کراچی: سی ٹی ڈی سندھ نے ایک کارروائی میں بنگالی ڈکیت گروپ کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، چھینے گئے موبائل خریدنے والے دکان داروں کی نشان دہی کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی سندھ نے گزشتہ شب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں تھانہ سائٹ اے کی حدود سے بنگالی ڈکیت گروپ کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں عمران نذیر، عمر فاروق، اور عبید اللہ عرف وحید شامل ہیں۔
ملزمان سے ایک 9 ایم ایم اور تیس بور کے 2 ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے، سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار گروپ سائٹ سپر ہائی وے، نیو کراچی، بلال کالونی میں کارروائیاں کرتا تھا، گروپ نے سرجانی ملیر کینٹ اور گارڈن کی حدود میں بھی لوٹ مار کی وارداتیں کیں۔
ملزمان نے شریف آباد میں موبائل فون کی دکان کو لوٹا تھا، اور دکان دار کی مزاحمت کرنے پر اسے گولی مار کر زخمی کر دیا تھا، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
ملزمان نے متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، اس سے قبل بھی متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں، سی ٹی ڈی حکام کی جانب سے اس سلسلے میں عدالتوں سے مقدمات کے بارے میں بھی معلومات لی جا رہی ہیں، اور چھینے گئے موبائل فون خریدنے والے دکان داروں کی نشان دہی بھی کی جا رہی ہے۔