Tag: بم ڈسپوزل اسکواڈ

  • حیدرآباد : موٹر وے پر سی ٹی ڈی کا مسلح افراد سے مقابلہ

    حیدرآباد : موٹر وے پر سی ٹی ڈی کا مسلح افراد سے مقابلہ

    حیدرآباد : ایم نائن موٹر وے پر ٹریلرز پر فائرنگ کرنے والے مسلح گروہ سے کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں کا مقابلہ ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز حیدرآباد کے نمائندے جام فرید لاکھو کی رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی حکام  نے مسلح افراد سے مقابلے کیلیے مزید نفری اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو موقع پر طلب کرلیا ہے۔

    اس حوالے سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے سی ٹی ڈی حکام  نے بتایا کہ مسلح افراد ٹارگٹڈ کارروائی کے ارادے سے ایم نائن موٹر وے پر پہلے سے موجود تھے۔

    پنجاب جانے والے متعدد ٹریلرز پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق فائرنگ کرنے والے گروہ کے پاس جدید اسلحہ ہے، آخری اطلاعات تک مسلح افراد سے فائرنگ کاتبادلہ جاری تھا، مسلح گروہ کے پاس بارودی مواد بھی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے لونی کوٹ کی حدود میں سی ٹی ڈی حیدرآباد اور ٹریلرز پر فائرنگ کرنے والے مسلح گروہ میں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ڈیٹونیٹر، دستی بم، پیٹرول بم اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار علاقے کی سرچنگ کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 189 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کر کے 10 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز لاہور، بہاولپور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور جہلم میں کیے گئے۔ اس دوران راولپنڈی سے 2 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا جس کا تعلق ننکانہ صاحب سے ہے، دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، ڈیٹونیٹر، پمفلٹ اور نقدی برآمد ہوا۔

  • بم ڈسپوزل اسکواڈ کی تیار کردہ رپورٹ سامنے آ گئی

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کی تیار کردہ رپورٹ سامنے آ گئی

    کراچی: بم ڈسپوزل اسکواڈ کی تیار کردہ رپورٹ سامنے آ گئی، خود کش جیکٹس میکینکل طرز پر بنائی گئی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے کی رپورٹ مرتب کر لی، ہلاک دہشت گردوں سے 2 خود کش جیکٹس، 8 دستی بم، 3 گرنیڈ لانچر ملے۔

    بی ڈی ایس کے مطابق ممکنہ طورپر دہشت گردوں کی جانب سے پھینکے گئے دستی بم نہیں پھٹ سکے، دستی بم ناکارہ حالت میں ملے، دہشت گردوں سے برآمد خود کش جیکٹس 8 سے 10 کلو وزنی تھیں۔

    رپورٹ کے مطابق خود کش جیکٹس میکینکل طرز پر بنائی گئی تھیں، جیکٹس میں الیکٹرونک سسٹم نہیں تھا، جیکٹس کی تیاری ڈیٹونیٹر انداز کی تھی تھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس چیف آفس پر حملہ کیا گیا، کامیاب آپریشن کے بعد تینوں دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، آپریشن میں رینجرز، پولیس اور پاک فوج کے کمانڈوز نے حصہ لیا۔

    دہشت گرد حملے میں 2 پولیس اور ایک رینجرز اہل کار شہید ہوئے، خاکروب کی بھی جان گئی، 5 پولیس اہل کاروں سمیت 12 زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    آپریشن کے دوران خود کش حملہ آور نے چوتھی منزل پر خود کو دھماکے سے اڑایا، وقفے وقفے سے فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ جاری رہا، آئی جی سندھ کہتے ہیں کہ چھٹی کے وقت افرادی قوت کم ہوتی ہے، اس لیے حملہ آوروں نے شام کا انتخاب کیا، تحقیقات کر رہے ہیں کہ دہشت گردوں کے سہولت کار کون تھے۔

    حساس اداروں کی تحقیقاتی ٹیموں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کر لیا ہے، کراچی پولیس آفس میں حساس اداروں کی ٹیمیں تحقیقات کے لیے پہنچ چکی ہیں، اور آفس کا کنٹرول حساس اداروں کے اہل کاروں نے سنبھال لیا ہے، پولیس اور حساس اداروں کے ماہر نشانہ باز کے پی او کی چھت پر اور اطراف میں تعینات ہیں۔

