Tag: بنوں

  • بنوں میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق

    بنوں میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر بنوں میں موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد کے دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بنوں میں تھانہ بکا خیل کی حدود میں موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی کارکن جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ دونوں لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بنوں میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کردیا تھا۔

    اہلکاروں نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپا کیا، رات گئے کیے گئے دہشت گرد حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

  • بنوں  پولیس نے چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا

    بنوں پولیس نے چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا

    بنوں : صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا گیا، حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر بنوں مین تھانہ ڈومیل کی حدود نالہ کاشو پل پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔

    اہلکاروں نے بر وقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کوپسپاکیا، رات گئے کیے گئے دہشت گرد حملےمیں کسی قسم کاجانی نقصان نہیں ہوا۔

    حملے کے بعد ڈی پی اومحمداقبال نے چوکی کا دورہ کیا اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔

    ڈی پی او نے چوکی پرتعینات جوانوں کی بروقت جوابی کارروائی کوسراہتے ہوئے کہا کہ اگر ہم چوکس رہیں گے تو دہشتگرد مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

    گذشتہ روز لکی مروت کے بخمل احمد زئی پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا ، جسے جدید آلات کو بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنادیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق پولیس چوکی پر بارہ کے قریب دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔

  • 10 دن کیلئے ڈبل سواری پر پابندی عائد

    10 دن کیلئے ڈبل سواری پر پابندی عائد

    بنوں : خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے 10 دن کیلئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں امن و امان کی صورتحال کے پیش 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔

    ڈپٹی کمشنر بنوں نے 10 دن کیلئے ڈبل سواری، ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش ، گاڑیوں میں کالےشیشوں کے استعمال اور 5 یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی۔

    ڈی سی کا کہنا تھا کہ دفعہ144کی خلاف ورزی کرنےوالوں کےخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

    خیال رہے4 فروری کو پشاور میں امن و امان کے خدشے کے پیش نظر دفعہ 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ 30 جنوری کو پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے خودکش حملے میں 100 کے قریب افراد شہید اور 200 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔

  • پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کا منصوبہ بنانے والے دہشت گرد گرفتار

    پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کا منصوبہ بنانے والے دہشت گرد گرفتار

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر بنوں میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی میں کالعدم تنظیم داعش کے 2 کارندے گرفتار کرلیے گئے، دہشت گرد چارسدہ میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کا ارادہ رکھتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) مردان نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش کے 2 کارندے گرفتار کرلیے، دہشت گردوں سے بارود، ڈیٹو نیٹر اور 4 سیفٹی فیوز پرائما کارڈ برآمد ہوئے۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں عارف اور فضل شامل ہیں، دہشت گرد بم بنانے کی غرض سے درگئی روڈ پر موجود تھے۔

    حکام کا مزید کہنا ہے کہ دہشت گرد چارسدہ میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کا ارادہ رکھتے تھے۔

    یاد رہے کہ 2 روز قبل سی ٹی ڈی نے بنوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبا پاکستان سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

    آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے چھاپہ مار ٹیموں پر فائرنگ کی تھی، جوابی فائرنگ میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشت گردوں سے 2 کلاشنکوف اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا تھا۔

  • بنوں کے میئر کی نشست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم معطل

    بنوں کے میئر کی نشست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم معطل

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر بنوں کے میئر کی نشست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم معطل کر دیا، الیکشن کمیشن نے بکاخیل میں انتخابات ملتوی ہونے کے کیس کی سماعت بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر بنوں کے میئر کی نشست کے لیے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم معطل کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے جمیعت علمائے اسلام ف کے فاتح امیدوار عرفان اللہ درانی کی درخواست پر عبوری حکم جاری کیا ہے۔

    گزشتہ روز ریٹرننگ افسر نے تمام پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا، ریٹرننگ افسر کے اعلامیے کے مطابق دوبارہ گنتی اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں کی جانی تھی۔

    اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ بنوں کے میئر کے 286 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہوگی۔

    تاہم عرفان اللہ درانی کی جانب سے دائر درخواست پر ان کے وکیل نے کہا کہ صرف 10 ہزار سے کم مارجن پر ہی دوبارہ گنتی ہو سکتی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کا حکم معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کیا ہے اور انہیں آئندہ ہفتے طلب کرلیا۔

    خیال رہے کہ مذکورہ نشست پر جمیعت علمائے اسلام ف کے عرفان اللہ درانی 59 ہزار 844 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اقبال جدون 43 ہزار 398 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    بکاخیل میں انتخابات ملتوی ہونے کے کیس کی سماعت

    دوسری جانب الیکشن کمیشن کے دفتر میں بنوں کی تحصیل بکاخیل میں انتخابات ملتوی ہونے کے کیس کی سماعت ہوئی، سماعت میں ڈی آر او اور ریٹرننگ افسر پیش ہوئے۔

