Tag: بنگلہ دیش

  • پاکستان کا بنگلہ دیش سے متعلق اہم فیصلہ

    پاکستان کا بنگلہ دیش سے متعلق اہم فیصلہ

    اسلام آباد (24 اگست 2025): نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے دورہ بنگلہ دیش کے تسلسل میں پاکستان نے انتہائی اہم فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بنگلہ دیش کے دو روزہ دورے پر ڈھاکا میں موجود ہیں۔ اسی دورے کے تسلسل میں پاکستان نے انتہائی اہم فیصلہ کیا ہے اور وفاقی حکومت نے پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے قیام کا اعلان کیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاک بنگلہ دیش نالج کوریڈور منصوبے کے تحت 5 سال میں 500 بنگلہ دیشی طلبہ کو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالر شپ دی جائے گی اور اس اسکالر شپ کا 25 فیصد میڈیسن فیلڈ میں دیا جائے گا۔

    بنگلہ دیش کے 100 سول سرونٹس کو پاکستان میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پاکستان نے تیکنیکی معاونت کی مد میں بنگلہ دیشی طلبہ کیلیے اسکالر شپس کی تعداد 25 کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

    دریں اثنا نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ڈھاکا میں امیر جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش ڈاکٹر شفیق الرحمان سے ملاقات اور ان کی سیاست، تعلیم اور سماجی بہبود کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ اسحاق ڈار کے دورہ بنگلہ دیش کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 6 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-bangladesh-mous-agreements-24-aug-2025/

  • پاکستان نے تیسرا ٹی 20 میچ جیت لیا، سیریز بنگلہ دیش کے نام

    پاکستان نے تیسرا ٹی 20 میچ جیت لیا، سیریز بنگلہ دیش کے نام

    ڈھاکا (24 جولائی 2025): پاکستان آخری ٹی 20 میچ جیت کر وائٹ واش کی خفت سے بچ گیا تاہم سیریز میزبان بنگلہ دیش کے نام رہی۔

    پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اؔخری میچ میں گرین شرٹس نے پے در پے شکستوں کے بعد جیت کا مزا چکھ لیا۔ اس جیت کے ساتھ شاہینز وائٹ واش کی خفت سے بچ گئے، تاہم بنگلہ دیش نے پہلی بار پاکستان کو ٹی 20 سیریز میں ہرا دیا۔

    پاکستانی بلے بازوں نے سابقہ دو میچوں کے برعکس بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دیا، لیکن بنگال ٹائیگرز یہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

    مہمان ٹیم کی بیٹنگ تیسرے میچ میں پاکستانی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 16.4 اوورز میں 104 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ گرین شرٹس نے 74 رنزکے بھاری مارجن سے یہ فتح حاصل کی۔

    شاہینوں نے بنگال ٹائیگرز کو شروع سے ہی دباؤ میں رکھا۔ پہلے بیٹنگ میں پاور پلے کا بہترین استعمال کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو بڑا ہدف دیا اور پھر جب بنگلہ دیش نے بیٹنگ شروع کی تو پاکستانی بولرز نے 25 رنز پر آدھی ٹیم کو پویلین بھیج دیا تھا۔ وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث محمد سیف الدین کی کوشش بھی رائیگاں گئی۔

    میزبان ٹیم کے 9 بلے باز ڈبل فیگرز می بھی داخل نہ ہو سکے۔ محمد سیف اللہ 35 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ اننگ کا دوسرا بڑا اسکور محمد نعیم نے 10 رنز بنائے۔

    پاکستان کی جانب سے سب سےکامیاب بولر سلمان مرزا رہے۔ انہوں نے 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نواز نے 1.4 اوور میں صرف 4 رنزکے عوض دو وکٹیں اڑائیں۔ فہیم اشرف نے 13 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ احمد دانیال، سلمان آغا اور حسین طلعت کے ہاتھ ایک ایک وکٹ آئی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

    اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان پہلی بار ٹی 20 سیریز میں بنگلہ دیش سے وائٹ واش کی خفت سے بچ گیا۔ تاہم سیریز دو ایک سے بنگلہ دیش کے نام رہی اور بنگال ٹائیگرز نے 18 سال میں پہلی بار گرین شرٹس کو ٹی 20 سیریز میں شکست دی۔

    اس سے قبل پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے تھے۔ صاحبزادہ فرحان 41 گیندوں پر 63 رنز کی برق رفتار اننگ کھیل کر نمایاں رہے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ حسن نواز نے بھی 17 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔

    واضح رہے کہ تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں میں پاکستانی بیٹنگ بنگلہ بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی تھی۔

    پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان مکمل اوورز بھی نہ کھیل سکا اور 19.3 اوورز میں 110 رنز پر ڈھیر ہو کر دو منفی ریکارڈ بنائے اور ساتھ ہی بنگلہ دیش سے سات وکٹوں کی شرمناک شکست پائی۔

    دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کی جانب سے جیت کے لیے دیے گئے 134 رنز کے آسان ہدف بھی پاکستانی بلے بازوں کے لیے پہاڑ جیسا ثابت ہوا اور ان کے ہاتھ پاؤں ایسے پھولے کہ پاور پلے کے اندر ہی آدھی ٹیم صرف 15 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ فہیم اشرف نے نصف سنچری بنائی مگر وہ رائیگاں گئی اور دوسرا میچ بھی مہمان ٹیم نے اپنے نام کر کے پاکستان کو پہلی بار ٹی 20 سیریز میں زیر کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

  • بنگلہ دیش جیسی ٹیم سے شکست کی کیا وجہ ہے؟ سابق کرکٹر نے کچا چٹھا کھول دیا

    بنگلہ دیش جیسی ٹیم سے شکست کی کیا وجہ ہے؟ سابق کرکٹر نے کچا چٹھا کھول دیا

    تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دے کر سیریز دو صفر سے اپنے نام کرلی ہے۔

    اس ٹی ٹونٹی سیریز کے ہارنے کے بعد سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا شائقین کرکٹ بابر اعظم اور محمد رضوان کی کمی کو محسوس کررہے ہیں؟

    جس طرح ہر شکست کے پس پردہ کچھ عوامل ہوتے ہیں جو کسی بھی ٹیم کو اس کی شکست کی طرف لے جاتے ہیں، قومی ٹیم کے ساتھ ایسا کیا ہوا جو اس کو یہ نتیجہ بھگتنا پڑا۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اسپورٹس روم میں قومی ٹیم کے سابق کھلاڑی عبدالرؤف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے قومی ٹیم اور پی سی بی کی کمزوریوں کی نشاندہی کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوئی پالیسی نہیں ہے اور نہ ہی عہدیداران کے پاس وہ قابلیت یا ڈائریکشن ہے جس کی وجہ سے یہ باتیں سننے کو ملتی ہیں کہ شائقین کرکٹ بابر اعظم اور محمد رضوان کو یاد کررہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ سوشل میڈیا پر ہونے والی باتوں کو سیریس لے کر ہی ایسے فیصلے کرتے ہیں، کہ جیسی ٹیم انہوں نے اس بار بنائی۔ بابر اعظم اور محمد رضوان اور دیگر کو ہم نے امریکا اور بھارت کے ساتھ میچوں میں دیکھ لیا کہ ان کی کارکردگی کیا تھی؟

    ایک سوال کے جواب میں عبدالرؤف نے کہا کہ پوری دنیا میں ٹیموں میں تبدیلیاں ہوتی ہیں، لیکن یہاں جو لوگ ٹیم میں کھیلنے تک کے مستحق نہیں ہوتے انہیں کپتان بنا دیا جاتا ہے، شان مسعود 15 رنز کی ایوریج پر 25 ٹیسٹ میچ کھیل گیا۔

    مزید پڑھیں : بابر اور رضوان کو نظر انداز نہیں کرسکتے،ثنا میر

    اگر سلمان علی آغا کی بات کی جائے تو وہاں بھی یہی صورتحال ہے، اس کی ایسی کون سی کارکردگی ہے جو اسے قومی ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا؟ بنگلہ دیش جیسی ٹیم سے وائٹ واش ہونے کے بعد کیا رہ جاتا ہے، اب پی سی بی عوام کو زیادہ دیر بے وقوف نہیں بنا سکتا۔

  • دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش سے شکست

    دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش سے شکست

    ڈھاکا (22 جولائی 2025): دوسرے ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 8 ہرا کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

    ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے 134 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی دھوکا دے کر آدھی ٹیم صرف 15 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔ پاکستان کے ابتدائی 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