    پولیس کے اعلیٰ افسران بھی کراچی پولیس آفس پہنچ گئے، حساس اداروں کی تحقیقاتی ٹیم بھی کے پی او میں موجود ہیں، حساس اداروں کی جانب سے کھوجی کتوں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی سرچنگ ہو رہی ہے، واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا ہے۔

    کراچی پولیس آفس سے متصل صدر پولیس اسٹیشن اور پیٹرول پمپ عام صارفین اور سائیلین کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    کے پی او آفس میں داخل ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کر لی گئی ہے، ایک دہشت گرد کی شناخت زالا نور کے نام سے ہوئی جو وزیرستان کا رہائشی تھا، دوسرے دہشت گرد کی شناخت عنایت اللّه کے نام سے ہوئی ہے جو لکی مروت کا رہائشی تھا، ذرائع کے مطابق مرنے والے تیسرے مبینہ دہشت گرد کی شناخت مجید بلوچ کے نام سے ہوئی ہے جو دتہ خیل شمالی وزیر رستان کا رہائشی تھا۔

  • ٹائم بم کی اطلاع پر بی ڈی ایس اہل کار بغیر یونیفارم پہنچ گیا

    ٹائم بم کی اطلاع پر بی ڈی ایس اہل کار بغیر یونیفارم پہنچ گیا

    گجرات: پنجاب کے شہر گجرات کے ایک علاقے میں ٹائم بم کی اطلاع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کا اہل کار بغیر یونی فارم بم ناکارہ کرنے پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات کے علاقے نیو شادمان کالونی میں ٹائم بم کی اطلاع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ جب کارروائی کے لیے پہنچا تو معلوم ہوا کہ ایک پیکٹ کو گھڑی لگا کر بم کی شکل دی گئی تھی۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہل کار اشرف بغیر یونی فارم کے ٹائم بم کو ناکارہ بنانے لگے تو بم جعلی نکلا، سڑک کنارے کھڑی گاڑی میں گھڑی لگا کر ایک پیکٹ کو بم کی شکل دی گئی تھی۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر عوام میں خوف پھیلانے کے لیے ایسی کارروائیاں کرتے ہیں۔

    جعلی بم جیل چوک سے بادشاہی روڈ کی طرف جاتے ہوئے راستے میں ایک گاڑی میں رکھا گیا تھا، اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی حافظ امتیاز سمیت تمام متعلقہ ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے تھے۔

    سیکورٹی اہل کاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر لوگوں سے خالی کرایا، تاہم کارروائی کے دوران پتا چلا کہ واردات لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے کی گئی ہے۔

    ایس ایچ او سول لائن میر عباس نے کا کہنا تھا کہ کسی نے ون فائیو پر کال کی تو پولیس نے فوراً ریسپانس کیا، ہو سکتا ہے کسی بچے نے اسے پھینکا تھا یا کسی نے ہمیں چیک کرنے کے لیے ایسا کیا، عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والوں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

  • ضلع کرک کی 3 بہنیں بم ڈسپوزل اسکواڈ میں ایشیا کی پہلی ایلیٹ کمانڈوز

    ضلع کرک کی 3 بہنیں بم ڈسپوزل اسکواڈ میں ایشیا کی پہلی ایلیٹ کمانڈوز

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع کرک میں ایک چھوٹے سے گاؤں کی رہائشی 3 بہنیں اس وقت بم ڈسپوزل اسکواڈ میں شامل ہیں اور وہ جنوبی ایشیا کی پہلی خواتین ایلیٹ کمانڈوز ہیں۔

    پری گل، ثمینہ گل اور رخسانہ گل گو کہ آج اپنے گاؤں کے لیے باعث فخر ہیں، تاہم یہ سفر ان کے لیے اتنا آسان نہیں تھا۔