    جمیعت علمائے اسلام ف کے وکیل نے کہا کہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پولنگ مٹیریل لے کر فرار ہوئے، صوبائی وزیر، ان کے بھائی اور بیٹے براہ راست اس میں ملوث ہیں۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر میں وزیر اور ان کے بھائی کی جگہ پولیس نے نامعلوم افراد درج کیا۔

    چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے، منطقی انجام تک پہنچائیں گے، کوئی حکومتی عہدیدار ملوث ہوا تو اس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ کسی نے ملزمان کو بچانے کی کوشش کی تو وہ بھی نہیں بچے گا۔

    چیف الیکشن کمشنر نے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) بنوں کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے زیادہ اور کیا ہوگا کہ پولنگ سٹیشن سے عملہ اغوا ہوگیا۔

    انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو پولنگ اسٹیشنز سے اغوا کرنا انتہائی سنگین واقعہ ہے۔

    یاد رہے کہ 19 دسمبر کو صوبے میں بلدیاتی الیکشن سے ایک رات قبل بکاخیل میں رات گئے 4 پولنگ اسٹیشنز پر مسلح نقاب پوشوں نے حملہ کیا اور پولنگ کا سامان اٹھا کر لے گئے۔

    مسلح نقاب پوشوں کی تعداد سینکڑوں میں تھی اور وہ 50 سے 60 گاڑیوں میں سوار ہو کر پولنگ اسٹیشنوں پر آئے تھے، واقعے کے بعد الیکشن کمیشن نے مذکورہ علاقے میں پولنگ ملتوی کردی تھی۔

  • بنوں  کے مختلف علاقوں سے  چند گھنٹوں کے دوران 4 لاشیں برآمد

    بنوں کے مختلف علاقوں سے چند گھنٹوں کے دوران 4 لاشیں برآمد

    بنوں : خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے مختلف علاقوں سے چند گھنٹے کے دوران 4 لاشیں برآمد ہوئیں، پولیس نے قتل کے چار مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں 4 لاشیں ملیں، پولیس کا کہنا ہے کہ پہلا واقعہ میرا خیل کے علاقے سے رپورٹ کیا گیا جہاں مقامی لوگوں نے دونوں نوجوانوں کی لاشوں کو ایک کھیت میں دیکھا۔

    لاشوں کی شناخت کے بعد علاقہ پولیس نے احمد خان اور نعیم کی لاشوں کو طبی اور قانونی طریقہ کار کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔

    ایک اور واقعہ بازار احمد خان کے قریب رپورٹ کیا گیا ، جہاں نعیم خان نامی شخص کی لاش ملی ، پولیس نے بتایا کہ اس شخص کو نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر قتل کیا اور لاش بازار کے قریب پھینک گئے۔

    تیسرا واقعہ میرا خیل کے علاقے میں پیش آیا، جہاں پولیس نے ہاتھی خیل کے علاقے سے ایک شخص کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد کی، پولیس نے قتل کے چار مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

    یاد رہے رواں سال مارچ میں بھی بنوں کے نواحی علاقے جانی خیل سے 4لاشیں ملی تھیں ، چاروں نوجوان علاقہ جانی خیل میں شکار کھیلنے گئے تھے۔

    مرنے والوں کی عمریں 14سے 18سال کے درمیان تھیں جبکہ چاروں افراد آپس میں دوست تھے جن کا تعلق بنوں سے ہی تھا۔

  • مولانا فضل الرحمان نے بنیادی مرکز صحت کو باورچی خانہ بنا دیا، پولیس کا چھاپا

    مولانا فضل الرحمان نے بنیادی مرکز صحت کو باورچی خانہ بنا دیا، پولیس کا چھاپا

    بنوں: جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خیبر پختون خوا کے شہر بنوں میں بنیادی مرکز صحت کو باورچی خانہ بنا دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بنوں میں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر بنیادی مرکز صحت پر پولیس نے آج چھاپا مارا، تو وہاں سے کھانے پینے کے برتن برآمد ہو گئے۔

    معلوم ہوا کہ بنوں میں پی ڈی ایم کے جلسے کے لیے آئے مولانا فضل الرحمان نے بنیادی مرکز صحت کو باورچی خانہ بنا دیا تھا۔

    پولیس کے مطابق بنیادی مرکز صحت اکرم درانی کےگھر کے ساتھ واقع ہے، ڈی ایچ یو خلیفہ گل نواز سمیت بنیادی مرکز صحت کے تمام عملے کو معطل کر دیا گیا۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق فضل الرحمان کے لیے بی ایچ یو کو کچن بنانے والے 10 اہل کار معطل کر دیے گئے ہیں، ویمن میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شمع ناہید کو بھی معطل کر دیاگیا۔

