Tag: بنگلہ دیش

  • سمندری طوفان کو بپر جوائے کا نام کس نے دیا؟

    سمندری طوفان کو بپر جوائے کا نام کس نے دیا؟

    سمندری طوفان بپر جوائے پاکستان اور بھارت کے ساحلوں کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس کا رخ مسلسل تبدیل ہورہا ہے، اس کے نام کے حوالے سے کئی افراد تذبذب کا شکار ہیں کہ اس کا کیا مطلب ہے اور یہ نام کیسے دیا گیا۔

    بپر جوائے سال 2023 میں بحیرہ عرب میں بننے والا دوسرا طوفان ہے، پہلا طوفان موچا تھا جو بنگلہ دیش سے ٹکرایا تھا۔ ابتدائی طور پر بحیرہ عرب میں گزشتہ کئی روز تک قوت پکڑنے کے بعد بالآخر بپر جوائے 6 جون کو سائیکلون میں تبدیل ہوا جس کے بعد اسے یہ نام دیا گیا۔

    اس سمندری طوفان کا نام بنگلہ دیش کی جانب سے تجویز کیا گیا ہے جس کا مطلب آفت ہے۔ طوفانوں کے نام ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) کی جانب سے جاری حکم نامے کے تحت رکھے جاتے ہیں جس کا مقصد ایک ہی مقام پر بننے والے متعدد طوفانوں میں تفریق کرنا ہے۔

    اسی مقصد کے تحت 6 ریجنل اسپیشلائزڈ میٹرولوجیکل سینٹرز اور پانچ ریجنل ٹراپیکل اسٹورم وارننگ سینٹرز کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں طوفانوں کے نام رکھیں اور ان کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کریں۔

    جنوب اور جنوب مشرقی ممالک کے قریب بننے والے طوفانوں کو نام دینے کی ذمہ داری انڈین میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) کی ہے اور اسے ریجنل اسٹورم میٹرولوجیکل سینٹر کا درجہ دیا گیا ہے۔

    اس میں 13 ممالک جن میں بھارت، بنگلہ دیش، ایران، میانمار، مالدیپ، عمان، پاکستان، قطر، سعودی عرب، سری لنکا، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات اور یمن شامل ہیں۔

    اپریل 2020 میں آئی ایم ڈی نے سائیکلونز کو نام دینے کے لیے 169 ناموں کی فہرست مرتب کی جس میں ہر ملک کی جانب سے تجویز کردہ 13، 13 نام موجود تھے۔ ان ناموں کو پھر 13 فہرستوں میں تقسیم کیا گیا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ ہر فہرست میں مذکورہ ممالک کی جانب سے تجویز کردہ کم سے کم ایک نام ضرور ہو۔

    پھر ان فہرستوں سے مرحلہ وار طوفانوں کو نام دیے جانے لگے اور ایک فہرست کے نام ختم ہونے پر دوسری فہرست سے نام دیے جاتے ہیں۔ ان ناموں کو انگریزی کے حروف تہجی کے حساب سے ترتیب دیا جاتا ہے۔ ان ناموں کا اطلاق صرف بحر ہند اور ساؤتھ پیسیفک ریجن میں بننے والے طوفانوں پر ہوتا ہے۔

    سمندری طوفان بپر جوائے کی آمد کے ساتھ ہی ناموں کی پہلی فہرست ختم ہوگئی ہے اور یہ دوسری فہرست کا پہلا نام ہے جسے بنگلہ دیش نے تجویز کیا ہے۔

    اس سے قبل فہرست نمبر ایک کے تمام طوفان گزر چکے ہیں جن کے نام یہ تھے: نسارگا، گاٹی، نیوار، بوریوی، ٹاک ٹائی، یاس، گلاب، شاہین، جواد، اسانی، سترنگ، منڈوس اور موچا۔

  • بنگلہ دیش میں بجلی کا بدترین بحران، زر مبادلہ کے ذخائر میں کمی

    بنگلہ دیش میں بجلی کا بدترین بحران، زر مبادلہ کے ذخائر میں کمی

    ڈھاکہ: جنوب ایشیائی ملک بنگلہ دیش میں ان دنوں بجلی کے بدترین بحران کا سامنا ہے، موسم کی خرابی اور بجلی کے بحران کی وجہ زرمبادلہ کے ذخائر کی قدر میں غیر معمولی کمی ہے۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش میں ایندھن کی درآمدات کی ادائیگی میں مشکلات اور زر مبادلہ کے ذخائر میں کمی جیسے سنگین مسائل کے سبب بنگلہ دیش 2013 ء کے بعد سے اس وقت بدترین بجلی کے بحران کا سامنا کر رہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں جولائی سے اکتوبر شدید گرمی اور بجلی کے استعمال میں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے، بنگلہ دیش کے وزیر توانائی نے خبردار کیا کہ ملک میں آنے والے دنوں میں بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

