Tag: بنگلادیش

  • کرکٹ ورلڈکپ 2019: آسٹریلیا اوربنگلادیش آج مدمقابل ہوں گے

    کرکٹ ورلڈکپ 2019: آسٹریلیا اوربنگلادیش آج مدمقابل ہوں گے

    ناٹنگھم : آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، آج بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق نانٹگھم کے ٹرینٹ گراؤنڈ میں آج بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہرڈھائی بجے شروع ہوگا۔

    ایونٹ میں دونوں ٹیمیں اب تک پانچ میچز کھیل چکی ہیں، بنگلہ دیش کو پانچ میچوں میں سے 2 میں کامیابی اور 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا۔

    آسٹریلیا نے اب تک ایونٹ میں پانچ میچز کھیلے ہیں جن میں سے چار میں کامیابی اور ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    پوائنٹ اسکورنگ ٹیبل پر اس وقت آسٹریلیا تیسرے جبکہ بنگلہ دیش پانچویں نمبر پر ہے۔ پاکستان نویں اور افغانستان کی ٹیم دسویں نمبر پر ہے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9،9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 14 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔

  • برطانوی دور کا جیل مینو تبدیل، اب کھانے میں‌ مزے مزے کے پکوان ملیں گے

    برطانوی دور کا جیل مینو تبدیل، اب کھانے میں‌ مزے مزے کے پکوان ملیں گے

    ڈھاکا : 19 ویں صدی میں برطانوی سامراج کی جیلوں میں قیدیوں کو روٹی کے ساتھ گُڑ دیا جاتا تھا، نئے مینیو میں روٹی کے ساتھ سبزی، پھل، مٹھائیاں اور دال میں پکے چاول دیئے جائیں گے۔

    تفصیلا ت کے مطابق بنگلہ دیش کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو ٹھونسے جانے پر ڈھاکہ حکومت کو عالمی سطح پر تنقید کا سامنا رہتا ہے، لیکن حال ہی میں بنگالی حکومت نے گزشتہ 200 سال سے قیدیوں کو دیا جانے والا ناشتہ تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کی جیلوں میں گزشتہ 200 سالوں قیدیوں کو ایک ہی طرح کا ناشتہ دیا جارہا تھا جو برطانوی سامراج نے رائج کیا تھا۔

    بنگلہ دیش میں جیل امور کے ڈپٹی ڈائریکٹر بزلور رشید نے کہا ہے کہ ملک کی تمام جیلوں میں قیدیوں کی تعداد 81 ہزار ہے، ان کے ناشتے کا مینیو تبدیل کردیا گیا، نئے ناشتے میں متنوع اشیاء کا اضافہ کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 19 ویں صدی میں برطانوی سامراج کی جیلوں میں قیدیوں کو روٹی کے ساتھ گُڑ دیا جاتا تھا، اس کے سوا قیدیوں کو اور کوئی چیز میسر نہیں تھی۔ بنگالی حکومت بھی دو سو سال تک اسی پر عمل پیرا رہی ہے اور اب اس نے قیدیوں کے ناشتے میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے مینیو میں روٹی کے ساتھ سبزی، پھل، مٹھائیاں اور دال میں پکے چاول دیئے جائیں گے، ماضی میں قیدیوں کو 116 گرام روٹی اور 14 اعشاریہ 5 گرام گڑ دیا جاتا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو ڈالنے پر انسانی حقوق کی تنظیمیں ڈھاکا پر شدید تنقید کرتی رہتی ہیں، بنگالی جیلوں میں 35 ہزار سے زاید افراد کو رکھنے کی گنجائش نہیں مگر وہاں پر بعض اوقات 60 سے 80 ہزار تک قیدیوں کو ٹھونس دیا جاتا ہے۔

    بزلور رشید کا کہنا ہے کہ قیدیوں کے ناشتے کے ’مینیو‘ میں تبدیلی جیل خانوں اور قیدیوں کے حوالے سے اصلاحات کے عمل کا حصہ ہے۔

  • شمیمہ بیگم بنگلادیش آئیں تو انہیں سزائے موت کا سامنا ہوگا، عبدالمعین

    شمیمہ بیگم بنگلادیش آئیں تو انہیں سزائے موت کا سامنا ہوگا، عبدالمعین

    لندن/ڈھاکا : داعشی لڑکی شمیمہ بیگم سے متعلق بنگلادیشی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اگر داعش کی دلہن بنگلادیش آئی تو اسے سزائے موت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ میں دہشت گردی کرنے والی تنظیم داعش میں شمولیت اختیار کرنے والی برطانوی لڑکی نے واپس برطانیہ لوٹنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ اگر 19 سالہ شمیمہ واپس برطانیہ آئیں تو انہیں مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    بنگلادیشی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ شمیمہ بیگم ہمارے ملک سے کوئی رشتہ نہیں رکھتی، داعشی لڑکی کو بنگلادیشی شہریت دینے ملک میں قدم رکھنے کی اجازت دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

