Tag: بندش

  • کراچی : بجلی کی طویل بندش کیخلاف شہری سراپا احتجاج

    کراچی : بجلی کی طویل بندش کیخلاف شہری سراپا احتجاج

    کراچی : شہر قائد میں غیر اعلانیہ بجلی کی طویل بندش کے سبب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا لوگوں کی بڑی تعداد کےالیکٹرک کیخلاف سڑکوں پر نکل آئی۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں آئے روز پانی اور بجلی کی بندش کے خلاف شہریوں کے احتجاج کا سلسلہ زور پکڑنے لگا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بارش کو بنیاد بنا کر نارتھ ناظم آباد کے مختلف بلاکس میں35 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی بند ہے، علاقہ مکینوں نے کےالیکٹرک کے شکایتی مرکز پر دھرنا دے دیا۔

    اس کے علاوہ گلشن اقبال ای13 میں 36گھنٹوں سے بجلی فراہمی معطل ہے عالقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کل دوپہر ایک بجے بجلی سپلائی منقطع ہوئی تھی اور تاحال بحال نہ ہوسکی۔

    سی ویو اپارٹمنٹ، گلشن اقبال بلاک 5 اور معین آباد میں بھی بجلی کی فراہمی بند ہے، بجلی کی طویل بندش پر گلستان جوہر کے مشتعل مکین بھی سڑکوں پر نکل آئے اور مظاہرہ کیا۔

    کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے مختلف بلاکس میں بھی30 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، احتجاجی مظاہرین نے سڑک ٹریفک کے لیے بند کر دی۔

    رپورٹ کے مطابق منگھوپیر کے علاقوں میں بھی 24 گھنٹے سے بجلی غائب ہے، علاقہ مکینوں نے بتایا کہ گھروں اور مساجد میں پانی ختم ہوگیا، نمازیوں کو وضو کیلئے بھی پانی دستیاب نہیں ہے۔

    علاقہ مکینوں کا مزید کہنا ہے کہ کےالیکٹرک کے شکایتی مرکز کا آن لائن سسٹم بھی بیٹھ چکاہے،
    کےالیکٹرک کے آن لائن سسٹم پر مسلسل ریکارڈنگ آرہی ہے

  • پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی سروسز دوبارہ متاثر

    پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی سروسز دوبارہ متاثر

    پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی سروسز ایک بار پھر سے متاثر ہوگئی ہیں، صارفین کو اپنے اکائونٹ تک رسائی میں مشکلات ہیں۔

    تفصلات کے مطابق دنیا بھر میں معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) کی خدمات دوبارہ سے پاکستان کے طول و عرص میں متاثر ہونا شروع ہوگئی ہیں، ملک کے کئی علاقوں میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کا استعمال کرنے والے صارفین کو دشواری کا سامنا ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر ایک ہی دن میں تیسرا بڑا سائبر حملہ

    دو ماہ قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سندھ ہائی کورٹ میں جواب جمع کروایا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ سیکورٹی خدشات کی بنا پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کی گئی تھی۔

    سندھ ہائیکورٹ میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپ ایکس کی بندش کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی تھی، جس میں عدالتی حکم کے بعد پی ٹی اے نے جواب جمع کروایا تھا۔

    چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے تھت کہ ملک اس طرح کی بندش کرکے نہیں چلتا کہیں حالات کو سیاسی اور کہیں اور وجوہات سے کنٹرول کرکے چلایا جا سکتا ہے، انٹرنیٹ بند کرنے کی وجوہات بتانے کے بجائے ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/pta-submits-reply-on-social-media-platform-x-shutdown/

  • پی ایس ایل 10: میٹرو بس سروس کی بندش سے متعلق اہم خبر

    پی ایس ایل 10: میٹرو بس سروس کی بندش سے متعلق اہم خبر

    پی ایس ایل 10 کا آج سے آغاز ہو رہا ہے لیگ کے دوران پنڈی شہر میں میٹرو بس سروس کب کب بند رہے گی اس حوالے سے اعلان کر دیا گیا ہے۔

