Tag: بنی گالہ

  • نوازشریف کو ملک کی نہیں کرپشن سے بنائے ہوئے پیسے کی فکر ہے،عمران خان

    نوازشریف کو ملک کی نہیں کرپشن سے بنائے ہوئے پیسے کی فکر ہے،عمران خان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہناہے کہ نوازشریف پاکستان کے لیے سیکورٹی رسک ہے اسے ملک کی نہیں اپنے پیسے کی فکر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نےگزشہ شب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے قافلے پر کی جانے والی شیلنگ پر شدید تنقید کی اور کہا کہ حکومت نےاس طرح شیلنگ کی جیسے کہ کوئی دشمن کی فوج آرہی ہو۔

    عمران خان نے پرویز خٹک اور تحریک انصاف کے کارکنوں کو ان کی بہادری پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے لوگوں پر جو آنسو گیس کے شیل فائر کیے گئے وہ زائد المعیاد تھے۔

    تحریک انصاف کے سربراہ کا کہناتھا کہ حکومت نے عوام سے جھوٹ بولا مسلح جتھہ اسلام آباد پر حملہ کرنے کے لیے آرہا ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے نے ایک بار پھر وزیر اعظم نواز شریف کو سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو ملک کی نہیں کرپشن سے بنائے ہوئے پیسے کی فکر ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ میں کارکنوں کی گرفتاری کا معاملہ اٹھائیں گے کہ کس جرم پر تحریک انصاف کے کارکنوں کو مارا جارہا،اٹھایا جارہا ہے، میں نے کیا جرم کیا ہے جو مجھے گھر میں بند کیا ہوا ہے؟۔

    میڈیا سےبات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہناتھاکہ میں سپریم کورٹ جاتا اور یہ لوگ مجھے غائب کردیتے توکیاہوتا؟۔

    انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ کل کسی جج نے کہا کہ عمران خان عدالتوں پر دباؤ ڈال رہا ہے، کیا عدالتوں سے انصاف مانگا دباؤ ڈالنا ہے؟۔ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے عدالتوں پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا میں صرف انصاف مانگ رہا ہوں، اپنا حق مانگ رہا ہوں‘۔

    شیخ رشید کے حوالے سے عمران خان سے پوچھا گیا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہناتھا کہ آپ کو باہر نکلنا چاہیے تو اس پر انہوں نے کہا کہ کپتان اپنی حکمت عملی کے تحت چلتا ہے اور میری حکمت عملی 2 نومبر کی ہے، 2 تاریخ کو چاہے جو بھی رکاوٹیں ڈال دیں میں نکلوں گا چاہے پیدل ہی کیوں نہ جانا پڑے‘۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ شیخ رشید نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 28 اکتوبر کو ہر حال میں لال حویلی آنا چاہیے تھا۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہناتھا کہ تمام راستے بند ہیں لیکن لفٹ لے کر سپریم کورٹ پہنچاہوں۔

  • زندگی میں کبھی ہار نہیں‌ مانی، کارکنان مورال بلند رکھیں، عمران، خصوصی گفتگو

    زندگی میں کبھی ہار نہیں‌ مانی، کارکنان مورال بلند رکھیں، عمران، خصوصی گفتگو

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مشرف کے دورِ آمریت میں بھی ایسا ظلم نہ ہوا جو آج ایک جمہوری حکومت ہمارے ساتھ کر رہی ہے، میرے اہل خانہ کو بھی بنی گالا آنے سے روک دیا گیا، زندگی میں کبھی ہار نہیں مارنی، کارکنان بھی مورال بلند رکھیں۔

    اے آر وائی نیوز سےخصوصی گفتگو کرتے ہوئے سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمار ا قصور صرف اتنا ہے کہ ہم پُرامن احتجاج کر رہے ہیں، ہم نے کونسا قانون توڑا ہے جو کارکنان جیلوں میں بھرے جارہے ہیں کسی جمہوری نظام میں سیاسی کارکنان کے ساتھ ایسا سلوک روا نہیں رکھا جاتا۔

