Tag: بنوں

  • چترال: انٹر ریجنل فٹ بال چیمپین شپ اختتام پذیر

    چترال: انٹر ریجنل فٹ بال چیمپین شپ اختتام پذیر

    چترال: انٹر ریجنل فٹ بال چیمپین شپ احتتام پذیرہوگئی فائنل میچ میں بنوں فٹ بال ٹیم نے چترا ل ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دی۔ چترال انٹر ریجنل فُٹ بال چیمپئن شپ احتتام پذیر ہوئی ۔ فائنل میچ میں بنوں ٹیم نے چترال ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دیکر فائنل ٹرافی جیت لی۔

      ٹورنامنٹ کا احتتام ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس اینڈ یوتھ افئیر خیبر پحتون خوا نے پہلی بار چترال میں کیا تھا۔ جس میں بنوں، سوات، ابیٹ آباد، ڈی آئی خان، پشاور، چترال ، مردان اور کوہاٹ کے ٹیموں نے حصہ لیا۔  پہلا سیمی فائنل چترال اور ڈی آئی خان ٹیم کے درمیان کھیلا گیا جس کے پہلے ہاف میں چترال کی ٹیم کے عدنان طارق نے گول کرکے چترال کی ٹیم کو برتری دلادی۔

    جبکہ دوسرے ہاف میں ضیاء الاسلام نے دوسرا گول کرکے ٹیم کو واضح برتری دلادی اور یوں چترال ٹیم نے صفر کے مقابلے میں دو گولوں سے یہ میچ ڈی آئی خان سے جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ دوسرا سیمی فائنل بنوں اور مردان فٹ بال ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں دونوں ٹیموں نے دو، دو گول کئے اور میچ برابر رہا تاہم ریفری نے فیصلہ کیا کہ میچ کا فیصلہ پنالٹی کک کے ذریعے کیا جائے گا۔

    جس میں بنوں کی ٹیم نے تین کے مقابلے میں چار گولوں سے مردان کی ٹیم کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، فائنل میچ بنوں اور چترال ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ پہلے ہاف میں بنوں ٹیم کے باچا خان نے ایک گول کرکے بنوں ٹیم کو برتری دلادی جبکہ چترال ٹیم کے عدنان نے ایک بار پھر گول کرکے میچ برابر رہا۔

    تاہم بنوں ٹیم نے دوسرا گول کرکے میچ ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے جیتا۔ فائنل میچ کے موقع پر عبد الولی خان عابد ایڈوکیٹ صدر قومی وطن پارٹی مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چترا ل کے نوجوانوں میں فٹ بال کے ساتھ ساتھ دوسرے کھیلوں کا بھی نہایت شوق اور اہلیت ہے مگر بدقسمتی سے ہماری منتحب نمائندوں کی نا اہلی کی وجہ سے اب تک چترال میں کوئی اسٹیڈیم تعمیر نہیں ہوسکا۔

    انہوں نے جیتنے والے ٹیم کیلئے پندرہ ہزار اور ہارنے والے ٹیم کیلئے دس ہزار روپے کا اعلان کیا۔  انور کمال برکی ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ٹانک نے کہا کہ ساٹھ سال کے بعد صوبائی حکومت نے پہلی مرتبہ سرکاری طور پر اتنی بڑے ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا ہے جس میں آٹھ اضلاع سے کھلاڑی چترال آکر اس سرزمین پر کھیل رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم چترا ل کے نوجوانوں سے بہت متاثر ہوئے اگر ان کو موقع مل گیا تو بہت آگے نکل سکتے ہیں اور ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ بنوں سے آئے ہوئے ایک کھلاڑی عثمان خان نے کہا کہ چترا ل میں جس گراؤنڈ پر ہم کھیلتے ہیں یہ بھی ہائی اسکول کا ہے اور کھلاڑیوں کیلئے کوئی کھیل کا میدان نہیں ہے جبکہ موجودہ میدان بھی کافی حراب ہے جس سے مٹی اٹھتی ہے ۔

