Tag: بنگلادیش

  • بنگلادیش میں سرکاری نوکریوں میں کوٹا سسٹم کے خلاف احتجاج میں 6 طلبہ جاں بحق

    بنگلادیش میں سرکاری نوکریوں میں کوٹا سسٹم کے خلاف احتجاج میں 6 طلبہ جاں بحق

    ڈھاکا: بنگلادیش میں طلبہ سرکاری نوکریوں میں کوٹا سسٹم کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے، 6 طلبہ جاں بحق ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش میں سرکاری نوکریوں میں کوٹا سسٹم کے خلاف طلبہ نے احتجاج شروع کر دیا ہے، کوٹا مخالف مظاہرین اور وزیر اعظم حسینہ واجد کے حامی طلبہ ونگ کے درمیان جھڑ پوں میں 6 طلبہ جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

    طلبہ نے ریلوے اور بڑی شاہراہیں بلاک کر دی ہیں اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، دوسری طرف وزیر اعظم حسینہ واجد نے یہ کہتے ہوئے طلبہ کے مطالبات ماننے سے انکار کر دیا ہے کہ معاملہ اب سپریم کورٹ میں ہے۔

    طلبہ کا مطالبہ ہے کہ سرکاری نوکریاں میرٹ پر دی جائیں اور صرف 6 فی صد کوٹا جو اقلیتوں اور معذور افراد کے لیے مختص ہے، اسے برقرار رکھا جائے۔

    گزشتہ ماہ ہائیکورٹ نے سرکاری نوکریوں میں 1971 کی جنگ لڑنے والوں کے بچوں کے لیے 30 فی صد کوٹا بحال کر دیا تھا جسے بنگلادیش کی سپریم کورٹ نے 4 ہفتوں کے لیے معطل کر دیا ہے۔

    بنگلادیش میں سرکاری ملازمتوں کا 56 فی صد حصہ کوٹے میں چلا جاتا ہے، 30 فی صد سرکاری نوکریاں 1971 میں جنگ لڑنے والوں کے بچوں، 10 فی صد خواتین اور 10 فی صد مخصوص اضلاع کے رہائشیوں کے لیے مختص ہیں۔

  • فیس بک نے بنگلہ دیش کی حکمران جماعت کے اکاؤنٹس ختم کرنے کی وجہ بتادی

    فیس بک نے بنگلہ دیش کی حکمران جماعت کے اکاؤنٹس ختم کرنے کی وجہ بتادی

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے بنگلادیش کی حکمراں جماعت کے اکاؤنٹس ختم کردیئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فیس بک کی مالک کمپنی میٹا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عوامی لیگ کے متعدد اکاؤنٹس اور پیجز فیس بک سے ہٹا دیے گئے ہیں۔

    فیس بک کا وجہ بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ اکاؤنٹس اور پیجز کو مربوط غیر مستند رویے، بشمول اپوزیشن پر تنقید کے باعث ختم کیا گیا ہے۔

    فیس بک نے پالیسی کی خلاف ورزی پر عوامی لیگ کے 50 اکاؤنٹس اور 98 پیجز کو ختم کردیا ہے، ان اکاؤنٹس سے انتخابات سے متعلق اور اپوزیشن پر تنقیدی رپورٹس پوسٹ کی گئی تھیں۔

    واضح رہے کہ بنگلادیش میں جنوری میں ہونے والے انتخابات میں عوامی لیگ اتحاد کامیاب ہوگیا تھا، جبکہ بنگلادیش کے عام انتخابات کا اپوزیشن نے بائیکاٹ کیا تھا۔

    بنگلادیشی وزیراعظم حسینہ واجد نے انتخابات میں فتح کے بعد چوتھی بار وزارت عظمی کا منصب سنبھالا تھا۔

    دوسری جانب فیس بک سے متعلق اہم انکشاف ہوا ہے، جسے سننے کے بعد صارفین کے ہوش اُڑ گئے ہیں، فیس بک نے نیٹ فلکس کو اپنے صارفین کے ذاتی پیغامات تک رسائی دی اور اس کے بدلے میں اس کا ڈیٹا حاصل کرلیا۔

    اس سے قبل بھی ’فیس بک‘ پر اپنے صارفین کے ذاتی ڈیٹا لیک کرنے کے الزامات کئی بار لگے ہیں، مگر اب اس حیرت انگیز خبر نے فیس بک صارفین کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے۔

