Tag: بنگلہ دیش

  • ورلڈ کپ کا پہلا اپ سیٹ، بنگلہ دیش کے ہاتھوں جنوبی افریقہ کو شکست

    ورلڈ کپ کا پہلا اپ سیٹ، بنگلہ دیش کے ہاتھوں جنوبی افریقہ کو شکست

    لندن: ورلڈ کپ 2019 کے پانچویں میچ میں بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کو 21 رنز سے شکست دے دی، کپتان فاف ڈوپلیسی کے 62 رنز بھی ٹیم کے کام نہ آسکے۔

    تفصیلات کے مطابق اوول میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش کی جانب سے دئیے جانے والے 331 رنز ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز تک محدود رہی، مستفیض الرحمان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    جنوبی افریقا کی پہلی وکٹ 49 رنز پر گری جب ڈی کوک 23 رنز پر رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، مرکرام 45 رنزبنا کر شکیب الحسن کا شکار بنے، کپتان فاف ڈوپلیسی نے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔

    ڈیوڈ ملر 38 رنز بنا کر مستیفض الرحمان کی گیند پر مہدی حسن کو کیچ دے بیٹھے، وین در ڈوسن کو 41 رنز پر محمد سیف الدین نے کلین بولڈ کیا۔

    فلک وائیو 8 اور کرس مورس صرف 10 رنز پر پویلین لوٹ گئے، جین پال ڈومینی 45 رنز پر ہمت ہار گئے، ربادا 13 اور عمران طاہر 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد سیف الدین نے دو وکٹیں حاصل کیں، مہدی حسن اور شکیب الحسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 331 رنز کا ہدف دیا۔

    بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 60 رنز پر گری جب تمیم اقبال 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، سومیا سرکار نے 30 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی، سومیا سرکار کو مورس نے آؤٹ کیا۔

    دو وکٹیں گرنے کے بعد شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم کے درمیان شاندار شراکت داری قائم ہوئی، مشفیق الرحیم نے 78 اور شکیب الحسن نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    محمد متھن 21 رنز بنا کر عمران طاہر کا نشانہ بنے، محمود اللہ نے 46 رنز کی ناقابل شکست برق رفتار اننگز کھیلی، مصدق حسین 46 رنز بنا کر مورس کا شکار بنے مہدی حسن 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    جنوبی افریقہ کے عمران طاہر، فلک وائیو اور مورس نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    واضح رہے کہ جنوبی افریقا اپنا ورلڈ کپ کا دوسرا میچ کھیل رہا ہے جبکہ پہلے میچ میں پروٹیز کو میزبان انگلینڈ نے 104 رنز سے شکست دی تھی۔

  • پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا وارم اپ میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا

    پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا وارم اپ میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا

    کارڈف: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جانے والا دوسرا وارم اپ میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ سے قبل ٹیموں کے درمیان وارم اپ میچز کھیلے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان وارم اپ میچ کھیلا جانا تھا جسے بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا ہے۔

    کارڈف میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے ہونا تھا تاہم بوندا باندی کے باعث ٹاس بھی نہیں ہوسکا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلے جانے والے پہلے وارم اپ میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

    مزید پڑھیں: وارم اپ میچ، افغانستان نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

    وارم اپ میچ میں افغانستان نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 263 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا، عماد وسیم نے دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

    پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پوری ٹیم 47.5 اوورز میں 262 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، بابر اعظم کی 112 رنز کی اننگز بھی رائیگاں چلی گئی تھیں۔

    یاد رہے کہ ورلڈ کپ کا آغاز 30 مئی سے میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف میچ سے ہوگا جبکہ قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔

  • پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان وارم اپ میچ آج کھیلا جائے گا

    پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان وارم اپ میچ آج کھیلا جائے گا

    کارڈف : ورلڈکپ 2019 کے لیے پاکستان کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں، قومی ٹیم اپنا دوسرا وارم اپ میچ آج بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ورلڈکپ وارم اپ میچ آج کارڈف میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز آصف علی نے بھی ٹیم کو جوائن کرلیا، وہ کینسر میں مبتلا اپنی بچی کی وفات کے باعث پاکستان آئے تھے۔

    بنگلہ دیش کے خلاف وارم اپ میچ میں قومی اسکواڈ کپتان سرفراز احمد ، فخرزمان، آصف علی، بابراعظم، شعیب ملک، حارث سہیل، شاداب خان، محمد حفیظ، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، محمد عامر، وہاب ریاض اور محمد حسنین پرمشتمل ہے۔