    میچ جیتنے پر بنوں کے کھلاڑیوں نے میدان میں روایتی رقص بھی پیش کیا۔ جبکہ کھیل کے دوران چترال کے موسیقار مسلسل میوزک بجاتے رہے۔ آحر میں مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں ٹرافی اور کپ تقسیم کئے۔ بنوں ٹیم کے باچا خان کو مین آف دی ٹورنامنٹ قراردیا گیا۔ اس میچ کو دیکھنے کیلئے ہزاروں لوگ میدان میں موجود تھے۔

  • تحریک انصاف حکومت خیبرپختونخواکی ناکامیوں اور نااہلیوں کو چھپانا چاہتی ہے، شہباز شریف

    تحریک انصاف حکومت خیبرپختونخواکی ناکامیوں اور نااہلیوں کو چھپانا چاہتی ہے، شہباز شریف

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نام نہاد دھاندلی کا شور مچانے والوں کی بال ٹمپرنگ نہیں چلے گی، تحریک انصاف حکومت خیبرپختونخوا کی ناکامیوں اور نااہلیوں کو احتجاج کی آڑ میں چھپانا چاہتی ہے۔

    لاہور میں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر سے ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ ملا ہے جمہوری نظام کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں مسائل کا حل افہام و تفہیم سے تلاش کیا جاتا ہے سیاست عوام کی بے لوث خدمت کا نام ہے منفی سوچ اور محاذ آرائی کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

  • بنوں: وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کا آئی ڈی پیز کیمپ کا دورہ

    بنوں: وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کا آئی ڈی پیز کیمپ کا دورہ

    بنوں : وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے عید کے دوسرے دن بنوں میں قائم آئی ڈی پیز کیمپ کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے ملک کو میدان آگ بنا رکھا تھا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بکا خیل کیمپ میں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ پاکستان کی بقا ہے، دہشتگر اس ملک کو جہنم بنا رہے تھے ، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امن نہیں ہوگا تو ملک ترقی نہیں کرے گا، مشکل گھڑی میں پاکستان کے18کروڑعوام متاثرین کے ساتھ ہیں۔

      جوش خطاب میں شہباز شریف خود کو لٹیرا کہہ گئے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے متاثرین کے لئے اسپتال اور تعلیمی ادارے بنانے کا اعلان بھی کیا۔

  • بنوں:عمران خان عید منانے آئی ڈی پیز کے کیمپ پہنچ گئے

    بنوں:عمران خان عید منانے آئی ڈی پیز کے کیمپ پہنچ گئے

    بنوں : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان شمالی وزیرستان کے متاثرین کے ساتھ عید منانے کے لیے بنوں میں متاثرین کے کیمپ پر پہنچ گئے,عمران خان متاثرین کےکیمپ پہنچےتوتحریک انصاف کے کارکنوں اور متاثرین نےان کا شاندار استقبال کیا۔

    اس موقع پر متاثرین سے خطاب کرتےہوئےتحریک انصاف  کےسربراہ کاکہناتھاکہ مشکل کی اس گھڑی میں سارا پاکستان آپ کے ساتھ ہے۔ تحریک انصاف کےقائدنےسندھ اورپنجاب حکومت کی جانب سےآئی ڈی پیزکےداخلےپرپابندی کی سخت مذمت کرتےہوئےکہاکہ پابندی آئین پاکستان کے منافی ہے۔

    عمران خان نےمتاثرین شمالی وزیرستان کو یقین دلایاکہ پاکستان تحریک انصاف اور خیبر پختونخواہ حکومت کی متاثرین کی دیکھ بھال میں کوئی کوتاہی نہیں کریگی۔ اس موقع پرعمران خان نے آئی ڈی پیز میں عیدکے تحائف  پیش کئےاور ان کےساتھ کھانابھی کھایا۔

  • بنوں اور پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے

    بنوں اور پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے

    پشاور: پاکستان میں دو عیدوں کی روایت ایک مرتبہ پھر برقرار رہی، بنوں اور پشاور سمیت خیبر پختونخوا اور فاٹا کے بیشترعلا قوں میں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے ، مسجد قاسم علی خان کے اعلان سے پہلے ہی بنوں اور مردان آج عید منانےکا اعلان کردیا گیا۔