    انہوں نے سوال کیا کہ کس قانون کے تحت ہماری خواتین پر تشدد ہوا؟ لوگوں کو گرفتار کیا گیا اور لال حویلی سمیت ہمیں جلسہ نہیں کرنے دیا گیا حالانکہ اسی جگہ پر اسی دن ایک اور تنظیم نے جلسہ بھی کیا تھا۔

    چیرمین عمران خان نے کہا کہ کارکنان تو ایک طرف میرے اہل خانہ کو بھی بنی گالہ نہیں آنے دیا جا رہا ہے آخر کس قانون کے تحت میری بہن کو بنی گالہ نہیں آنے دیا اور میڈیا میں جھوٹ پر جھوٹ بولا جا رہا ہے کہ بنی گالہ مسلح جتھے آرہے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ اگر ہمارا وزیراعلیٰ اپنے پارٹی چیئرمین سے ملنے اسلام آباد آنا چاہتا ہے تو اسے کیوں روکا جارہا ہے؟ پرویز خٹک نے کیا غلطی کی ہے؟

    انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سے پہلے بھی طویل دھرنا دیا لیکن کوئی مسلح جدوجہد نہیں کی، یہ سب تماشا شریف خاندان کی کرپشن بچانے کے لیے ہورہا ہے کیوں کہ انہیں پتا ہے کہ وہ جیل جائیں گے، یہ میر جعفر ہیں جو پاکستان کو بھی بیچ دیں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ انہوں نے جو ہمارے چیف منسٹر کے ساتھ کیا ہےدراصل یہ بھارت کھیل کھیل رہا ہے؟ ان کے سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت دودل نے کہا تھا کہ پاکستان میں صوبے کو صوبے سے لڑائیں گے اور وہی ہورہا ہے، ایک شخص کو بچانے کے لیے ملک میں افراتفری پھیلا دی گئی۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ دو نومبر کو دس لاکھ لوگ اسلام آباد جائیں گے، میں نے زندگی میں کبھی ہارنہیں مانی، میرا مورال کبھی نہیں گرسکتا اور میرے کارکنان بھی اپنا مورال بلند رکھیں گے۔

    انہوں نے اے آر وائی کے پلیٹ فارم سے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کو راستہ دیا جائے اورانہیں بنی گالا اپنے چیئرمین سے ملنے کے لیے آنے دیا جائے۔

  • تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی اور عمران اسماعیل گرفتار

    تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی اور عمران اسماعیل گرفتار

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی اور عمران اسمائیل کو گرفتار کرلیا گیا دونوں رہنماووں کو وین میں ڈال کر تھانے منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کےمطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی کے ممبر عارف علوی اور پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل نے بنی گالہ جانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے دونوں رہنماووں کو گرفتار کرلیا،دونوں رہنماووں کو وین میں ڈال کرتھانہ سیکریٹرٹ منتقل کردیا گیا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیری مزاری کو بنی گالہ جاتے ہوئے روکنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے مذمت کی جس کے بعد انہیں بنی گالہ جانے دیا گیا۔

    وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے تحریک انصاف کے دونوں رہنماووں کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے عارف علوی اور عمران اسماعیل کی رہائی کا حکم آئی جی اسلام آباد کو دیا ہے۔

    مزید پڑھیں:اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو دھرنے کی اجازت دے دی

    خیال رہے کہ آج صبح اسلام آباد ہائی کورٹ میں اسلام آباد لاک ڈاؤن کے خلاف مقدمات کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کو دو نومبر کو اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں دھرنا دینے کی اجازت دی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے انتظامیہ کو حکم دیاتھاکہ اسلام آباد میں کوئی کنٹینر نہ لگایا جائے اور عدالت نے حکم دیا کہ شہریوں کے حقوق متاثر نہ ہوں۔