    دوسری جانب بنگلہ دیشی اسکواڈ کپتان مشرفی مرتضیٰ، لٹن داس، سومیا سرکار، تمیم اقبال، شکیب الحسن، ابو جاوید، مہدی حسن، محمد مٹھن، محمد اللہ، محمد سیف الدین، مصدق حسین، مشفق الرحیم، مستفیض الرحمان، شبیر رحمان اور روبیل حسین پر مشتمل ہے۔

    وارم اپ میچ، افغانستان نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

    یاد رہے کہ 24 مئی کو افغانستان کے خلاف پہلے وارم اپ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم نے افغانستان کو جیت کے لیے 263 رنز کا ہدف دیا تھا جو افغانستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔

  • بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا

    بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا

    اسلام آباد: پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین سفارتی تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے، بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا، پاکستانی شہریوں کو گزشتہ 7 روز سے ویزے جاری نہیں کیے جا رہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کا ویزا سیکشن گزشتہ پیر سے بند ہے۔ بنگلہ دیش نے فیصلہ اپنے سفارتکار اقبال حسین کو ویزا کے عدم اجرا پر کیا۔ اقبال حسین، بنگلہ دیشی ہائی کمیشن میں پریس اور ویزا قونصلر تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اقبال حسین نے جنوری میں ویزا میں توسیع کی درخواست دی تھی۔ وزارت داخلہ نے 4 ماہ گزرنے پر بھی اقبال حسین کو ویزا میں توسیع نہیں دی۔ محمد اقبال حسین ویزا توسیع کے انتظار میں ملازمت سے سبکدوش ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق اقبال حسین کی بیٹی کے ویزا پر بھی توسیع نہیں دی گئی، بنگلہ دیشی پریس قونصلر بیٹی کے ہمراہ تاحال وطن واپسی کے منتظر ہیں۔ ڈھاکہ میں پاکستانی ناظم الامور کی بھی معاملے پر طلبی کی گئی تھی۔

    بنگلہ دیشی حکام کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ہمارے سفارتکار کی جلد واپسی یقینی بنائے۔ وزارت خارجہ ویزا معاملے پر اپنا مؤقف دینے سے گریزاں ہے۔

  • فانی نامی سمندری طوفان سے بھارت، بنگلہ دیش میں ہلاکتیں 77ہوگئیں

    فانی نامی سمندری طوفان سے بھارت، بنگلہ دیش میں ہلاکتیں 77ہوگئیں

    نئی دہلی: مشرقی بھارت اور بنگلہ دیش میں آنے والے سمندری طوفان فانی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 77 تک پہنچ گئی ہے۔ساتھ ہی بجلی اور پانی کی سہولت سے تاحال محروم لاکھوں افراد کے غم و غصے میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

    بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی حکام نے پیرکے روز بتایاکہ اس قدرتی آفت سے بھارت میں 64اور بنگلہ دیش میں 13 افراد ہلاک ہوئے۔ ساتھ ہی بجلی اور پانی کی سہولت سے تاحال محروم لاکھوں افراد کے غم و غصے میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

    فانی نامی اس طوفان نے تین مئی کو مشرقی بھارتی ریاست اڑیسہ میں شدید تباہی پھیلائی تھی۔ یہ گزشتہ تینتالیس برسوں کے دوران موسم گرما میں ان ساحلی علاقوں سے ٹکرانے والا پہلا سمندری طوفان تھا۔

    یاد رہے کہ بھارت میں سمندری طوفان فانی کی تباہ کاریاں جاری ہیں، چار مئی کو بھارتی ریاست اڑیسہ میں آنے والے طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے جبکہ املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

    سڑکوں پر گرے درخت اٹھانے کا کام جاری ہے۔ بھارت میں فانی نامی طوفان مغربی بنگال میں ہفتہ کی صبح داخل ہوگیا، ہواؤں کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ رکارڈ کی گئی تھیں۔

    طوفان فانی کے زیر اثر کولکتہ، دیگر علاقوں میں شدید بارشیں ہوئی تھیں ، جس سے درخت جڑ سے اکھڑ گئے، جبکہ متعدد پروازیں بھی معطل ہوگئیں۔

  • طاقتور سمندری طوفان فانی سے بنگلہ دیش میں15افراد لقمہ اجل بن گئے

    طاقتور سمندری طوفان فانی سے بنگلہ دیش میں15افراد لقمہ اجل بن گئے

    ڈھاکہ : بھارت کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد فانی نامی طاقتور سمندری طوفان بنگلہ دیش میں بھی15افراد کو نگل گیا، طوفان کے سبب ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان ‘فانی’ نے بھارت کے بعد بنگلہ دیش میں بھی تباہی مچادی۔ بنگلہ دیشی حکام کے مطابق مختلف واقعات میں اب تک پندرہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    گزشتہ روز سمندری طوفان ‘فانی’ بھارتی علاقے سے ٹکرانے کے بعد بنگلہ دیش کی طرف بڑھ گیا تھا۔ جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے چار لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

