Tag: بل گیٹس

  • عالمی ادارہ صحت کو امریکی امداد روکنے کا معاملہ، بل گیٹس نے بڑا اعلان کردیا

    عالمی ادارہ صحت کو امریکی امداد روکنے کا معاملہ، بل گیٹس نے بڑا اعلان کردیا

    واشنگٹن: مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے عالمی ادارہ صحت کو امریکی امداد روکنے کے فیصلے پر ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کروناوائرس سے لڑنے کے لیے مزید 150 ملین ڈالر امداد کا اعلان کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بل گیٹس اور ان کی اہلیہ میلنڈا نے عالمگیر وبا ’کروناوائرس‘ سے جنگ کے لیے مزید 150 ملین ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ایسی صورت حال میں جب پوری دنیا مہلک وائرس کا مقابلہ کررہی ہے ڈبلیو ایچ او کو امریکی امداد روکنا سمجھ سے بالا تر ہے، ٹرمپ کا یہ فیصلہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ خیال رہے کہ امریکی صدر نے یہ کہہ کر عالمی ادارہ صحت کو عطیات روک دیں کہ وہ اپنی ذمے داری نبھانے میں ناکام ہوچکا ہے۔

    کورونا ویکسین کی تیاری : بل گیٹس کا اہم اعلان

    بل گیٹس اور میلنڈا کا کہنا تھا کہ مذکورہ امداد دنیا بھر میں وبائی مرض سے لڑنے میں معاون ثابت ہوگی، عطیات کے ذریعے ویکسین کی تیاری، صحت کی بہتری سمیت دیگر طبی آلات کا بندوبست کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت وہ اہم شعبہ ہے جو اس وبا پر قابو اور ختم کرسکتا ہے، ہمیں اس کی مدد کرنے چاہیئے، تمام ممالک کو یک زبان ہوکر وبا کے خلاف لڑنا ہوگا، تب ہی ہم مسئلے پر قابو پاسکتے ہیں۔

  • خطرناک وبائیں دنیا کو اپنا نشانہ بنانے کے لیے تیار، کیا ہم اس کے لیے تیار ہیں؟

    خطرناک وبائیں دنیا کو اپنا نشانہ بنانے کے لیے تیار، کیا ہم اس کے لیے تیار ہیں؟

    واشنگٹن: مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس جیسی وبا اب ہر 20 سال بعد دنیا کو متاثر کرسکتی ہے چنانچہ دنیا کو اس کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔

    برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو بذریعہ اسکائپ انٹرویو دیتے ہوئے بل گیٹس نے اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ اب تک دنیا کھربوں ڈالرز خرچ کر چکی ہے تاہم ابھی تک کرونا وائرس پر قابو نہیں پایا جاسکا، اور ایسا صرف اس لیے ہوا کیونکہ دنیا کا طبی نظام اس کے لیے تیار نہیں تھا۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ اب ایسی وبائیں ہر 20 سال بعد پھوٹ سکتی ہیں لہٰذا دنیا کو اس کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہوگی۔

    بل گیٹس کا کہنا تھا کہ اگر دنیا اس طرح کی وباؤں سے نمٹنے کے لیے تیار ہوتی تو آج کھربوں ڈالرز خرچ نہ ہوتے اور بہت کم خرچ میں ہم اس پر قابو پاسکتے تھے۔ مستقبل میں حکومتوں کو اپنے طبی نظام کو جدید ترین اور فوری ردعمل دینے کی صلاحیت کی بنیاد پر تیار رکھنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ آج ہماری مدد کے لیے سائنس موجود ہے، اگر ہم پہلے سے تیار ہوتے تو بہت کم وقت میں اس پر قابو پاسکتے تھے۔ بل گیٹس نے امید ظاہر کی کہ دنیا موجودہ صورتحال سے سبق سیکھے گی اور آئندہ پہلے سے تیاری کر کے رکھے گی۔

    خیال رہے کہ بل گیٹس نے سنہ 2015 میں خبردار کیا تھا کہ بہت جلد دنیا کو ایک خطرناک وبا اپنا نشانہ بنا سکتی ہے جو ایک سال کے اندر اندر 3 کروڑ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دے گی۔

    انہوں نے اسی وقت خبردار کردیا تھا کہ تمام تر ترقی کے باوجود دنیا کسی بھی قسم کی وبا سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