    محمد حارث، محمد نواز اور حسن نواز کو تو کھاتہ کھولنے کا موقع بھی نہ ملا۔ صائم ایوب دوسرے میچ میں بھی ناکام ثابت ہوئے اور صرف ایک رن ہی بنا سکے۔ فخر زمان کا بلا نہ چلا تو وہ خود 8 رنز بنا کر چلتے بنے۔ کپتان سلمان علی آغا نے 9 رنز بنائے جب کہ خوشدل شاہ 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    صرف 47 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان ٹیم کی جیت کی امیدیں دم توڑنے لگیں اور بنگلہ دیش سے پہلی بار ٹی 20 سیریز میں شکست کا خطرہ ہو چکا تھا۔

    تاہم اس موقع پر آل راؤنڈر فہیم اشرف اور عباس آفریدی کریز پر آئے اور آٹھویں وکٹ کے لیے قیمتی 41 رنز بنائے۔ 88 کے مجموعی اسکور پر عباس 19 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

    تاہم فہیم اشرف اور اپنا پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے احمد دانیال نے جیت کی امیدیں برقرار رکھتے ہوئے آخری لمحات اچھے شاٹس کھیل بنگلہ دیشی شائقین میں ہلچل مچائی۔

    جیت کی منزل جب صرف 13 رنز دور تھی تو فہیم اشرف 51 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 125 کے مجموعی اسکور پر احمد دانیال 17 رنز پر حوصلہ ہار بیٹھے۔

    بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے کامیاب بولر شوریف الاسلام رہے، جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ تنظیم حسن اور مہدی حسن نے دو، دو جب کہ مستفیض الرحمان اور رشاد حسین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    اس سے قبل بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ جاکر علی نے نصف سنچری بنائی اور 55 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ مہدی حسن 33 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ بنگلہ دیش کے بھی 8 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے تھے۔

    اس سے قبل بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ جاکر علی نے نصف سنچری بنائی اور 55 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ مہدی حسن 33 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ بنگلہ دیش کے بھی 8 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے تھے۔

    آج کے میچ میں پاکستان ٹیم میں احمد دانیال کو ڈیبیو کرایا گیا تھا۔ دانیال نے دو اہم وکٹیں لینے کے ساتھ پاکستانی بیٹنگ کے آخری لمحات میں 11 گیندوں پر 17 رنز کی اننگ کھیل کر نہ صرف اپنا انتخاب درست ثابت کیا بلکہ ڈیبیو بھی یادگار بنایا۔

    پاکستانی ہیڈ کوچ نے بنگلہ دیشی پچز کو غیر معیاری قرار دے دیا

    بنگلہ دیش نے 8 رنز سے دوسرا ٹی 20 میچ اپنے نام کر کے تین میچوں کی سیریز میں نا قابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔ جاکر علی کو 55 رنز کی فتح گر اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری میچ جمعرات 24 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

  • بنگلہ دیش سے شکست: 2 منفی ریکارڈز پاکستان ٹیم سے جُڑ گئے

    بنگلہ دیش سے شکست: 2 منفی ریکارڈز پاکستان ٹیم سے جُڑ گئے

    پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان ٹیم کو بدترین شکست ہی نہیں ہوئی بلکہ اس نے بنگلہ دیش کے خلاف 2 ناپسندیدہ ریکارڈ قائم کر دیے۔

    ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کا آغاز گرین شرٹس کی بدترین شکست سے ہوا ہے۔ تاہم اس کے ساتھ ہی مہمان ٹیم نے 2 ناپسندیدہ ریکارڈ بھی اپنے نام درج کرا لیے ہیں۔

    میچ میں پاکستان ٹیم میزبان کپتان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کے لیے میدان میں اتری، لیکن بلے بازی کا فلاپ شو پیش کرتے ہوئے پوری ٹیم صرف 19.3 اوورز میں 110 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

    اس کے ساتھ ہی گرین شرٹس نے دو ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام درج کرا لیے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک کھیلے گئے 23 میچز میں یہ پہلا موقع تھا کہ قومی ٹیم مکمل 20 اوورز نہ کھیل سکی اور بنگلہ بولرز نے انہیں 19.3 اوورز میں ہی چلتا کیا۔

    اس کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم جب 110 رنز پر پویلین لوٹی تو یہ اس کا بنگلہ دیش کے خلاف کم ترین اسکور تھا۔

    تاہم پاکستان کا بنگلہ دیش کے خلاف باہمی مقابلوں میں پلڑا اب بھی بھاری ہے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 23 ٹی 20 میچز کھیلے گئے ہیں۔ گرین شرٹس نے 19 میچوں میں کامیابی حاصل کی جب کہ بنگال ٹائیگرز کو چار فتوحات ملی ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان ٹیم اس سے قبل کئی ٹیموں سے مقابلے میں 100 سے بھی کم اسکور پر آؤٹ ہو چکی ہے۔

