Tag: بندر

  • چڑیا گھر میں بندر کے سگریٹ پینے کی ویڈیو پر ہنگامہ

    چڑیا گھر میں بندر کے سگریٹ پینے کی ویڈیو پر ہنگامہ

    ویتنام میں ایک چڑیا گھر میں بندر کے سگریٹ پینے کی ویڈیو نے لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی، لوگوں نے چڑیا گھر انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل یہ ویڈیو ویتنام کے شہر ہو شی می کے ایک چڑیا گھر کی ہے، ویڈیو میں نایاب نسل کا بندر جسے اورنگٹن کہا جاتا ہے، سگریٹ نوشی کر رہا ہے۔

    بندر نہایت اطمینان سے بالکل انسانوں کے انداز میں سگریٹ کے کش لگاتا اور دھواں چھوڑتا دکھائی دے رہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس ویڈیو نے لوگوں کو غم و غصے میں مبتلا کردیا۔

    ایک شخص کا کہنا تھا کہ ایک تو اس مظلوم جانور کو قید کر کے رکھا گیا ہے، پھر اب وہ انسانوں کو دیکھ دیکھ کر ان جیسی عادات اپنا رہا ہے۔ یہ ویڈیو قطعاً مزاحیہ نہیں بلکہ ہماری بے حسی کا ثبوت ہے کہ کس طرح ہم ذہین جانوروں سے غیر انسانی سلوک کر رہے ہیں۔

    اکثر افراد نے مطالبہ کیا کہ چڑیا گھر قید خانے ہیں اور انہیں بند کردیا جائے اور جانوروں کو آزاد کردیا جائے۔

  • الیکشن کے دوران لنگوروں کو اہم ڈیوٹی سونپ دی گئی

    الیکشن کے دوران لنگوروں کو اہم ڈیوٹی سونپ دی گئی

    پیلی بھیت: بھارتی ریاست اترپردیش میں پیلی بھیت کے علاقے میں الیکشن کمیشن نے بندروں کی تباہ کاری سے تنگ آ کر لنگوروں کو اہم ڈیوٹی سونپ دی۔

    تفصیلات کے مطابق بندروں سے پریشان یوپی الیکشن کمیشن نے ای وی ایم اور دیگر سامان کی حفاظت کے لیے پولنگ اسٹیشن پر لنگور تعینات کر دیے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق پیلی بھیت میں الیکشن کمیشن کے حکام بندروں کی دہشت سے پریشان ہیں، جس پر انھیں بندروں کے خلاف لنگوروں کو میدان میں اتارنا پڑا ہے۔

    پیلی بھیت میں 23 فروری کو پولنگ ہونے جا رہی ہے جس کے لیے پولنگ میں استعمال ہونے والی الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور دیگر آلات پہنچائے گئے ہیں لیکن وہاں بندروں کا ہر طرف بول بالا ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹنگ مشینوں اور دیگر آلات کی نگرانی کے لیے 50 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے، لیکن بندروں نے انھیں توڑ ڈالا، پولیس اور فارسٹ ورکرز کا سہارا لیا گیا، جگہ جگہ پنجرے بھی رکھے گئے لیکن بندروں نے پنجرے بھی توڑ ڈالے، جس پر بندروں کے خلاف لنگوروں کو حفاظت پر مامور کر دیا گیا ہے۔

  • اسمارٹ فون میں ساتھیوں کو قید دیکھ کر بندر پریشان

    اسمارٹ فون میں ساتھیوں کو قید دیکھ کر بندر پریشان

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں چند بندر، اسمارٹ فون پر ساتھی بندروں کی ایک ویڈیو دیکھ کر حیران و پریشان ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پوسٹ کی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص اسمارٹ فون پکڑے دو بندروں کو ایک ویڈیو دکھا رہا ہے۔

    ویڈیو میں چند سیاہ رنگ کے بندر موجود ہیں۔

    ویڈیو دیکھنے والے بندر حیران و پریشان ہیں، اس دوران ایک تیسرا بندر بھی ان کے ساتھ شامل ہو کر ویڈیو دیکھنے لگتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by SACHIN AWASTHI (@helicopter_yatra_)

    بندر موبائل کو بار بار چھو کر یہ سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ان کے ساتھی اس ڈبے کے اندر کیسے چلے گئے۔

    سوشل میڈیا پر بندروں کی پریشانی کی یہ ویڈیو وائرل ہوگئی، اور لوگوں نے اس پر مختلف تبصرے کیے۔