    کروڑوں صارفین فیس بک سے وابستہ ہیں، اور اس کے اوپر اکثر اپنے صارفین کا ڈیٹا لیک کرنے یا ان کے غلط استعمال کا الزام لگ چکا ہے، مگر اس بار الزام اس لیے بھی فکر انگیز ہے کہ یہ عدالتی دستاویزات کے ذریعے سامنے آیا ہے۔

    لڑکی نے فیس بک پر ایسا کیا دیکھا کہ خودکشی کر لی؟

    میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالتی دستاویزات کے ذریعے یہ انکشاف ہوا ہے کہ فیس بک نے اپنے صارفین کے ذاتی پیغامات کو تھرڈ پارٹی ایپس کے ساتھ شیئر کیا ہے۔

  • بڑا اپ سیٹ، امریکا نے بنگلادیش کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دیدی

    بڑا اپ سیٹ، امریکا نے بنگلادیش کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دیدی

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ہی بڑا اپ سیٹ دیکھنے کو مل گیا، امریکا نے بنگلادیش کو سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔

    امریکا نے آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی ٹاپ ٹین رینکنگ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف پہلی فتح حاصل کرلی۔

    بنگلادیش نے ہیوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 153رنز بنائے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by USA Cricket (@usacricket)

    بنگلادیش کی جانب سے توحید 58 رنز بناکر نمایا رہے جبکہ محمد ریاض 31، سومیا سرکار 20، لٹن داس 14 اور شکیب الحسن 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

    بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 154رنز کا ہدف امریکا نے تین گیندیں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    سابق پاکستانی کرکٹر سجاد اکبر چل بسے

    امریکا کی جانب سے ہرمیت سنگھ 33 رنز بنا کر نمایا رہے اور جیت میں اہم کردار ادا کیا، کورے اینڈرسن نے 34 اور اسٹیون ٹیلر نے 28 رنز اسکور کئے۔

  • ہر پڑوسی ناراض، بنگلادیش میں بھی ’انڈیا آؤٹ‘ کا نعرہ لگ گیا

    ہر پڑوسی ناراض، بنگلادیش میں بھی ’انڈیا آؤٹ‘ کا نعرہ لگ گیا

    مودی سرکار کی انتہا پسندانہ اور پڑوسیوں کے ساتھ ٹکراؤ کی پالیسیوں سے صرف ملک کے اندر ہی عوام بالخصوص اقلیتیں پریشان نہیں ہیں، بلکہ پڑوسی ممالک بھی نالاں ہیں، مالدیپ نے آخرکار بھارت کو نکال باہر کر دیا ہے اور اب بنگلادیش میں بھی ’انڈیا آؤٹ‘ کا نعرہ لگ گیا ہے۔

    گزشتہ برس بھارت کے پڑوسی ملک مالدیپ میں صدارتی انتخاب کی مہم چلانے والے محمد معیزو نے ’انڈیا آؤٹ‘ کے نعرے پر صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی، انھوں نے صدر بننے کے بعد بھارت کو مالدیپ سے سیکیورٹی کے نام پر موجود افواج کو ہٹانے پر مجبور کیا، جنھیں اب مرحلہ وار ہٹایا جا رہا ہے۔

    انڈیا آؤٹ کا یہ نعرہ اب بنگلادیش میں بھی مقبول ہونے لگا ہے، یہ مہم کچھ سوشل میڈیا انفلوئنسرز، سماجی کارکنوں اور اثر و رسوخ رکھنے والی شخصیات نے شروع کی ہے، سوشل میڈیا پر ’پیپلز ایکٹیوسٹ کولیشن‘ نامی اتحاد نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ’انڈیا آؤٹ‘ مہم کے تحت عوام سے انڈین مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کی گئی ہے، اس مہم کی حمایت عوام اور اپوزیشن ’بی این پی‘ کے رہنما بھی کر رہے ہیں، حزب اختلاف کے رہنما روح الکبیر رضوی نے بھارتی مصنوعات کے خلاف علامتی احتجاج کے طور پر اپنی کشمیری شال سڑک پر پھینکی۔

    بنگلادیشی عوام کا کہنا ہے کہ بھارت پس پردہ شیخ حسینہ واجد کے اقتدار کو مضبوط رکھنے کے لیے سازشیں کر رہا ہے، اسی لیے بنگلادیش میں بھارتی مصنوعات کا بڑے پیمانے پر بائیکاٹ شروع کر دیا گیا ہے، یہاں تک کہ ’انڈیا آؤٹ‘ مہم کی بازگشت امریکا تک بھی پہنچ گئی ہے، امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے جب اس بابت سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا ’ہمارے پاس اس مہم کی رپورٹس ہیں، لیکن ہم کسی صارف کے فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے، ہم بنگلادیش اور انڈیا دونوں کے ساتھ اپنے تعلقات کی قدر کرتے ہیں۔‘

