Tag: بنکاک

  • لگژری ہوٹل سے 6 غیرملکیوں کی لاشیں برآمد

    لگژری ہوٹل سے 6 غیرملکیوں کی لاشیں برآمد

    بنکاک : تھائی لینڈ کے ایک لگژری ہوٹل میں قیام پذیر 6 غیرملکی افراد کی پراسرار طور پر لاشیں برآمد ہوئی ہیں پولیس نے زہر دے کر قتل کرنے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کے ایک لگژری ہوٹل کے کمرے میں چھ غیر ملکی شہری مردہ پائے گئے، تمام افراد کا تعلق ویت نام سے تھا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ انہیں زہر دے کر قتل کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ کے وزیراعظم سریتھا تھاویسین نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ متوفیان کی جانب سے کسی قسم کی مزاحمت کرنے کے کوئی آثار نہیں ملے۔

    Grand Hyatt

    ان کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد معلوم ہو سکے گا کہ آیا انہوں نے کچھ کھایا تھا یا کوئی اور وجہ بنی، انہوں نے اس بات کی تردید کہ واقعہ کسی ڈکیتی یا فائرنگ کے نتیجے میں پیش آیا ہے۔

    تھائی لینڈ کے وزیر اعظم نے بتایا کہ مرنے والے تمام چھ افراد ویت نام کے شہری تھے جن میں تین خواتین اور تین مرد تھے، ان میں سے دو کے پاس امریکی شہریت بھی تھی۔

    مقامی پولیس کے مطابق یہ واقعہ شام چار بج کر 30 منٹ پر اس وقت سامنے آیا، جب عملے نے کمرے میں لاشیں دیکھیں، عملے کے ارکان ہوٹل کی پانچویں منزل پر ان کے کمرے کی صفائی کرنے پہنچے تھے۔

    اطلاع ملتے ہی وزیراعظم سریتھا تھاویسین بھی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے، انہوں نے کہا کہ یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ کوئی ساتواں ویت نامی شخص بھی اس واقعے میں ملوث ہو سکتا ہے۔

    ہوٹل

    بنکاک کے میٹروپولیٹن پولیس بیورو کے سربراہ تھیٹی سنگسوانگ نے کہا کہ مذکورہ سیاحوں نے دوپہر کو ہوٹل سے چیک آؤٹ نہیں کیا تھا، مزید کہا کہ عملے نے لاشیں دیکھیں اور اس کی اطلاع (ہوٹل کے) ایگزیکٹوز اور پھر پولیس کو دی۔

    انہوں نے کہا کہ ابتدائی جانچ میں لڑائی یا چوری سے متعلق چوٹوں کا کوئی ثبوت نہیں ملا لیکن یہ تجویز کیا گیا کہ تمام چھ افراد نے زہر ملی کوئی چیز کھائی تھی، مزید کہا کہ ہمیں محرکات معلوم کرنے کی ضرورت ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ ثابت کر سکتے ہیں یہ خودکشی کا نہیں بلکہ قتل کا کیس ہے۔

    دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ کمرے میں ایک مہلک کیمیکل ’سائنائیڈ‘ کے نشانات ملے ہیں جو شیشے اور چائے کے برتن پر پائے گئے ہیں،۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ ہوسکتا ہے کہ مرنے والوں میں سے کسی ایک نے یا پھر ساتویں شخص نے مبینہ طور پر چائے میں زہریلا کیمیکل ملایا ہو۔

  • ویڈیو: ریسٹورنٹ میں‌ کھانے کے دوران پنکھا پھٹ کر فیملی پر گرنے کا دہشت ناک منظر

    ویڈیو: ریسٹورنٹ میں‌ کھانے کے دوران پنکھا پھٹ کر فیملی پر گرنے کا دہشت ناک منظر

    بنکاک میں ایک فیملی کھانے کے لیے ریسٹورنٹ گئی، ابھی وہ میز پر بیٹھے کھانے میں مگن تھے کہ اچانک وہ ہو گیا جو ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا۔