  • بھارت: بندر کی وجہ سے نوجوان ہلاک، مقدمہ درج

    بھارت: بندر کی وجہ سے نوجوان ہلاک، مقدمہ درج

    نئی دہلی: بھارت میں ایک بندر ایک نوجوان کی موت کی وجہ بن گیا جس کے بعد پولیس نے مقدمہ بھی درج کرلیا، ہلاک ہونے والا شخص اپنے گھر کا واحد کفیل تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ شخص ایک گلی سے گزر رہا تھا، اسی دوران ایک عمارت کی دوسری منزل پر بندر نے پانی کی ٹنکی کا ڈھکن ہٹا دیا اور اس کے اوپر رکھی اینٹ نیچے پھینک دی۔

    یہ اینٹ گلی سے گزرنے والے اس نوجوان کے سر پر گری جس کی وجہ سے فوری طور پر اس کی موت واقع ہوگئی۔ واقعے کے بعد آس پاس موجود لوگ فوراً وہاں پہنچے اور اسے اسپتال لے گئے لیکن تب تک وہ دم توڑ چکا تھا۔

    اہل علاقہ نے پولیس کو بھی اس کی اطلاع دی، پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق مذکورہ گلی میں اوم پرکاش نامی شخص نے اپنی ٹنکی کے ڈھکن کے اوپر اینٹ رکھی تھی۔

    واقعے کے وقت ایک پیاسا بندر وہاں پہنچا اور پانی پینے کے لیے ٹنکی کا ڈھکن ہٹایا تو اینٹ نیچے سے گزرتے شخص کے سر پر جا گری اور یوں اس شخص کی موت ہوگئی۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوان کے 5 بچے ہیں اور نوجوان اپنے گھر کا واحد کفیل تھا۔

  • بندر نے پلّا اغوا کر لیا (ویڈیو)

    بندر نے پلّا اغوا کر لیا (ویڈیو)

    کوالالمپور: ملائیشیا میں ایک جنگلی بندر نے پلّے کو ‘اغوا’ کر کے لوگوں کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے ایک علاقے میں جنگلی بندر نے سارو نامی ایک پلّے کو اغوا کر کے 3 دن تک ‘یرغمال’ بنائے رکھا۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایک پلّے کو ڈرامائی طور پر بندر کے ‘قبضے’ سے بازیاب کرایا گیا ہے، پلّا سیاہ اور سفید رنگ تھا اور اس کی عمر 2 ہفتے تھی۔

    جنگلی بندر پلّے کو 16 ستمبر کو چھین کر لے گیا تھا، اور اسے بجلی کی ایک اونچی پوسٹ پر لے جا کر تین دن تک رکھا، لوگوں نے جب دیکھا کہ بندر نے پلّے کو یرغمال بنا کر رکھا ہوا ہے تو کافی سارے لوگ بجلی کے پوسٹ کے نیچے اکھٹے ہو گئے۔

    مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ کتے کا پلّا لاغر دکھائی دے رہا تھا، تاہم بندر نے اسے کوئی تکلیف یا نقصان نہیں پہنچایا، بندر نے بس ادھر ادھر جاتے ہوئے اسے پکڑے رکھا۔

    ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے بندر اسے اپنے بچے کی طرح ساتھ لگائے رکھ رہا ہے، لوگوں کے بیان کے مطابق یہ بہت عجیب برتاؤ تھا، تاہم اسے بچایا جانا ضروری تھا کیوں کہ وہ بھوک سے مر سکتا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق جب مقامی لوگ دو دن تک پلّے کو بچانے کی کوششیں کر رہے تھے تو پلّے کو لے کر بندر کبھی بجلی کی تاروں اور کبھی درختوں پر دوڑ بھاگ کرتا رہا، لوگوں نے بندر کو کھانے کی چیزیں دے کر للچایا بھی لیکن اس ترکیب نے کام نہ کیا۔

    آخر کار تیسرے دن مقامی لوگوں کو بندر کو پتھر مار کر اتنا ڈرایا کہ اس نے پلّے کو چھوڑ دیا اور وہ نیچے جھاڑیوں میں گرا اور بندر بھاگ گیا، تاہم اس آپریشن میں کوئی بھی زخمی نہ ہوا، نہ بندر اور نہ ہی پلّا۔

    مقامی لوگوں کے مطابق یہ بندر بہ ظاہر اس گینگ کا حصہ تھا جو آس پاس کے گھروں سے خوراک چوری کرتا ہے۔ پلّے کو ایک مقامی شخص اپنے ساتھ گھر لے گیا اور اسے کھلایا پلایا۔ سارو نامی اس پلّے کو ایک آوارہ کتیا سے چھینا تھا بندر نے، جسے اب ایک شخص نے اپنا پالتو بنا لیا ہے۔

  • تھائی لینڈ میں سڑک پر بندروں کے گروپس میں گینگ وار، حیرت انگیز ویڈیو سامنے آگئی