    بل گیٹس کی فاؤنڈیشن نے کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اربوں ڈالرز عطیہ بھی کیے ہیں۔ ان کی عطیہ کردہ رقم کرونا وائرس کے خلاف تیار کی جانے والی ویکسینز کے لیے فیکٹریوں کی تعمیر پر خرچ کی جائے گی۔

  • کرونا ویکسین کی تیاری: میڈونا کا اہم اعلان

    کرونا ویکسین کی تیاری: میڈونا کا اہم اعلان

    واشنگٹن: امریکا کی معروف گلوکارہ میڈونا نے کروناوائرس ویکسین کی تیاری کے لیے 10 لاکھ ڈالر عطیہ کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی گلوکارہ نےکروناوائرس کی ویکسین کی تیاری کی مد میں ’’بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن‘‘ میں ایک ملین ڈالر عطیہ کیا۔

    مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے دوسرے امیرترین شخص بل گیٹس نے منصوبہ ظاہر کیا ہے کہ وہ کروناوائرس ویکسین کی تیاری کے لیے 7 مختلف ریسرچ لیب کو فنڈ فراہم کریں گے۔ ان کی مدد اور اس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے میڈونا نے بھی 1 ملین ڈالر عطیہ کردیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر گلوکارہ نے اپنی ویڈیو شیئر کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ کروناوائرس کے باعث ہم انفرادی اور عالمی سطح پر ہنگامی صورت حال کا شکار ہیں، میں اس بات کو قبول کرتی ہوں کہ مجھے موجودہ ماحول کے تحت اپنی طرز زندگی کو تبدیل کرنے میں وقت لگا۔

    کورونا ویکسین کی تیاری : بل گیٹس کا اہم اعلان

    انہوں نے کہا میں کروناوائرس سے لڑنے کے لیے بل گیٹس فاؤنڈیشن میں اپنا حصہ ڈال رہی ہوں جس نے طبی مراکز کو مدد فراہم کرکے کروناوائرس ویکسین کی تیاری کا بیڑا اٹھایا ہے۔

    خیال رہے کہ بل گیٹس کرونا وائرس کے خلاف تیار کی جانے والی 7 بہترین ویکسینز کیلئے فیکٹریوں کی تعمیر پر اربوں ڈالرز خرچ کریں گے۔ یہ امداد کرونا وائرس کے خلاف تیار کی جانے والی 7 بہترین ویکسینز کے لیے فیکٹریوں کی تعمیر پر خرچ کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

  • مہلک وائرس لاکھوں زندگیاں نگل جائے گا: عالمی ادارہ صحت کا انتباہ

    مہلک وائرس لاکھوں زندگیاں نگل جائے گا: عالمی ادارہ صحت کا انتباہ

    جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے 2017 میں خبردار کیا تھا کہ عنقریب کوئی نیا مہلک وائرس وبا کی صورت اختیار کرکے لاکھوں جانیں نگل سکتا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے 2017 میں متنبہ کیا کہ تھا کوئی نیا پراسرار مرض پوری دنیا میں پھیل کر لاکھوں افراد کو لقمہ اجل بنائے گا۔

    تاہم اب یہ خیال کیا جارہا ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے جس مرض کی بات کی تھی وہ کروناوائرس ہی ہے۔

    خیال رہے کہ مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے دو سال قبل مہلک کرونا وائرس پھیلنے کی پیشگوئی کی تھی، انہوں نے خبردار کیا تھا کہ خطرناک مرض 6 ماہ میں 3 کروڑ افراد کو موت کی نیند سلا دے گا۔

    اپریل 2018 کو لندن کی میساچوسٹس سوسائٹی اور نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیکل سوسائٹی کے زیر اہتمام ملیریا کے حوالے سے ہونے والے ایک سربراہی اجلاس میں بل گیٹس نے خصوصی شرکت کی تھی۔

    ’’مہلک وائرس 6 ماہ میں 3 کروڑ زندگیاں نگل جائے گا‘‘

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے سنجیدگی سے تیاری کرنے کی ضرورت ہے جیسے وہ جنگ کے لیے کرتے ہیں، دنیا کو وبائی امراض سے متعلق سنجیدگی سے سوچنا شروع کردینا چاہیے، خطرناک مرض 6 ماہ میں 3 کروڑ افراد کو موت کے نیند سلا دے گا۔