    گھروں سے دُور اور جلاوطنی کی صعوبتیں اٹھاتے شمالی وزیرستان کے متاثرین کی بھی آج عید ہے ،آئی ڈی پیز نےنماز عید بنوں اسپورٹس کمپلیکس میں ادا کی، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات تھے۔

    پشاور، کرک، بنوں  باجوڑ ایجنسی، صوابی مردان اور لکی مروت میں بھی آج عیدالفطرمنائی جارہی ہے، کالا باغ کے علاقے کوٹ چاندنہ میں افغان مہاجرین نے عید منائی، نماز عید کے مو قع پر لو گ دعا گو تھے کہ ان کے ملک میں امن و آشتی کا دور دورہ ہو، دہشت گردی کی لعنت سے ملک کو نجا ت ملے اور آپریشن میں مصروف پاک فوج کے سپاہیو ں کو کلی کامیابی عطا ہو۔

    اس مرتبہ مسجد قاسم علی خان کے اعلان سے پہلے ہی غیرسرکاری اور مقامی رویت ہلال کمیٹیوں نے بنوں، مردان، لکی مروت میں شوال کا چاند نظر آنے اور آج عید منانے کا اعلان کردیا تھا، سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد پاک افغان سرحدی علاقوں اور باجوڑایجنسی میں بھی آج عید کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ بنوں، مردان اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں چاند کا اعلان مسجد قاسم علی خان کی رویت پر کیا جاتا ہے لیکن اس بار ان علاقوں میں چاند کی رویت اورعید کا اعلان مسجد علی قاسم خان کے اعلان سے پہلے ہی کردیا گیا تھا۔

  • بنوں: مقابلےکےدوران طالبان کمانڈرمطیع اللہ ہلاک ،ولی اللہ گرفتار

    بنوں: مقابلےکےدوران طالبان کمانڈرمطیع اللہ ہلاک ،ولی اللہ گرفتار

    بنوں میں مقابلےکےدوران اہم عسکریت پسند کمانڈرمطیع اللہ مارا گیا۔ جبکہ کمانڈر ولی اللہ گرفتارکرلیاگیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جانی خیل کے فرنٹیئر ریجن میں سرچ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور مشتبہ شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مقابلے کے بعدسیکیورٹی فورسزنےشدت پسندکمانڈر ولی اللہ کو گرفتار کرلیا ۔

    ولی اللہ متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ولی اللہ کوتفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔سیکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایف آر جانی خیل میں بھی چھاپہ مار کارروائی کی۔جس پر روپوش ہوئے دہشت گرون نے فائر کھول دیا۔فائرنگ کے تبادلے میں عسکریت پسند کمانڈر مطیع اللہ ہلاک ہوگیا۔

  • بنوں: شمالی وزیرستان کے متاثرین میں عیدی پیکج تقسیم

    بنوں: شمالی وزیرستان کے متاثرین میں عیدی پیکج تقسیم

    بنوں :  متاثرین شمالی وزیر ستان میں پاک فوج کی جانب سے عیدی پیکج اور نقدی رقم تقسیم جاری ہے۔

    ملک کے محفوظ مستقبل کیلئے گھر چھوڑنے والوں کی مدد میں پاک فوج پیش پیش ہے، بنوں میں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرکے آنے والے بکہ خیل کیمپ میں مقیم ایک سو دس خاندانوں میں پاک فوج کی جانب سے عید پیکج کے تحت تحائف اور نقد رقم تقسیم کی گئی، تحائف میں کپڑے چوڑیاں، مہندی جوتے ،کپڑوں سمیت سولہ آئٹم پر شامل ہیں۔

    اس موقع پر پاک فوج کے اعلی حکا م نے بتایا کہ متاثرین کا ہر طرح کا خیال رکھا جا رہا ہے، متاثرہ خاندانوں میں عیدی تحائف تقسیم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ متاثرین کو یہاں بھی گھر جیسا ماحول میسر ہو،

