Tag: بنگلا دیش

  • بنگلادیش نے بھارت سے الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں کی درخواست کر دی

    بنگلادیش نے بھارت سے الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں کی درخواست کر دی

    ڈھاکا: بنگلا دیش نے بھارت سے 300 الیکٹرک ڈبل ڈیکر ایئر کنڈیشنڈ بسیں خریدنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش نے بھارت سے الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں کی درخواست کر دی ہے، رواں سال بنگلا دیش بھارت سے 100 الیکٹرک بسیں خریدے گا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلا دیشی حکومت کی جانب سے یہ درخواست اتوار کو ڈھاکا میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر ڈاکٹر بنوئے جوگرے اور بنگلا دیش کے روڈ ٹرانسپورٹ اور پلوں کے وزیر عبید القادر کے درمیان ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران کی گئی۔

    بھارتی ڈبل ڈیکر بسیں ڈھاکا اور چٹوگرام کی سڑکوں پر چلائی جائیں گی، سرکاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیر ٹرانسپورٹ نے انڈین لائن آف کریڈٹ (LOC) کے تحت بنگلا دیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (BRTC) کے لیے 300 الیکٹرک ڈبل ڈیکر اے سی بسوں کی خریداری پر گفتگو کی ہے۔

    بنگلادیش 2030 تک کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن پر ایک پالیسی بنانے کے لیے کام کر رہا ہے، یہ پالیسی رواں ماہ منظوری کے لیے کابینہ کو بھیجی جائے گی۔

  • حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے

    حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے

    ڈھاکا: بنگلا دیش میں حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، حکومت کی جانب سے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کی نیشنل پارٹی نے شہر کھلنہ میں احتجاج کی کال دی، جس پر ہزاروں افراد وزیر اعظم حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔

    مظاہرے کو روکنے کے لیے عوامی لیگ کی حکومت نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند کر دی، رکاوٹوں کی وجہ سے کئی مقامات پر جھڑپیں ہوئیں، پولیس اور مظاہرین آنے سامنے آئے۔

    عوامی لیگ نے بنگلا دیش نیشنل پارٹی پر دہشت پھیلانے کا الزام عائد کر دیا ہے۔

  • بنگلا دیش حکومت کا اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن

    بنگلا دیش حکومت کا اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن

    ڈھاکا: بنگلا دیش حکومت نے اپوزیشن کے کارکنوں کے خلاف مقدمات اور گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش حکومت نے اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، ہزاروں کارکنان کے خلاف مقدمات بنا لیے گئے۔

    بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کا دعویٰ ہے کہ بنگلادیش کی حکومت نے 4 ہزار 81 کارکنان پر جھوٹے مقدمات بنائے ہیں، جب کہ دیگر 20 ہزار حمایتیوں پر بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اپوزیشن جماعت نے حالیہ مہینوں میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے تھے اور عام انتخابات غیر جانب دار نگراں حکومت کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کیا ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ بنگلا دیش میں عام انتخابات اگلے سال دسمبر میں ہوں گے، دوسری جانب ہیومن رائٹس واچ نے بنگلا دیش میں اپوزیشن کارکنوں کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلا دیشی حکام کو قانون کی حکمرانی کا احترام کرنا چاہیے اور سیاسی اپوزیشن کے حامیوں کی آزادی اور پرامن اجتماع کے حق کا تحفظ کرنا چاہیے۔

    ہیومن رائٹس واچ جنوبی ایشیا کی ڈائریکٹر میناکشی گنگولی نے کہا کہ وزیر اعظم شیخ حسینہ نے بارہا کہا ہے کہ بنگلا دیش ایک پختہ جمہوریت ہے جو انتخابات کرانے اور اقتدار کی پرامن منتقلی کی صلاحیت رکھتا ہے، لیکن اس کی بجائے پچھلے انتخابات میں تشدد، اپوزیشن پر حملوں اور ووٹرز کو دھمکیاں دی گئیں۔

  • بنگلا دیش کا ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان، اہم کھلاڑی ڈراپ

    بنگلا دیش کا ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان، اہم کھلاڑی ڈراپ

    ڈھاکا: بنگلا دیش نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا، اہم کھلاڑی محمود اللہ کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے بنگلا دیش نے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔

    سابق کپتان محموداللہ اور مشفق الرحمان ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے، شکیب الحسن ٹیم کے کپتان جب کہ نور الحسن سوہان نائب کپتان ہوں گے۔

    دیگر کھلاڑیوں میں شبیر رحمان، مہدی حسن میراز، مصدق حسین، لٹن داس، یاسر علی، مستفیض الرحمان، محمد سیف الدین، تسکین احمد، عبادت حسین، حسن محمود، نجم الحسین شنتو، نسوم احمد، اور عفیف حسین شامل ہیں۔