    عبدالمعین کا کہنا تھا کہ شمیمہ کی ذمہ داری برطانوی حکومت پر ہے، ان کے والدین بھی برطانوی شہریت رکھتے ہیں۔

    عبد المعین کا کہنا تھا کہ اگر داعش سے تعلق رکھنے والی شمیمہ بنگلادیش آئیں تو انہیں دہشت گردی اور عدم برداشت کی وجہ سے مجرم قرار دیا جائے گا اور ملکی قوانین کے تحت سزائے موت دی جائے گی کیوںکہ دہشتگردی سے متعلق بنگلادیشن کے قوانین بلکل واضح ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اگرچہ انہوں نے کسی دہشت گردانہ کارروائی میں حصّہ نہیں لیا لیکن بنگلادیشی قوانین کے تحت انہیں سزائے موت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    شمیمہ بیگم کے نومولود کی ہلاکت پر برطانوی وزیر داخلہ کو تنقید کا سامنا

    مزید پڑھیں : ٹی وی پر چہرہ کیوں دکھایا، شمیمہ بیگم کو آتشزدگی کی دھمکیاں ملنے لگیں

    برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ عبد العمین کے شمیمہ کو بنگلادیش میں قبول کرنے سے انکار کے بعد برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید پر مزید دباؤ بڑھ گیا ہے، شمیمہ کی وکیل نے بتایا شیشمہ کسی بھی طرح بنگلا دیش کا مسلہ نہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمیمہ کی وکیل اکونجی نے کہا کہ عالمی قوانین کے تحت کسی بھی شخص کو ریاست سے باہر قرار دینا غیر قانونی ہے، ہم دفتر داخلہ کے خلاف کورٹ میں اپیل کریں گے۔؎

  • روہنگیا مہاجرین کو جزیرے پر منتقل کرنے کا منصوبہ تیار

    روہنگیا مہاجرین کو جزیرے پر منتقل کرنے کا منصوبہ تیار

    نیویارک: بنگلادیش میں پناہ لینے والے لاکھوں مہاجرین کو ملک کے دور افتادہ جزیرے پر منتقل کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے تیار کردہ منصوبے کے تحت روہنگیا مہاجرین کو بنگلادیش کے باسان چار نامی جزیرے پر منتقل کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ تارکین وطن کی مشکلات میں اضافے کا سبب بنے گا۔

    انسانی حقوق کے ماہرین کے مطابق مذکورہ جزیرے پر بنیادی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، جبکہ سیلاب کے خطرات ہمیشہ منڈلاتے ہیں جس کے باعث ایک نیا بحران کھڑا ہوسکتا ہے۔

    منصوبے سے متعلق بنگلادیش اور اقوام متحدہ کے درمیان بات چیت جاری ہے، حکام نے ہر صورت انسانی حقوق کا خیال رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

    منصوبے میں کہا گیا ہے کہ جزیرہ باسان میں منتقلی جبری نہیں بلکہ رضاکارانہ طور پر ہوگی اور اس کے لیے بنیادی انسانی حقوق اور اقدار کا خیال رکھا جائے گا۔

    قبل ازیں بنگلادیش میں پناہ لینے والے روہنگیئن مہاجرین کی ملک واپسی کے لیے اقدامات کیے گئے لیکن وہ بےسود ثابت ہوئے۔

    بنگلادیش کا مزید روہنگیا مسلمانوں کو پناہ دینے سے انکار

    گذشتہ سال جنوری میں میانمار اور بنگلادیش کے درمیان مہاجرین کی واپسی سے متعلق معاہدہ طے پایا تھا، میانمار کا کہنا تھا کہ ان کا ملک سلسلہ وار تارکین وطن کو ملک واپس لائے گا، البتہ بنگلادیش نے یہ کہہ کرانکار کردیا کہ ان کا ملک ایک ہی دفعہ تمام مہاجرین کو وطن واپس بھیجے گا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال اگست میں برما کی ریاست رکھائن میں ملٹری آپریشن کے نام پر برمی فوج کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی تھی جس کے باعث مجبوراً لاکھوں روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش ہجرت کر گئے تھے۔