    طوفان کے باعث بنگلہ دیش میں سیکڑوں درخت، بجلی کے پولز اور مکانات تباہ جبکہ چودہ دیہات زیر آب آ گئے۔ بنگلہ دیشی پولیس کے مطابق ساحلی علاقے ‘بارگونا’ میں آسمانی بجلی گرنے سے پانچ افراد ہلاک ہوئے۔

    شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا، متعلقہ حکام کے مطابق سائیکلون فانی کے باعث کروڑوں افراد متاثر ہو سکتے ہیں، تیز ہواؤں اور بارش کے باعث مواصلاتی نظام اور شاہراہوں کو بھی شدید نقصان ہہنچا ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں سمندری طوفان کی تباہ کاریاں، ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی

    خیال رہے کہ خطرناک سمندری طوفان فانی گزشتہ روز بھارت کے مشرقی علاقوں سے ٹکرایا تھا، جس کے باعث لاکھوں افراد کے متاثر ہوئے ،اس کے علاوہ مشرقی ریاست اڑیسا سے تقریباً دس لاکھ افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے ۔

    مقامی میڈیا کے مطابق بھارتی حکام نے خطرے کے پیش نظر اڑیسا، آندھرا پردیش اور مغربی بنگال میں اسکول، کالج و یونیورسٹیز بند کردی تھیں جبکہ ٹرینیں بھی منسوخ کردی گئیں۔

  • کرکٹ ورلڈ کپ 2019، بنگلہ دیش کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

    کرکٹ ورلڈ کپ 2019، بنگلہ دیش کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

    ڈھاکا: بنگلہ دیش نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے 15 رکنی بنگلہ دیشی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، مشرفی مرتضیٰ بنگہ دیشی ٹیم کی قیادت کریں گے، شکیب الحسن نائب کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

    اسکواڈ میں کپتان مشرفی مرتضیٰ، شکیب الحسن، مشفیق الرحیم، مستفیض الرحمان، تمیم اقبال، لٹن کمار داس، محمود اللہ، محمد متھن، مہدی حسن، سومیا سرکار، روبیل حسین، محمد سیف الدین، سبیر الرحمان، مصدق حسین اور ابوجاید شامل ہیں۔

    ورلڈ کپ سے قبل بنگلہ دیش کی ٹیم تین ملکی سیریز کھیلے گی جس میں آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: بھارت نے ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا

    واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2019 برطانیہ میں 30 مئی سے شروع ہوگا، پہلے میچ میں میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

    ورلڈ کپ کے لیے اب تک نیوزی لینڈ، بھارت اور انگلینڈ کی جانب سے ٹیم کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

  • بنگلہ دیش، عمارت میں آگ بھڑک اٹھی، 19 افراد ہلاک، 73 زخمی

    بنگلہ دیش، عمارت میں آگ بھڑک اٹھی، 19 افراد ہلاک، 73 زخمی

    ڈھاکا: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں 22 منزلہ عمارت میں آتشزدگی سے 19 افراد ہلاک اور 73 زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں 22 منزلہ عمارت میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہوگئے، جان بچانے کے لیے 22 منزلہ عمارت سے چھلانگ لگانے والے 6 افراد بھی دم توڑ گئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 65 افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ عمارت سے لوگوں کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    ڈھاکا پولیس چیف اسد الزماں میاں نے 73 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تمام افراد کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق آگ بجھانے کا عمل جاری ہے جبکہ عمارت کے مزید فلور پر آفس کے عملے کو ریسکیو کیا جارہا ہے۔

    عمارت سے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بھی لوگوں کو نکالا جارہا ہے جبکہ کچھ لوگوں نے ٹی وی کیبل کی تاروں سے لٹک کر عمارت سے نکلنے کی کوشش کی اور اپنی جانیں بچائیں۔

    ایک نوجوان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی الارم بجا میں فوری طور پر عمارت سے باہر نکل آیا لیکن میرے بہت سے ساتھی عمارت کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: بنگلہ دیش : خوفناک آتشزدگی، آٹھ افراد ہلاک 50 زخمی، دو سو گھر جل کر خاک