  • عمران خان کے کارکنوں کے ساتھ پش اپس

    عمران خان کے کارکنوں کے ساتھ پش اپس

    اسلام آباد: بنی گالہ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کارکنوں کے ساتھ پش اپس لگا کر حکومت کو واضح پیغام دے دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ آپ کا کپتان ہار ماننے والا نہیں ہے۔

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج بنی گالہ کے باہر خیمہ زن کارکنوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ 50 پش اپس لگائے۔ عمران خان کے پش اپ لگانے کے بعد کارکنوں کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں کھلاڑیوں کے میدان میں پش اپس لگانے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اس پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

    عمران خان نے اس موقع پر کارکنوں کو ہدایت کی کہ پہاڑی راستوں سے بھی آنا پڑے تو کارکن بنی گالہ پہنچیں۔ وہ انہیں ریلوں کی صورت میں اسلام آباد پہنچنے اور گرفتار نہ ہونے کی ہدایت بھی کر چکے ہیں۔

    اس سے قبل آج صبح اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد لاک ڈاؤن سے متعلق مقدمات کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف پریڈ گراؤنڈ پر دھرنا دے سکتی ہے اور اگر عوام زیادہ ہوئی تو ایکسپریس وے پر دھرنا دینے کی اجازت ہے، اس کے علاوہ کسی اور مقام پر دھرنا دینے کی اجازت نہیں ہے۔ عدالت نے کسی کو گرفتار نہ کرنے اور عمران خان کے پروگرام میں خلل نہ ڈالنے کا حکم بھی دیا ہے۔

    دو روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار نہ کرنے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں سے کنٹینر ہٹانے کا حکم بھی دے چکی ہے تاہم عدالتی حکم کی خلاف ورزی بھرپور طریقے سے جاری ہے۔

    حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے اور اب تک سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کنٹینرلگا دیے گئے ہیں اور شیریں مزاری سمیت تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کو اسلام آباد میں داخلے سے روکا جارہا ہے۔

  • آصف زرداری منافق نہیں تھا،شریف برادران منافق ہیں،عمران خان

    آصف زرداری منافق نہیں تھا،شریف برادران منافق ہیں،عمران خان

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہناہے کہ آصف زردرای منافق نہیں تھا اس نے کبھی نہیں کہا کہ پیسے واپس لائیں گے،نوازشریف اور شہباز شریف منافق ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بنی گالہ کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ گزشتہ روز لوگوں کو گرفتار نہیں بلکہ اغوا کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کس قانون کے تحت اٹھایاگیا۔

    عمران خان کا کہناتھاکہ نوازشریف کے لیے جمہوریت یہ ہے کہ دھاندلی کرو،اقتدار میں آؤ، کرپشن کرو، پیسہ بناؤ، کیوں کہ ان کے بچے باہر بیٹھے ہیں اور کاروبار بھی باہر ہیں۔

    تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہناتھاکہ آصف علی زرداری شریف برادارن کی طرح منافق نہیں تھا وہ جو بھی تھا سب کے سامنے تھا۔

    چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ تحریک انصاف کے کارکنان کی گرفتاریوں پر ازخود نوٹس لے۔

    عمران خان کا کہناتھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی سربراہی میں آج خیبرپختونخواہ سے تحریک انصاف کے کارکنوں کا وفد بنی گالہ پہنچیں گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کارکن جیسے بھی ممکن ہو بنی گالہ پہنچیں جہاں سے 2 نومبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا۔

    عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا منصوبہ اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کرنے کا نہیں بلکہ جب 10 لاکھ لوگ دارالحکومت پہنچیں گے تو اسلام آباد خود ہی بند ہوجائے گا۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو پونے دس بجے طلب کیا تھا۔

