Tag: بند

  • پاکستان بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز بند کر دیے گئے

    پاکستان بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز بند کر دیے گئے

    اسلام آباد (31 جولائی 2025): پاکستان بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز بند کر دیے گئے ہیں اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان بھر میں عوام کو سستی اشیائے خور ونوش فراہم کرنے والے یوٹیلٹی اسٹورز بند کر دیے گئے ہیں اور وزارت صنعت وپیداوار نے یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز وزیراعظم شہباز شریف اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد بند کیے گئے ہیں۔

    وزارت صنعت وپیداوار کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آج (31 جولائی 2025) سے یوٹیلٹی اسٹورز پر تمام خرید وفروخت ختم کر دی گئی ہے۔

    واضح رہےکہ وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کے فیصلے کے خلاف ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین سراپا احتجاج بنے رہے، لیکن ان کا مطالبہ منظور نہ ہوا۔

    ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ ہی ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز 31 جولائی سے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

    ذرائع صنعت وپیداوار نے بتایا تھا کہ جولائی کے اختتام پر یوٹیلٹی اسٹورز کو بند کردیا جائے گا اور اسٹورز کے تمام ملازمین کو رضاکارانہ سیپریشن اسکیم آفر کی جائے گی۔

    https://urdu.arynews.tv/utility-stores-set-july-31-as-deadline-to-close/

  • 229 صنعتی یونٹس بند ہو گئے

    229 صنعتی یونٹس بند ہو گئے

    صوبہ خیبر پختونخوا میں بد امنی اور سرکاری سطح پر سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے اب تک 229 صنعتی یونٹس بند ہو چکے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کو محکمہ صنعت کے ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا میں بد امنی کی صورتحال اور سرکاری سطح پر سرپرستی نہ ہونے کے بعد صوبے کے 229 صنعتی ہونٹس بند ہو گئے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ صوبے میں مجموعی طور پر صنعتی یونٹس کی تعداد 2 ہزار 563 ہے اور اس وقت مختلف صنعتی زونز میں 2010 یونٹس فعال ہیں۔

    کے پی ایزمک کے تحت 177 جب کہ ایس آئی ڈی بی میں 52 یونٹس بند ہیں جب کہ صوبے کے کسی بھی صنعتی زون میں کوئی بڑی فیکٹری موجود نہیں ہے۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف زونز میں 324 صنعتی یونٹس زیر تعمیر ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/2024-kp-government-performance-report/

  • رمضان المبارک میں اسکول بند رکھنے کا اعلان

    رمضان المبارک میں اسکول بند رکھنے کا اعلان

    رمضان المبارک مسلمانوں کا مقدس مہینہ ہے اس سال ایک ملک نے اس ماہ مبارک میں اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

    رمضان المبارک میں اسکول بند رکھنے کا اعلان بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی جانب سے سامنے آیا ہے، جہاں سرکاری پرائمری اسکول رمضان المبارک کے 28 ایام میں بند رہیں گے۔

    ڈھاکا ٹریبیون کے مطابق محمد یونس کی سربراہی میں نگراں حکومت نے ملک میں دہائیوں سے چلی آ رہی کئی چھٹیوں کو ختم جب کہ کچھ چھٹیوں کے اوقات میں تبدیلی کی ہے۔

    بنگلہ دیش کی وزارت پرائمری اینڈ ماس ایجوکیشن کی جانب سے ملک کے سرکاری پرائمری اسکولز کے لیے سال 2025 میں تعطیلات کا کلینڈر جاری کیا گیا ہے جس میں ہفتہ وار تعطیلات کے علاوہ 76 دن کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

    چھٹیوں کے جاری شیڈول کے مطابق پرائمری اسکولوں میں رمضان کی چھٹیاں 2 مارچ سے شروع ہوں گی۔ اس دوران رمضان، عیدالفطر، جمعۃ الوداع اور بنگلہ دیشی یوم آزادی کی چھٹیوں کو ملا کر مجموعی طور پر 28 دن اسکول بند رہیں گے جب کہ عید کے بعد 8 اپریل سے کلاسز کا دوبارہ آغاز ہوگا۔