    ایک اور شخص کا کہنا تھا کہ میرے انکل اور ان کے ساتھ دو لوگوں نے عمارت سے چھلانگ لگائی تھی، انکل کے ہاتھ پاؤں ٹوٹ گئے ہیں اور ان کی آنکھ متاثر ہوئی ہے۔

    تین اسپتالوں کی رپورٹ کے مطابق عمارت سے جان بچانے کے لیے چھلانگ لگانے والے ہلاک 6 افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہے جبکہ ایک شخص کا تعلق سری لنکا سے بتایا گیا ہے۔

    لیفٹیننٹ کرنل ذوالفقار الرحمان کے مطابق عمارت کے اندر آگ بجھانے والے آلات موجود نہیں تھے۔

    یاد رہے کہ رواں برس 21 فروری کو ڈھاکا اولڈ کوارٹر میں آتشزدگی کے نتیجے میں 70 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے تھے، جون 2010 میں بھی آتشزدگی سے بنگلہ دیش میں 123 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • معروف گلوکارہ شہناز بیگم انتقال کرگئیں

    معروف گلوکارہ شہناز بیگم انتقال کرگئیں

    ڈھاکہ: مشہورملی نغمے گانے والی نامورگلوکارہ شہنازبیگم 67 سال کی عمرمیں ڈھاکہ میں انتقال کرگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سوہنی دھرتی اللہ رکھے اور ’’جیوے جیوے پاکستان‘‘ جیسے مقبول گیت گانے والے نامور گلوکارہ شہناز بیگم 67 برس کی عمر میں جل بسیں۔

    شہنازبیگم کا گزشتہ روزدل کا دورہ پڑنے سے بنگلہ دیش میں انتقال ہوا، ان کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر ڈھاکہ میں ادا کی جائے گی۔ مرحومہ نے سوگواران میں شوہر، ایک بیٹا اورایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔

    معروف گلوکارہ شہنازبیگم 2 جنوری 1952 کو ڈھاکہ میں پیدا ہوئیں، انہوں نے کچھ عرصہ پہلے عمرہ کی ادائیگی کے بعد گلوکاری کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

    انہوں نے بچپن سے ہی گلوکاری شروع کردی تھی اور صرف 11 برس کی عمر میں انہوں نے اپنا پہلا گانا پلے بیک سنگر کی حیثیت سے گایا تھا۔

    شہناز بیگم کے گائے مشہور ملی نغموں میں ’’جیوے جیوے پاکستان‘‘، ’’سوہنی دھرتی اللہ رکھے‘‘ جیسے نغمے شامل ہیں۔

  • بنگلہ دیش: طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش ناکام، ہائی جیکر ہلاک

    بنگلہ دیش: طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش ناکام، ہائی جیکر ہلاک

    چٹاگانگ: بنگلہ دیش سے دبئی جانے والے طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادی، ہائی جیکر کو ہلاک کردیا گیا۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا سے اُڑان بھرنے والی پرواز بی جی 147 کو ہائی جیکنگ کی کوشش پر ہنگامی طور پر چٹاگانگ لینڈ کیا گیا۔

    چٹاگانگ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے بعد تمام 142 مسافروں کو باحفاظت نکال لیا گیا جبکہ سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے بعد ہائی جیکر کو ہلاک کردیا گیا۔

    بنگلہ دیشی فوج کے مطابق ہائی جیکر نے ہتھیار ڈالنے کے بجائے فائرنگ شروع کردی جس پر جوابی کارروائی میں وہ مارا گیا، ہائی جیکر کی شناخت مہدی کے نام سے ہوئی ہے۔

    بنگلہ دیش سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ نعیم حسین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پرواز میں 142 مسافر سوار تھے، تمام افراد خیریت سے ہیں، ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔

    مزید پڑھیں: متحدہ عرب امارات کا طیارہ ہائی جیک، خبریں من گھڑت نکلیں

    انہوں نے کہا کہ ملزم نے پائلٹ کے سر پر پستول تان لی اور کہا کہ اس کا اپنی بیوی کے ساتھ کچھ تنازع ہے جس کے لیے وہ بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے بات کرنا چاہتا ہے۔

    سول ایوی ایشن سیکریٹری محب الحق کے مطابق کیبن کریو ممبر کی جانب سے بروقت الارم بجائے گئے جس پر حکام نے بروقت کارروائی کی۔

    پولیس کے مطابق یہ جہاز ہائی جیکنگ کا واقعہ نہیں ہے ملزم نے بنگلہ دیشی وزیراعظم سے بات چیت کرنے کے لیے یہ ڈرامہ رچایا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے فضائی کمپنی کے طیارے کے اغوا ہونے کی اطلاعات من گھڑت اور بے بنیاد نکلی تھیں۔