    اسٹینڈ بائی کھلاڑیوں میں شریف الاسلام، رشاد حسین، شک مہد حسن، اور سومیا سرکار کو رکھا گیا ہے۔

  • طوفان: بنگلا دیش میں ہلاکتیں 41 ہو گئیں

    طوفان: بنگلا دیش میں ہلاکتیں 41 ہو گئیں

    سلہٹ: بنگلا دیش میں تباہ کن طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 41 ہو گئی ہے، جب کہ 40 لاکھ سے زیادہ افراد مختلف علاقوں میں پھنس چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ہونے والی مسلسل بارشوں سے بنگلا دیش کے شمال مشرق کے وسیع علاقے زیر آب آ گئے ہیں، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ نے فوج کو طلب کر لیا۔

    ایک ہفتے سے جاری طوفانی بارشوں سے ہر طرف تباہی مچ گئی ہے، مختلف حادثات میں اکتالیس افراد جان سے گئے، جب کہ متعدد لا پتا ہیں، غیر ملکی میڈیا کے مطابق اب تک بارشوں سے چالیس لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    سلہٹ ریجن کے تمام علاقے بجلی اور انٹرنیٹ تک رسائی سے محروم ہو چکے ہیں، سیلاب والے علاقوں میں مکانات ڈوب گئے ہیں، سڑکیں تالاب بن گئی ہیں، اور بیش تر علاقے زیر آب آ چکے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ شمال مشرق کا زیادہ تر حصہ زیر آب ہے، ہفتے کے آخر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے ساتھ صورت حال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش کے نشیبی علاقوں میں لاکھوں لوگوں کے لیے سیلاب ایک باقاعدہ خطرہ ہے، جب کہ موسمیاتی تبدیلی نے ان خطرات میں غیر متوقع طور پر بہت زیادہ اضافہ کر دیا ہے۔

  • سری لنکا کے بعد ایک اور ملک بھی برے حالات کے نرغے میں

    سری لنکا کے بعد ایک اور ملک بھی برے حالات کے نرغے میں

    ڈھاکا: سری لنکا کے بعد بنگلا دیش پر بھی معاشی بحران کا سایہ منڈلانے لگا ہے، جہاں کاروباری خسارے میں لگا تار اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش کے بیرون ملک کرنسی ذخیرہ یعنی فوریکس ریزروس میں لگا تار گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔

    بین الاقوامی بازار میں کموڈیٹی، ایندھن، مال ڈھلائی اور اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں اضافے کے سبب بنگلا دیش کا خرچ برائے درآمدات بھی بڑھ گیا ہے، جولائی 2021 سے مارچ 2022 کے درمیان بنگلا دیش کے ذریعے سامانوں پر کیے جانے والے خرچ میں بے تحاشا اضافہ ہوا۔

    بنگلا دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق درآمدات پر ہونے والا خرچ بڑھ گیا ہے لیکن اس کے مقابلے میں برآمدات سے ہونے والی آمدنی نہیں بڑھی، جس کی وجہ سے کاروباری گھاٹا لگاتار بڑھتا جا رہا ہے، درآمدات پر زیادہ ڈالر خرچ کرنے پڑ رہے ہیں، اور برآمدات سے غیر ملکی کرنسی حاصل نہیں ہوئی، جس کے سبب فوریکس ریزروز میں کمی آ رہی ہے۔

    جو میڈیا رپورٹس سامنے آ رہی ہیں اس میں فوریکس ریزروز میں لگاتار گراوٹ کی نشاندہی کی جا رہی ہے، جتنا فوریکس ریزروز بچا ہے اس کے ذریعے صرف 5 مہینے کے لیے ہی درآمدات کی ضرورتوں کو پورا کیا جا سکے گا، اگر کموڈٹی، کروڈ اور خوردنی اشیا کی قیمتیں بڑھتی رہیں تو پانچ مہینے سے پہلے بھی یہ فنڈ ختم ہو سکتا ہے۔

    22-2021 کے جولائی سے مارچ کے درمیان بنگلا دیش میں 22 ارب ڈالر کے صنعتی خام مال کی درآمد ہوئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 54 فی صد زیادہ ہے، خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے سبب درآمدات بل 87 فی صد بڑھی ہے۔

    ڈالر کی قیمتوں میں بینک اور اوپن مارکیٹ میں 8 روپے کے قریب فرق ہے، اس کے سبب لوگ اور غیر قانونی طریقے سے بیرون ملکی کرنسی بھیج رہے ہیں، جس سے مرکزی بینک کے پاس بیرون ملکی کرنسی کی کمی آئی ہے۔

    ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی کمزور ہوتی جا رہی ہے، مرکزی بینک نے ٹکا اور ڈالر کا ایکسچینج ریٹ 86.7 ٹکا طے کیا ہے لیکن بینک درآمد کنندگان سے 95 ٹکا وصول کر رہے ہیں، اس وجہ سے درآمدی سامان کی قیمتیں بڑھی ہیں اور مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

    بنگلا دیشی حکومت نے ڈالر بحران سے نمٹنے کے لیے لگژری مصنوعات کی درآمدات پر پابندی لگا دی ہے اور سرکاری افسران کے بیرون ملک سفر کو بھی ممنوع قرار دے دیا ہے، ساتھ ہی غیر ضروری منصوبوں پر عارضی طور پر روک لگ سکتی ہے۔

  • دنیا کی سب سے بونی گائے چل بسی، ہزاروں شائقین افسردہ

    دنیا کی سب سے بونی گائے چل بسی، ہزاروں شائقین افسردہ

    ڈھاکا: دنیا کی سب سے بونی گائے بیماری سے چل بسی، ہزاروں شائقین اس کی موت پر افسردہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش میں وسیع پیمانے پر شہرت حاصل کرنے والی دنیا کی سب سے چھوٹی گائے، جسے رانی کا نام دیا گیا تھا، جمعرات کو دوران علاج مر گئی۔

    رانی، جو صرف 51 سینٹی میٹر (20 انچ) لمبی اور اس کا وزن 26 کلو گرام (57 پونڈز) تھا، دنیا کی سب سے چھوٹی گائے کے اعزاز کے حصول کے لیے مقابلے میں شامل تھی۔

    مقامی لائیواسٹاک افسر ساجد الاسلام نے میڈیا کو بتایا کہ رانی کے معدے میں بہت زیادہ سوجن ہو گئی تھی، جس پر اسے علاج کے لیے جمعرات کو لے جایا گیا، تاہم جانوروں کے ڈاکٹرز اسے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور وہ چند ہی گھنٹوں بعد مر گئی۔

    انھوں نے بتایا کہ رانی کے معدے میں ہونے والی سوجن بہت زیادہ خوراک کھانے اور گیس جمع ہونے کی وجہ سے ہوئی تھی۔

    واضح رہے کہ رانی بنگلا دیش میں مقامی سیلیبریٹی کی حیثیت رکھتی تھی، ڈھاکا کے قریب ایک علاقے ساور کے ایک فارم میں مقیم اس گائے کو لوگ بڑی تعداد میں اسے دیکھنے آتے تھے، تقریباً 2 سال عمر کی یہ گائے اپنی معصومیت کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔

    رانی کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملک گیر لاک ڈاؤن کے باوجود اسے دیکھنے کے لیے روزانہ بڑی تعداد میں لوگ فارم ہاؤس پہنچتے رہے۔

    ایک بنگلادیشی افسر نے فیس بک پر لکھا کہ حکام نے گنیز بک آف ریکارڈز کو بھی رانی کی موت سے مطلع کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا کی سب سے چھوٹی گائے کا اعزاز اس وقت بھارت کی ایک بونی گائے کو حاصل ہے جس کا قد 24 انچ ہے۔

  • بنگلا دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کی سائنوفارم سے ویکسینیشن شروع

    بنگلا دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کی سائنوفارم سے ویکسینیشن شروع

    ڈھاکا: بنگلا دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کی کرونا ویکسینیشن شروع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش میں پڑوسی ملک میانمار سے جانیں بچا کر پناہ کے لیے آنے والے روہنگیا مسلمانوں کے کیمپوں میں کووِڈ 19 ویکسین لگانے کا آغاز کر دیا گیا۔

    کاکسس بازار کے پناہ گزین کیمپوں میں کرونا ویکسینیشن کا آغاز منگل کے روز سے ہوا، ان کیمپوں میں تقریباً 9 لاکھ روہنگیا پناہ گزیں ہیں، یہاں ویکسینیشن اقوام متحدہ کے اداروں کے تعاون سے کرائی جا رہی ہے۔

    55 سال یا اس سے زائد عمر کے تقریباً 48 ہزار افراد کو چینی ساختہ سائنوفارم ویکسین لگائی جا رہی ہے، ویکسین لگوانے کے لیے آنے والے ایک فرد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ وائرس دنیا بھر میں پھیل رہا ہے اور وہ اس سے متاثر نہیں ہونا چاہتا۔

    جہاں دنیا بھر کے 220 ممالک اور خطے کرونا وائرس کی لپیٹ میں آئے، وہاں بنگلا دیش میں قائم پناہ گزین کیمپوں میں موجود روہنگیا مسلمان بھی اس سے نہ بچ سکے، عالمی ادارہ صحت کے مطابق کیمپوں میں موجود تقریباً ڈھائی ہزار پناہ گزینوں میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے، اور ان میں سے 28 کی موت واقع ہوئی۔

