Tag: بنگلہ دیش

  • قومی کرکٹ ٹیم رواں ماہ بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی

    قومی کرکٹ ٹیم رواں ماہ بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی

    لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم اپریل کی وسط میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔ بنگلہ دیش بورڈ نے تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم رواں ماہ اپریل میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی ،بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نے دوررے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پی سی بی کو دوہزار بارہ میں ملتوی ہونے والی دو سیریز کا ہرجانہ بھی ادا کیا جائے گا۔

    بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے دورے کیلئے کچھ شرائط پیش کیں تھیں۔ بورڈ دوہزار بارہ میں دو مرتبہ دورہ پاکستان ملتوی ہونے پر پی سی بی کو ہونے والا مالی خسارہ ادا کرے گا،جو ایک لاکھ سے تین لاکھ ڈالرز تک بنتا ہے۔

    نظم الحسن کا کہنا ہے کہ وہ اب اس معاملے کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ پی سی بی کے ساتھ اب اور کوئی شرائط نہیں ہیں۔ اب یہ سیریز پاکستان کی نہیں ہماری ہوم سیریز ہوگی۔ پی سی بی کے ساتھ دیگر معاملات جلد طے کرلئے جائیں گے۔

  • مصطفیٰ کمال نے احتجاجاً آئی سی سی کی صدارت چھوڑ دی

    مصطفیٰ کمال نے احتجاجاً آئی سی سی کی صدارت چھوڑ دی

    ڈھاکہ : کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی فاتح ٹیم کو دینے کے تنازعہ پر بنگلہ دیش کے مصطفی کمال نے آئی سی سی کی صدارت سے استعفی دے دیا۔ بنگلہ دیش اور آئی سی سی آمنے سامنے آگئے۔ لڑائی شدت اختیار کرگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے بگ تھری کے ٹھیکیدار بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال دیں۔ بنگلہ دیش کی سرزمین پر قدم رکھتے ہی مصطفی کمال نے آئی سی سی پر تنقید کے نشتر چلادیئے۔

    آسٹریلوی کپتان سری نواسن سے ورلڈ کپ 2015 کی ٹرافی وصول کر رہے ہیں

    مصطفی کمال نے آئی سی سی میں ہونے والے بے ضابطگیوں کا پردہ چاک کردیا۔ کہتے ہیں آئی سی سی میں بھارت کا کنٹرول ہے۔ بھارت ہر معاملے پراپنی من مانی کرتا ہے۔

    کرکٹ کا نظام بدعنوان لوگ چلارہے ہیں۔ ایسا چلتا رہا تو کرکٹ تباہ ہوجائے گی۔ آئی سی سی میں صدر کا عہدہ رسمی ہے۔ سارے اختیارات چئیرمین کے پاس ہیں۔

    ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے کپتان کو ٹرافی دینے کا استحقاق میرا تھا جو سری نواسن نے چھینا۔ عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ حتمی ہے۔ مصطفیٰ کمال کی جگہ اب پاکستان کے نجم سیٹھی آئی سی سی کے صدر کا عہدہ سنبھالیں گے۔

  • بھارت اوربنگلہ دیش کے درمیان کوارٹرفائنل آج کھیلا جائے گا

    بھارت اوربنگلہ دیش کے درمیان کوارٹرفائنل آج کھیلا جائے گا

    میلبورن : کرکٹ ورلڈ کپ دوہزار پندرہ کا دوسرا کوارٹرفائنل آج دفاعی چیمپیئن بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق میلبورن میں ایونٹ کے دوسرے کوارٹرفائنل کا میدان سجے گا، دفاعی چیمپیئن بھارت اور بنگلہ دیشی کھلاڑی ناک آؤٹ میچ میں ٹکرانے کیلئے تیار ہیں۔

    میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگا۔ بھارتی ٹیم ایونٹ میں تاحال ناقابل شکست ہے، گروپ میچ میں بھارت بارہ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر رہی تھی۔

    پول اے سے بنگلہ دیش کی ٹیم انگلینڈ کو اپ سیٹ شکست دیکر پہلی مرتبہ کوارٹرفائنل میں پہنچی ہے۔

  • نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے ہرا دیا

    نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے ہرا دیا

    ہیملٹن :ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے شکست دے کر گروپ اے میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ گروپ اے میں نیوزی لینڈ سب سے آگے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی ٹیم بھی کیویز کی فتوحات کو بریک نہ لگاسکی۔ ہیملٹن میں میزبان ٹیم نے میدان مارلیا، نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

    حریف ٹیم نے محمود اللہ کی لگاتار دوسری سینچری کی بدولت اسکور بورڈ پر دو سو اٹھاسی رنز کا فائٹنگ ٹوٹل بنایا۔ محموداللہ نے ایک سو اٹھائیس رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    ہدف کے تعاقب میں ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے باوجود بنگلہ دیشی بولرز بلیک کیپس کو نہ روک پائے۔ مارٹن گپتل کی سینچری اور روز ٹیلر کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کو کامیابی دلادی۔