    تھائی لینڈ کے شہر بنکاک کے ایک ریسٹورنٹ کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں دیوار گیر پنکھا پھٹ کر گاہک پر گرنے کا دہشت ناک منظر ریکارڈ ہوا ہے۔

    یہ 23 جون کا واقعہ ہے جب ایک ریسٹورنٹ میں ایک فیملی کھانے کی میز پر بیٹھی کھانا کھا رہی تھی، اچانک دیوار پر لگا ہوا پنکھا دیوار سے الگ ہوا، اور پھٹ کر میز پر آ گرا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق فیملی نے پہلے تو شکایت کی کہ پنکھے کا رخ ان کی طرف نہیں ہے، جب اس کا رخ درست کیا گیا تو اس دوران بچہ رونے لگا، جس پر والدہ نے اسے اسٹرالر میں ڈالا اور بیٹھنے سے پہلے پلیٹ درست کرنے لگی۔

    بارش میں چھت پر ریل بنانے والے لڑکی کے ساتھ دہشت ناک واقعہ، ویڈیو وائرل

    عین اسی لمحے پہلے تو پنکھے کا آگے والا کور اڑ کر اسے لگا، اور پھر پورا پنکھا دیوار سے اکھڑ کر نیچے میز پر آ گرا۔

    خوش قسمتی سے پنکھا گرنے سے اس خاندان کو تو کوئی چوٹیں نہیں آئیں تاہم، دوسری میز پر بیٹھے ایک شخص کو پروپیلر لگنے سے گہری چوٹ آئی، جس پر اسے 4 ٹانکے لگانے پڑے۔

  • ویڈیو: کیبل اچانک ٹوٹ کر گرنے سے موٹر سائیکل سوار کے ساتھ خوفناک حادثہ

    ویڈیو: کیبل اچانک ٹوٹ کر گرنے سے موٹر سائیکل سوار کے ساتھ خوفناک حادثہ

    بنکاک: تھائی لینڈ میں ایک مصروف سڑک پر اچانک کیبل ٹوٹ کر گرنے سے ایک موٹر سائیکل سوار کے ساتھ خوفناک حادثہ پیش آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سڑکوں پر لٹکتی تاریں بعض اوقات خطرناک حادثات کا سبب بن جایا کرتی ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ 5 اپریل کو بنکاک میں پیش آیا، جب ایک ٹینکر کی ٹکر سے ٹوٹنے والا کیبل بائیک رائڈر کے لیے دل دہلا دینے والے حادثے کا سبب بن گیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بجلی کی تار تیز رفتار بائیک میں الجھی اور سوار بری طرح روڈ پر آ گرا۔

    خوش قسمتی سے ہیلمٹ کی وجہ سے اسے سر پر چوٹ نہیں آئی اور وہ بڑے نقصان سے بچ گیا، تاہم حادثے کی وجہ سے اس کے تمام جسم میں چوٹیں لگ گئی تھیں، جس پر اسے طبی امداد کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا۔

  • بنکاک جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    بنکاک جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    کراچی: تھائی لینڈ جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی، تھائی لینڈ کی حکومت نے ملک میں پہنچنے والے مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کی حکومت نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد پاکستان سے بنکاک جانے والے مسافر کرونا ٹیسٹ کے بغیر سفر کر سکیں گے۔

    فیصلے کا اطلاق یکم مئی 2022 سے ہوگا، مسافر کرونا ویکسین سرٹیفکیٹ کے ساتھ بنکاک کا سفر کر سکیں گے۔

    بغیر کرونا ویکسین مسافروں کے لیے بھی نئی ایڈوائزی جاری کردی گئی ہے، کرونا ویکسین نہ لگوانے والے مسافر کو 5 دن ہوٹل میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔

    ویکسین نہ لگوانے والے مسافر کو 10 ہزار امریکی ڈالر تک ہیلتھ انشورنس کروانا بھی لازمی ہوگا۔

