بٹ کوائن خریدنے سے متعلق اہم مشورہ

    واشنگٹن: دنیا کے امیر ترین شخص اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے مشورہ دیا ہے کہ اگر آپ ایلون مسک سے زیادہ دولت مند ہیں تو ہی بٹ کوائن خریدیں۔

    بل گیٹس کا کہنا ہے کہ جب تک آپ دنیا کے امیر ترین شخص نہ ہوں، تب تک بٹ کوائن ڈیجیٹل کرنسی خریدنے سے گریز کرنا چاہیے۔

    بلومبرگ کو دیے گئے انٹرویو میں دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص بل گیٹس نے کہا بٹ کوائن میں سرمایہ کاری عام لوگوں کو نہیں کرنی چاہیے، یہ ماحولیات کے لیے بھی نقصان دہ ہے، اس کی کان کنی کے لیے بہت زیادہ توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔

    واضح رہے کہ ٹیسلا اور اسپیس ایکسس جیسی کمپنیوں کے بانی ایلون مسک نے بٹ کوائن کرنسی میں ڈیڑھ ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ہے، ایک سال کے دوران بٹ کوائن کی قدر میں 400 فی صد سے زیادہ اضافہ ہوا تھا، مگر اب اس میں دوبارہ کمی آئی ہے، اس کے باوجود دنیا بھر میں اس ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے لوگوں کی دل چسپی بڑھی ہے۔

    بل گیٹس کا کہنا تھا ایلون مسک کے پاس بہت زیادہ دولت ہے، وہ بہت زیادہ ہوشیار بھی ہیں، اس لیے فکر کی کوئی بات نہیں کہ ان کے بٹ کوائنز کی قیمت اوپر نیچے ہوتی رہے، لیکن جن کے پاس اتنے پیسے نہیں انھیں بٹ کوائن نہیں خریدنا چاہیے۔

    اس سے قبل ایک انٹرویو میں بل گیٹس نے کہا تھا کہ کرپٹو کرنسی جس طرح کام کرتی ہے، اس سے مخصوص مجرمانہ سرگرمیوں کا موقع ملتا ہے اور بہتر ہے کہ اس سے نجات حاصل کی جائے، اس کے بغیر بھی زندہ رہا جا سکتا ہے۔