Tag: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ

  • بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے اپنی آرمی سے مدد مانگ لی

    بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے اپنی آرمی سے مدد مانگ لی

    ڈھاکا: ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ملک میں انعقاد کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آرمی چیف جنرل وقار الزمان سے مدد مانگ لی ہے۔

    بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی معزولی اور سیاسی ابتر صورتحال کے بعد 3 سے 20 اکتوبر تک ہونے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کے لیے ملک کے آرمی چیف سے سیکیورٹی کی یقین دہانی مانگ لی ہے۔

    کرک بز کے مطابق بی سی بی نے بنگلہ دیش کے آرمی چیف آف اسٹاف جنرل وقار الزمان کو خط لکھا ہے جس میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے سیکیورٹی کی یقین دہانی مانگی گئی ہے۔

    بی سی بی امپائرنگ کمیٹی کے چیئرمین افتخار احمد مٹھو نے بتایا کہ ہم ٹورنامنٹ کی میزبانی ممکن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ سچ پوچھیں تو ملک میں کرکٹ بورڈ سے وابستہ لوگ زیادہ تعداد میں موجود نہیں ہیں، جمعرات کو ہم نے آرمی چیف کو آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی سیکیورٹی کے حوالے سے یقین دہانی کےلیے خط بھیجا ہے کیونکہ ہمارے پاس صرف دو ماہ رہ گئے ہیں۔

    ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا وارم اپ راؤنڈ 27 ستمبر سے شروع ہوگا جبکہ آئی سی سی بنگلہ دیش میں حکومت کے خلاف پُرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں سیکڑوں افراد کی ہلاکت اور سابق وزیر اعظم کے استعفیٰ اور فرار ہونے کے بعد صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

    خیال رہے کہ بی سی بی کے موجودہ صدر نظم الحسن پاپون بھی چند دیگر بورڈ ڈائریکٹرز کے ساتھ ملک سے فرار ہو چکے ہیں، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ انھیں سابق وزیر اعظم کی پارٹی عوامی لیگ کی حمایت حاصل ہے۔

  • پی سی بی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو بڑی پیشکش کردی

    پی سی بی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو بڑی پیشکش کردی

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کی موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو جلد پاکستان آنے کی پیشکش کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے شہزاد ملک کے مطابق پی سی بی حکام کی جانب سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش میں صورتحال خراب ہے اپنی نیشنل ٹیسٹ ٹیم کو وقت سے پہلے پاکستان بھیج دیں تاکہ ٹیسٹ اسکواڈ پاکستان میں میچ سے قبل ٹریننگ اور پریکٹس کر سکے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق بنگلہ دیش بورڈ نے تاحال پی سی بی کی اس پیشکش کا کوئی واضح جواب نہیں دیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش کی موجودہ سیاسی صورتحال کے سبب بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا دو دن سے ٹریننگ سیشن نہیں ہوا، شیڈول کے مطابق بنگلادیش ٹیسٹ ٹیم نے 17 اگست کو پاکستان پہنچنا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں 21 اگست کو جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 ستمبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں 2001 سے اب تک ہوم گراؤنڈ پر 13 بار ٹیسٹ میچز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس میں پاکستان ناقابلِ شکست ہے جبکہ ایک ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا تھا۔

  • بی سی بی کا امپائرز کے متنازعہ فیصلے کو مناسب فورم پر اٹھانے کا فیصلہ

    بی سی بی کا امپائرز کے متنازعہ فیصلے کو مناسب فورم پر اٹھانے کا فیصلہ

    بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھارت کے خلاف میچ میں امپائرز کے دو متنازع فیصلے کو مناسب فارم پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش اور بھارت کے میچ کے دوران بارش ہوگئی جس کے بعد میچ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت کھیلا گیا۔

    بارش رکنے کے فوری بعد کھیل کو دوبارہ شروع کیا گیا، بنگلہ دیش 7 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 66 رنز بنا کر ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت بھارت سے 15رنز آگے تھا۔

     لیکن دوبارہ میچ شروع ہوا تو پہلی گیند پر بنگلہ دیشی بیٹر لٹن داس پھسل گئے اور اگلی ہی گیند پر رن آئوٹ ہوگئے۔