    گرین شرٹس کا ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے کم اسکور آسٹریلیا کے خلاف 74 رنز ہے، جو دبئی میں بنایا تھا۔ گرین شرٹس ویسٹ انڈیز کے خلاف 82، بھارت کے خلاف 83 اور انگلینڈ کے خلاف 89 رنز پر بھی ڈھیر ہو چکی ہے جب کہ رواں برس اوول میں نیوزی لینڈ کے خلاف 91 رنز پر آؤٹ ہو کر کیویز کے خلاف سب سے کم اسکور پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ بنایا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/first-t20-match-bangladesh-beat-pakistan-easily/

  • پہلا ٹی 20 میچ: بنگلہ دیش نے پاکستان کو با آسانی ہرا دیا

    پہلا ٹی 20 میچ: بنگلہ دیش نے پاکستان کو با آسانی ہرا دیا

    ڈھاکا (20 جولائی 2025): پہلے ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو با آسانی ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

    بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 111 رنز کا ہدف میزبان ٹیم نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 16 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

    گرین شرٹس نے بنگال ٹائیگرز کی ابتدائی دو وکٹیں صرف 7 رنز پر گرا دی تھیں۔ تاہم اس کے بعد پرویز حسین اور توحید ہریدوئے کے درمیان 73 رنز کی فتح گر پارٹنر شپ قائم ہوئی۔

    توحید 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تو جاکر حسین نے کریز سنبھالی۔ اس دوران پرویز حسین نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ناقابل شکست 56 رنز اسکور کیے۔ جاکر حسین نے بھی 15 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اپنا حصہ ڈالا۔

    اس فتح کے ساتھ ہی بنگلہ دیش نے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ سیریز کے بقیہ دو میچز بھی ڈھاکا میں ہی کھیلے جائیں گے۔

    اس سے قبل پاکستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 19.3 اوورز میں 110 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

    گرین شرٹس کی جانب سے اوپنر فخر زمان 44 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ آخر میں عباس آفریدی نے 22 رنز ناٹ آؤٹ اننگ کھیل کر قومی ٹیم کی لاج رکھ لی۔ خوشدل شاہ 17 رنز کے ساتھ ڈبل فیگر میں داخل ہونے والے تیسرے بلے باز تھے۔

    بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے کامیاب بولر تسکین احمد رہے۔ انہوں نے 22 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ جب کہ مستفیض الرحمان سب سے کفایتی بولر رہے۔

    انہوں نے اپنے کوٹے کے چار اوررز میں صرف 6 رنز دیے اور دو وکٹیں بھی اڑائیں۔ تنظیم حسن اور مہدی حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے آخری بار بنگلہ دیش میں ٹی 20 سیریز 2021 میں کھیلی تھی اور اس میں قومی ٹیم تین صفر سے کامیاب رہی تھی۔

  • بنگلہ دیش کیخلاف سیریز، پاکستان ٹیم ڈھاکا پہنچ گئی

    بنگلہ دیش کیخلاف سیریز، پاکستان ٹیم ڈھاکا پہنچ گئی

    بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم ڈھاکا پہنچ گئی ہے۔

     اے آر وائی نیوز کے مطابق گرین شرٹس دو دستوں کی صورت میں بنگلہ دیش پہنچے ہیں۔

    پہلے دستے میں کپتان سلمان علی آغا، صائم ایوب، فخر زمان، محمد نواز، ابرار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف سمیت سپورٹنگ اسٹاف شامل ہے، جو آج صبح ڈھاکا پہنچا تھا۔

     جب کہ پاکستان ٹیم کا دوسرا گروپ آج صبح کراچی سے روانہ ہوا تھا، جو بدھ کی شامل بنگلہ دیش پہنچ گیا۔

    قومی ٹیم کے دوسرے دستے میں محمد حارث، عباس آفریدی، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، سفیان مقیم، حسین طلعت، احمد دانیال، سلمان مرزا اور اسپورٹ اسٹاف کے ارکان شامل ہیں۔

     