  • بنگلادیش اورنیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ منسوخ

    بنگلادیش اورنیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ منسوخ

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کی مساجد میں فائرنگ کے واقعے کے بعد نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والا ٹیسٹ میچ منسوخ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ کی مساجد میں فائرنگ کے واقعے کے بعد نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کل کھیلا جانے والا سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ منسوخ کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد میں مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ مسجد میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی موجود تھے۔

    نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 27 افراد جاں بحق

    غیرملکی میڈیا کے مطابق کرائسٹ چرچ میں مقامی وقت کے مطابق تقریباََ ایک بجکر 40 منٹ پر مسلح شخص نے مسجد میں داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ کی اور اس کی لائیو ویڈیو بھی بناتا رہا۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں بنگلہ دیشی کرکٹرز محفوظ رہے۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز نے باہمی رضا مندی سے فیصلہ کیا کہ ہیگلے اوول ٹیسٹ منسوخ کردیا گیا ہے۔

  • جسم پر اُگنے والے پیڑ پودے، کیا یہ کوئی بیماری ہے یا کچھ اور؟

    جسم پر اُگنے والے پیڑ پودے، کیا یہ کوئی بیماری ہے یا کچھ اور؟

    ڈھاکا : ’ٹری مین‘ کے نام سے مشہور بنگلادیشی شہری دراصل ایک شدید قسم کی جلدی بیماری میں مبتلا ہے‘ اس بیماری میں ہاتھوں اور پیروں میں درخت نما جڑیں نکل آتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش کے جنوبی حصّے میں رہنے والا ابو البجندار جو 2016 سے خبروں میں ’ٹری مین‘ سے مشہور ہیں، درحقیقت ایپی ڈرمو ڈسپلیژیا نامی جلدی مرض میں مبتلا ہے جس میں ہاتھ اور پیروں میں درخت کی شاخیں نما جڑیں نکل آتی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بنگلادیشی شہری سنہ 2016 کے بعد دوبارہ اسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے، جہاں انہیں دوبارہ سرجری کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق 28 سالہ ابو البجندار گزشتہ 2 دہائیوں سے اس عجیب و غریب میں مبتلا ہے۔

    ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہری کی سنہ 2016 میں 25 سرجریاں کی گئی تھیں اور مزید علاج باقی تھا لیکن بجندار مئی میں علاج ادھورا چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ’یہ بہت پیچیدہ معاملہ ہے ہمیں اس کا مزید علاج کرنا تھا ڈاکٹر نے متاثرہ شہری نے بارہا اسپتال میں رہ کر علاج مکمل کروانے کی گزارش کی لیکن وہ نہیں رکے اور گھر چلے گئے‘۔

    ڈھاکا میڈیکل کالج کی ترجمان ڈاکٹر سامنتا لال کا کہنا ہے کہ بجندار اتوار کے روز اپنی والدہ کے ہمراہ اسپتال واپس آئے تھے، انہیں کم از کم چھ ماہ قبل آجانا چاہیے تھا لیکن انہیں بہت دیر ہوچکی ہے‘۔

    ڈاکٹر کے مطابق بجندار کی حالت پہلے سے بدترین ہوچکی ہے اور ان کے ہاتھوں پر بندھنے والی گانٹھیں ایک انچ تک لمبی ہوچکی ہیں، اور اب ان کے پیروں سمیت جسم کے مختلف حصّوں پر درخت نما جڑیں نکل آئیں ہیں۔

    ڈھاکا میڈیکل اسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بجندار کی مزید چھ سرجریاں کی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں : ہاتھی سر والا عجیب الخلقت انسان

    مزید پڑھیں : برازیلین شہری انوکھے مچھرکے کاٹنے سے ’ ہاتھی پیر‘ نامی بیماری میں مبتلا

    ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ایپی ڈرمو ڈسپلیژیا نامی بیماری کے باعث بنگلادیشی شہری کی قوت مدافعت کو بھی متاثر کیا ہے، جس کے باعث ابو البجندار جلدی کینسر جیسی کئی بیماریوں کا شکار ہوسکتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذکورہ بیماری بہت نایاب ہے اور دنیا بھر میں چند ہی لوگ اس بیماری کا شکار ہیں۔

    متاثرہ بنگلادیشی شہری کا کہنا ہے کہ ’میں عام آدمی کی طرح زندگی گزارنا چاہتا ہوں، میں اپنی بیٹی کو گلے لگانا چاہتا ہوں‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دو برس قبل آپریشن کے باعث بنگلادیشی شہری کے ہاتھ ایک عام آدمی کی طرح ہوگئے تھے۔