    اسی 7 ویں اوور میں لٹن داس نے ڈیپ آف سائیڈ فیلڈ کی جانب شاٹ کھیلا اور گیند وہاں موجود فیلڈر ارشدیپ سنگھ کے پاس گئی۔

    ارشدیپ نے جیسے ہی تھرو وکٹ کیپر کی جانب پھینکی تو پوائنٹ پوزیشن پر موجود ویرات کوہلی نے ایسا ظاہر کیا کہ گیند ان کے پاس آئی اور انہوں نے خالی ہی ہاتھوں سے بولنگ اینڈ کی جانب فیک تھرو کی۔

    جسے بنگلہ دیش کے نائب کپتان نورالحسن کی نظروں نے پکڑ لیا، آن فیلڈ امپائرز نے کوہلی کے تھرو کو نوٹس نہیں کیا۔

    بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس دونوں معاملات کے حوالے سے مناسب فارم پر بات کی جائے گی۔

    کرکٹ بورڈ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کپتان شکیب نے امپائر سے گراؤنڈ سوکھنے تک کا وقت مانگا تھا لیکن انہیں وقت نہیں دیا گیا۔

    بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے کرکٹ آپریشن کے چیئرمین جلال یونس نے اب ان واقعات پر کھل کر بات کی ہے اور وہ اس معاملے کو مناسب فورم پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    جلال یونس کا کہنا تھا کہ فیک تھرو کے حوالے سے ہم نے امپائرز کو مطلع کر دیا ہے لیکن انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس پر توجہ نہیں دی اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ریویو نہیں لیا۔

  • ڈھاکہ: پاکستانی کھلاڑیوں کی نیٹ پریکٹس جاری

    ڈھاکہ: پاکستانی کھلاڑیوں کی نیٹ پریکٹس جاری

    ڈھاکہ: پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ بنگلہ دیش کا آغاز کل وارم اپ میچ سے کرے گی۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم تین ون ڈے، دو ٹیسٹ اور ایک ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیلنے کے لئے بنگلہ دیش پہنچ گئی ہے،ڈھاکہ آمد کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، کھلاڑی آج بھر پور ٹریننگ کررہے ہیں، بدھ کو فتح اللہ میں پاکستان اور بنگلہ دیش الیون کے درمیان پریکٹس میچ کھیلا جائے گا۔

    سترہ مارچ کو دونوں ٹیمیں پہلے ایک روزہ میچ میں ٹکرائیں گی،سینئیر کھلاڑی شاہد آفریدی اور مصباح الحق ون ڈے ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، ایسے میں نوجوان کھلاڑیوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوگی۔

    اظہر علی پہلی بار ٹیم کی قیادت کریں گے، گرین شرٹس دوہزار گیارہ کے بعد بنگلہ دیش کے دورے پر ہیں، میزبان کھلاڑیوں نے پاکستان کو ہرانے کے آنکھوں میں بڑے سپنے سجالئے ہیں۔

    بنگلہ دیش آج تک پاکستان کو ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز نہیں کراسکا، ٹی ٹوئنٹی میں بھی شاہین ناقابل شکست ہیں۔

  • بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا پاکستان کے خلاف سیریز کیلئےاسکواڈ کا اعلان

    بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا پاکستان کے خلاف سیریز کیلئےاسکواڈ کا اعلان

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز کے ابتدائی دو ون ڈے میچ کے لئے چودہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

    بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ کپ میں شامل تین کھلاڑیوں کو پاکستان کے خلاف سیریز کے ابتدائی دو میچز سے ڈراپ کردیا ہے، ناقص پرفارمنس نے عمرل کیس، تیجل اسلام اور شفیع الاسلام کی چھٹی کرادی ہے۔

     نوجوان بیٹسمین رونی اور ابل حسن حیران کن طور اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے، انعام الحق کندھے کی انجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

    بنگلہ دیش ٹیم کی قیادت مشرفے مرتضی کریں گے،شکیب الحسن نائب کپتان ہوں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز سترہ اپریل کو میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں ہوگا۔