    معطل ہونے والوں میں ٹیکنیشن افتخار، دفتر علی، نائلہ نور، دل روجانہ، شمع پروین، مطیع اللہ، ہارون راشد، نور رحمت اور نعیم اللہ بھی شامل ہیں۔

    معاملے پر ڈپٹی بی ایچ او بنوں کی سربراہی میں 2 رکنی انکوائری کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

  • بنوں میں کرونا وائرس کے مزید 5 کیسز رپورٹ

    بنوں میں کرونا وائرس کے مزید 5 کیسز رپورٹ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر بنوں میں کرونا وائرس کے 5 مزید کیسز سامنے آگئے، بنوں میں کرونا وائرس سے ایک موت بھی ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر بنوں میں کرونا وائرس کے 5 مزید کیسز رپورٹ ہوگئے، محکمہ صحت کے مطابق بنوں میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہوگئی۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بنوں میں کرونا وائرس کے باعث ایک موت بھی ہوچکی ہے، 46 افراد کے ٹیسٹ کے لیے نمونے لیے گئے تھے، ان میں سے 29 افراد کے ٹیسٹ کے نتائج موصول ہوگئے۔

    محکمہ صحت کے مطابق 29 میں سے 24 کے ٹیسٹ نتائج منفی جبکہ 5 کے مثبت نکلے ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا کیسز کی تعداد 27 سو ہوچکی ہے جبکہ کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 40 ہوگئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پنجاب میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ 1 ہزار 72 کیسز ہیں، سندھ میں 839، پختونخواہ میں 343، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں 193، اسلام آباد میں 75، اور آزاد کشمیر میں 11 کیسز ہیں۔

    کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے 130 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں، 62 فیصد کیسز دیگر ممالک سے پاکستان منتقل ہوئے جبکہ 38 فیصد کیسز لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں۔

  • بنوں ایئرپورٹ کی ازسر نو تعمیر کا فیصلہ

    بنوں ایئرپورٹ کی ازسر نو تعمیر کا فیصلہ

    کراچی: اوور سیز پاکستانیوں کے لئے اچھی خبر ہے کہ وفا قی حکو مت نے بنوں ایئر پورٹ کی از سر نو تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بنوں ایئر پورٹ بیس سال سے غیر فعا ل ہے تاہم اب حکومت نے خصوصی توجہ دیتے ہوئے اسے فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس ضمن میں سول ایوایشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ بنوں ایئر پورٹ کی ٹر مینل بلڈ نگ اور انفرا اسٹرکچر کی تزین و آرائش کی جا ئے جب کہ رن وے کی ازسر نو تعمیر اور رن وے کی مزید توسیع کی جا ئے۔

    بنو ں ایئر پورٹ کے آپریشنل ہو نے سے اوورسیز پاکستانیوں کو سفری سہولت میسر ہو گی، ایئر پورٹ کے فعال ہو نے سے سیا حت کو فروغ کے سا تھ زرمبا دلہ میں بھی اضا فہ ہو گا۔

    واضح رہے کہ ڈی آئی خان اور پارہ چنار ائیر پورٹ بھی کئی سا لوں سے بند پڑے ہیں اور آزاد کشمیر حکو مت نے بھی مطا لبہ کیا ہے کہ راولا کو ٹ اور مظفر آبا د ائیر پورٹ کو بھی آپریشنل کیا جا ئے۔

  • بنوں: سی ٹی ڈی اہل کار فائرنگ سے شہید

    بنوں: سی ٹی ڈی اہل کار فائرنگ سے شہید

    پشاور: خیبر پختون خوا کے ضلع بنوں کے علاقے منجہ خیل میں فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہل کار شہید ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنوں کے علاقے منجہ خیل میں سی ٹی ڈی اہل کار ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گیا، نامعلوم مسلح افراد نے تھانہ میراخیل میں اہل کار کو نشانہ بنایا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی اہل کار میر شہباز دفتر جانے کے لیے گھر سے نکلے تو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائر کھول دیا، فائرنگ سے میر شہباز موقع ہی پر شہید ہو گئے۔

    پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، دریں اثنا، شہید سی ٹی ڈی اہل کار میر شہباز خان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں ڈی آئی جی، ڈی پی او و دیگر پولیس حکام نے شرکت کی، بعد ازاں، شہید اہل کار کا جسد خاکی تدفین کے لیے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پشاور: شہید ڈی ایس پی غنی خان کی نماز جنازہ ادا

    واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ 14 نومبر کو کے پی کے علاقے چمکنی میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سےکاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ڈی ایس پی غنی خان شہید اور ڈرائیور سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ محمود خان نے چمکنی میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبر پختون خواہ کو تفتیش جلد مکمل کر کے رپورٹ دینے کی ہدایت کی تھی۔