    دنیا کی مقبول ترین لیگ میں سے ایک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کا رنگا رنگ افتتاح اور پہلا میچ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

    پی ایس ایل میچوں کے درمیان پنڈی میں چلنے والے میٹرو بس سروس کن اوقات میں بند رہے گی۔ اس حوالے سے انتظامیہ نے اعلان کر دیا ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق پی ایس ایل میچز میں ٹیموں کی آمدورفت کے دوران میٹرو بس سروس بند رہے گی۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ میٹرو بس سروس صدر سے پاک سیکریٹریٹ تک ٹیم کی آمدورفت کے دوران بند رہےگی۔ اس بندش کی وجہ سے فیض آباد، ختم نبوت چوک، رحمان آباد اسٹیشن بند رہیں گے۔

    PSL 10- پی ایس ایل  کی تمام خبریں

    واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کی افتتاحی تقریب کے بعد پہلا میچ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کے مابین کھیلا جائے گا۔

    6 ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں 11 اپریل سے 18 مئی تک 34 میچز کھیلے جائیں گے۔
    لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 13 میچز کی میزبانی کرے گا جن میں 2 ایلیمنیٹر اور فائنل بھی شامل ہے۔

    راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 11 میچز کھیلے جائیں گے جس میں 13 مئی کو ہونے والا پہلا کوالیفائر بھی شامل ہیں جبکہ کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم 5، پانچ میچوں کی میزبانی کریں گے۔

    بابر اعظم، شاداب خان، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی بالترتیب پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی قیادت جاری رکھیں گے، جب کہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بالترتیب ڈیوڈ وارنر اور سعود شکیل کے ساتھ نئے کپتان ہوں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/psl-10-security-plan-ready-for-karachi-matchs/

  • ٹک ٹاک کس ملک میں بند ہونے جارہی ہے؟

    ٹک ٹاک کس ملک میں بند ہونے جارہی ہے؟

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی مقبول ایپ ٹک ٹاک کس ملک میں بند ہونے جارہی ہے، اس سلسلے میں ٹک ٹک حکام نے بڑا فیصلہ کرلیا۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹک ٹاک اتوار سے امریکی صارفین کے لیے اپنی ایپ کو بند کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جبکہ یہ بھی خبریں ہیں کہ سوشل میڈیا ایپ پر وفاق کی جانب سے پابندی لاگو ہو سکتی ہے، تاہم اگر سپریم کورٹ بلاک کرنے کے لیے اقدام کے خلاف ایکشن لے تو پھر اس کے امکانات کم ہیں۔

    اگر ٹک ٹاک پر پابندی لگائی جاتی ہے قانون کے تحت ایپل یا گوگل ایپ اسٹورز پر صرف ٹِک ٹاک کے نئے ڈاؤن لوڈز پر پابندی عائد ہوگی، جبکہ موجودہ صارفین کچھ عرصے تک اسکا استعمال جاری رکھ سکتے ہیں۔

    ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ ٹک ٹاک کے منصوبے کے تحت، جو لوگ ایپ کو کھولیں گے انھیں ایک پاپ-اپ پیغام نظر آئے گا جس میں انہیں پابندی کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ ٹک ٹاک صارفین کو اپنا تمام ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرنے کا اختیار دینے کا بھی ارادہ رکھتا ہے تاکہ وہ اپنا ذاتی ریکارڈ حاسل کرسکیں۔

    ٹک ٹاک اور اس کے چینی مالکان بائٹ ڈانس نے فوری طور پر اس پابندی کی خبروں پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

    امریکی صدر جو بائیڈن نے گزشتہ سال اپریل میں ایک قانون پر دستخط کیے تھے جس کے تحت بائٹڈنس کو 19 جنوری 2025 تک اپنے امریکی اثاثے فروخت کرنے یا ملک گیر پابندی کا سامنا کرنے کا کہا گیا تھا۔

  • سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش سے متعلق اہم دستاویز سامنے آگئیں

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش سے متعلق اہم دستاویز سامنے آگئیں

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش کیس کے حوالے سے پی ٹی اے کی جمع کرائی گئی دستاویز سامنے آگئیں۔

    پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویز کے مطابق یکم جنوری سے 9 اپریل کے دوران ایکس انتظامیہ نے 20 شکایات مسترد کیں، اس کے علاوہ ایکس انتظامیہ نے متنازعہ ٹوئٹس ہٹانے کی استدعا مسترد کی۔

    ایکس انتظامیہ نے جعلی اکاؤنٹس ختم کرنے سے انکار کیا، ایکس انتظامیہ نے جواب میں کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔

    پی ٹی اے کی دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ ایکس انتظامیہ نے کہا اگر اکاؤنٹس سے متعلق مزید معلومات ہیں تو فراہم کریں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ میں سوشل میڈیاپلیٹ فارم ایکس کی بندش کےخلاف سماعت ہوئی تھی، چیف جسٹس نے وکیل پی ٹی اے سے استفسار کیا تھا کہ آپ کو ٹوئٹر سے پابندی ہٹانے کا بیان دینے کی کس نےہدایت کی؟

    وکیل پی ٹی اے نے بتایا کہ حلف نامہ جمع کروایا ہے، غلط فہمی کی بنیاد پر ہدایات جاری ہوئیں، اس پر عدالت نے سوال کیا کہ کیا غلط فہمی تھی؟

    وکیل پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ غلطی کاجیسے ہی علم ہوا فوری درخواست جمع کرائی، عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا ایکس کی بندش کےنوٹیفکیشن پرآپ خاموش کیوں رہے؟

    وکیل نے بتایا کہ ہم صرف ایکس کی بحالی کے لیےآئے ہیں تو عدالت کا کہنا تھا کہ آپ سمجھتےہیں نوٹیفکیشن چیلنج کیے بغیر دلائل دے سکتے ہیں؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ ایکس کی بندش کا نوٹیفکیشن جان بوجھ کر چھپایا گیا۔

  • بندش کی شوٹنگ کے دوران ڈر کر کانپنے لگ جاتی تھی، ارسلا صدیقی

    بندش کی شوٹنگ کے دوران ڈر کر کانپنے لگ جاتی تھی، ارسلا صدیقی

    اداکارہ ارسلا صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ ڈرامہ سیریل بندش کی شوٹنگ کے دوران ڈر کر کانپنے لگ جاتی تھی۔

    اے آر وائی زندگی کے پروگرام ’دی نائٹ شو ود ایاز سموں‘ میں اداکارہ ارسلا صدیقی نے شرکت کی اور پروگرام کے سیگمنٹ ’پردہ اٹھا دیں‘ میں مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

    میزبان نے پوچھا کہ کیا ارسلا نے جب بندش ڈرامہ کیا تو انہیں ڈر لگتا تھا اور طبیعت خراب ہوجاتی تھی؟

    اداکارہ نے بتایا کہ اس کی پوری کہانی ہے جب ہم بندش کی شوٹنگ کررہے تھے تو سیٹ پر 70 فیصد چیزیں اصلی تھیں۔

    ارسلا صدیقی نے کہا کہ ایسے کردار کے لیے اس طرح کا سیٹ اچھا بھی رہتا ہے لیکن اگربتی کے دھوئیں میں ہم شوٹنگ کررہے تھے دیگر چیزیں بھی بکھری ہوئی تھیں مغرب کا وقت تھا کیمرہ بند کروایا گیا تھا اور شوٹنگ کچھ دیر کے لیے روک دی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ایکدم سے میری طبیعت خراب ہونا شروع ہوگئی اور میری حالت غیر ہوگئی تھی، گھر پر کال کی گئی، ڈاکٹر کو دکھایا گیا تو انہوں نے کہا کہ کچھ بھی نہیں ہوا یہ بالکل ٹھیک ہیں لیکن اگلے ہی روز جب شوٹنگ شروع ہوئی تو مغرب کے وقت میں کانپنے لگ جاتی تھی اور ڈر کر ایک کونے میں بیٹھ جاتی تھی۔