  • امیر ترین کی دوڑ میں جیف بیزوز کو کس نے پیچھے چھوڑا؟

    امیر ترین کی دوڑ میں جیف بیزوز کو کس نے پیچھے چھوڑا؟

    دنیا بھر میں مشہور شخصیات کی دولت اور اثاثوں پر نظر رکھنے والے امریکی اقتصادی جریدے فوربز کی جانب سے امیر ترین شخصیات کی نئی فہرست جاری کی گئی۔

    فہرست کے مطابق مجموعی طور پر ایما زون کے مالک کے اثاثے کم ہوئے جس کے باعث اب وہ دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز کھوچکے ہیں جس کے بعد مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس ایک مرتبہ پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں جن کی دولت میں چند ہفتوں کے دوران 6 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

    اقتصادی جریدے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جیف بیزوز کی دولت چند ہفتوں کے دوران 114 ارب ڈالر سے کم ہوکر 109 ارب رہ گئی ہے جس نے انہیں امیر ترین افراد کی فہرست میں دوسری پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔

    دوسری جانب بل گیٹس کی دولت 6 ارب ڈالر اضافے کے بعد 110 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جس نے انہیں ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز دلایا ہے۔

    یاد رہے کہ ایمازون کمپنی کے مالک کو رواں برس اہلیہ سے علیحدگی کے بعد انہیں  35ارب ڈالر کی خطیر رقم بشمول کمپنی حصص وغیرہ دینا پڑے تھے۔ برطانوی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ جیف بیزوس کی اہلیہ طلاق کے بعد ایمازون میں 4 فیصد حصحص (شیئرز) کی مالک بن گئیں جبکہ انہیں واشنگٹن پوسٹ اور جیف کی خلائی فرم بلیو اوریجن میں کوئی حصہ نہیں دیا گیا۔

    واضح رہے کہ 2016 تک دنیا کے امیر ترین افراد کی رینکنگ میں بل گیٹس کا نام سرفہرست ہوتا تھا البتہ 2017 سے اُن کی جگہ جیف نے سنبھالی اور نقصان کے باوجود بھی اُن کے اثاثے اب تک سب سے زیادہ ہیں۔

    اس فہرست سے قبل اقتصادی جریدے فوربز کی ستمبر 2019 میں جاری ہونے والی رپورٹ میں ایمازون کے بانی جیف بزور کو دنیا کا امیر ترین شخص قرار دیا گیا تھا۔

    فوربز کی رپورٹ میں امریکا کے امیر ترین افراد کی فہرست جاری کی گئی تھی اور اسی ملک کے امیر ترین افراد ہی دنیا کے امیر ترین لوگ بھی ہیں۔

    تیسرے نمبر پر فرانسیسی شخص برنارڈ ارنالٹ کو رکھا گیا ہے جن کی دولت 103 ارب ڈالر بتائی گئی ہے، گوگل کے شریک بانی لیری پیج اس فہرست میں ساتویں اور ان کے پارٹنر سرگی برن 8 ویں نمبر پر ہیں۔

    دنیا کے 10 امیر ترین افراد میں 8 امریکی اور 2 یورپی شخص ہیں، دنیا کا تیسرا امیر ترین شخص فرانسیسی جب کہ چھٹا امیر ترین شخص ہسپانوی ہے۔

    دنیا کے دس امیر ترین افراد کی فہرست میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، 56 سالہ امریکی خاتون جولیا مارگریٹ فلیشر دنیا کی 10 ویں امیر ترین شخصیت اور دنیا کی سب سے امیر ترین خاتون قرار پائی ہیں۔

  • بل گیٹس کا وزیراعظم عمران خان کی غربت کیخلاف نئی حکمت  کا خیرمقدم

    بل گیٹس کا وزیراعظم عمران خان کی غربت کیخلاف نئی حکمت کا خیرمقدم

    نیویارک : مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس نے غربت کے خاتمے کیلئے حکومتی طریقہ کار کی موجودگی ضروری قرار دیتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان نےغربت کیخلاف نئی حکمت عملی بنالی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا غربت کے خاتمے کیلئے مکمل حکومتی طریقہ کار کا ہونا ضروری ہے، مستحکم ترقیاتی اہداف مکمل حکومتی طریقہ کار کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتے، وزیراعظم عمران خان نے غربت کیخلاف نئی حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان سے بل گیٹس کی ملاقات ہوئی تھی ، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں :  وزیراعظم سے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی اہم ملاقات