  • ڈھاکا : تنخواہوں میں عدم اضافے کے خلاف گارمنٹس ملازمین کا احتجاج

    ڈھاکا : تنخواہوں میں عدم اضافے کے خلاف گارمنٹس ملازمین کا احتجاج

    ڈھاکا : بنگلا دیش میں گارمنٹس ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش میں گارمنٹس ملازمین گزشتہ ایک ہفتے سے تنخواہوں میں اضافے کیلئے احتجاج کررہے تھے اس دوران پولیس تشدد سے ایک شخص کی موت بھی واقع ہوئی تھی جس کے بعد فیکٹری مالکان نے ملازمین کی تخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گامنٹس فیکٹری کے مالکان کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ گاڑیوں اور فیکٹریوں کی توڑ پھوڑ روکنے کےلیے کیا گیا تھا جسے ملازمین نے مسترد کرتے ہوئے دوبارہ احتجاج شروع کردیا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے فیکٹریوں کی توڑ پھوڑ اور سڑکوں کی بندش روکنے کےلیے مظاہرین پر آنسو گیس شیلنگ اور واٹر کینن کا بے دریغ استعمال کیا ہے۔

    انڈسٹریل پولیس کے ڈائریکٹر نے بیان دیا ہے کہ ’دارالحکومت کے مضافات میں دس فیکٹریوں کے ملازمین نے مظاہرے کے دوران ہائی وے کو بند کرنے کی کوشش کی تھی تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کردیا۔

    پولیس ڈائریکٹر سمین الرحمٰن کا کہنا ہے کہ تمام فیکٹریاں دوبارہ کھل صرف دس گارمنٹس فیکٹریوں کے ملازمین کی احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    مزدور یونین کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ملازمین کام پر واپس آگئے ہیں لیکن اکثر ملازمین تنخواہوں میں اضافے کے مسودے سے ناخوش ہیں۔

    بنگلا دیش گارمنٹس اور انڈسٹریل ورکرز فیڈریشن کے صدر بابل اختر کا کہنا تھا کہ ’ ہمیں یہ قبول کرنا پڑا کیونکہ یہ تجویز ہماری وزیراعظم کی طرف سے آئی تھی اور ہم کس طرح ان کی تذلیل کرسکے؟‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’ہم تمام ملازمین پر زور دیتے ہیں کہ وہ کام بحال کریں اور ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم عنقریب ہماری مناسب اجرت کو یقینی بنائیں گی‘۔

    یاد رہے کہ حکومت نے جنوری میں گارمنٹس ملازمین کی تنخواہوں میں 51 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

  • بنگلادیش: پولنگ کے دوران بے ضابطگیوں نے انتخابی عمل کو مشکوک  کردیا، امریکا

    بنگلادیش: پولنگ کے دوران بے ضابطگیوں نے انتخابی عمل کو مشکوک کردیا، امریکا

    واشنگٹن : امریکی حکام نے بنگلا دیش کے انتخابات میں دھاندلی کی خبروں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو آزاد ماحول نہیں ملا، رہنماؤں کو ڈرایا دھمکایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ کے اختتام پر بنگلا دیش میں ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی اور بے ضابطگیوں کی خبروں سے متعلق امریکی محمکہ خارجہ کے ترجمان نے بیان جاری ہے کہ پولنگ کے دوران بے ضابطگیوں نے انتخابی عمل کو مشکوک کردیا ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان رابرٹ پالاریٹو کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے تمام فریقوں کو وارننگ دیتے ہیں کہ تشدد سے باز رہے۔

    رابرٹ پالا ریٹو نے جاری بیان میں کہا تھا کہ بنگلا دیش میں پارلیمنٹ کی تبدیلی کے منعقدہ انتخابات میں دھاندلی کی خبروں پر شدید تشویش ہیں، اپوزیشن کو ڈرایا دھمکایا گیا ہے۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن دھاندلی اور بے ضابطگیوں کی منصفانہ تحقیقات کرے۔

    مزید پڑھیں : بنگلا دیش میں خونی انتخابات، حسینہ واجد کی عوامی لیگ کامیاب قرار

    یاد رہے کہ بنگلا دیشن میں 30 دسمبر کو عام انتخابات منعقد ہوئے تھے جس میں وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد عوامی لیگ نے واضح برتری حاصل کی تھی۔

    دوسری طرف اپوزیشن نے انتخابی نتائج مسترد کرتے ہوئے دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    دریں اثنا بنگلا دیش میں عام انتخابات کے دوران پُر تشدد واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی ہے، سخت سیکورٹی کے با وجود خوں ریز واقعات نے جنم لیا، ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بھی بند کی گئی۔

    خبر ایجنسی کا کہنا تھا کہ کئی پولنگ اسٹیشنز پر حسینہ واجد کی حکومتی جماعت کے کارکنوں نے قبضہ جما لیا تھا۔