    ارسلا صدیقی نے بتایا کہ میں گھر پہنچ کر امی سے بھی ڈرنے لگ جاتی تھی، میرے والد، دین سے بہت لگاؤ رکھتے ہیں انہوں نے کسی کو بلایا پڑھائی کی گئی، صدقہ دیا، مجھے ٹھیک ہونے میں 15 سے 20 دن لگے تھے شوٹنگ پر نہیں جاپاتی تھی۔

    اداکارہ نے بتایا کہ جنہوں نے پڑھائی کی تھی انہوں نے بتایا کہ شوٹنگ والے گھر سے ہی کوئی چیز مجھ پر حاوی ہوگئی تھی، اس بات کو گزرے تین سال ہوگئے ہیں اور اب میں بالکل ٹھیک ہوں۔

  • کابل میں سفارتخانے کی بندش کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا: دفتر خارجہ

    کابل میں سفارتخانے کی بندش کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغان طالبان کے داخلے کے پیش نظر دفتر خارجہ پاکستان کا کہنا ہے کہ ابھی کابل میں سفارتخانہ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، پاکستان کا ہمیشہ مؤقف رہا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ کابل میں پاکستان کا سفارتخانہ فعال ہے، افغانستان کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کابل میں سفارتی عملے کی سیکیورٹی کے لیے تمام اقدامات کیے ہیں، ابھی کابل میں سفارتخانہ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تمام پاکستانیوں کو ممکنہ مدد فراہم کی جارہی ہے، افغانستان میں صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے، پاکستان کا ہمیشہ مؤقف رہا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔

    دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے چاہتا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال خراب نہ ہو، پاکستان کی کوشش ہے کہ سفارتخانہ بند نہ کرے۔

    خیال رہے کہ افغان طالبان کچھ دیر قبل افغانستان کے دارالحکومت کابل میں داخل ہوچکے ہیں۔ افغان وزارت داخلہ نے افغان طالبان کے کابل میں داخلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغان دارالحکومت میں افغان فورسز اور طالبان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

    افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ کابل کے راستے پرامن طریقے سے داخل ہونے کا ارادہ ہے، کابل میں طاقت کے زور پر داخل نہیں ہوں گے۔

    ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق کابل میں داخلے سے قبل افغان حکومت سے مذاکرات جاری ہیں تاکہ محفوظ طریقے سے حکومت کی منتقلی ہو۔

  • والٹن ایئرپورٹ کی بندش: فخر عالم بھی میدان میں آگئے

    والٹن ایئرپورٹ کی بندش: فخر عالم بھی میدان میں آگئے

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار و اداکار فخر عالم نے والٹن ایئرپورٹ کو ثقافتی ورثہ قرار دینے کا مطالبہ کرلیا۔

    گلوکار فخر عالم نے لاہور کے تاریخی والٹن ایئرپورٹ کو شفٹ کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ والٹن ہوائی اڈا ثقافتی اعتبار سے پوری دنیا میں مشہور ہے۔

    گلوکار نے کہا کہ ایئرپورٹ کی جگہ کاروباری ڈسٹرکٹ بنایا جائے لیکن ٹرمینل کو محفوظ کیا جائے اور اسے ثقافتی ورثہ قرار دیا جائے۔

    خیال رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے 25 مئی کو حکم جاری کیا تھا جس کے مطابق 26 مئی سے لاہور کے تاریخی والٹن ایئرپورٹ کو بند کردیا گیا تھا۔