    واضح رہے کہ بنگلا دیش میں وائرس کی انتہائی متعدی متغیر قسم ’ڈیلٹا‘ تیزی سے پھیل رہی ہے۔

  • بنگلا دیش میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ، سخت لاک ڈاؤن کا اعلان

    بنگلا دیش میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ، سخت لاک ڈاؤن کا اعلان

    ڈھاکا: بنگلا دیش میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ ہوگیا جس کے بعد سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا۔ بنگلا دیش میں اب تک کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے بنگلا دیشی حکام نے 28 جون سے سخت لاک ڈاؤن اعلان کیا ہے، یہ لاک ڈاؤن ایک ہفتے کے لیے لگایا جائے گا۔

    بنگلہ دیش میں اب تک کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ 78 ہزار 804 ہوچکی ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 67 ہزار 269 ہے۔

    ملک میں اب تک کووڈ 19 سے 13 ہزار 976 اموات ہوچکی ہیں، صحت یاب افراد کی تعداد 7 لاکھ 97 ہزار 559 ہوچکی ہے۔

    دوسری جانب بھارت میں کرونا وائرس کی تباہ کن لہر میں کمی آرہی ہے، ایک دن میں 48 ہزار نئے کرونا کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    بھارت میں اب تک کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 کروڑ 1 لاکھ 83 ہزار 143 ہوچکی ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 5 لاکھ 95 ہزار 534 ہے۔

    ملک میں اب تک کووڈ 19 سے 3 لاکھ 94 ہزار 524 اموات ہوچکی ہیں، صحت یاب افراد کی تعداد 2 کروڑ 91 لاکھ 93 ہزار 85 ہوچکی ہے۔

  • راولپنڈی ٹیسٹ: دوسرے روز کا اختتام، پاکستان نے 3 وکٹوں پر 342 رنز بنالیے

    راولپنڈی ٹیسٹ: دوسرے روز کا اختتام، پاکستان نے 3 وکٹوں پر 342 رنز بنالیے

    راولپنڈی: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل اختتام پذیر ہوگیا، پاکستان نے 3 وکٹوں پر 342 رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلادیش کے خلاف بابراعظم 143 اور اسدشفیق 60 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، پاکستان نے پہلی اننگز میں بنگلادیش پر 109رنز کی برتری حاصل کرلی، بنگلادیش کی ٹیم پہلے دن 233 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، بنگلا دیش کے خلاف اپنی پہلی اننگز کا آغاز کرتے ہی پاک ٹیم کے اوپنر عابد علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، عابد علی بھارتی کرکٹر محمد اظہر الدین کی مسلسل تیسرے ٹیسٹ میں سنچری کا ریکارڈ برابر نہ کر سکے۔

    اس وقت راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے اطراف سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، میچ سے قبل پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیموں نے وارم اپ پریکٹس کی۔ بنگلا دیش کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز مایوس کن انداز میں ہوا تاہم شان مسعود اور بابر اعظم نے بیٹنگ کو سنبھالا دیا، شان مسعود نے 11 چوکوں کی مدد سے شان دار سینچری اسکور کی اور 100 رنز پورے کرنے کے بعد تیج الاسلام کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، بابر اعظم نے بھی ففٹی اسکور کی، جب کہ اظہر علی 34 رنز بنا کر ابو جید کی گیند پر نجم الحسین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، عابد علی کی وکٹ بھی ابو جید کے حصے میں آئی جن کا کیچ لتن داس نے لیا۔

    بنگلا دیش کی پہلی اننگز

    گزشتہ روز شاہینوں نے بنگلا دیشی بلے بازوں کو چلنے نہ دیا، 233 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی تھی، پہلے روز کا کھیل خراب روشنی کے باعث جلدی ختم کر دیا گیا تھا، شاہین آفریدی نے شان دار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑی آؤٹ کیے، محمد عباس اور حارث سہیل نے 2،2 وکٹیں لیں۔ قبل ازیں پاکستان نے بنگال ٹائیگرز کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دی، آغاز ہی میں شاہین آفریدی اور محمد عباس نے بنگلا دیشی اوپنرز کو چلتا کیا۔ نجم الحسین شانتو اور کپتان مومن الحق نے ٹکنے کی کوشش کی لیکن شاہین اور عباس کا شکار بننے سے نہ بچ سکے، محمد متھن نے بنگلا دیش کے اسکور کو آگے بڑھایا جو 63 رنز پر نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

    بنگلا دیش کی جانب سے تمیم اقبال 3 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، جب کہ سیف حسن کو شاہین آفریدی کی گیند پر شفیق نے کیچ آؤٹ کیا۔ سیف حسن رنز کا کھاتا ہی نہ کھول سکے اور صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان مومن الحق 5 چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، نجم الحسین شنتو 44 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں پویلین لوٹ گئے، محمود اللہ 25 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