Tag: بندوق

  • 2 سالہ بچے کا بندوق سے کھیل، والد کو گولی مار دی

    2 سالہ بچے کا بندوق سے کھیل، والد کو گولی مار دی

    امریکا میں ایک 2 سالہ بچے نے بندوق سے کھیلتے ہوئے اپنے والد کو گولی مار دی، پولیس نے والدہ کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست فلوریڈا میں 2 سالہ بچے نے غلطی سے اپنے والد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، بچے کے والدین نے بندوق محفوظ جگہ پر رکھنے کے بجائے لاپرواہی سے گھر میں رکھی ہوئی تھی۔

    26 مئی کو جب پولیس حکام 911 پر کال موصول ہونے کے بعد آرلینڈو کے قریب واقع گھر میں داخل ہوئے تو انہوں نے دیکھا کہ بچے کی والدہ میری آیالا اپنے شوہر ریگی میبری کو سی پی آر دے رہی تھیں۔

    اورنج کاؤنٹی کے شیرف جان مینا نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ابتدائی طور پر خیال تھا کہ 26 سالہ نوجوان جو اسپتال پہنچتے ہی کچھ دیر بعد دم توڑ گیا، نے خود کو گولی مار لی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ اس کے بڑے بیٹے نے تفتیش کاروں کو بعد میں بتایا کہ اس کے دو سالہ بھائی سے غلطی سے بندوق چل گئی تھی۔

    عدالتی دستاویزات میں کہا گیا کہ بندوق ایک بیگ میں تھی جسے ریگی میبری نے زمین پر چھوڑ دیا تھا، بچہ اس بیگ کے پاس آیا اور اس نے اپنے والد کو اس وقت پیٹھ میں گولی مار دی جب وہ کمپیوٹر پر ویڈیو گیم کھیل رہے تھے۔

    شیرف نے بتایا کہ دونوں والدین بچوں کو نظرانداز کرنے اور منشیات کے استعمال کے متعدد جرائم کے بعد پے رول پر تھے۔

    جان مینا کا کہنا ہے کہ بندوق کے مالک جو اپنے آتشیں اسلحے کو صحیح طریقے سے محفوظ نہیں رکھتے، وہ اپنے گھروں میں ہونے والے ان واقعات سے صرف ایک سیکنڈ کے فاصلے پر ہیں۔

    شیرف نے مزید کہا کہ اب ان چھوٹے بچوں نے اپنے والدین کو کھو دیا ہے، ان کے والد ہلاک ہو چکے ہیں، والدہ جیل میں ہیں۔ ایک چھوٹے بچے کو اپنی زندگی اس صدمے کے ساتھ
    گزارنی ہے کہ اس نے اپنے والد کو گولی ماری۔

    امریکا میں ایسے واقعات کوئی غیر معمولی بات نہیں، اگست 2021 میں ایک اور 2 سالہ بچے کو بیگ میں ایک بندوق ملی تھی اور اس نے اپنی والدہ کے سر میں اس وقت گولی ماری جب وہ ایک ویڈیو کانفرنس میں مصروف تھیں۔

  • عمان کے سلطان کے پاس دنیا کی مہنگی ترین بندوق

    عمان کے سلطان کے پاس دنیا کی مہنگی ترین بندوق

    عمان کے سلطان قابوس کے زیر استعمال رہنے والی قدیم بندوق کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں، قدیم بندوق پر سابق عمانی سلطان قابوس کی تصویرنقش ہے۔

    عمانی سلطان قابوس بن سعید بن تیمور کی بندوق معروف سویڈش کمپنی ووفابن کی تیار کردہ ہے، کہا جارہا ہے کہ یہ دنیا کی مہنگی ترین بندوق ہے۔

    سویڈش کمپنی 1977 میں قائم کی گئی تھی جو راویتی بندوقیں بنانے میں عالمی شہرت کی حامل ہے، کمپنی کی تیارکردہ بندوقوں کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ ہاتھ سے بنائی جاتی ہیں جن میں کسی قسم کا مشینی عمل دخل نہیں ہوتا اسی لیے اس کی قیمت عام بندوقوں سے بہت زیادہ ہوتی ہے۔

    سابق عمانی سلطان قابوس کی بندوق کی قیمت کا تخمینہ اس وقت 9 لاکھ 80 ہزار ڈالر لگایا گیا ہے، بندوق پر سلطان قابوس کی تصویر نقش ہے جس کی وجہ سے اس کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔

    سویڈش کمپنی انتہائی محدود پیمانے پر بندوقیں بنانے کے آرڈر لیتی ہے، کمپنی کی خاصیت یہ ہے کہ ایک آرڈر مکمل ہونے کے بعد دوسرا آرڈر لیا جاتا ہے۔

    کمپنی کی جانب سے متعدد عالمی رہنماؤں کے لیے بندوقیں تیار کی گئی ہیں جن میں سلطان قابوس، شیخ زاید ،شیخ محمد بن زاید، شیخ محمد بن راشد، شیخ حمد بن محمد بن راشد شامل ہیں۔

    سویڈش کمپنی نے سلطان قابوس کے انتقال کے بعد اپنے انسٹاگرام پیج پر بندوق کی تصاویر اپ لوڈ کی ہیں تاہم بندوق کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کیں جس سے معلوم ہو سکے کہ بندوق کس سال بنائی گئی تھی اور اس کی قیمت کیا تھی۔

  • کھانا فراہم کرنے سے انکار پر خاتون نے ریستوران عملے پر بندوق تان لی

    کھانا فراہم کرنے سے انکار پر خاتون نے ریستوران عملے پر بندوق تان لی

    امریکا میں ایک خاتون ریستوران کے کھانا فراہم نہ کرنے پر طیش میں آگئیں اور انہوں نے عملے کو گن سے دھمکانا شروع کردیا۔

    امریکی شہر فلاڈلفیا میں پیش آنے والا یہ واقعہ سرویلنس کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا، ایک مال میں واقع ریستوران کی انتظامیہ کے مطابق عملے کی کمی کی وجہ سے وہ صرف آن لائن آرڈرز لے رہے تھے۔

    خاتون جب آرڈر دینے پہنچیں تو عملے نے ان سے معذرت کی جس پر پہلے تو وہ سیخ پا ہو کر مینیجر سے بات کرنے کا مطالبہ کرتی رہیں، اس کے بعد اچانک انہوں نے اپنے بیگ سے گن نکال لی اور عملے کو دھمکایا۔

    انتظامیہ کے مطابق گن دیکھتے ہی انہوں نے ایمرجنسی بٹن دبا دیا جس سے مال کی سیکیورٹی کو اطلاع مل گئی۔

    ایک شخص نے خاتون کا آرڈر لیا اور جلدی جلدی تیار کر کے ان کے حوالے کردیا جس کے بعد خاتون بندوق لہراتی ہوئی وہاں سے نکل گئیں۔

    پولیس نے واقعے کی فوٹیج جاری کرتے ہوئے لوگوں سے خاتون کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے۔

  • رائفل چلاتے وقت ہوشیار، ٹریگر دباتے ہی خوف ناک حادثہ (ویڈیو دیکھیں)

    رائفل چلاتے وقت ہوشیار، ٹریگر دباتے ہی خوف ناک حادثہ (ویڈیو دیکھیں)

    کینٹکی: امریکا میں رائفل چلانے والے ایک شخص کی رائفل ٹریگر دباتے ہی اس کے چہرے پر خوف ناک طریقے سے پھٹ گئی، اسکاٹ نامی شخص موت کے منہ میں جاتے جاتے بچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کینٹکی میں ایک شخص اپنی رائفل سے فائرنگ کی مشق کر رہے تھے، اس دوران ان کے والد ویڈیو بھی بنا رہے تھے، کہ اچانک ایسا حادثہ پیش آیا جس کے بارے میں انھوں نے تصور تک نہ کیا تھا۔

    ففٹی کیلیبر رائفل شوٹنگ میز پر دھری تھی، اسکاٹ نامی شخص نے جیسے ہی ٹریگر دبایا، وہ ایک دھماکے سے ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی، اور اس کے نوکیلے ٹکڑے کئی جگہ اسکاٹ کو لگے، ایک انچ لمبا ٹکڑا ان کے گلے میں جا گھسا اور شہ رگ کو زخمی کر گیا، ایک ٹکڑے نے گھس کر ان کے دائیں پھیپھڑے میں سوراخ کر دیا۔