    لاہور کا تاریخی والٹن ایئرپورٹ ہمیشہ کے لیے بند کردیا گیا

    سی اے اے کا حکم نامہ جاری ہونے کے بعد ایئرپورٹ منیجر نے فلائنگ کلبز کو تمام طیارے گراؤنڈ کرنے کی ہدایت کی تھی جب کہ  تربیتی پروازیں عارضی طور پر علامہ اقبال ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا تھا۔

  • اسموگ میں کمی: پنجاب میں اینٹوں کے بھٹوں کی بندش شروع

    اسموگ میں کمی: پنجاب میں اینٹوں کے بھٹوں کی بندش شروع

    لاہور: صوبہ پنجاب میں اسموگ میں کمی کے اقدامات کے تحت مختلف مقامات پر اینٹوں کے بھٹے بند کرنے شروع کر دیے گئے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بندش کی خلاف ورزی کرنے والے بھٹہ مالکان کے خلاف کارروائی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہروں ملتان اور وہاڑی کے درمیان واقع قصبے ٹبہ سلطان پور میں اسموگ پر قابو پانے کے لیے آج سے 31 دسمبر تک اینٹوں کے بھٹے بند کردیے گئے۔

    ٹبہ سلطان پور کے مختلف علاقوں میں بند کیے جانے والے بھٹوں کی تعداد 100 سے زائد ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بندش کی خلاف ورزی کرنے والے بھٹہ مالکان کے خلاف کارروائی ہوگئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دو برسوں سے زہریلی دھند یعنی اسموگ کا مسئلہ نہایت شدت اختیار کرگیا ہے، اسموگ موسم سرما میں صوبہ پنجاب کو خاص طور پر متاثر کر رہی ہے۔

    اسموگ کی وجہ سے سانس لینا دو بھر ہوجاتا ہے جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد سانس کی بیماری سمیت مختلف طبی امراض میں مبتلا ہوجاتی ہے۔

    اسموگ کی بڑی وجہ پنجاب میں اینٹوں کے بھٹے اور فصلوں کی باقیات کو جلانا قرار دیا گیا تھا جس کے باعث گزشتہ برس صوبے بھر میں قائم اینٹوں کے بھٹوں کو عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا۔

    رواں برس بھی پنجاب میں اکتوبر سے دسمبر تک اینٹوں کے بھٹے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہر میں اسموگ کی آمد سے قبل اداروں کی مشترکہ ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    چیئرمین جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمینٹل کمیشن جسٹس (ر) علی اکبر قریشی کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی میں اضافہ کرنے والی گاڑیوں کے چالان یقینی بنائے جائیں اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے اجرا تک انہیں بند رکھا جائے۔

  • کاروباری مراکز کی بندش سے مزدوروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سعید غنی

    کاروباری مراکز کی بندش سے مزدوروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سعید غنی

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ کاروباری مراکز کی بندش سے مزدوروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم ومحنت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کرونا کے باعث مارکیٹیں، کاروبار کی بندش سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والوں کو امداد کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں پاک آرمی، کور فائیو، رینجرز، پولیس کے اعلیٰ افسران، ایدھی، چھیپا، سیلانی، عالمگیر ویلفیئر کے عہدیدار ان نے بھی شرکت کی۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کو معاشی مشکل نہ ہونے دی جائے،کاروباری مراکز کی بندش سے مزدوروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے مزدوروں کے حوالے سے ایک کمیٹی فوری تشکیل دی ہے، 24 سے 48گھنٹے میں روزانہ اجرت والوں کی امداد کا کام شروع کردیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مل کر اس وبا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔

    کرونا کا وار، پاکستان میں 2 اموات کی تصدیق، متاثرہ افراد کی تعداد 292 تک پہنچ گئی

    واضح رہے کہ پاکستان بھر میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد اضافے کے بعد 326 تک پہنچ گئی۔ معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کرونا وائرس سے دو پاکستانیوں کی اموات کی تصدیق کر دی۔