    تھائی لینڈ میں سڑک پر بندروں کے گروپس میں گینگ وار، حیرت انگیز ویڈیو سامنے آگئی

    بینکاک: تھائی لینڈ میں ایک سڑک پر سیکڑوں بندروں کے دو گروپس کے درمیان ’کھلی جنگ‘ چھڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے وسطی ریجن کے صوبے لوپبری میں ایک غیر معمولی گینگ وار دیکھی گئی، یہ جنگ بندروں کے دو گروپس کے درمیان چھڑی، جب وہ خوراک کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے۔

    آن کی آن میں سیکڑوں کی تعداد میں بندر قریبی پارک سے نکلے اور ایک ٹریفک جنکشن کے قریب سڑک پر پھیل گئے، جس کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک جام ہو گیا، چلتی گاڑیاں رک گئیں، ڈرائیور انتظار کرنے لگے کہ بندر جائیں تو وہ آگے جائیں۔

    اس غیر معمولی گینگ وار کی ویڈیو ایک کیمرے میں قید ہو گئی، جسے بعد میں فیس بک پر شیئر کیا گیا، اور اس کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بندروں کے درمیان یہ جنگ خوراک کی کمی کی وجہ سے چھڑی تھی، اور یہ واقعہ مقامی بدھ مندر کے قریب پیش آیا جو مقبول سیاحتی مقام ہے، تاہم کرونا وبا کی وجہ سے سیاحت پر پابندی ہے، اسی وجہ سے علاقے میں کوئی سیاح موجود نہیں ہے۔

    اس سے قبل سیاح جب مندر دیکھنے آتے تھے تو ان بندروں کو کھانا بھی کھلایا کرتے تھے، اب جب کہ مقامی لوگ بھی گھروں میں بند رہتے ہیں تو ان بندروں کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

    بندروں کی ویڈیو بنانے والے شخص نے فیس بک پر کہا کہ کچھ عرصے سے بندروں کے مابین اگرچہ کشتی اب عام ہو گئی ہے، تاہم اس طرح کا منظر انھوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا، ایسا لگتا تھا جیسے گینگسٹر فلم کا کوئی منظر ہو۔

    افسوس ناک امر یہ تھا کہ اس گینگ وار میں کئی بندر شدید زخمی ہو گئے تھے، اور سڑک پر ان کا خون پھیلا ہوا تھا۔

  • ذہین بندر جو 9 سال تک ریلوے میں ملازمت کرتا رہا

    ذہین بندر جو 9 سال تک ریلوے میں ملازمت کرتا رہا

    پالتو جانوروں کی اپنے مالک سے وابستگی انوکھی بات نہیں اور وہ اکثر ان کے چھوٹے موٹے کام بھی کردیا کرتے ہیں، تاہم ایک ذہین بندر ایسا بھی رہا ہے جو 9 سال تک اپنے مالک کے ساتھ ریلوے میں ملازمت کرتا رہا۔

    سنہ 1981 میں دونوں ٹانگوں سے معذور ایک شخص نے ایسا بندر دیکھا جو دو بیلوں کو چلاتا ہوا لے کر جارہا تھا، یہ شخص لکڑی کی ٹانگوں کی مدد سے چلا کرتا تھا۔

    وہ اس بندر کو دیکھ کر بہت متاثر ہوا اور اس کے پیچھے چل پڑا، بندر بیلوں کو ایک گھر تک لے گیا۔ اس شخص نے دروازہ بجایا تو بندر کا مالک باہر نکلا۔ اس نے کہا کہ اگر وہ اپنے بندر کو اس کے ہاتھ فروخت کردے تو وہ اسے منہ مانگی قیمت دے گا۔

    اس شخص کا کہنا تھا کہ وہ اپنی معذوری کی وجہ سے اس بندر کو بطور مددگار اپنے ساتھ رکھنا چاہتا ہے۔

    بندر کے مالک نے اس کی معذوری دیکھتے ہوئے اسے ایسے ہی بندر دے دیا، یہ شخص ریلوے میں ملازمت کیا کرتا تھا اور اس کا کام تھا ریل کے لیے کانٹا بدلنا۔ اس نے یہ کام بندر کو بھی سکھا دیا۔

    اگلے 9 سال تک بندر ٹرینوں کے لیے کانٹا بدلتا رہا اور اس دوران اس نے ذرا بھی غلطی نہیں کی۔

    معذور شخص کے ساتھ بطور مددگار کام کرنے والا صرف یہ ایک بندر ہی نہیں بلکہ اکثر اوقات کتے بھی نابینا یا گونگے بہرے افراد کے مددگار ہوتے ہیں۔ ایسے کتوں کے گلے میں سبز یا نیلا بیلٹ ہوتا ہے۔

    اگر آپ کو کبھی کہیں سبز یا نیلا بیلٹ پہنے کوئی کتا دکھائی دے تو یا اسے فوراً پولیس کے حوالے کریں یا پھر اس کی پیچھے چل پڑیں، کیونکہ ایسی صورت میں کتے کا معذور مالک مشکل میں ہوتا ہے اور کتا کسی کو مدد کے لیے طلب کرنے آیا ہوتا ہے۔

