Tag: بندرگاہ

  • سعودی بندرگاہ کے لیے عالمی ایوارڈز

    سعودی بندرگاہ کے لیے عالمی ایوارڈز

    ریاض: سعودی عرب کی جدہ اسلامی بندرگاہ نے گرین شپنگ سمٹ کے دوران 2 ایوارڈز حاصل کرلیے جو اس کی کامیابیوں کا ثبوت ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی جدہ اسلامی بندرگاہ نے روٹرڈیم گرین شپنگ سمٹ کے دوران 2 ایوارڈز حاصل کر لیے ہیں، اسے ایک ایوارڈ 2022 میں بہترین بندرگاہ کے لیے، جبکہ دوسرا ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے لیے فراہم کیا گیا ہے۔

    اپنی نوعیت کی یہ ساتویں کانفرنس انٹرنیشنل گرین شپنگ سمٹ ایوارڈز تقریب تھی، جو 15 اور 16 فروری کو ڈچ شہر روٹرڈیم میں منعقد ہوئی۔

    یہ کامیابی جدہ اسلامی پورٹ کے ذریعے دیکھی جانے والی معیاری تبدیلی اور ان پیش رفتوں کی تصدیق کرتی ہے جس نے آپریشنل کارکردگی کی شرح میں اضافہ، بحری شعبے کو مضبوط بنانے اور تجارتی ٹریفک میں اضافہ اور پیشرفت کو یقینی بنانے کے لیے کامیابیوں کا ثبوت پیش کیا ہے۔

    جدہ اسلامی پورٹ نے پائیداری، صاف توانائی اور میری ٹائم شپنگ کے شعبوں میں ماحول دوست سمندری صنعت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز اور اختراعی حل استعمال کرنے کے اقدامات سے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔

    بندرگاہ جنوبی اور شمالی کنٹینر ٹرمینلز کو چلانے والے اسٹریٹجک پارٹنرز کے ذریعے کنٹینر ہینڈلنگ کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز، بین الاقوامی وضاحتوں اور ریموٹ آپریٹنگ سسٹمز پر ڈیزائن کردہ 12 جدید اور ماحول دوست کرینیں حاصل کرکے اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو مسلسل بڑھا رہی ہے۔

  • امریکی بحری افواج کے عہدے داروں کا کراچی بندرگاہ کا دورہ

    امریکی بحری افواج کے عہدے داروں کا کراچی بندرگاہ کا دورہ

    کراچی: امریکی بحری افواج کے عہدے داروں نے سمندری جہازوں کے ہمراہ کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا، اس موقع پر پاکستان کے ساتھ پائیدار تعلقات استوار کرنے کا اعادہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور پاکستان کی بحری افواج کی جانب سے مشترکہ سمندری مشقوں کے سلسلے میں امریکی کوسٹ گارڈ کے 2 بحری جہاز کراچی پہنچے، جو شیڈول کے مطابق کراچی بندرگاہ پر 6 تا 13 اکتوبرتک موجود رہیں گے۔

    امریکی کوسٹ گارڈ کے کپتان اور کموڈور برائے پیٹرول فورس ساؤتھ ویسٹ ایشیا ایرک ہیلگن کی قیادت میں یو ایس سی جی سی کے فاسٹ رسپانس کٹرس چارلس مولتھروپ (ڈبلیو پی سی 1141) اور یو ایس سی جی سی ایملین ٹنل (ڈبلیو پی سی 1145) کی جانب سے سمندری مشقوں کا دورہ کیا گیا۔

    مشقیں امریکا اور پاکستان کی بحری افواج کے درمیان فنی مہارتوں کے تبادلے اور مشترکہ سمندری مشقوں کا ایک اہم حصہ ہیں۔

    اس موقع پر امریکی کوسٹ گارڈ کے کپتان ایرک ہیلگن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے ہم پرجوش ہیں اور یہاں آنا ہماری لیے باعث خوشی ہے، ہم ایک انتہائی متحرک خطے میں باہمی تعلقات استوار کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

    ایرک ہیلگن نے مزید کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان مستحکم و پائیدار تعلقات قائم ہیں، گزشتہ سالوں میں امریکی سمندری جہازوں کی جانب سے پاکستان کے دورے اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ عملے کی سطح پر تبادلہ اور مشترکہ سمندری مشقوں کا مقصد باہمی ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔

    بعد ازاں امریکی وفد نے مزار قائد پر حاضری دی اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کیا امریکی کوسٹ گارڈ کے کپتان ایرک ہیلگن نے مزار پر پھول رکھے اور مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات بھی درج کیے۔

    انہوں نے پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان اور قائد اعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ فاطمہ جناح کے مزار کا بھی دورہ کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

  • حوثی باغیوں کا سعودی آئل ٹینکر پر حملہ ناکام

    حوثی باغیوں کا سعودی آئل ٹینکر پر حملہ ناکام

    ریاض: سعودی عرب کے اتحادی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی آئل ٹینکر پر حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یمن کی مرکزی بندرگاہ الحدیدہ کے بحر احمر میں سعودی عرب کے آئل ٹینکر پر حوثی باغیوں نے حملہ کیا جسے عرب اتحاد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق ایران نواز حوثی باغیوں نے ایک بار پھر سعودی عرب کے آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے عرب اتحادی افواج نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا جبکہ حملے میں آئل ٹینکر کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ سعودی اتحاد نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ آیا حوثی باغیوں کا حملہ کس طرح ناکام بنایا، تاہم کامیاب کارروائی کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔


    سعودی اتحادی افواج کا یمن میں آپریشن فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوگیا


    اتحادی افواج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تجارت کے لیے استعمال ہونے والا بحر احمر پر اس حملے کے بعد مزید ایسی کارروائیوں کا خطرہ ہے جس کے لیے بھرپور حکمت عملی تیار ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی اتحادی افواج اور یمن کی سرکاری فوج کی جانب سے یمنی بندر گاہ الحدیدہ پر گذشتہ ماہ سے ایک بڑا آپریشن جاری ہے جس کا مقصد حوثی باغیوں کو بندرگاہی شہر سے خالی کرانا ہے۔

    واضح رہے کہ یمن میں سعودی عرب کے اتحادی افواج کی جانب سے جاری آپریشن میں اب تک 145 حوثی باغی ہلاک جبکہ متعدد گرفتار ہوچکے ہیں، ہلاک حوثی باغیوں کی لاشیں مقامی اسپتال کے سرد خانے میں موجود ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