کیوی اسپنر ایش سودھی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے بنگال ٹائیگرز کی بساط 168 رنز پر لپیٹ دی، دوسرے ون ڈے میں بنگلہ دیش کو مہمان سائیڈ کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق میر پورے میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں کیوی لیگ اسپنر کے آگے بنگلہ دیشی بیٹرز کی ایک نہ چل سکی۔ 254 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 168 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ایش سودھی نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے محض 39 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش کی طرف سے تمیم اقبال 44 اور محمداللہ 49 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کر پائے، تاہم ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی بنگلہ دیشی بیٹررز نیوزی لینڈ کے بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکا۔
کائل جیمسن نے 32 رنز دے کر 2 جب کہ لوکی فرگوسن اور کول مک کونشے نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کرتے ہوئے ایش سودھی کا ہاتھ بٹایا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے کھلتے ہوئے 254 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ کیویز کی طرف سے ٹام بلنڈل 68 اور ہنری نکولس 49 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ بولنگ سائیڈ کی جانب سے خالد احمد اور مہدی حسن نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر ایشن سودھی کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کیویز اور میزبان ٹیم کے دمیان پہلا ون ڈے میچ بارش کے سبب بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