    تمام کھلاڑی آج اور کل آرام کریں گے جس کے بعد سیریز کے لیے پریکٹس کا آغاز ہوگا۔
    گرین شرٹس ہوم گراؤنڈ میں کامیابی کے بعد اوے سیریز جیتنے کا مشن لے کر بنگلہ دیشی سر زمین پر اتری ہے۔ تین میچوں کی سیریز کا آغاز 20 جولائی سے ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز ڈھاکا میں شیڈول ہیں۔

    بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی سیریز کے لیے بھرپور تیاریاں کی ہیں اور میچز کے ٹکٹوں کی قیمت اور فروخت کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 300 ٹکا مقرر کی گئی ہے۔

    دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے تاحال پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا ہے۔ کل بنگال ٹائیگرز اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹی 20 سیریز کے آخری میچ کے بعد اسکواڈ کا اعلان متوقع ہے۔

  • بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلیے پاکستانی کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل، اہم کھلاڑی باہر

    بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلیے پاکستانی کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل، اہم کھلاڑی باہر

    پاکستان ٹیم رواں ماہ بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کھیلے گی جس کے لیے قومی کھلاڑیوں کا انتخابات کر لیا گیا ہے۔

    پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز رواں ماہ کھیلی جائے گی۔ 20 جولائی سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے قومی ٹیم 16 جولائی کو روانہ ہوگی۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 20 کھلاڑیوں کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ نائب کپتان شاداب خان کو انجری کی وجہ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ وہ کاندھے کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔

    ٹی 20 کپتان سلمان علی آغا اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی مشاورت سے منتخب کردہ اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں کو ترجیح دی گئی ہے۔

    سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 7 جولائی سے شروع ہوگا۔ اس سے ایک روز قبل ہیڈ کوچ مائیک ہیسن پاکستان پہنچ کر قومی ٹیم جوائن کر لیں گے۔

    سیریز کا آغاز 20 جولائی سے ہوگا۔ میچز 20، 22 اور 24 جولائی کو کھیلیں جائیں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/shadab-khan-suffers-shoulder-injury-surgery-recommended/

  • بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز، سری لنکا کا اسکواڈ کا اعلان

    بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز، سری لنکا کا اسکواڈ کا اعلان

    کولمبو: بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ کے لیے سری لنکا نے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

    سری لنکا کی ٹیم کی قیادت دھننجیا ڈی سلوا کریں گے، سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ یہ سینئر آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ ہوگا۔ 37 سالہ میتھیوز نے 2009 میں گال میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور اب وہ اپنا الوداعی میچ یادگار بنانے کی کوشش کریں گے۔

    میتھیوز سے قبل دیمتھ کرونارتنے بھی رواں سال فروری میں آسٹریلیا کے خلاف گال ٹیسٹ کے بعد ریٹائر ہو چکے ہیں۔

    سری لنکا کی قومی ٹیم میں تین نئے کھلاڑیوں پاسندو سوریابندارا، پوان رتھناایک اور ایسیٹھا وجے سندارا کو شامل کیا گیا ہے جو اس سیریز میں ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔لاہیرو ادارا اور سونل دنوشا کو بھی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔ جبکہ لاہیرو کمارا بھی ٹیم کا حصہ ہیں تاہم وہ انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

    یہ سیریز 2025-2027 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کے آغاز کی حیثیت بھی رکھتی ہے۔پہلا ٹیسٹ 17 جون کو گال میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 25 جون کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

    سری لنکن اسکواڈ:

    دھننجیا ڈی سلوا (کپتان)، پاتھم نسانکا، اوشادا فرنینڈو، اینجلو میتھیوز، کوسل مینڈس، کامندو مینڈس، لاہیرو ادارا، دنیش چندیمل، پاسندو سوریابندارا، سونل دنوشا، پوان رتھناایک، پرباتھ جیسوریا، تھارندو رتھناایک، اکیلا داننجیا، ملان رتھناایک، اسیتھا فرنینڈو، کسن راجیتھا، ایسیٹھا وجے سندارا۔

    دوسری جانب جنوبی افریقہ کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے کے بعد سابق فاسٹ بولر ڈیل اسٹین جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور انکی آنکھیں خوشی سے چھلک پڑیں۔

    پروٹیز نے 1998 میں آخری بار آئی سی سی ناک آؤٹ ٹرافی جیتی تھی، بالآخر جنوبی افریقہ نے مسلسل 27 سال کے انتظار اور ناک آؤٹ مقابلوں میں ایک درجن سے زائد شکستوں کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا گرز (ٹرافی) اٹھانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