    اس موقع پر کرنل منصور مصطفی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ بچوں کو الگ سے تحائف دیئے جارہے ہیں، دوسری جانب ہزارو ں متاثرہ خاندانوں کوسم کے ذریعے بھی امدادی رقم کی فراہمی جاری ہے۔

  • آئی ڈی پیزحکومتی امدادسےمطمئن ہیں، خالدمقبول

    آئی ڈی پیزحکومتی امدادسےمطمئن ہیں، خالدمقبول

    بنوں :سابق گورنر پنجاب خالد مقبول کہتے ہیں کہ آئی ڈی پیز حکومتی امداد سے مطمئن ہیں قبائیلوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ سابق گورنر پنجاب لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد مقبول نے بنوں میں آئی ڈی پیز کیمپ کا دورہ کیا۔ سابق گورنر پنجاب لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد مقبول نے کہا قبائلیوں کی قربانی بڑی قربانی ہے،رائیگاں نہیں جائے گی۔

    حکومت سے ملنے والی امداد سے متاثرین مطمئن ہیں۔ سابق گورنر پنجاب نے شمالی وزیرستان متاثرین میں عید تحائف تقسیم کیے۔ جس کا بندوبست لاہور کی جذبہ فاؤنڈیشن نے کیا تھا۔ تحائف کی تقسیم کے دوران سابق گورنر پنجاب قبائیلوں میں گھل مل گئے اور انہیں مشکلات برداشت کرنے پر مزید حوصلہ بھی دیا۔ سابق گورنر پنجاب لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد مقبول کا کہنا تھا حکومت آئی ڈی پیز کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

  • آئی ڈی پیز میں12ہزارٹن راشن تقسیم ہوگیا ہے، میجر جنرل اختر راؤ

    آئی ڈی پیز میں12ہزارٹن راشن تقسیم ہوگیا ہے، میجر جنرل اختر راؤ

    بنوں : پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل اختر راؤ نے کہا ہے کہ اب تک ساڑھے نو لاکھ آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن ہو چکی ہے، جس میں سے چھ لاکھ کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    بنوں میں میڈیا بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر کام کر کے آئی ڈی پیز کو باہر نکالا، انہوں نے بتایا کہ ساڑھے نو لاکھ آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن جبکہ چھ لاکھ کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    میجر جنرل اختر راؤ کا کہنا تھا کہ اب تک آئی ڈی پیز میں بارہ ہزار ٹن راشن تقسیم ہو گیا ہے، پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی امداد کے حوالے سے بیرونی این جی اووز کو ویلکم کرینگے اور انہیں ہر طرح کی سہولیات دینگے۔

    مییجر جنرل اختر راؤ نے بتایا کہ آئی ڈی پیز کے حوالے سے ہم نے اپنے منصوبے کو تین مرحلوں میں تقسیم کیا ہے۔

  • شمالی وزیرستان آپریشن طویل ہوا تو ملک کو نقصان ہوگا،سراج الحق

    شمالی وزیرستان آپریشن طویل ہوا تو ملک کو نقصان ہوگا،سراج الحق

    بنوں : امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان آپریشن طویل ہوا تو ملک کو نقصان ہوگا، تمام اسلامی ممالک کو غزہ پر اسرائیلی بمباری رکوانے کیلئے اقدامات کرنے چاہیئے۔

    بنوں میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ شمالی وزیر ستان کے متاثرین کا مسئلہ اہم ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف کو مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہوں گے، انھوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے کارکنان نے شمالی وزیرستان متاثرین میں چھ کروڑ روپے کا سامان تقسیم کیا۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ وفاق سے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو لے جانے کا مطالبہ کیا تھا پر وفاق نے خیبر پختو نخوا کی درخواست مسترد کر دی، غزہ پر اسرائیلی جارحیت پرانھوں نے کہا کہ حوالے سے ہفتہ احتجاج منایا جائے گا۔