    واضح رہے کہ نریندر مودی کی حکومت میں بھارت ایک ایسا ملک بن چکا ہے جس سے اس کا ہر پڑوسی ناراض ہے اور تکلیف میں ہے، اس کی گواہی بھارتی ریاست مغربی بنگال کے رکن پارلیمان جواہر سرکار نے بھی دی ہے، انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: ’ہر پڑوسی انڈیا سے ناراض ہے، نیپال انڈین غنڈہ گردی سے نفرت کرتا ہے، سری لنکا کو تمل اور باسزم کی وجہ سے مسائل ہیں، مالدیپ نے ہمیں لات مار کر باہر نکال دیا، بھوٹان چین کی طرف جھک رہا ہے، اور اب بنگلادیش میں ’انڈیا آؤٹ‘ تحریک سرگرم ہے۔‘

    دوسری طرف بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اس مہم کے حوالے سے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں ساؤتھ ایشین سٹڈیز کے پروفیسر سنجے بھاردواج نے اپنی رائے دی ہے کہ بنگلادیش تین طرف سے زمین سے انڈیا سے گھرا ہے، دونوں طرف بنگالی بولنے والی برادریاں رہتی ہیں، جس میں ہندو مسلم دونوں شامل ہیں، ان کے درمیان شادی بیاہ کے رشتے ہیں، ان کا ایک دوسرے پر بہت زیادہ انحصار ہے، یہاں تک کہ کلکتہ میں شاپنگ کیے بغیر بنگلادیشیوں کو عید میں بھی مزہ نہیں آتا، اس لیے بنگلادیش انڈیا بائیکاٹ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

    پرفیسر سنجے نے بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ سے بنگلادیش میں مہنگائی بہت زیادہ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، کچن کے مصالحوں سے لے کر ادویات تک پر بنگلادیش کا انڈیا پر انحصار ہے، پیاز، لہسن، ناریل تیل، خوردنی تیل سب انڈیا سے فراہم ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ خطے میں بنگلادیش تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں سے ایک ہے، چین اور جاپان کی جانب سے انفرااسٹرکچر کے ترقیاتی منصوبوں میں اشتراک کیا جا رہا ہے، ایسے میں بنگلادیشی عوام حکومت میں بھارتی مداخلت سے تنگ آ کر بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم چلانے لگے ہیں، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ انڈیا شیخ حسینہ کی حکومت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔

    بنگلادیش نیشنل پارٹی (بی این پی) کے بعض رہنماؤں کی جانب سے انڈین مصنوعات کے بائیکاٹ کے مطالبے کے جواب میں طنز کرتے ہوئے وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے کہا ہے کہ ’میرا سوال ہے کہ اُن کی بیویوں کے پاس کتنی انڈین ساڑھیاں ہیں؟ وہ اپنی بیویوں سے یہ انڈین ساڑھیاں لے کر انھیں جلا کیوں نہیں دیتے؟‘

  • بنگلادیش سے سعودی عرب جانے والی پرواز کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ

    بنگلادیش سے سعودی عرب جانے والی پرواز کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ

    کراچی: ڈھاکا سے ریاض کے لیے سعودی ایئر کی پرواز کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش سے سعودی عرب جانے والی پرواز نے کراچی میں میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے، سعودی ایئر کی پرواز ایس وی 805 نے صبح 7:30 بجے کراچی لینڈ کیا۔

    ڈھاکا سے روانگی کے بعد بھارتی فضائی حدود میں مسافر کی طبیعت خراب ہوئی، جس پر کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا، کنٹرولر نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طیارے کو کراچی میں لینڈنگ کی اجازت دے دی۔

    کراچی ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن کی میڈیکل ٹیم نے ہنگامی اقدامات کیے، سعودی طیارے کے لینڈ کرتے ہی ڈاکٹرز فوری طور پر پہنچ گئے، معلوم ہوا کہ طیارے کے 44 سالہ بنگلادیشی مسافر ابو طاہر کا بلڈ پریشر دوران پرواز اچانک ہائی ہو گیا تھا، میڈیکل ٹیم نے طیارے میں سوار مسافر کا معائنہ کیا اور طبی امداد فراہم کی۔

    مسافر کی طبیعت بہتر ہونے پر پرواز کراچی سے ریاض روانہ ہو گئی۔

  • شیخ حسینہ واجد متنازع انتخابات میں مسلسل پانچویں بار کامیاب، شکیب الحسن بھی نشست جیت گئے