    جنوبی افریقہ کے قائد ٹمبا باووما بغیر کوئی میچ ہارے ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والے تاریخ کے پہلے کپتان بن گئے ہیں جس کے بعد ملک کے سابق کرکٹر اور فینز سب ہی بہت زیادہ خوش ہیں۔

    لیجنڈ بولر ڈیل اسٹین نے ایک آن لائن پوڈکاسٹ کے دوران اپنی ٹیم کے چیمپئن بننے کے حوالے سے کافی جذبات ہوگئے اس دوران کی آنکھوں میں آنسو تھے اور وہ کئی لمحوں تک کچھ بول ہی نہیں پائے۔

    پیٹ کمنز الیون ڈبلیو ٹی سی فائنل میں ‘چوکرز’ کی آوازیں لگاتے رہے، ٹیمبا باووما

    ڈیل اسٹین نے اپنی ٹیسٹ کیپ دکھاتے ہوئے کہا کہ میں اس وقت گھر پر بیٹھا ہوں اس وقت میرے پاس جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ کیپ بھی موجود ہے اور میں بہت فخر محسوس کررہا ہوں۔

  • بنگلہ دیش میں بڑی تبدیلی، کرنسی نوٹوں شیخ مجیب الرحمان کی تصویر ہٹا دی گئی

    بنگلہ دیش میں بڑی تبدیلی، کرنسی نوٹوں شیخ مجیب الرحمان کی تصویر ہٹا دی گئی

    بنگلہ دیش میں بڑی تبدیلی رونما ہوئی ہے اور بانی کہلانے والے عوامی لیگ کے سربراہ شیخ مجیب الرحمان کی تصویر کرنسی نوٹوں سے ہٹا دی گئی ہے۔

    بنگلہ دیش میں گزشتہ سال طلبہ کے ملک گیر احتجاج کے بعد شیخ حسینہ واجد کی 16 سالہ مطلق العنان حکمرانی کا خاتمہ اور بھارت فرار ہونے کے بعد دوسری بڑی تبدیلی رونما ہو گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش میں کرنسی نوٹوں سے شیخ مجیب الرحمان کی تصویر ہٹا دی گئی ہے۔ بنگلہ دیش کے مرکزی بینک نے نئی سیریز اور ڈیزائن کے نوٹ جاری کیے ہیں، جن میں ماضی کی طرح شیخ مجیب کی تصویر کے بجائے ملک کے قدرتی مناظر اور تاریخی مقامات کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق مرکزی بینک نے ابتدائی طور پر 20 اور 50 اور 1000 ٹکہ مالیت کے نوٹ جاری کیے ہیں اور ان میں سے شیخ مجیب الرحمان کی تصویر ہذف کر دی گئی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش جو نئے نوٹ شائع کر رہا ہےان میں حالیہ انقلاب کی خصوصیات بھی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ محمد یونس کی سربراہی میں قائم بنگلادیش کی عبوری حکومت نے کرنسی نوٹوں میں تبدیلی کی ہدایات جاری کی تھیں۔

    اس سے قبل عبوری حکومت شیخ مجیب کے یوم پیدائش پر عام تعطیل کو بھی ختم کر چکی ہے۔ دفاتر سے شیخ مجیب کی تصاویر ہٹانے کے ساتھ بنگلہ دیشی نصاب میں شیخ مجیب کو دیا گیا ملک کے بانی کا درجہ بھی ختم کر چکی ہے۔

    اس کے علاوہ عبوری حکومت کا سب سے بڑا فیصلہ شیخ مجیب الرحمان کا دیا گیا نعرہ ”جوئے بنگلہ ” ختم کرنا بھی ہے۔ ایپلیٹ ڈویژن کے فیصلے کے بعد ”جوئے بنگلہ”کو اب بنگلہ دیش میں قومی نعرہ نہیں سمجھا جائے گا۔

    دوسری جانب عبوری حکومت کی جانب سے عوامی لیگ پر پابندی لگائے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے اس کی رجسٹریشن بھی منسوخ کر دی تھی جس کے بعد اب وہ بنگلہ دیش میں ہونے والے انتخابات لڑنے کی اہل نہیں ہے۔

    جب کہ انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل نے آج ہی بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف جولائی میں ہونے والی عوامی بغاوت کے دوران انسانیت کے خلاف جرائم کے حوالے سے کیس میں فرد جرم عائد کی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/hasina-charged-with-crimes-against-humanity/