  • علی امین گنڈاپور کی گاڑی سے اسلحہ برآمد

    علی امین گنڈاپور کی گاڑی سے اسلحہ برآمد

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا سے رکن صوبائی اسمبلی علی امین گنڈا پور کی گاڑی سے بھاری اسلحہ اور شراب کی بوتل برآمد ہوئی جب کہ علی امین فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صوبائی وزیر کے پی کے اور تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بنی گالا جا رہے تھے کہ راستے میں کلمہ چوک پرپولیس نے ان کی گاڑی کی تلاشی لی اور گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور شراب کی بوتلیں برآمد کر لیں۔

    ali-amin-post-1

    بعد ازاں پولیس نے علی امین گنڈا پور کی گاڑی سے بر آمد اسلحہ میڈیا کےسامنے پیش کردیا،اسلحے میں 5 کلاشنکوفیں،289 راؤنڈز،2 نائن ایم ایم میگزین ، 3 بلٹ پروف جیکٹس،ایک ٹیئرگیس گن ،ایک ایس ایم جی اور 2 عدد گاڑیوں کی نمبر پلیٹس شامل ہیں۔

    ali-amin-post-2

    پولیس کی جانب سے اسلحہ میڈیا کے سامنے پیش کرنے کے بعد تحریک انصاف کے صوبائی رہنما علی امین گنڈا پور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری گاڑی سے کوئی غیر قانونی اسلحہ برآمد نہیں ہوا البتہ ایس ایم جی میری ذاتی ہے اور میرے پاس 500 راؤنڈز کے اسلحہ کا لائسنس ہیں۔

    علی امین گنڈا پور نے پولیس کے موقف کو رد کرتے ہوئے کہا کہ میری گاڑی میں گارڈز نہیں پولیس والے تھے اور اسلحہ لائسنس یافتہ ہے اور میرے استعمال میں ہے جب کہ شہد کی بوتل کو شراب کی بوتل بنادی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور کی گاڑی کی تلاشی کے دوران کارکنان بھی موجود تھے اور ہجوم کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے علی امین گنڈا پوری موقع سے فرار ہو گئے۔

  • مجرم کوبچانے کےلیے سرکاری مشینری کا استعمال کیا جارہا ہے،عمران خان

    مجرم کوبچانے کےلیے سرکاری مشینری کا استعمال کیا جارہا ہے،عمران خان

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیر اعظم کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک مجرم کو بچانے کے لیے ساری سرکاری مشینری استعمال کیا جا رہا ہے،ملک میں مشرف دور کی آمریت سے بدترین بادشاہت قائم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیرمین تحریک انصاف نے اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو چوری کیا ہوا پیسہ ہضم نہیں ہونے دیں گے،پوری قوم اس کا حساب لے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ایک مجرم کو کبھی بھی وزیراعظم تسلیم نہیں کروں گا جسے بچانے کے لیے تمام سرکاری مشینری کو استعمال کیا جا رہاہے اور کون سے قانون کے تحت مجھے یہاں بلا جوازنظربند کردیا گیا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ موجودہ بدترین جمہوریت مشرف جیسی آمریت کی روش پر قائم ہے، مشرف کی آمریت کی طرح سیاسی کارکنان کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر دو نومبر کو نہیں نکلنے دیا توہم تین نومبرکو نکلیں گے،تین کو نہیں توچارنومبرکونکلیں گے ورنہ پانچ نومبرکو دھرنا کرلیں گے کب تک حکومت مجھے نظر بند رکھے گی؟ میں وزیراعظم کی تلاشی لیے بغیر چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

    چیرمین تحریک انصاف نے سوال کیا کہ پاکستان کی عدلیہ سے پوچھتا ہوں کہ یہ کس طرح کی جمہوریت ہے جو عدلیہ کا فیصلہ بھی نہیں مانتی یہ معززعدلیہ کی رٹ کا معاملہ ہے اب دیکھنا ہے کہ عدلیہ اپنے فیصلے حکومت پرکیسے لاگوکرواتی ہے؟

    انہوں نے کارکنان کو ہدایت جاری کیں کہ سارے کارکنان کل بنی گالہ پہنچیں،خیبرپختونخواہ سے کارکن پرویز خٹک کی سربراہی میں اسلام آباد پہنچیں گے اوراگر وفاقی حکومت نے خیبر پختونخواہ سے کارکنان کو اسلام آباد آنے سے روکا تو نتائج کے ذمہ دارخود ہوگی۔

    وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کی برطرفی ہر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک درباری ہے اور اپنے مغل اعظم سے پوچھے بغیر کچھ نہیں کرسکتا لہذا اصل کردار کو سامنے لایا جائے اور کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

    عمران خان نے اپیل کی کہ ہائی کورٹ کو سوموٹونوٹس لینا چاہیے کیوں کہ حکومتی اقدامات کے باعث آنسو گیس شیلنگ سے ایک چار دن کا بچہ دم گھٹنے سے جاں بحق ہوا اور کنٹینر لگا کر راستے بند کرنے کی وجہ سے ایک فوجی افسرشہید ہوا، اس کی ذمہ داری حکومت پرہے۔

  • کارکنان تمام رکاوٹیں ہٹاکر کل اسلام آباد پہنچیں،عمران خان

    کارکنان تمام رکاوٹیں ہٹاکر کل اسلام آباد پہنچیں،عمران خان

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہناہے کہ کارکنان تمام رکاوٹیں ہٹاکر کل اسلام آباد بنی گالہ پہنچیں۔

    تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ بنی گالہ پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو اسلام آباد آنے سے روکا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کون سی جمہوریت ہے کہ آپ لوگوں کو بند کریں اور جیلوں میں ڈالیں۔

    عمران خان کا کہناتھا کہ دفاع پاکستان سب کے سامنے جلسہ کرتی ہے،ان کےلیے دفعہ 144 نہیں ہے؟۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف قوم کو جوابدہ ہیں۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہناتھا کہ کل عدالت نہیں جارہا،میرے وکلا نے بتایا انھوں نے جج سےبات کرلی ہےمنگل کوسپریم کورٹ جاؤں گا۔

    عمران خان نے کہا کہ تمام کارکن بنی گالا آنا شروع کردیں ،یہاں رہنے کے لیے بہت جگہ ہے اور کھانے کا بھی انتظام ہے، بنی گالا سے تمام لوگ 2مئی کو اسلام آباد جائیں گے۔

    تحریک انصاف کے سربراہ کا کہناتھاکہ راستے بندکرنا توہین عدالت ہےکس قانون کے تحت سڑکیں بند کی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پرویزرشید کو قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے پرویزرشید کی قربانی سے قوم مطمئن نہیں ہوگی.۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ نے خواجہ آصف کے ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب گیڈرکی موت آتی ہے توشہرکی طرف بھاگتا ہے۔

  • کارکن گرفتار ہونے سے بچیں، عمران خان

    کارکن گرفتار ہونے سے بچیں، عمران خان

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے کارکنوں نے بنی گالہ کے باہر خیمہ بستی آباد کرلی۔ کارکنوں نے رات وہیں گزاری۔ صبح عمران خان نے کارکنوں سے ملاقات کی اور انہیں 2 نومبر کے لیے تیار رہنے اور گرفتاریوں سے بچنے کی ہدایت کی۔

    تفصیلات کے مطابق کل شام شیخ رشید کے جلسے میں شرکت کے لیے آنے والے تحریک انصاف کے کارکنوں نے واپس جانے کے بجائے بنی گالہ کے باہر ہی خیمے لگا لیے اور وہیں رات گزاری۔

    بنی گالہ میں رات گئے ہی تندور اور چولہے لگا دیے گئے جبکہ کارکنان کے لیے خصوصی طور خیمے اور بستروں کا بھی انتظام کیا گیا۔

    صبح چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کارکنوں سے ملاقات کے لیے بنی گالہ سے باہر آئے جنہیں دیکھ کر کارکنوں کا جوش و خروش اور بڑھ گیا۔ عمران خان نے کارکنان کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت دی جس کے بعد کارکنان کے لیے ناشتے کا خصوصی انتظام شروع ہوگیا۔