  • لاہور: جہاز میں تھائی شہری کی ہلڑ بازی

    لاہور: جہاز میں تھائی شہری کی ہلڑ بازی

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے بنکاک جانے والے تھائی مسافر کو جہاز میں ہلڑ بازی کرنے پر آف لوڈ کردیا گیا، ایئرلائن نے مسافر کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے تھائی ایئر پر سفر کرنے پر پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سے غیرملکی ایئرلائن کی پرواز سے بنکاک جانے والے تھائی مسافر نے جہاز میں اس وقت ہلڑ بازی شروع کردی جب فضائی میزبان نے دوسرے مسافر کی سیٹ پر بیٹھنے پر سیٹ سے اٹھنے کو کہا تو مسافر نے جہاز میں شور شرابہ شروع کردیا اور فضائی میزبان سے بدتمیزی کی اور ہلڑ بازی کرنے لگا۔

    تھائی نیشنل سوم ساک وانگ چینگ نامی مسافر غیر ملکی ایئرلائن (تھائی ائیر ) کی پرواز ٹی جی 346 سے بنکاک جا رہا تھا۔ مسافر کے شور شرابہ کرنے پر کپتان نے فوری طور پر اے ایس ایف کو طلب کرلیا۔ اے ایس ایف نے مسافر کو کیبن کریو سے بدتمیزی اور لڑائی جھگڑا کرنے پر جہاز سے اتار دیا۔

    ائیرلائن انتظامیہ کے مطابق مسافر نے ائیرکرافٹ سیکیورٹی ریگولوشن کی خلاف ورزی کی ہے۔ ہلڑ بازی کرنے پر مسافر کو آف لوڈ کرکے اے ایس ایف کے حوالے کر دیا گیا۔ ایئرلائن نے مسافر کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے تھائی ایئرپر سفر کرنے پر پابندی عائد کردی۔

    دوسری جانب نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی ٹاسک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے کینیڈا جانے والے افغانی شہری کو حراست میں لے لیا۔ افغانی شہری جعلی ویزے پر کینیڈا جا رہا تھا۔

    مسافر نے پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 کے ذریعے ٹورنٹو کے لیے اپنی سیٹ بک کرائی تھی، پی آئی اے کی ٹاسک فورس نے مسافر کا ویزا چیک کیا تو وہ جعلی نکلا۔ شر زاد شکور جان نامی مسافر کو ایف آئی اے ایمیگریشن کے حوالے کردیا گیا۔ ایف آئی اے ایمیگریشن نے مسافر کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔

    ادھر اےایس ایف نے لاہور ایئرپورٹ پرمنی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بنکاک جانے والے مسافر کے بیگ سے 47 ہزار ڈالر برآمد کرلیے، ایک بیگ سے 44 ہزار امریکی ڈالر، دوسرے بیگ سے 3 ہزارآسٹریلین ڈالر برآمد ہوئے۔ مسافر میاں بیوی کے ساتھ بچے بھی تھے، مسافر کو تفتیش کے لیے کسٹم کے حوالے کر دیا گیا۔

  • کک باکسنگ مقابلے میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی

    کک باکسنگ مقابلے میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی

    بنکاک: تھائی لینڈ میں کھیلے جانے والی چوتھی بین الاقوامی مارشل آرٹ چیمپئن ششپ میں کک باکسنگ کے مقابلے میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے ایس ایس یو کمانڈو سعید خان نے نمبٹ نیشنل اسٹیڈیم بنکاک میں منعقدہ چوتھی بین الاقوامی مارشل آرٹ چیمپئن شپ کے کک باکسنگ مقابلے میں حصہ لے کر پاکستان کی نمائندگی کی۔