    عیدالاضحیٰ اور گرمیوں کی چھٹیوں کے لیے اسکول 14 روز بند رہیں گے۔ چھٹیوں کا یہ مرحلہ 3 جون سے شروع ہوگا اور 22 جون تک چلے گا۔ کیلنڈر کے مطابق درگا پوجا کے دوران 7 دنوں کی چھٹی رہے گی اور ان 7 دنوں میں لکشمی پوجا اور فاتحہ یازدہم کی چھٹیاں بھی شامل ہیں۔

    مذکورہ بالا تعطیلات کے علاوہ بنگلہ دیش میں ہر سال کی طرح 3 ریزرو یعنی محفوظ تعطیلات بھی ہوں گی۔ یہ تعطیلات اسکول کے سربراہان ضرورت کے مطابق طے کریں گے ۔ اسکول اسٹینڈرڈ پریکٹس کے مطابق مختلف قومی اور بین الاقوامی ایام اور مذہبی انعقاد کے لیے بھی تعطیلات ہوں گی۔

    https://urdu.arynews.tv/what-will-babies-born-from-january-1-2025-be-called/

  • ملک کی دوسری بڑی آٹو مینوفیکچرر کمپنی کا پلانٹ بند کرنے کا اعلان

    ملک کی دوسری بڑی آٹو مینوفیکچرر کمپنی کا پلانٹ بند کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: ملک کی دوسری بڑی آٹو مینوفیکچرر کمپنی ٹویوٹا انڈس نے پلانٹ بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹویوٹا انڈس موٹرز نے 25 اگست سے 6 ستمبر تک پلانٹ بند کرنے کا اعلان  کیا ہے, پاکستان میں ٹویوٹا گاڑیاں بنانے والی کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک خط میں باضابطہ طور پر اس فیصلے سے آگاہ کیا۔

    اپنے بیان میں کمپنی نے مالی سال 2022-2023 کے دوران آٹو انڈسٹری کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا اور کہا کہ ملک میں ٹیکسز زیادہ ہونے کی وجہ سے قوت خرید متاثر ہوئی۔

    دستاویزات کے مطابق گاڑیاں مہنگی ہونے سے طلب کم ہے، جس کی وجہ سے ٹویوٹا پاکستان جیسی کمپنیاں اپنی پیداواری حکمت عملیوں کا از سر نو جائزہ لینے پر مجبور ہیں۔

    انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ نے اپنی پیداواری کارروائیوں کو جمعہ 25 اگست 2023 سے بدھ، 6 ستمبر 2023 تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • سری لنکا میں اسکول ایک بار پھر بند

    سری لنکا میں اسکول ایک بار پھر بند

    کولمبو: سری لنکا میں شدید معاشی اور ایندھن بحران کی وجہ سے 2 ہفتوں کے لیے اسکول بھی بند کردیے گئے، ملک میں صرف 10 دن کا ایندھن باقی رہ گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سری لنکا نے شدید اقتصادی اور ایندھن بحران کی وجہ سے تمام اسکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے اور منگل سے دو ہفتوں کے لیے صرف ضروری خدمات جیسے صحت، ٹرینوں اور بسوں کے لیے ایندھن کی فراہمی کی اجازت دی ہے۔

    حکومتی کابینہ کے ترجمان بندولا گناوردھنے نے کہا کہ ایندھن صرف ملک میں چلنے والی ٹرینوں اور بسوں، طبی خدمات اور گاڑیوں کے لیے فراہم کیا جائے گا جو منگل سے 10 جولائی تک کھانا پہنچاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکام نے ایندھن کے بحران کے پیش نظر شہری علاقوں میں اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے اور سب کو گھر سے کام کرنے کی تاکید کی ہے۔

    خیال رہے کہ سری لنکا گزشتہ چند مہینوں سے شدید اقتصادی بحران کا شکار ہے، ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ کم سطح پر پہنچ گئے ہیں جس کی وجہ سے ملک خوراک، ادویات اور ایندھن کی ضروری درآمدات کی ادائیگی کے قابل نہیں ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ملک میں ایندھن صرف 10 دن کا رہ گیا ہے جو کہ معمول کی طلب کے لحاظ سے صرف ایک ہفتے میں ختم ہو جائے گا۔