    اسکاٹ نے اس واقعے کی ویڈیو خود شیئر کی، انھوں نے بتایا کہ اس حادثے نے تقریباً ان کی جان لے ہی لی تھی، وہ ایک پرانے فائر ہائیڈرنٹ پر مشق کر رہے تھے، سب کچھ ٹھیک جا رہا تھا، اس رائفل کو وہ ایک طویل عرصے سے استعمال کرتے آ رہے تھے، کہ اچانک یہ خود ناک حادثہ ہو گیا۔

    انھوں نے بتایا کہ یہ راؤنڈز انتہائی نایاب ہیں اور یہ بہت ہی پرانے ہیں، یہ اب کہیں تیار بھی نہیں کیے جاتے۔ ویڈیو کلپ میں وہ خوف ناک لمحہ دیکھا جا سکتا ہے جب بندوق اچانک دھماکے سے پھٹ گئی اور کرسی پر بیٹھے اسکاٹ کو زبردست دھکا لگا، بندوق کے ٹکڑے مختلف اطراف میں اڑے۔

    دھماکا اسکاٹ کے عین چہرے پر ہوا تھا، جس سے چہرے کی آربیٹل ہڈی میں تین جگہ فریکچر آ گیا، ناک کی ہڈی بھی ٹوٹی۔

    انھوں نے بتایا کہ جیسے ہی میں نے ٹریگر دبایا، رائفل فوراً ہی پھٹ گئی، تو جو چیز سب سے پہلے گئی وہ یہ ٹوپی تھی جو مضبوط اسٹیل سے بنی ہے اور بہت بھاری ہے۔

    انھوں نے مزید کہا مجھے گلے پر لگی تھی، لیکن میں پھر نہیں جان سکا کہ کیا ہوا، کیوں کہ دھماکے کے ساتھ ہی میں اندھا ہو گیا تھا، میرے والد وہاں موجود تھے اور ویڈیو بنا رہے تھے اس لیے میں بچ گیا۔

  • ثنا جاوید نے ہتھیار چلانا سیکھ لیے

    ثنا جاوید نے ہتھیار چلانا سیکھ لیے

    اسلام آباد: معروف پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید نے ہتھیار چلانا سیکھ لیے، انہوں نے اپنے شوہر عمیر جسوال کے ساتھ فائرنگ رینج کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ثنا نے اپنی نئی تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کیں جن میں وہ بندوق چلا رہی ہیں۔

    ثنا نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ زندگی میں پہلی بار میں نے بندوق چلائی ہے، میرے شوہر نے مجھے ہتھیاروں اور سیلف ڈیفنس سے متعارف کروایا۔

    انہوں نے لکھا کہ میں خوفزدہ تھی لیکن میں یہ سیکھنا چاہتی تھی۔ انہوں نے اپنے شوہر عمیر جسوال کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    خیال رہے کہ ثنا جاوید اور عمیر جسوال کچھ عرصہ قبل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور ان کی شادی نے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔

  • ٹرمپ کو ’گولی مارنے‘ پر بھارتی استاد معطل

    ٹرمپ کو ’گولی مارنے‘ پر بھارتی استاد معطل

    واشنگٹن: امریکا میں ایک بھارتی استانی کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر پر فائرنگ کرنے کے جرم میں اسکول سے برطرف کردیا گیا۔

    یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکی ریاست ٹیکسس کے ایک اسکول میں اپنی خدمات سر انجام دینے والی بھارتی ٹیچر پائل مودی نے اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی۔

    ویڈیو میں ایک بڑی اسکرین پر ڈونلڈ ٹرمپ کی ویڈیو نشر ہورہی ہے اور خاتون ٹرمپ پر واٹر گن سے پچکاریاں مار رہی ہیں۔

    خاتون نہایت غصہ میں دکھائی دے رہی ہیں اور اس دوران وہ ’مر جاؤ‘ چیختی ہوئی بھی نظر آرہی ہیں۔

    اس ویڈیو کے جاری ہوتے ہی متضاد آرا سامنے آگئیں۔ کسی نے اسے متنازعہ خیال کرتے ہوئے ٹیچر کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا، جبکہ کئی لوگوں نے اسے صرف مذاق قرار دیا۔

    ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی اسکول انتظامیہ نے ٹیچر کو معطل کر کے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

    دوسری جانب مذکورہ ٹیچر نے بھی اپنی اس ویڈیو کو انسٹا گرام سے ڈیلیٹ کر کے اپنے اکاؤنٹ کو پرائیوٹ یعنی خفیہ کردیا ہے۔