    [bs-quote quote=”سندھ پولیس کے ایس ایس کمانڈو سعید خان نے مقابلے میں کیوی کھلاڑی کو بھی شکست سے دوچار کیا۔
    ” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    مقابلے میں پاکستانی کک باکسرز نے روایتی حریف بھارت کے کھلاڑی تیجاسوی واسو شیمہ کو باآسانی شکست دی۔

    پہلے راؤنڈ کے دو منٹ میں سعید خان نے مارشل آرٹ کی تیکنیکیوں کو بہترین طریقے سے استعمال میں لاتے ہوئے انتہائی دلکش کھیل پیش کیا اور کامیابی اپنے نام کی۔

    سندھ پولیس کے ایس ایس کمانڈو سعید خان نے مقابلے میں کیوی کھلاڑی کو بھی شکست سے دوچار کیا۔

    مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے پر آئی جی سندھ کلیم امام نے ایس ایس یو کمانڈو سعید خان کو مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور نقد رقم دینے کا اعلان کیا۔

  • سعودی عرب سے فرار لڑکی کے والد بیٹی سے ملنے بنکاک پہنچ گئے

    سعودی عرب سے فرار لڑکی کے والد بیٹی سے ملنے بنکاک پہنچ گئے

    بنکاک: سعودی عرب سے فرار ہو کر تھائی لینڈ آنے والی 18 سالہ لڑکی کے والد بیٹی سے ملنے کے لیے بنکاک پہنچ گئے۔

    تھائی لینڈ امیگریشن چیف کے مطابق 18 سالہ راہف کے والد اور بھائی اس سے مل کر اسے گھر واپس جانے کے لیے آمادہ کرنا چاہتے ہیں تاہم اس سے قبل انہیں اقوام متحدہ کی اجازت لینی ہوگی۔

    راہف محمد القانون 6 جنوری بروز اتوار بذریعہ ہوائی جہاز ریاض سے بنکاک پہنچی تھی اور تھائی لینڈ میں سیاسی پناہ حاصل کرنا چاہتی تھی۔

    تھائی لینڈ کے محکمہ امیگریشن کے سربراہ سوراچاتے ہاکپارن کے مطابق راہف زبردستی شادی سے بچنے کے لیے سعودی عرب سے فرار ہو کر بنکاک آئی تھی۔

    راہف تھائی لینڈ میں سیاسی پناہ کی متلاشی تھی لیکن تھائی حکام نے پناہ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے بنکاک میں موجود سعودی سفارت خانے کو واقعے کی اطلاع دے دی تھی جبکہ راہف کا آسٹریلیا کا ویزہ بھی منسوخ کردیا گیا تھا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر یہ واقعہ زیر بحث لائے جانے کے بعد لوگوں نے آسٹریلیا پر زور دینا شروع کیا کہ راہف کو ویزہ جاری کیا جائے۔

    گزشتہ روز آسٹریلوی حکومت کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا کہ وہ راہف کی پناہ کی درخواست پر غور کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں کام جاری ہے۔

  • سیلاب سے تحفظ دینے والا پارک

    سیلاب سے تحفظ دینے والا پارک

    بنکاک: تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ایسا پارک بنایا گیا ہے جو کسی متوقع سیلاب کی صورت میں شہر کو کم سے کم نقصان پہنچنے کا سبب بن سکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق جنوب مشرقی ایشائی شہروں میں خطرناک بارشوں کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے سیلابوں کا خطرہ ہے۔ گزشتہ دنوں انڈونیشیا میں بھی خوفناک زلزلہ آیا جس کے بعد سونامی نے بھی شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    بنکاک میں قائم اس پارک میں ایسے زمین دوز ٹینک بنائے گئے ہیں جن میں بارشوں کا اضافی پانی محفوظ ہوسکتا ہے۔ یہ ٹینک 38 لاکھ لیٹر پانی محفوظ کر سکتے ہیں۔

    ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سنہ 2040 تک عالمی درجہ حرارت میں 2 فیصد اضافہ نہ بھی ہوا تب بھی سمندر کی سطح میں 20 سینٹی میٹر اضافہ ہوجائے گا جس سے دنیا کے ہر خطے میں سیلابوں کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

    ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیلابی پانی سے بھرے ہوئے شہر ایک معمول کی صورتحال بھی اختیار کرسکتے ہیں۔

    دوسری جانب بنکاک کے غرق آب ہوجانے کا خدشہ بھی ہے جس کی وجہ سطح سمندر میں اضافے کے ساتھ ساتھ پینے کے لیے زیر زمین پانی کا استعمال کیا جانا بھی ہے جس سے شہر کے دھنسنے کے امکانات ہیں۔

    تحقیقی رپورٹس کے مطابق سنہ 2050 تک بنکاک میں سیلاب کا خطرہ 4 گنا بڑھ جائے گا۔

  • بنکاک میں مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے روبوٹ نرسیں متعارف

    بنکاک میں مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے روبوٹ نرسیں متعارف

    بنکاک : تھائی لینڈ میں مریضوں کی خدمت کیلئے روبوٹ نرسوں کو متعارف کرایا گیا ہے چینی کمپنی کی تیار کردہ روبوٹ نرسوں کو دیکھ کر ننھے مریض بھی بیحد خوش ہوتے ہیں۔

    دنیا کے کسی بھی ملک میں صحت عامہ کے شعبے کے لیے ناگزیر سمجھے جانے والے نرسنگ کے پیشے کی اہمیت وہی ہے، جو زندہ رہنے کے لیے سانس لینے کی ہے، طب کے شعبے میں بھی مختلف حیثیتوں اور صورتوں میں روبوٹ مختلف کام انجام دے رہے ہیں۔

    اس حوالے سے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کی اسپتال انتظامیہ کی جانب سے مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے چینی کمپنی کی تیار کردہ روبوٹ نرسوں کو تعینات کیا گیا ہے۔

    یہ روبوٹ نرسیں نہ صرف مریضوں کو دوائیاں وقت پر دیتی ہیں بلکہ مریضوں کی رپورٹس کو متعلقہ ڈاکٹر تک بھی پہنچانے کے فرائض بھی انجام دیتی ہیں، روبوٹ نرس کو دیکھ کر ننھے مریض بھی بیحد خوش ہوتے ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد نرسنگ اسٹاف پر بوجھ کم کرنا اور مریضوں کے لواحقین کو بھی سہولت فراہم کرنا ہے۔

    دوسری جانب انتظامیہ کا اعتراف ہے کہ مصنوعی ذہانت سے لیس خود کار مشینیں ہر ضرورت تو  پوری نہیں کرسکتیں البتہ ان کی مدد سے بہت سے کام آسان ہوجائیں گے اور نرسنگ اسٹاف پر بوجھ کم ہوجائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مشیرقومی سلامتی ناصرجنجوعہ سے بھارتی ہم منصب کی ملاقات

    مشیرقومی سلامتی ناصرجنجوعہ سے بھارتی ہم منصب کی ملاقات

    نئی دہلی : مشیرقومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ اور بھارتی مشیر قومی سلامتی اجیت دوول کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان ملاقات تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ہوئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ اور اجیت دوول کے درمیان ملاقات پہلے سے طے شدہ تھی۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 25 دسمبر کو بھارتی جاسو کلبھوشن یادیو سے اس کے اہل خانہ کی ملاقات کے اگلے روز دونوں ممالک کے قومی سلامتی مشیروں کے درمیان ملاقات ہوئی۔

    ناصر خان جنجوعہ اور بھارتی ہم منصب اجیت دوول کے درمیان ہونے والی ملاقات کے حوالے سے اب تک سرکاری طور پر کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔


    کلبھوشن یادیو کی اہلِ خانہ سے ملاقات خصوصی کنٹینر میں کرائی گئی


    یاد رہے کہ رواں ماہ 25 دسمبر کو پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کرائی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