    وہ بتاتی ہیں کہ مقامی روایات اور سماجی رکاوٹوں کا مقابلہ کرنا ان کے والدین کی حمایت کے بغیر نا ممکن تھا۔ ان کے والدین کو اپنی بیٹیوں کو اسکول بھیجنے پر رشتہ داروں کی طرف سے سخت مخالفت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

    ثمینہ بتاتی ہے، ’ہمارا تعلق ایک غریب خاندان سے ہے، ہم عید پر نئے کپڑے نہیں لیتے تھے۔ حتیٰ کہ جو پیسے ہمیں عیدی کے طور پر ملتے تھے وہ ہم اپنی گھریلو ضروریات پوری کرنے کے لیے والد کو دے دیتے تھے‘۔

    یہ بلند حوصلہ بہنیں بتاتی ہیں کہ خاندان کی خواتین ان کی کتابوں کو پھاڑ دیتی تھی تاکہ یہ تعلیم حاصل نہ کریں۔

    رخسانہ کہتی ہے، ’اگر ہمارے والدین ہمارے ساتھ کھڑے نہ ہوتے تو آج ہم دوسرے لوگوں کے گھروں یا کھیتوں میں مشقت کر رہی ہوتیں۔ وہ بہت مشکل وقت تھا، لیکن ہمیں آج خوشی ہے کیوں کے اس وقت نے ہمیں مضبوط بنایا اور آج ہم اپنا سر فخر سے اٹھا سکتی ہیں‘۔

    خیال رہے کہ سنہ 2016 میں بم ڈسپوزل اسکواڈ میں پہلی بار ایک خاتون کو شامل کیا گیا تھا۔

    خیبر پختونخواہ کی پولیس فورس میں شامل خاتون اہلکار رافعہ قسیم بیگ بم ڈسپوزل یونٹ کا حصہ بننے والی پہلی پاکستانی اور ایشیائی خاتون ہیں۔

  • کوئٹہ بڑی تباہی سے بچ گیا، دو بموں کو ناکارہ بنادیا گیا

    کوئٹہ بڑی تباہی سے بچ گیا، دو بموں کو ناکارہ بنادیا گیا

    کوئٹہ : قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی سے کوئٹہ بڑی تباہی سے بچ گیا، سڑک کنارے رکھے گئے دو بموں کو بی ڈی ایس نے ناکارہ بنادیا۔

    پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ شہر کے نواحی علاقے اسپنی روڈ پر ایس ایس پی ٹریفک کے دفترکے قریب سڑک کنارے مشکوک بیگ کی موجودگی کی اطلاع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔

    بی ڈی ایس نے بیگ کو چیک کیا تو اس میں دو بم موجود تھے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دو گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد انسٹرکٹر گن کے ذریعے فائر کرکے دونوں بم ناکارہ بنادیئے، پولیس حکا م کا کہنا ہے کہ دونوں بم پانچ سے سات کلو وزنی تھے۔

    واضح رہے کہ کوئٹہ اکثر و بیشتر دہشت گردانہ کارروائیوں کی زد میں آتا رہتا ہے۔ اس سے قبل یکم مارچ کو لنک سریاب روڈ پر سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے میں 2 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    ملک میں جاری حالیہ دہشت گردی کی لہر پر قابو پانے کے لیے آپریشن رد الفساد کا بھی آغاز کیا جا چکا ہے جس کے تحت روزانہ درجنوں مشتبہ افراد گرفتار کیے جارہے ہیں۔

    ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز و پولیس کی کارروائیوں میں اب تک کئی دہشت گرد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

  • پشاور کے باچاخان چوک سے برآمد بم ناکارہ بنادیاگیا

    پشاور کے باچاخان چوک سے برآمد بم ناکارہ بنادیاگیا

    پشاور: بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے باچا خان چوک پر رکھا بم ناکارہ بنادیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے باچا خان چوک پربم کی اطلاع پربم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بم آئی ای ڈی تھا جبکہ بم ڈھائی سے 3کلووزنی تھا۔

    حکام کے مطابق بم کو ناکارہ بنانے کیلئے بی ٖڈی ایس نے واٹر ڈسچارج ڈیوائس تیار کرلیا ،جس کے بعد بم کو ناکارہ بنایا گیا، بم ناکارہ بناتے ہی اسے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار نے ہوا میں اچھال کر فتح کا اعلان کیا۔

    اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد بھی باچا خان چوک پر موجود تھی، عوام نے بم کو کامیابی سے ناکارہ بنانے پرخوشیہ کا اظہار کیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کی تعریف کی۔

     

  • کوئٹہ : پولیس اور بی ڈی ایس نے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا

    کوئٹہ : پولیس اور بی ڈی ایس نے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا

    کوئٹہ : پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم کی کاروائی ، دہشتگردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا.