    پاکستان اور بل گیٹس کی فاؤنڈیشن کےدرمیان مفاہمتی یاداشت پردستخط ہوئے تھے ، جس کے تحت بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان کو آئندہ برس احساس پروگرام پر عملدرآمد کے لیے 20 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احساس غربت کے خاتمے کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، خوشی ہے بل اینڈمیلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن احساس پروگرام میں معاونت کرے گی۔

  • وزیراعظم سے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی اہم ملاقات

    وزیراعظم سے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی اہم ملاقات

    نیویارک: وزیراعظم عمران خان سے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے کے لیے ان کے ہوٹل پہنچے۔ وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کی ملاقات 30 منٹ تک جاری رہی۔

    وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان کو آئندہ برس احساس پروگرام پر عملدرآمد کے لیے 20 کروڑ ڈالر فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقین نے نیویارک میں ملاقات میں مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے۔

    ملاقات میں وزیراعظم عمران خان، احسا پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور بل گیٹس موجود تھے۔ معاہدے کے مطابق یہ رقم غربت کے خاتمے کے 134 منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ رواں سال اگست میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

    مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو ایک خط لکھا گیا تھا جس میں انہوں نے خیبرپختونخواہ میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز پر اجلاس طلب کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا تھا۔

    بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے میں کی جانے والی کوششوں پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیو کو ختم کرنے کے لیے والدین کے ذہنوں سے شکوک وشبہات نکلالنا انتہائی ضروری ہیں۔

  • بل گیٹس نے اپنی شریک حیات ملنڈا کی کس ادا پر فدا ہوکر شادی پیشکش کی؟

    بل گیٹس نے اپنی شریک حیات ملنڈا کی کس ادا پر فدا ہوکر شادی پیشکش کی؟

    نیویارک : مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی شریک حیات ملنڈا گیٹس کا کہنا ہے کہ ہمیں پزل حل کرنے کا بہت شوق تھا، ایک مرتبہ میں نے میتھ پزل میں گیٹس کو ہرا دیا جس پر وہ مجھ پر دل ہار بیٹھے اور شادی کی پیشکش کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملنڈا گیٹس عالمی شہرت یافتہ شخصیات ہیں لیکن بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ بل گیٹس اور ملنڈا کب ملے اور بل گیٹس ان کی کس ادا پر فدا ہوئے اور انہیں دل دے بیٹھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اب ملنڈا گیٹس نے اپنی نئی کتاب میں اس راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ ملنڈا نے اپنی کتاب ’دی مومنٹ آف لائف: ہو امپاورنگ وومن چینجز دی ورلڈ“ میں لکھا ہے کہ ”میں اور بل گیٹس ملازمت کے دوران ملے تھے۔

    انہوں نے کتاب میں بتایا کہ ہم دونوں کو پزل حل کرنے کا بہت شوق تھا جو ہماری قربت کا باعث بنا۔ ایک بار میں نے بل گیٹس کو ایک’ ’میتھ پزل“ میں ہرا دیا، جس کے بعد وہ مجھے دل دے بیھٹے اور شادی کی پیشکش کردی۔

    ملنڈا گیٹس نے اپنے سابق شوہر سے تعلقات کے بارے میں ہی کتاب میب سطریں تحریر کی ہیں، وہ کہتی ہیں کہ’بل گیٹس کے ساتھ شادی سے قبل بھی میں ایک شخص کے ساتھ تعلق میں رہ چکی تھی۔ تاہم یہ تعلق انتہائی ناخوشگوار اور انتہائی برے طریقے سے انجام کو پہنچا‘۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملنڈا نے اپنے بچوں کو سکول میں صرف ان کے پہلے نام سے رجسٹرڈ کروایا تھا اور ان کے نام کے ساتھ فیملی نام ’گیٹس‘ نہیں لکھوایا تھا۔