    عمران خان نے کارکنوں کے جذبہ کو سراہا اور ان سے 2 نومبر کے دھرنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کارکن ایک ساتھ ریلے کی صورت میں اسلام آباد پہنچیں، ٹولیوں کی صورت میں آنے پر پولیس گرفتاریاں کر رہی ہے جو غیر قانونی ہے۔ آپ نے گرفتار ہونے سے بچنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ کسی کو گرفتار نہ کیا جائے اس کے باوجود حکومت گرفتاریاں کر رہی ہے۔

    واضح رہے کہ کل سہ پہر شیخ رشید راولپنڈی کے کمیٹی چوک میں جلسہ کرنے جارہے تھے تاہم پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کردیں اور کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردیں۔ بعد ازاں شیخ رشید عوامی مسلم لیگ کے ایک کارکن کے ہمراہ موٹر سائیکل پر کمیٹی چوک پہنچے اور کارکنان سے خطاب کیا۔

    شیخ رشید کے خطاب کے دوران ہی پولیس نے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیا اور 55 سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔ اس سے ایک روز قبل بھی 450 سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    دو نومبر کو بتائیں گے عوامی طاقت کیا ہوتی ہے، عمران خان *

    دوسری جانب پولیس نے شیخ رشید کے خطاب کے دوران ہی لاٹھی چارج اور شیلنگ شروع کردی۔ شدید شیلنگ سے سیاسی کارکنان سمیت کمیٹی چوک کے اطراف میں رہنے والے افراد اور خود پولیس کے عملے کو بھی سانس لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    پولیس کی شیلنگ سے راولپنڈی میں ایک نومولود بچہ بھی دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔ بچے کے والدین راستے بند ہونے کے سبب بچے کو اسپتال نہ لے جاسکے۔ عمران خان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس کا ذمہ دار پنجاب حکومت کو ٹہرا دیا۔

  • بنی گالہ: گلوکار سلمان احمد پولیس کی حراست سے فرار

    بنی گالہ: گلوکار سلمان احمد پولیس کی حراست سے فرار

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر معروف گلوکار سلمان احمد کو پولیس اہلکاروں نے اپنی حراست میں لے لیا، اور ان کو گھسیٹتے ہوئے وین میں ڈال دیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو نومبر کو احتجاج کے حوالے سے جمع ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکنان عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر موجود ہیں اور پولیس کی بھاری نفری بھی اسی مقام پر موجود ہے۔

    اس دوران معروف گلوکار سلمان احمد اپنی گاڑی میں وہاں عمران خان سے ملاقات کیلیے پہنچے تو اہلکاروں نے انہیں گاڑی سے باہر نکلنے کو کہا وہ جیسے ہی اپنی گاڑی سے باہر نکلے تو تین سے چار پولیس اہلکاروں نے انہیں دبوچ لیا اور گھسیٹتے ہوئے پولیس وین میں ڈال دیا۔

    بعد ازاں اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سلمان احمد نے بتایا کہ مجھے لے جانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی میں نے کہا میں عالمی سطح پر پہچانا جانا جانے والا فنکار ہوں میں نے دل دل پاکستان گا یا ہے۔

    پولیس وین کا دروازہ اہلکاروں نے صحیح طرح سے بند نہیں کیا تھا، مجھے جیسے ہی موقع ملا میں وین سے نکل کر فرار ہونے مین کامیاب ہوگیا۔

    انہوں نے بتایا کہ جب مجھے گرفتار کیا جارہا تھا تو میں نے پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ میں انسداد پولیو مہم کا پاکستان میں ایمبیسیڈرہوں اوراس حوالے سے عمران خان سے ملاقات کیلیے جارہا ہوں لیکن انہوں نے میری ایک نہ سنی اور۔مجھے گرفتار کرلیا  لیکن میں موقع ملتے ہی فرارہوگیا۔

    سلمان احمد کا کہنا تھا کہ دو نومبر کوعوام کا سیلا ب آئے گا، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے درخواست کروں گا کہ یہ دہشت گردی ہے اس کا نوٹس لیا جائے۔