    نیوزی لینڈ نے ہدف انچاسویں اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، نیوزی لینڈ نے گروپ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے بارہ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی۔

  • بنگلہ دیش کی انگلینڈ کو 15 رنز سے اپ سیٹ شکست

    بنگلہ دیش کی انگلینڈ کو 15 رنز سے اپ سیٹ شکست

    ایڈلیڈ: بنگلہ دیش نے بگ تھری کے ٹھیکیدار انگلینڈ کو ورلڈ کپ سے باہر کا راستہ دکھادیا، انگلینڈ کو پندرہ رنز سے اپ سیٹ شکست دیکر بنگلہ دیش کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا۔

    کرکٹ کا بانی انگلینڈ ورلڈ کپ سے فارغ کردیا گیا۔ ایڈلیڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے میچ میں بنگال ٹائیگرز نے گوروں کو پندرہ رنز سے ہرا کرعالمی کپ کی تاریخ میں پہلی بار کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

    انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اینڈرسن نے ابتدائی بلے بازوں کو پویلین بھیج کر اپنے  کپتان کا بھرم برقراررکھا۔ محمود اللہ اور مشفیق الرحیم نے ایک سو اکتالیس رنز جوڑ کر بنگال ٹائیگرز کو مکمل تباہی سے نکالا،۔

    محمود اللہ کی سنچری کی بدولت بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو دو سو چھیتر رنز کا ہدف دیا۔ معین علی اور ای این بیل نے جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ بنگال بولرز نے شاندار کم بیک کرتےہوئے پہلے معین علی اور پھر بیل کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    مشرفی مرتضی اور تسکین احمد نے انگلش مڈل آڈر کی کمر توڑ دی۔ جوس بٹلر اور کرس وکس نے پچہتر رنز جوڑ کر بنگلہ دیش کے لئے خطرے کی گھنٹی بجائی، لیکن بٹلر کے آؤٹ ہوتے ہی پوری ٹیم دو سو ساٹھ رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

    محموداللہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

  • ورلڈ کپ: بنگلہ دیش نے افغانستان کو ایک سو پانچ رنز سے ہرا دیا

    ورلڈ کپ: بنگلہ دیش نے افغانستان کو ایک سو پانچ رنز سے ہرا دیا

    کینبرا : کرکٹ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد ایک سو پانچ رنز سے شکست دے دی۔ ورلڈ کپ میں افغانستان نےمایوس کن آغاز کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینبرا میں کھیلے گئے پول اے کے میچ میں بنگال ٹائیگرز نےافغان ٹیم کا خوب شکار کیا ۔ بنگلہ دیش نے افغانستان کو ایک سو پانچ رنز سے شکست دیتے ہوئے ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔

    بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کی تو شروع میں افغان بولرز نے نپی تلی بولنگ کی بدولت بنگلہ دیش کے گرد گھیرا تنگ کردیا۔ شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم کے درمیان ایک سو چودہ رنز کی شراکت نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

    شکیب تریسٹھ اور مشفیق اکہتر رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز کھیل کر دو سو سڑسٹھ رنز پر آؤٹ ہوگئی،ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی کپتان نے آغاز میں ہی افغان ٹیم کے اہم بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا،

    جس کے بعد افغان ٹیم سنبھل نہ سکی۔ محمد نبی چوالیس رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، مشرفی مرتضٰی نے تین اور شکیب الحسن نے دوکھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ شاندار بلے بازی پر مشفیق الرحیم کو میچ آف دی میچ کا ایوارڈ دیاگیا۔

  • ورلڈ کپ:افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں کل مد مقابل ہونگی

    ورلڈ کپ:افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں کل مد مقابل ہونگی

    کینبرا : کرکٹ ورلڈ کپ کے ابتدائی میچز جاری ہیں،کل بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں اپنا پہلا میچ کھیلیں گی، دونوں ٹیموں کے  درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے گروپ اے میں کل بنگلہ دیش کا مقابلہ افغانستان سے ہوگا۔ بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں اپنا کھاتہ کینبرا میں کھولیں گی۔

    افغانستان کی ٹیم پہلی بار ورلڈ کپ میں ایکشن میں دکھائی دے گی۔ افغانی ٹیم کپتان محمد نبی پر انحصار کرے گی۔ افغانستان دوہزار چودہ کے ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کو شکست دے چکا ہے۔

    ادھر بنگلہ دیش کیلئے پہلا ہدف کوارٹرفائنل تک رسائی حاصل کرنا ہوگا۔ گروپ میں اسے افغانستان اور اسکاٹ لینڈ کے علاوہ ایک بڑی ٹیم  کو ہرانا ضروری ہوگا۔ ماہرین دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع ظاہر کررہے ہیں۔

  • بنگلہ دیش میں برطانوی صحافی مجرم قرار

    بنگلہ دیش میں برطانوی صحافی مجرم قرار

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں غیرملکی صحافی کوسن اکہتر کی ہلاکتوں پرسوال اٹھانے پرسزا سنادی گئی ۔