  • بنگلا دیش میں خونی انتخابات، پولنگ کے دوران 17 افراد ہلاک

    بنگلا دیش میں خونی انتخابات، پولنگ کے دوران 17 افراد ہلاک

    ڈھاکا : بنگلا دیش میں گیارہویں عام انتخابات کے لیے جاری ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے جاری ہے، جب کہ پُر تشدد واقعات میں اب تک 17 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش میں عام انتخابات کے لیے سخت سیکورٹی میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، انتخابات خونی رنگ اختیار کر چکے ہیں، ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ہے، کئی پولنگ اسٹیشنز پر حکومتی جماعت کے کارکنوں نے قبضہ جما لیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ واجد کو بی این پی کی زیر قیادت قائم اتحاد وزرات عظمیٰ کی دوڑ سے باہر کرسکتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش کی قومی اسمبلی کی تین سو نشتوں پر 10 ہزار کروڑ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں جن کےلیے ملک بھر میں 40 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔

    بنگلا دیش عام انتخابات کے دوران پُر تشدد واقعات سے نمٹنے کےلیے 6 لاکھ سیکیورٹی اہلکاروں سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق بشخالی میں پولیس کی فائرنگ سے اپوزیشن جماعت کا کارکن، بنگلادیش کے علاقے رنگا متی میں عوامی لیگ کا کارکن سمیت اب تک 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    مقامی خبر رساں اداروں کو کہنا ہے کہ حسینہ واجد کو حکومت بنانے کےلیے 300 میں سے 151 نشتوں کر کامیابی حاصل کرنے کی ضرورت ہے، شیخ حسینہ واجد ڈھاکا میں اپنا ووٹ کاسٹ کرچکی ہیں۔

    خیال رہے کہ انتخابات کا اعلان ہوتے ہی بنگلادیشی عدالت نے اپوزیشن جماعت بی این پی کی سربراہ و سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء سمیت 17 سربراہوں کو کرپشن اور دیگر الزامات کے تحت جیل بھیج دیا تھا، خالدہ ضیاء 17 برس قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس اب تک اپوزیشن جماعت 15 ہزار سے زائد کارکنوں کو بھی گرفتار کرچکی ہیں۔

  • بھارت، بنگلہ دیش کو ہرا کر ساتویں‌ بار ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا

    بھارت، بنگلہ دیش کو ہرا کر ساتویں‌ بار ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا

    دبئی: بھارت نے بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ساتویں بار ایشیاء کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت نے بنگلہ دیش کو آخری بال پر شکست دے کر ساتویں بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، بنگلہ دیش کو مسلسل دوسری بار ایشیا کپ کے فائنل میں شکست ہوئی ہے۔ بھارت نے 223 رنز کا ہدف 7 وکٹ پر حاصل کیا۔

    بھارتی کپتان روہت شرما نے 47 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، دنیش کارتھک 37، مہندر سنگھ دھونی 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، آخری بال پر ایک رن درکار تھا محمود اللہ نے وائیڈ بال کردی۔

    بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان اور روبیل حسین نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کپتان مشرفی مرتضیٰ، نظم الاسلام اور محمود اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں ایشیا کپ کے فائنل میچ میں بنگلہ دیش نے بھارت کو جیت کے لیے 223 رنز کا ہدف دے دیا، بنگلہ دیشی ٹیم پورے اوورز کھیلے بغیر 222 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

    ایشیا کپ کے فائنل میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کو جو درست ثابت ہوا دونوں اوپنرز نے ٹیم نے 121 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن بعد میں آنے والے بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے اور پوری ٹیم 222 رنز پر ڈھیر ہوگئی، لتن داس نے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن نے 32 اور سومیا سرکار نے 33 رنز کی اننگز کھیلی، بنگال ٹائیگرز کے آٹھ کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔

    بھارت کی جانب سے اسپنر کلدیپ یادیو نے تین، کے دار جادھو نے دو کھلاڑیوں کی پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بمرا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

    یاد رہے کہ بھارت کی ٹیم 6 مرتبہ ایشیا کپ جیت چکی ہے، بنگلادیش دو مرتبہ فائنل میں پہنچی، البتہ فتح حاصل کرنے میں ناکام رہا.

    واضح رہے کہ یہ ٹورنامینٹ گرین شرٹس کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا. پاکستان کو بنگلادیش اور بھارت کے خلاف شکستوں‌ کا سامنا کرنا پڑا اور وہ فائنل تک رسائی میں ناکام رہی.