    بنگلہ دیش میں گرمی کی شدید لہر، اسکولوں کو تالے لگ گئے

    رپورٹ  کے مطابق سال کے 5 ماہ میں  والمارٹ اور ایچ اینڈ ایم سمیت زارا جیسے عالمی برانڈز کو گارمنٹس سپلائی کرنے والے اس ملک میں 114 دنوں تک بجلی کی عدم سپلائی کہ وجہ سے کارخانوں کو بھی اپنی پیداوار بند رکھنا پڑی تھی۔

    مقامی و بین الاقوامی میڈیا کی خبروں کے مطابق بنگلہ دیش میں کوئلے کی عدم دستیابی کے سبب مرکزی بجلی گھر بند کرنا پڑا۔

     رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک میں گزشتہ برس جنوری میں زر مبادلہ کے ذخائر 46 ارب ڈالر سے کم ہو کر اس سال اپریل کے آخر میں 30 ارب ڈالر پر پہنچ گئے۔

  • بنگلہ دیش میں گرمی کی شدید لہر، اسکولوں کو تالے لگ گئے

    بنگلہ دیش میں گرمی کی شدید لہر، اسکولوں کو تالے لگ گئے

    ڈھاکا: عالمی ماحولیاتی تبدیلی کے جنوبی ایشیا میں اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں جس کے باعث خطہ شدید موسم سے دوچار ہوگیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے بعد بنگلہ دیش میں بھی ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے،موسم کی سختی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر پرائمری اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔

    بنگلہ دیشی حکام کے مطابق ملک میں جاری گرمی کی شدید لہر کے باعث پرائمری اسکولوں کو 8 جون تک بند کردیا گیا ہے، گرمی سے شدید متاثرہ اضلاع میں راجشاہی، نوگاؤں، نیلفاماری اور دیناج پور شامل ہیں۔

    ادھر محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ شدید گرمی کی موجودہ لہر 12 جون تک جاری رہے گی،اس دوران ڈھاکا، کھلنا اور باریشال، چاند پور سمیت دیگر علاقوں میں متعدل ہیٹ ویو کا امکان ہے۔

    عبدالکلام ملک کے مطابق جون میں بنگلہ دیش میں اوسط درجہ حرارت 31.9 کے لگ بھگ ہوتا تھا تاہم عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث اس وقت درجہ حرارت توقع سے 2 سے 8 درجے زیادہ بلند ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

  • سمندری طوفان ’موچا‘ بنگلہ دیش اور میانمار سے ٹکرا گیا

    سمندری طوفان ’موچا‘ بنگلہ دیش اور میانمار سے ٹکرا گیا

    ڈھاکا: طاقتور سمندری طوفان موچا میانمار اور بنگلہ دیش کے ساحلوں سے ٹکرا گیا جس کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگئی۔

    غیر ملکی میڈیا خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سمندی طوفان موچا کے باعث ہونیوالی موسلا دھار بارشوں اور 195 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں نے معمولات زندگی کو درہم برہم کرکے رکھ دیا۔

    خلیجِ بنگال میں بننے والے کیٹگری 5 شدت کے طوفان کے پیش نظر پہلے ہی بنگلادیش کے ساحلی علاقوں سے4 لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا تھا تاہم خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ طوفان کے باعث میانمار اور بنگلا دیش میں مجموعی طور پر 20 لاکھ افراد متاثر ہوں گے۔

    سمندری طوفان کے باعث دونوں ممالک میں اسپتالوں میں ایمرجنسی عائد کردی گئی جب کہ میونسپل اداروں اور فائر بریگیڈ کو بھی الرٹ کردیا گیا۔

    علاوہ ازیں ماہرین نے ہواؤں کی رفتار 259 کلو میٹر فی گھنٹہ سے چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ دنیا کے سب سے بڑے پناہ گزین کیمپ کاکس بازار کو نشانہ بناسکتا ہے، جہاں تقریباً دس لاکھ لوگ رہتے ہیں اور ساتھ ہی یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ چار میٹر تک طوفانی لہریں نشیبی علاقوں کے دیہاتوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کی وجہ سے بیشتر علاقے بجلی سے بھی محروم ہوگئے ہیں جبکہ بارشوں کے باعث بیشتر علاقوں میں سیلاب آیا ہوا ہے۔