    بچوں کو صرف پہلے نام سے رجسٹرڈ کروانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ”بچوں کو سکول میں ان کے پہلے نام سے رجسٹرڈ کروانے کا مقصد یہ تھا کہ لوگوں کو یہ معلوم نہ ہو سکے کہ وہ ارب پتی ماں باپ کے بچے ہیں اور ہمارے بچے بھی دیگر بچوں کی طرح نارمل طریقے سے تعلیم حاصل کر سکیں۔

  • بل گیٹس کا وزیر اعظم کو خط، پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار

    بل گیٹس کا وزیر اعظم کو خط، پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار

    اسلام آباد: مائیکرو سافٹ کے  بانی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان  کو خط لکھ کر  پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص تصور کیے جانے والے مائیکر وسافٹ کمپنی کے بانی نے  اپنے خط میں  پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ ظاہر کیا.

    بل گیٹس کا کہنا ہے کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر  میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، مائیکرو سافٹ پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرسکتا ہے.

    خط میں کہا گیا کہ بل گیٹس فاؤنڈیشن پولیو، صحت عامہ کےشعبے میں پاکستان سے تعاون جاری رکھے گی، مائیکرو سافٹ کے بانی نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششیں جاری رکھنے کاعزم کیا، توقع کی جارہی ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے جلد اس خط کا جواب دیا جائے گا.

    یاد رہے کہ  5 دسمبر 2018 کو بل گیٹس نے وزیر اعظم خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا ، اس موقع پر بل گیٹس نے  پولیو کے خاتمے کی کاوشوں پر وزیراعظم عمران خان کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔


    مزید پڑھیں: بل گیٹس کا پولیو کے خاتمے کی کاوشوں پروزیراعظم عمران خان کوخراج تحسین


    تجزیہ کاروں کے مطابق مائیکرو سافٹ کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دل چسپی ظاہر کرنا ایک اہم اقدام ہے، جس سے نہ صرف پاکستان کی معیشت میں بہتری آئے گی، بلکہ روزگار کے نئے موقع بھی پیدا ہوں گے.

  • بل گیٹس کا پولیو کے خاتمے کی کاوشوں پروزیراعظم عمران خان کوخراج تحسین

    بل گیٹس کا پولیو کے خاتمے کی کاوشوں پروزیراعظم عمران خان کوخراج تحسین

    اسلام آباد: مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کی کاوشوں پر وزیراعظم عمران خان کوخراج تحسین پیش کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، ٹیلی فون کال 30 منٹ تک جاری رہی، کال کے دوران وزیراعظم کے پولیو معاون بابر عطا بھی موجود تھے۔

    بل گیٹس نے انتخاب جیتنے اور منصب سنبھالنے پر وزیراعظم کو مبارکباد دی اور پولیو کے خاتمے کی کاوشوں پر عمران خان کوخراج تحسین پیش کیا۔

    بل گیٹس کی جانب سے مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ پاکستان میں آئی ٹی کےشعبےکوتقویت دینے کےلیے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیراعظم نے بل گیٹس کاسماجی شعبے میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے لیے 5 سالہ پلان کی منظوری دے دی

    یاد رہے اکتوبر کے آغاز میں وزیراعظم عمران خان نے ملک کے طول و عرض سے پولیو کے خاتمے کے لیےپانچ سالہ پلان کی منظوری دی تھی اور ہدایت کی تھی کہ ہنگامی اقدامات کیے جائیں گے۔

    خیال رہے پاکستان ،افغانستان اور نائجیریا دنیا کے آخری تین ممالک ہیں، جہاں پولیو جیسی بیماری آج بھی موجود ہے، کچھ مہینے قبل عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا تھا کہ دنیا پولیو کے خاتمے کے قریب پہنچ چکی ہے، اس لیے عالمی برادری کو پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

    اسی سلسلے میں پاکستان پر سفری پابندیاں بھی عائد کی گئیں تھیں اور پاکستان کا کوئی بھی شہری بغیر پولیو کلیئرنس اور ویکسین لیے بغیر بین الاقوامی سفر نہیں کرسکتا۔

    عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان اور افغانستان بدستور پولیو وائرس کے پھیلاؤ میں ملوث ہیں، پاک افغان سرحدی مہاجرین پولیو پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں۔