Tag: بنگلہ

  • دبئی میں 15 ارب روپے کا بنگلہ کس نے خریدا؟

    دبئی میں 15 ارب روپے کا بنگلہ کس نے خریدا؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں 20 کروڑ درہم یعنی 15 ارب پاکستانی روپے سے زائد میں بنگلے کی فروخت کو ریئل اسٹیٹ کا سب سے بڑا سودا قرار دیا جارہا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق ماجد الفطیم ریئل اسٹیٹ کمپنی نے دبئی کے جزائر لانائی میں اعلیٰ درجے کا مینشن بنگلہ 200 ملین درہم میں خرید لیا ہے، اسے دبئی سینٹر میں اعلیٰ رہائشی کمپلیکس کا سب سے بڑا سودا قرار دیا جا رہا ہے۔

    بنگلوں کی ڈیزائنرجنوبی افریقہ کی سول انجینیئرنگ کمپنی ہے جو کئی ایوارڈز حاصل کر چکی ہے۔

    جزیرہ لانائی میں 13 منفرد قسم کے مینشن بنگلے ہیں، ہر بنگلے کا اپنا ساحل ہے۔

    یہ ڈیڑھ لاکھ مربع میٹر کے رقبے میں لاغون الغاف کرسٹل جھیل کے قلب میں خصوصی جزیرے میں بنے ہوئے ہیں، دنیا کی مالدار ترین شخصیات ان بنگلوں میں دلچسپی لے رہی ہیں۔

    دبئی میں ان دنوں ریئل اسٹیٹ کا کاروبار عروج پر ہے۔ سنہ 2022 کے دوران دبئی میں 88 ہزار 29 سودے 239.64 ارب درہم میں ہوئے جو 2021 میں ہونے والے سودوں کے مقابلے میں دو گنا ہیں۔

  • سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا

    سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا

    لاہور: قومی ادارہ احتساب (نیب) کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ نے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا، بنگلے پر سرکاری اہلکار تعینات کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مفرور شدہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا لاہور میں واقع بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا، اسحٰق ڈار کا 4 کنال 17 مرلے کا بنگلہ 7 ایچ ماڈل گلبرگ تھری میں ہے۔

    مذکورہ کارروائی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کی سربراہی میں کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق نیب کی جانب سے فوری طور پر بنگلے کو قبضے میں لینے کی ہدایت دی گئی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ بنگلہ سرکاری تحویل میں لے کر سرکاری اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس نیب میں زیر سماعت ہے، اسحٰق ڈار کافی عرصے سے مفرور ہیں اور عدالتوں سے بچنے کے لیے بیرون ملک مقیم ہیں۔

    اس سے قبل اسحٰق ڈار کے اکاؤنٹس سے 36 کروڑ روپے پنجاب حکومت کو منتقل کیے جاچکے ہیں۔ اسحٰق ڈار کے مختلف کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس چند ماہ پہلے منجمد کیے گئے تھے۔ اس سے قبل بھی عدالت کے حکم پر اسحٰق ڈار کی جائیداد قرقکی جاچکی ہے۔

    اسحٰق ڈار کیس کے تفتیشی افسر نادر عباس کے مطابق اسحٰق ڈار کی موضع ملوٹ اسلام آباد میں واقع 6 ایکڑ اراضی فروخت کی جاچکی ہے، اراضی کیس کی تفتیش شروع ہونے سے پہلے فروخت کی گئی۔