    شیخ حسینہ واجد متنازع انتخابات میں مسلسل پانچویں بار کامیاب، شکیب الحسن بھی نشست جیت گئے

    ڈھاکا: بنگلادیش میں اپوزیشن کی پکڑ دھکڑ اور گرفتاریوں کے بعد ہونے والے متنازع انتخابات میں شیخ حسینہ واجد مسلسل پانچویں بار کامیاب ہو گئیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حسینہ واجد حکومت کے تحت ہونے والے الیکشن میں 300 کے ایوان میں حکمراں عوامی لیگ نے 216 نشستیں حاصل کر لیں، جس سے شیخ حسینہ کی پانچویں بار وزیر اعظم بننے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

    اتحادی جاتیہ پارٹی کو 11 سیٹوں پر کامیابی ملی، جب کہ 52 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہو گئے ہیں۔ بنگلادیش کے کئی شہروں میں ووٹنگ کے دوران سناٹا رہا، ووٹ ڈالنے کی شرح 1991 کے بعد سب سے کم رہی۔

    روئٹرز کے مطابق بنگلادیش کے اکثرعوام نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کیا، چیف الیکشن کمشنر قاضی حبیب نے کہا ووٹ ڈالنے کی شرح 40 فی صد رہی، واضح رہے کہ اس سے قبل سیکریٹری الیکشن کمیشن جہانگیر عالم نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا تھا کہ ووٹنگ ختم ہونے سے ایک گھنٹے قبل یعنی 3 بجے تک ووٹ ڈالنے کی شرح 27 فی صد رہی۔

    2018 میں ووٹ ڈالنے کی شرح سب سے زیادہ 80 فی صد تھی، پی این پی کا کہنا ہے کہ حکمراں جماعت نے ڈمی آزاد امیدوار کھڑے کیے تاکہ انتخابات کو قابل اعتبار بنایا جا سکے۔

    بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شکیب الحسن نے بھی اپنی نشست جیت لی ہے، واضح رہے کہ نگراں حکومت کے تحت انتخابات نہ کرانے پر اپوزیشن نے بائیکاٹ کیا تھا۔

  • بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے پولنگ جاری

    بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے پولنگ جاری

    ڈھاکا: بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے، اپوزیشن جماعتوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے، ملک بھر میں ووٹنگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔

    اپوزیشن کے بائیکاٹ کے سبب وزیر اعظم حسینہ واجد کی جیت کا امکان ہے، دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے 2 روزہ ملک گیر ہڑتال کی کال دی ہے اور عوام سے ووٹ نہ ڈالنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    انتخابات سے ایک روز قبل کئی پولنگ بوتھ جلا دیے گئے، ٹرین کو آگ لگا دی گئی جس سے دو بچوں سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے، آگ لگانے کے واقعات فوج کی تعنیاتی کے بعد پیش آئے، پولیس نے اپوزیشن کو واقعے کا ذمے دار قرار دے کر 7 ارکان کو گرفتارکر لیا ہے، تاہم اپوزیشن نے الزامات مسترد کر دیے ہیں، وزیر اعظم شیخ حسینہ نے بنگلادیش نیشنل پارٹی کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔

    ڈھاکا میں مسافر ٹرین کو آگ لگادی گئی، متعدد ہلاک

    امریکی اخبارات نے انتخابات کو مغربی ممالک کے ساتھ تعلقات کا امتحان قرار دے دیا ہے، بی این پی کے بائیکاٹ کے بعد شیخ حسینہ واجد کی عوامی مسلم لیگ کی کامیابی یقینی دکھائی دے رہی ہے، بی این پی نے وزیر اعظم سے استعفے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

    یاد رہے کہ بی این پی نے 2014 کے انتخابات کا بھی بائیکاٹ کیا تھا، اور 2018 کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے تھے، بی این پی کی جانب سے آج اور کل ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے، ہڑتال کے دوران بنگلادیش میں مظاہرے شروع ہو گئے ہیں، جب کہ مشتعل مظاہرین کے خلاف پولیس کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔

    کئی مقامات پر پولنگ اسٹیشنز جلائے گئے ہیں، دارالحکومت ڈھاکا میں 14 پولنگ اسٹیشنوں کو آگ لگائی گئی، گزشتہ روز مظاہروں میں مسافر ٹرین کو بھی جلا دیا گیا تھا، اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی نے ایک بیان میں تبصرہ کیا کہ بنگلادیش میں انتخابات میں جابرانہ ماحول پریشان کن ہے۔