  • سبزی فروخت کرنے والے بندر کی ویڈیو وائرل

    سبزی فروخت کرنے والے بندر کی ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: بھارت میں بندروں کی بہتات کی وجہ سے ان کے مختلف واقعات سامنے آتے رہتے ہیں، کچھ ناخوشگوار واقعات بھی ہوتے ہیں جبکہ کچھ ہنسا دینے والے بھی ہوتے ہیں۔

    ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہورہی ہے جس میں ایک بندر سبزیاں فروخت کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بندر سبزی کی دکان پر بہت سی سبزیوں میں گھرا ہوا بیٹھا ہے۔ بندر ایسے بیٹھا دکھائی دے رہا ہے جیسے وہ یہ سبزیاں فروخت کر رہا ہے۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہوئی اور لوگ اس سے بہت لطف اندوز ہوئے، لوگوں نے ویڈیو پر مختلف تبصرے بھی کیے۔

  • بندر نے چیتے کو سبق سکھا دیا (ویڈیو وائرل)

    بندر نے چیتے کو سبق سکھا دیا (ویڈیو وائرل)

    چیتا پھرتی سے اپنے شکار کو دبوچنے کے لیے مشہور ہے، لیکن ایک بندر کو درخت پر چڑھ کر شکار کرنے کا خیال بلاشبہ اس کے لیے مہنگا ثابت ہو سکتا ہے۔

    ایسا ہی ایک واقعہ ایک چیتے کے ساتھ پیش آیا، جس کی مختصر ویڈیو نے سوشل میڈیا پر صارفین کو بڑی تعداد میں اپنی طرف متوجہ کیا، اور جس نے بھی اسے دیکھا، چیتے کے انجام پر مسکرا کر رہ گئے۔

    یہ ویڈیو بھارتی فاریسٹ افسر پراوین انگوسامی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کی ہے، جس میں ٹائیگر ایک درخت پر چڑھا ہوا ہے کہ اور نہایت احتیاط کے ساتھ بندر کو شکار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    تیس سیکنڈ کی اس ویڈیو میں درخت پر چیتا دھیرے سے ایک بندر کی طرف بڑھتا دکھائی دیتا ہے، بندر اس سے بس ذرا سے فاصلے پر ایک پتلی شاخ سے لٹک رہا ہے، اور معصومیت سے چیتے کی طرف دیکھ رہا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چیتا خود کو پرسکون رکھنے کی کوشش کر رہا ہے اور احتیاط سے قدم اٹھاتا ہے، اور لپک کر بندر کو دبوچنے کے لیے بالکل تیار ہے، لیکن پھر بندر نے خطرے کے موقع پر اپنی فطری جسمانی چابک دستی کا مظاہرہ دکھا دیا۔

    بندر نے ٹائیگر نے حملے سے قبل ایک اور شاخ پر چھلانگ لگا دی، اور نتیجے میں چیتا کمزور شاخوں پر اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور دھم سے زمین پر جا گرا، زمین پر گرنے کے بعد چیتے نے اوپر دیکھتے ہوئے ہلکی سی غراہٹ نکالی، جو اس کی ناکامی کا اظہار معلوم ہوتا ہے۔

    جب سے یہ ویڈیو شیئر ہوئی، ٹوئٹر پر اسے 15 ہزار کے قریب لوگوں نے دیکھا، اسے فیس بک اور انسٹاگرام پر بھی صارفین نے بڑی تعداد میں شیئر کیا۔

  • چڑیا گھر سے درجنوں بندر فرار

    چڑیا گھر سے درجنوں بندر فرار

    جرمنی کے ایک چڑیا گھر سے درجنوں بندر فرار ہوگئے جس کے بعد پولیس نے عوام سے ان کے بارے میں اطلاع دینے کی اپیل کردی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جرمنی کے قصبے لوفنگن کے چڑیا گھر سے 20 سے 25 بندروں کے فرار ہونے کی اطلاع ملی ہے، انتظامیہ کے مطابق تمام بندر بربری مکاؤ نسل کے ہیں۔

    انتظامیہ کی اب تک کی انہیں ڈھونڈنے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر میں تعمیراتی کام جاری تھا ہوسکتا ہے اسی وجہ سے بندروں کو بھاگنے کا موقع ملا ہو، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق بھی کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہ بندر انسانوں کے لیے کسی قسم کا خطرہ ثابت نہیں ہوں گے اور انسانوں کو دیکھ ان سے لڑنے کے بجائے وہاں سے فرار ہونے میں اپنی عافیت سمجھیں گے۔

    تاہم یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ عوام اگر کہیں بندروں کو دیکھے تو ان کے قریب جانے سے گریز کرے اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دے۔