    تفصیلات کے مطابق جوائنٹ روڈ پر واقع پاسپورٹ آفس کے قریب نامعلوم دہشتگردوں کی جانب سے بم نصب کیا گیا تھا. پولیس کی اطلاع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم نے بم ناکارہ بنادیا.

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم لوہے کے پائپ میں نصب کیا گیا تھا، چار کلو وزنی بم بال بیئرنگ اور نٹ بولٹ کا استعمال کیا گیا، جسے ناکارہ بنادیا گیا، جبکہ پولیس واقع کی تحقیقات کررہی ہے.

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری کے ماہ میں سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے مشیر عبدالماجد سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں محافظ سمیت زخمی ہوگئے تھے.

  • جوائنٹ روڈ کے قریب برآمد ہونیوالا بم ناکارہ بنادیاگیا

    جوائنٹ روڈ کے قریب برآمد ہونیوالا بم ناکارہ بنادیاگیا

    کوئٹہ: بلوچستان بڑی تباہی سے بچ گیا، چار کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا، احمد وال ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردون نے راکٹوں سے حملہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے جوائنٹ روڈ کے قریب برآمد ہونے والے بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔

    پولیس کاکہناہےکہ جوائنٹ روڈکےقریب ایک مشتبہ ڈبےکی اطلاع ملنےپر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق برآمد ہونے والا بم چار کلو وزنی تھا جو ریموٹ کنٹرول تھا۔

    دوسری طرف گذشتہ رات نوشکی کے قریب احمد وال ایف سی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے راکٹوں سے حملہ کیا۔

    ایف سی ذرائع کے مطابق جوابی کارروائی پردہشت گرد فرار ہو گئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

     

  • کراچی میں مارٹر گولہ پھٹنے سے دھماکہ ایک شخص ہلاک دو زخمی

    کراچی میں مارٹر گولہ پھٹنے سے دھماکہ ایک شخص ہلاک دو زخمی

    کراچی : شیرشاہ میں دھماکہ سے ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں مارٹر گولہ پھٹنے سےزوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو  زخمی ہوگئے۔

    ایس پی سائٹ ایریا ساجد سدوزئی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ شیر شاہ کباڑی مارکیٹ کے قریب واقع فیکٹری میں صفائی کے دوران اسکریپ کا سامان باہر لاتے ہوئے اچانک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں اکبر نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔

    جبکہ عبدالرحمان اور پیر محمد نامی دو افراد زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم بھی طلب کی گئی جس نے دھماکے کی نوعیت کا تعین کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ اسکریپ مال میں موجود پرانا مارٹر گولہ پھٹنے سے ہوا ہے۔

    واقعے کے بعد پولیس نے ایک زخمی شخص کو مزید تفتیش کیلئے حراست میں لے لیا ہے۔

  • چارسدہ : بم ڈسپوزل اسکواڈ نے 15کلووزنی بارود ناکارہ بنا دیا

    چارسدہ : بم ڈسپوزل اسکواڈ نے 15کلووزنی بارود ناکارہ بنا دیا

    چارسدہ: بم ڈسپوزل اسکواڈنے پندرہ کلووزنی بارود ناکارہ بنا دیا گیا۔

    چارسدہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ یونٹ نے دریائے سوات کے کنارے بم کی اطلاع پرفوری کارروائی کی، جس میں دریا کے کنارے رکھا گیا پندرہ کلووزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق ناکارہ بنائے گئے مواد میں ایک خودکش جیکٹ بھی شامل ہے، جسے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ بارودی مواد پھٹنے سے بڑے پیمانے پرتباہی کا خدشہ تھا۔