  • پختونخواہ کے کن شہروں میں اسکول بند کیے جارہے ہیں؟

    پختونخواہ کے کن شہروں میں اسکول بند کیے جارہے ہیں؟

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، مالا کنڈ، سوات اور لوئر دیر میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اسکول بند کیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے جلد از جلد رمضان پیکج کی تیاری کی ہدایت کی ہے، اجلاس میں سب سے زیادہ توجہ تعلیم، صحت اور گڈ گورننس پر رہی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ این ٹی ایس کے ٹیسٹ دوبارہ منعقد کروائے جائیں گے، ٹیسٹ مشاورت کے بعد منعقد کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 5 فیصد کرونا کیسز پر متاثرہ اضلاع میں اسکولوں کو بند کیا جائے گا، متاثرہ اضلاع میں اسکول بند کیے جا رہے ہیں جو 28 مارچ تک بند رہیں گے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ اضلاع میں پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، مالا کنڈ، سوات اور لوئر دیر شامل ہیں، 28 مارچ کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

  • سعودی عرب: ماسک کی عدم موجودگی پر سخت ایکشن

    سعودی عرب: ماسک کی عدم موجودگی پر سخت ایکشن

    ریاض: سعودی عرب میں ماسک کی عدم فراہمی پر 3 فارمیسیوں کو سیل کردیا گیا، فارمیسیوں کے خلاف بڑی تعداد میں شکایات درج کروائی گئیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت نے ملک کے مختلف علاقوں میں صارفین کو ماسک فراہم نہ کرنے والی 3 فارمیسیاں بند کردی ہیں۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ تینوں فارمیسیاں مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو حفاظتی ماسک فراہم کرنے میں مسلسل بہانے کر رہی تھیں، شکایات کی تصدیق ہوجانے پر تینوں کو بند کر دیا گیا۔

    سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے طمنی ایپ متعارف کروائی ہے۔ اس کی بدولت یہ پتہ چل جاتا ہے کہ کس شہر، قصبے، محلے اور سڑک پر کس فارمیسی میں حفاظتی ماسک، سینی ٹائزر اور مطلوبہ ادویات موجود ہیں یا نہیں۔

    اس ایپ کی خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس کے ذریعے متعلقہ فارمیسیوں کا صحیح پتہ بھی صارفین کو مل جاتا ہے۔

    سعودی وزارت صحت، وزارت داخلہ اور وزارت بلدیات و دیہی امور کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں ضروری اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ کسی بھی ایسے ادارے کے ساتھ کسی بھی قسم کی رعایت روا نہیں رکھی جائے گی جو مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں ضروری ادویات اور طبی لوازمات کی فراہمی میں غفلت اور دھوکہ دہی کرے۔

  • جدہ: حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر تاریخی مارکیٹ بند

    جدہ: حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر تاریخی مارکیٹ بند

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں حفاظتی اقدامات کی پابندی نہ کیے جانے پر تاریخی مارکیٹ باب مکہ مارکیٹ کو بند کردیا گیا، تفتیشی ٹیموں نے ریڑھیوں پر فروخت کیے جانے والے حفاظتی ماسک بھی ضبط کرلیے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں جدہ میونسپلٹی کے ماتحت تاریخی علاقے میں واقع باب مکہ مارکیٹ کو بلدیہ نے بہت زیادہ رش اور کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ضوابط کی پابندی نہ کیے جانے پر بند کردیا ہے۔

    باب مکہ مارکیٹ کی بندش کا فیصلہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    جدہ تاریخی علاقے کی بلدیہ کے چیئرمین انجینیئر ایمن دیمنہوری نے بتایا کہ بلدیہ نے غیر معمولی بھیڑ کو کنٹرول کرنے اور کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عوامی صحت و سلامتی کی خاطر احتیاطی تدابیر کے طور پر مارکیٹ بند کی ہے۔

    میونسپلٹی کی ٹیموں نے حفاظتی ضوابط پر عمل نہ کرنے پر ایک شاپنگ سینٹر بھی بند کردیا جبکہ 207 دکانوں پر تفتیشی چھاپے مار کر 27 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔

    تفتیشی ٹیموں نے ریڑھیوں پر فروخت کیے جانے والے 1500 حفاظتی ماسک بھی ضبط کرلیے۔

    ایمن دیمنہوری نے توجہ دلائی ہے کہ بلدیہ کے افسران نے پھلوں اور سبزیوں کے تین غیر قانونی گوداموں پر بھی چھاپے مارے جہاں سے 17 ریڑھیاں، 20 ترازو اور 6 ٹن پھل اور سبزیاں ضبط کرلیں۔

  • کرونا وائرس: مصر کے تمام ایئرپورٹس بند کردیے گئے

    کرونا وائرس: مصر کے تمام ایئرپورٹس بند کردیے گئے

    قاہرہ: کرونا وائرس کے پیش نظر مصر کے تمام ایئرپورٹس 19 سے 31 مارچ تک بند کر دیے گئے، مصر کے تمام تعلیمی ادارے پہلے ہی بند کیے جاچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مصر کے وزیر اعظم ڈاکٹر مصطفیٰ مدبولی نے کرونا وائرس کے پیش نظر مصر کے تمام ایئرپورٹس 19 سے 31 مارچ تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    یہ فیصلہ کرونا وائرس سے نمٹنے اور عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ مصری وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ فیصلہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ مصری حکومت پروازوں کی آمد و رفت کی پابندی کے دوران تمام ہوٹلوں اور سیاحتی تنصیبات پر جراثیم کش ادویہ کا اسپرے کروائے گی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں میں کارکنان کی تعداد بھی کم کی جائے گی، بھیڑ بھاڑ سے وائرس کے پھیلنے کا امکان بے حد محدود ہوجائے گا۔

    خیال رہے کہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے ہفتے کو صدارتی فرمان جاری کر کے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیم معطل کردی تھی جس پر عمل درآمد 15 مارچ سے شروع کر دیا گیا ہے۔

    مصری صدر نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 100 ارب مصری پونڈ مختص کیے ہیں۔

    مصری وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ملک میں کھانے پینے کی اشیا وافر مقدار میں موجود ہیں جو کئی مہینے کے لیے کافی ہوں گی۔ عوام پریشان نہ ہوں اور حد سے زیادہ سامان خریدنے سے گریز کیا جائے۔

    انہوں نے تاجرو ں کو بھی وارننگ دی ہے کہ وہ صورتحال سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کریں، تاجروں کی اجارہ داری کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائے گا اور بحران کے بہانے اشیا کے نرخ بڑھانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

    یاد رہے کہ مصر میں اب تک کرونا وائرس کے 196 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 6 افراد وائرس کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔

  • کرونا وائرس: مزار قائد عوام کے لیے بند

    کرونا وائرس: مزار قائد عوام کے لیے بند

    کراچی: کرونا وائرس کے سبب مزار قائد اور باغ قائد اعظم کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مزار قائد انتظامیہ نے کرونا وائرس کے باعث مزار قائد اور باغ قائد اعظم کو عوام کے لیے بند کر دیا، مزار قائد شہریوں کیلئے تاحکم ثانی بند رہے گا، باغ جناح میں کسی قسم کا اجتماع ، کھیل کی سرگرمیاں نہیں ہوسکتیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے کیسز بڑھیں گے ہم سب کو معلوم ہے۔

    کرونا وائرس کے کیسز بڑھیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ نے خدشہ ظاہرکردیا

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں 27 اور سکھر میں اس وقت تک کروناوائرس کے 61 کیس ہوگئے، سندھ میں کروناوائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 88 جبکہ ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 114ہوگئی۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ میری ذاتی رائے ہے چائے خانے اور ریسٹورنٹس بند ہونے چاہئیں، لوگ بلا وجہ باہر نہ نکلیں، زیادہ سے زیادہ گھروں میں رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ افواہیں پھیلانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔

    کروناوائرس: کراچی کی3 بڑی تفریحی گاہیں بند کرنے کا اعلان

    اس سے قبل 14 مارچ کو کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) نے کرونا وائرس کے باعث کراچی کی 3 بڑی تفریحی گاہیں بند کر نے کا اعلان کیا تھا۔ چڑیاگھر، لانڈھی زو، سفاری پارک کو عوام کے لیے بندکر دیا گیا۔