    بنگلہ دیشی عدالت نے برطانوی صحافی کو توہینِ عدالت کا مجرم قرار دیا، انعام یافتہ برطانوی صحافی ڈیوڈ برگمین نے کاجرم صرف اتنا تھا کہ اس نے سن اکہترکی جنگ میں ہلاکتوں کی تعداد پرسوال اٹھایا تھا۔ بنگلہ دیش کے سرکاری اعداد و شمار میں 30 لاکھ ہلاکتوں کا دعوٰی کیا جاتا ہے جس کا کوئی ثبوت موجود نہیں ۔

    برگمین نے شبہ ظاہرکیا تھا کہ اتنی ہلاکتیں نہیں ہوئیں جتنی بڑھا چڑھا کربیان کی جاتی ہیں عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ برگمین کے مضمون سے جذبات کو ٹھیس پہنچی ’ انہیں پانچ ہزار ٹکا جرمانے کی سزا دی جاتی ہے۔ عدم ادائیگی کی صورت میں سات دن قید بھگتنا ہوگی۔ عدالتی کارروائی کے اختتام تک انہیں قید کر لیا گیا۔‘ بنگلہ دیش کی تاریخ میں سن اکہتر کی جنگ کی ہلاکتوں کامعاملہ بہت متنازع ہے۔ موجود حکومت کے دور میں اس معاملے میں جماعت اسلامی اور دوسری پروپاکستانی جماعتوں کے کئی رہنماؤں کو سزائیں سنائی جاچکی ہیں ۔ ؑ

  • بنگلہ دیش کے باؤلر نے منفرد اورشاندار ریکارڈ قائم کردیا

    بنگلہ دیش کے باؤلر نے منفرد اورشاندار ریکارڈ قائم کردیا

    میرپور : بنگلہ دیشی تیج الاسلام ڈیبیو پر ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر ون ڈے میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے بنگلہ دیشی بھی بن گئے، بنگلہ دیش کے تائج الاسلام نے زمبابوے کے خلاف میرپور میں اپنے کریئر کے پہلے ہی میچ میں ہیٹ ٹرک کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

    میرپور میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں بائیں ہاتھ کے اسپنر تائج الاسلام نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ہی میچ میں ہیٹرک بنائی۔

    بائیس سالہ تائج الاسلام نے میچ کے ستائیسویں اوور کی آخری گیند پر پانیانگارا کو بولڈ کیا جس کے بعد انتیسویں اوور کی پہلی گیند پر نیومبو کو ایل بی ڈبلو جبکہ دوسری گیند پر چھتارا کو بولڈکر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

    نوجوان اسپنر نے میچ میں صرف گیارہ رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ان کی تباہ کن بولنگ کی وجہ سے زمبابوے کی پوری ٹیم صرف ایک سو اٹھائیس رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

    تائج الاسلام ون ڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے بنگلہ دیشی بولر ہیں۔ اس سے قبل بنگلہ دیش کے شہادت حسین، عبدالرزاق اور روبیل حسین بھی ہیٹ ٹرک کرچکے ہیں تاہم تینوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

  • نیپال میں اٹھارویں سارک سربراہ کانفرنس کا آغاز

    نیپال میں اٹھارویں سارک سربراہ کانفرنس کا آغاز

    کھٹمنڈو: نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو میں اٹھارویں سارک سربراہ کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں پاکستان کے علاوہ سری لنکا، بنگلہ دیش، بھوٹان، بھارت، افغانستان اور مالدیپ کے رہنما شرکت کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کٹھمنڈو میں نیپال کے وزیراعظم سوشیل کوائرالہ نے شمع روشن کرکے اٹھارویں سارک سربراہ کانفرنس کا آغازکیا ہے۔ اس موقع پر نیپال کے وزیراعظم نے کہا کہ ترقی کے لئے رکن ممالک کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

    بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ علاقائی تعاون کوفروغ دینے کی ضرورت ہے اور جنوب ایشیائی ممالک بتدریج قریب آرہے ہیں۔

    افغانستان کے صدراشرف غنی نے کہا کہ امن وخوشحالی کے لئے مضبوط رابطے ناگزیر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ خطے کے ممالک میں تعاون کی فضا قائم ہونا چاہئیے۔

    سری لنکا کے صدر مہندرا راجا پکسے نے کہا کہ جنوب ایشیائی ملکوں کوکئی چیلنجز کا سامنا ہے اور سارک اعتماد سازی کے لئے اہم کردارادا کرسکتا ہے۔

    اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی پرقابو پانے کے لئے سارک ممالک میں معلومات کا تبادلہ ضروری ہے اور ایشیائی ممالک کی معاشی ترقی ایک دوسرے سے جڑی ہے۔ انھوں نے سارک ممالک کو کئی مسائل کا سامنا ہے اور رکن ممالک کو غربت اور بھوک جیسے مسائل کا سامنا ہے، غربت کے خاتمے اور ترقی کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے کراس بارڈر معلومات کو شیئر کرنا ہوگا۔