  • بنگلادیش میں وبا سے 1606 افراد ہلاک

    بنگلادیش میں وبا سے 1606 افراد ہلاک

    ڈھاکا: بنگلا دیش میں بدترین ڈینگی پھیلنے سے 1606 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش ڈینگی بخار کی بدترین وبا کی زد پر ہے، رواں برس اس مہلک وبا سے ہلاکتوں کی تعداد سولہ سو سے بڑھ گئی ہے۔

    بنگلادیش میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پیر کو مزید 8 افراد مچھروں سے پھیلنے والے وائرل ڈینگی بخار کا شکار ہوئے، جن میں سے چار اموات ڈھاکا میں ہوئیں، جو اس مہلک بیماری کا مرکز بنا ہوا ہے، اس سال کل اموات میں سے 930 کا تعلق ڈھاکا سے تھا۔

    بنگلادیش نے ڈینگی سے متعلق ریکارڈ 2000 میں رکھنا شروع کیا تھا، تب سے اب تک رواں برس ریکارڈ توڑ ڈینگی انفیکشن دیکھنے میں آیا ہے، صحت حکام کے مطابق ڈینگی مون سون کے موسم میں بالعموم جولائی سے ستمبر تک مچھروں کی بھرمار کے باعث پھیلتی ہے۔

    بنگلادیشی صحت حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک تین لاکھ 9 ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ڈینگی ایسی وبا ہے جو مچھروں سے پھیلتی ہے اور مچھروں کی یہ خاص قسم میٹھے پانی کے تالابوں، کھڑے پانی اور نالوں میں افزائش پاتی ہے۔

    ماہرین صحت نے رواں سال ڈینگی کی طوالت پر تشویش کا اظہار کیا ہے، کیوں کہ عام طور پر مون سون کی بارشیں ختم ہوتے ہی ڈینگی انفیکشن کم ہونا شروع ہو جاتا ہے، تاہم اس بار صرف نومبر میں ڈینگی کے تقریباً 38,000 کیسز ریکارڈ ہو چکے ہیں۔

  • ورلڈ کپ 2023ء: جنوبی افریقہ اور بنگلا دیش آج آمنے سامنے ہوں گے

    ورلڈ کپ 2023ء: جنوبی افریقہ اور بنگلا دیش آج آمنے سامنے ہوں گے

    جنوبی افریقہ اور بنگلا دیش کی ٹیمیں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023ء کے میچ میں آج آمنے سامنے ہوں گی۔

    ورلڈ کپ 2023ء کے 23 ویں میچ میں جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے واکھنڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں اتریں گی۔

    جنوبی افریقہ کی ٹیم میگا ایونٹ میں چار میچز کھیل کر تین میں کامیابی حاصل کر چکی ہے، دوسری جانب بنگلا دیش نے بھی ٹورنامنٹ میں چار میچز کھیلے ہیں اور صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ پہلی بار افغانستان نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی ہے۔

    چنئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیا گیا 283 رنز کا ہدف افغانستان نے 49ویں اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    رحمان اللہ گرباز نے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ابراہیم زدران 87 رنز بنا کر نمایاں رہے، رحمت شاہ 77 اور کپتان حشمت اللہ شاہدی 48 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

  • ورلڈ کپ: بنگلادیش نے افغانستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دیدی

    ورلڈ کپ: بنگلادیش نے افغانستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دیدی

    دھرم شالا:بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے افغانستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے ہرادیا۔

    بنگال ٹائیگرز نے157رنزکا ہدف 35ویں اوور میں حاصل کرلیا، بنگلادیش کے نجم الحسین شنٹو 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کرنمایاں رہے، جبکہ افغانستان کے عظمت اللہ، فضل فاروقی اور نوین الحق نے ایک ایک وکٹ لی۔

     افغانستان کی ٹیم پہلے کھیل کر صرف 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن اور مہدی حسن نے 3 3 وکٹیں حاصل کیں، اس کے علاوہ شرف الاسلام نے 2 اور تسکین احمد، مستفیظ الرحمان نے ایک ایک وکٹ لی۔

    دوسری جانب رحمان اللہ گرباز 47 رنز بنا کر نمایاں رہے، عظمت اللہ اور ابراہیم زدران نے 22، 22 رنز بنائے جبکہ رحمت شاہ اور کپتان حشمت اللہ 18،18 رنز بنا سکے۔

    بھارت کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کا تیسرا میچ ریاست ہماچل پردیش کے شہر دھرمشالا کے ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں بنگلادیش اور افغانستان مدمقابل تھے، بنگلادیش نے افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے ون ڈے ورلڈکپ کے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