  • حنا ربانی کھر کی بنگلہ دیشی وزیر خارجہ سے ملاقات

    حنا ربانی کھر کی بنگلہ دیشی وزیر خارجہ سے ملاقات

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر 75 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے سری لنکا میں ہیں، شرکت سے قبل ان کی ملاقات بنگلہ دیشی وزیر خارجہ سے ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر سری لنکا کے دورے پر ہیں جہاں وہ 75 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کریں گی۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ تقریبات میں جنوب ایشیائی ممالک کے معززین بھی شرکت کر رہے ہیں۔

    اس دوران حنا ربانی کھر کی بنگلہ دیش کے ہم منصب اے کے عبدالمومن سے ملاقات ہوئی، دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں تیزی آرہی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔

  • آنکھ مچولی کے دوران چھپنے والا لڑکا دوسرے ملک کیسے پہنچ گیا؟

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں ایک لڑکا آنکھ مچولی کھیلنے کے دوران کنٹینر میں جا چھپا جس نے اسے دوسرے ملک پہنچا دیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں شپنگ کنٹینر میں چھپ کر آنکھ مچولی کھیلنے والا لڑکا ایک دوسرے ملک پہنچ گیا۔

    مذکورہ لڑکا بنگلہ دیش کے ساحلی شہر اور بندر گاہ چٹاگانگ میں کھیل کے دوران ایک کنٹینر میں چھپا تھا، اس دوران کنٹینر جہاز پر لاد دیا گیا تاہم لڑکے کی خوش قسمتی یہ رہی کہ وہ چھ روز تک کنٹینر میں مقفل رہنے کے باوجود زندہ بچ گیا۔

    17 جنوری کو جب یہ کنٹینر ایک بنگلہ دیشی جہاز سے جنوب مشرقی ایشیائی ملک ملائیشیا کی بندر گاہ کلانگ پر ان لوڈ کیا گیا تو وہاں موجود ملائیشیائی عملہ لڑکے کو متعدد مقفل کنٹینرز میں سے ایک میں دیکھ کر حیران رہ گیا۔

    لڑکا مقامی زبان نہیں جانتا تھا جس کی وجہ سے حکام کوئی معلومات نہیں لے پائے، انہیں شک ہوا کہ یہ انسانی اسمگلنگ کے جرائم کا شکار ہے، جس پر انہوں نے پولیس کو طلب کرلیا۔

    بعد ازاں معلوم ہوا کہ لڑکا اپنے دوستوں کے ساتھ چٹاگانگ کی بندر گاہ کے قریب آنکھ مچولی کھیلنے کے دوران کنٹینر میں چھپا، تاہم اندر جاکر وہ اس میں لاک ہوگیا اور چھ روز بند رہنے کے بعد ملائیشیا پہنچ گیا۔

    اسے باہر نکالنے کے موقع پر پورٹ ورکرز نے جو تصاویر اور ویڈیوز بنائیں اس میں لڑکا امتہائی کمزور اور لاغر حالت اور ایک اجنبی ماحول میں پریشان نظر آیا، بعد ازاں اسے ایک ایمبولینس میں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    بعد ازاں اسے فہیم کے نام سے شناخت کیا گیا، لڑکے نے ملائیشین حکام کو بتایا کہ وہ کھیل کے دوران کنٹینر میں سوگیا تھا، جاگنے کے بعد خوف اور پریشانی میں وہ کافی چیخا اور رویا لیکن کوئی اس کی مدد کو نہ آیا اور اگلے 6 روز کنٹینر میں بند رہا اور 2 ہزار میل دور ملائیشیا پہنچا دیا گیا۔

  • فلائٹ کے دوران جھگڑا، مسافروں نے ایک دوسرے پر تھپڑ اور مکے برسا دیے

    فضائی سفر کے دوران اکثر بدمزگی، لڑائی جھگڑے اور ہاتھا پائی کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں، حال ہی میں ایسے ہی ایک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    مذکورہ واقعہ بنگلہ دیش کی بیمان ایئر لائنز کی فلائٹ میں پیش آیا، طیارے کی منزل کے بارے میں فی الحال کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بغیر شرٹ کے ایک نوجوان شخص سیٹ پر بیٹھے شخص سے ہاتھا پائی کر رہا ہے۔

