Tag: بنگلہ دیشی طلبہ

  • ’بنگلہ دیشی طلبہ پاکستان آ کر پڑھنا چاہتے ہیں‘

    ’بنگلہ دیشی طلبہ پاکستان آ کر پڑھنا چاہتے ہیں‘

    سیکریٹری تعلیم نے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی طلبہ پاکستان آ کر پڑھنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے بنگلہ وزارت تعلیم نے رابطہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں جے یو آئی سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ڈھاکا یونیورسٹی نے پاکستانی طلبہ کے داخلوں پر پابندی اٹھا لی ہے۔ اب پاکستان کو بھی دل بڑا کرنا چاہیے اور بنگالی طالب علموں کو اپنی جامعات میں داخلہ دینا چاہیے۔

    سیکریٹری تعلیم نے کمیٹی اجلاس کو بتایا کہ بنگلہ دیش کے بچے بھی یہاں آ کر پڑھنا چاہتے ہیں اور بنگلہ دیش کی وزارت تعلیم نے اس حوالے سے رابطہ کیا ہے۔

    سیکریٹری تعلیم نے یہ بھی بتایا کہ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے 137 اساتذہ کی مستقلی کا نوٹیفکیشن بحال کر دیا گیا ہے۔

    اجلاس میں سینیٹر قرۃ العین مری کا بچوں کی صحت سے متعلق تعلیم کا بل زیر بحث لایا گیا۔ کامران مرتضیٰ نے کہا کہ بلوغت کے معاملے میں دیکھنا ضروری ہے کہ تعلیم کا غلط استعمال نہ ہو۔ اس معاملے پر شور مچے گا، اس لیے بہتر ہے کہ پہلے اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے لی جائے۔

    قرۃ العین نے کہا کہ تو پھر ذیلی کمیٹی بنالی جائے تاکہ مقررہ وقت میں بلوغت سے متعلق صحت کی تعلیم پر کام ہو سکے۔

    واضح رہے کہ رواں سال اگست میں طلبہ تحریک کے نتیجے میں بنگلہ دیش میں آنے والے انقلاب اور بھارت نواز شیخ حسینہ واجد کے 16 سالہ اقتدار کے خاتمے اور ملک سے فرار ہونے کے بعد وہاں محمد یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت قائم ہے۔

    عبوری حکومت کے قیام کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تناؤ کم ہوا ہے اور تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہو رہے ہیں۔

  • بنگلہ دیشی طلبہ کا نوبل انعام یافتہ محمد یونس کو ملک کا سربراہ مقررکرنیکا مطالبہ

    بنگلہ دیشی طلبہ کا نوبل انعام یافتہ محمد یونس کو ملک کا سربراہ مقررکرنیکا مطالبہ

    بنگلہ دیشی طلبہ کی جانب سے نوبل انعام یافتہ محمد یونس کو عبوری حکومت کی سربراہی دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیشی طلبہ قیادت نے فوجی حکام سے ملاقات کی اور اپنے مطالبات پیش کردیے، بنگلہ دیشی طلبہ نے نوبل انعام یافتہ محمد یونس کو عبوری حکومت کی سربراہی دینے کا کہا ہے، محمدیونس کے ترجمان نے بھی طلبہ قیادت کی نامزدگی سے اتفاق کرلیا ہے۔

    طلبہ کے مطالبے کے تحت بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ تحلیل کردی گئی ہے، طلبہ تنظیموں نے فوجی حکومت قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔

    بنگلہ دیشی میڈیا بنگلہ دیش پولیس ایسوسی ایشن نے ملک بھرمیں ہڑتال کا اعلان کردیا ہے، بنگلہ دیش پولیس کی ہڑتال کے بعد طلبہ تنظیموں نے ڈھاکا کی اہم سڑکوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

    ڈھاکا میں پولیس کی ہڑتال کے بعد طلبہ نے سڑکوں پر ٹریفک کنٹرول کرنا شروع کردیا ہے، بنگلہ دیش میں کاروبارکھل چکا ہے لیکن عوام میں خوف ہے۔

    غیرملکی خبرایجنسی نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں طلبہ تنظیموں نے مظاہرین سے جلاؤ گھیراؤ نہ کرنے کے مطالبات کیے ہیں جبکہ شیخ حسینہ واجد کی پارٹی عوامی لیگ کا ڈھاکا میں دفتر جلا دیا گیا ہے۔

    دریں اثنا بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش سے فرار ہونے والی حسینہ واجد تاحال بھارت میں موجود ہیں، ان کی جانب سے فن لینڈ میں سیاسی پناہ کی درخواست کردی گئی ہے۔

    پارٹی ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کی سربراہ اور سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کو رہا کردیا گیا ہے۔

  • بنگلہ دیشی طلبہ کا 3 بجے تک پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا الٹی میٹم

    بنگلہ دیشی طلبہ کا 3 بجے تک پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا الٹی میٹم

    ڈھاکا: بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے بعد ایک اور اہم پیش رفت میں بنگلادیشی طلبہ نے 3 بجے تک پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بنگلادیشی طلبہ نے کہا ہے کہ مطالبات پرعمل درآمد شروع ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں، صدر شہاب الدین 3 بجے تک بنگلادیشی پارلیمنٹ تحلیل کریں۔

    بنگلہ دیشی طلبہ نے دھمکی آمیز رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ 3 بجے تک تحلیل نہ کی گئی سخت ردِعمل دیا جائے گا۔

    دوسری جانب بنگلہ دیشی فوج کی جانب سے وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے اگلے روز ملک سے کرفیو اٹھا لیا گیا۔

    ملک سے کرفیو اٹھانے کا اعلان بنگلہ دیشی فوج کے پبلک ریلیشن ڈپارٹمنٹ نے کیا جب کہ ملک میں تعلیمی اداروں کو بھی کھول دیا گیا ہے۔

    طلبہ کی ایک بڑی تعداد تعلیمی اداروں کی بندش اور ملکی حالات کی وجہ سے اپنے آبائی علاقوں کی جانب روانہ ہوگئی تھی، جن کی واپسی میں اب وقت لگے گا۔

    بنگلہ دیشی صدر نے فوج کو سخت کارروائی کا حکم جاری کردیا

    بنگلادیش میں اساتذہ کی تنظیم یونیورسٹی ٹیچرز نیٹ ورک آج میٹنگ میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