قومی ٹیسٹ اسکواڈ نے بنگلادیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میچ کی تیاریوں کے سلسلے میں چوتھے روز بھی پریکٹس سیشن کیا۔
پاکستان کے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا پریکٹس سیشن پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔
ہیڈکوچ جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کی نگرانی میں بارش رکنے کے بعد کھلاڑیوں نے نیٹس میں بیٹنگ اور بولنگ کے سیشنز کیے۔ بیٹرز کے لیے نیٹس میں خصوصی گھاس والی پچز تیار کی گئیں۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کیلیے گراؤنڈز مین نے پچ کی تیاری کا کام شروع کردیا ہے، راولپنڈی میں بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ میچ کیلیے پچ پر گھاس ہوگی جو فاسٹ بولرز کے لیے زیادہ سازگار ہوگی۔
دوسری جانب روہت شرما آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم کی نمبر ون پوزیشن کو چیلنج کرنے کے قریب پہنچ گئے، وہ پاکستانی کپتان سے تھوڑے فاصلے پر ہیں۔
پاکستان کے وائٹ بال قائد بابر اعظم طویل عرصے سے ایک روزہ مقابلوں کے نمبر ون بیٹر ہیں، تاہم تازہ آئی سی سی رینکنگ میں بھارتی کپتان روہت شرما بابر اعظم کے قریب پہنچ چکے ہیں، بدھ کو جاری ون ڈے رینکنگ میں روہت نے شبمن گل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بابر کے بعد دوسرا نمبر حاصل کرلیا ہے۔
بھارتی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف تین میچز کی حالیہ ون ڈے سیریز میں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن روہت نے اس سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52.33 کی اوسط سے دو نصف سنچریوں سمیت 157 رنز بنائے تھے۔
بابر اعظم نے ون ڈے ورلڈکپ کے بعد سے اب تک ایک روزہ مقابلوں میں حصہ نہیں لیا مگر ان کی نمبر ون پوزیشن برقرار ہے۔
اس وقت قومی کپتان 824 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چارٹ میں سرفہرست ہیں جبکہ روہت کے 765 پوائنٹس ہیں، فی الحال روہت کے پاس بابر کو ٹاپ پوزیشن سے محروم کرنے کا کوئی خاص موقع نہیں کیوں کہ اگلے سال انگلینڈ کے خلاف تین میچوں سے پہلے بھارت کی کوئی ون ڈے نہیں ہے۔