    سیٹ پر بیٹھا ہوا شخص جس کا چہرہ دکھائی نہیں دے رہا، جواباً نوجوان کو تھپڑ مار رہا ہے لیکن نوجوان بہت غصے اور جنون کی حالت میں اس پر تشدد کر رہا ہے۔

    نوجوان سیٹ پر بیٹھے ہوئے شخص پر مکے بھی برسا رہا ہے۔

    چند سیکنڈ تک دونوں کے درمیان دوبدو لڑائی کے بعد دیگر مسافر بیچ میں آگئے اور نوجوان کو گلے اور بازوؤں سے پکڑ کر روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    پیچھے موجود افراد بھی اپنی سیٹوں پر کھڑے ہو کر سارا ماجرا دیکھ رہے ہیں جبکہ کچھ ویڈیو بنانے میں بھی مصروف ہیں۔

    تاحال ایئر لائن کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا نہ ہی یہ واضح ہے کہ جھگڑنے والے نوجوان کے خلاف کیا کارروائی کی گئی۔

  • محمد شامی انجری کے باعث ون ڈے سیریز سے باہر، عمران ملک ٹیم میں شامل

    محمد شامی انجری کے باعث ون ڈے سیریز سے باہر، عمران ملک ٹیم میں شامل

    نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی انجری کے باعث بنگلہ دیش کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کرکٹ ٹیم کے بولو محمد شامی کندھے کی انجری کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں، انکی جگہ فاسٹ بولر عمران ملک کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    عمران ملک کو شامی کے باہر ہونے کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، انہوں نے حال ہی میں نیوزی لینڈ کے دورے پر اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا تھا، تین میچز میں انہوں نے تین وکٹیں لی تھی۔

    ون ڈے کے بعد بھارتی ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلنی ہے، محمد شامی بھی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہیں، اس انجری کے بعد وہ ٹیسٹ کھیل سکیں گے یا نہیں، یہ ابھی واضح نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ محمد شامی گزشتہ ماہ آسٹریلیا میں ٹی۔20 ورلڈ کپ سے واپسی کے بعد پریکٹس سیشن کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔

    بنگلہ دیش میں تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ: بنگلادیش نے نیدرلینڈز کو 9 رنز سے شکست  دے دی

    ٹی 20 ورلڈ کپ: بنگلادیش نے نیدرلینڈز کو 9 رنز سے شکست دے دی

    ہوبارٹ: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں بنگلادیش نے نیدرلینڈز کو 9 رنز سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کی جانب سے دیے گئے 145 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 135 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

    میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد بنگلادیش نے نیدرلینڈز کو جیت کے لیے 145 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    بنگلادیش کی جانب سے نجم الحسن شانٹو اور سومیا سرکار نے کھیل کا زبردست آغاز کیا، بنگلا دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔

    بنگلادیش کے شانٹو نے 25، سومیا سرکار نے 14 رنز بنائے، لٹن داس 9 اور شکیب الحسن 7، عفیف حسین 38، یاسر علی 3، نورالحسن 13 رنز بنا کر نمایاں رہے، جب کہ مصدق حسن 20 رنز بنا کر اور حسن محمود صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

    نیدرلینڈز کی جانب سے پال وین میکرین اور بیس ڈی لیڈ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ بنگلادیش کے تسکین احمد نے 25 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جس پر انھیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

  • بنگلادیش میں مسافر کشتی ڈوبنے سے 25 افراد جاں بحق

    بنگلادیش میں مسافر کشتی ڈوبنے سے 25 افراد جاں بحق

    ڈھاکا: بنگلا دیش میں مسافر کشتی ڈوبنے سے 25 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش میں مسافر کشتی دریا میں ڈوبنے سے پچیس افراد ہلاک ہو گئے، درجنوں لاپتا ہو گئے، ہلاک ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق کشتی میں 70 سے زائد مسافر سوار تھے، حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت موسم صاف تھا اور دریا میں طغیانی بھی نہیں تھی، حادثہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد کے سوار ہونے کے باعث پیش آیا۔

    غوطہ خور اور دیگر ریسکیو اہل کار لاپتا افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

    حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے، واضح رہے کہ بنگلا دیش میں کشتی کے ذریعے سفر کرنا معمول ہے اور تمام بڑے دریاؤں میں مسافر کشتیاں چلتی ہیں۔