Tag: بوئنگ

  • جنگی طیارے بنانے والی کمپنی بوئنگ کے ورکرز نے کام چھوڑ دیا

    جنگی طیارے بنانے والی کمپنی بوئنگ کے ورکرز نے کام چھوڑ دیا

    نیویارک (05 اگست 2025): جنگی طیارے بنانے والی کمپنی بوئنگ کے ورکرز نے کام چھوڑ دیا، ملازمین ہڑتال پر چلے گئے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے اوائل میں بوئنگ کے جنگی طیارے اور ہتھیار تیار کرنے والے ہزاروں ورکرز ہڑتال پر چلے گئے، جس سے ایئرو اسپیس کمپنی کو دھچکا لگا ہے۔

    اے پی کے مطابق اتوار کو مشینیں چلانے والوں اور ایئرو اسپیس ورکرز کی انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کے تقریباً 3,200 مقامی ممبران نے ووٹ کے ذریعے ترمیم شدہ چار سالہ لیبر معاہدہ مسترد کیا اور اس کے بعد سینٹ لوئس، سینٹ چارلس، مسوری، الینوائے اور مسکوتا میں بوئنگ کمپنی کی فیکٹریوں میں ہڑتال کا آغاز ہو گیا۔

    ورکرز یونین کے عہدے دار سیم سسینیلی نے ایک بیان میں کہا ’’بوئنگ کے ملازمین طیارے اور دفاعی نظام بناتے ہیں جو ہمارے ملک کو محفوظ رکھتا ہے، اس لیے یہ ورکرز بھی ایک ایسے ہی معاہدے کے مستحق ہیں جس سے ان کے خاندانوں کو تحفظ حاصل ہو، اور جس سے ان کی بے مثال مہارت کو تسلیم کیے جانے کی عکاسی ہو۔


    لاس اینجلس میں پارٹی کے دوران فائرنگ، 2 افراد ہلاک، 6 زخمی


    خیال رہے کہ مشینیں چلانے والے ماہرین نے مجوزہ معاہدے کو مسترد کر دیا تھا جس میں 4 سالوں میں اجرت میں 20 فی صد اضافہ اور 5,000 ڈالر توثیقی بونس شامل تھے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں بوئنگ کے 3 اہم پلانٹس پر مزدوروں کی ہڑتال شروع ہو گئی ہے، کیوں کہ انتظامیہ اور ورکرز کے درمیان تنخواہوں اور معاہدے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے، بوئنگ انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پیش کش میں 40 فی صد اوسط تنخواہ میں اضافہ اور اضافی اوقات کا حل موجود تھا۔

    کمپنی نے کہا ہڑتال کی پیشگی تیاری کر لی گئی ہے اور دیگر اسٹاف سے کام جاری رکھا جائے گا، تاہم دوسری طرف ہڑتال کی خبر پر بوئنگ کے حصص میں مندی، بعد میں معمولی بہتری اب بھی 0.26 فی صد نیچے ہے۔

  • طیارہ ساز کمپنی ’بوئنگ‘ کا ہزاروں ملازمین برطرف کرنے کا اعلان

    طیارہ ساز کمپنی ’بوئنگ‘ کا ہزاروں ملازمین برطرف کرنے کا اعلان

    واشنگٹن : ہوائی جہاز بنانے والی امریکی کمپنی ’بوئنگ‘نے اپنے ملامین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کرلیا، طیارہ ساز کمپنی ایک ماہ سے جاری ہڑتال کے باعث مالی مشکلات کا شکار ہوگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بوئنگ کے چیف ایگزیکٹیو کیلی آرٹبرگ نے ملازمین کے نام ایک ای میل پیغام کے ذریعہ گزشتہ کئی سالوں سے مالی مشکلات سے دوچار کمپنی کے تقریباً 10 فیصد ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    انہوں نے بتایا ہے کہ عالمی سطح پر ہونے والی اس چھانٹی میں ہر سطح کے ملازمین یعنی ایگزیکٹیوز، منیجر سے لے کر تمام شعبہ جات کا عملہ کے افراد شامل ہوں گے۔

    بوئنگ ملازمین

    اورٹبرگ نے کہا کہ ہمیں اپنی مالی حقیقت اور ترجیحات کو اور زیادہ بڑھانے کے لئے اپنے کاموں میں تبدیلی کرنی ہے۔ آئندہ چند ماہ میں ہم ملازمین کی تعداد میں تقریباً 10فیصد کمی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بوئنگ کمپنی کے اس فیصلے سے تقریباً 17 ہزار ملازمین کو اپنی ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑیں گے کیونکہ 10 فیصد کی کٹوتی تقریباً 17 ہزار ملازمتوں کے برابر ہے۔

    کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو کیلی آرٹبرگ نے اپنی ای میل میں اسلحہ اور فوجی سامان بنانے والے کاروبار میں خسارہ کا اندیشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ ساتھ ہی کمپنی نے اپنے نئے جہاز 777ایکس کی ڈلیوری کی تاریخ کو بھی ایک سال آگے بڑھا دیا ہے۔

    قابل ذکر ہے بات یہ ہے کہ فی الحال بوئنگ کے 33 ہزار ملازمین ہڑتال پر ہیں اور یہ ہڑتال گزشتہ تین ہفتوں سے جاری ہے جس سے کمپنی کی کارکردگی پر منفی اثر پڑا ہے۔ اس ہڑتال کا اثر کمپنی کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے طیاروں کے پروڈکشن پر بھی دیکھنے میں آرہا ہے۔ایمپلائیز یونین 14 ستمبر سے ہڑتال پر ہے اور بات چیت کے باوجود کوئی حل نہیں نکل سکا ہے، جس کے سبب کمپنی کے مالی حالات ابتر ہوچکے ہیں۔

  • خبردار! اس طیارے میں بیٹھنا خطرے سے خالی نہیں

    خبردار! اس طیارے میں بیٹھنا خطرے سے خالی نہیں

    سڈنی: معروف امریکی طیارہ ساز کمپنی ’بوئنگ‘ کے تیار کردہ طیاروں میں نقائص سامنے آمنے کے بعد مسافروں کی جانیں خطرے میں پڑ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بوئنگ نے اپنے مقبول ماڈل 737 این جی طیاروں کی کھیپ میں سے 50 طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا ہے۔

    بوئنگ کے ترجمان نے اعتراف کیا ہے کہ 1000 طیاروں کا معائنہ کرنے کے بعد 50 طیاروں کے اسٹرکچر میں دراڑیں پائی گئی ہیں جو کہ جانچ شدہ مجموعی طیاروں کا 5 فیصد ہے۔

    دریں اثناء آسٹریلوی ایئرلائن کنٹاس نے ایک بوئنگ طیارہ گراؤنڈ کردیا ہے جب کہ باقی 32 طیاروں کی فوری طور پر جانچ کا اعلان کیا ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ مسافروں کی زندگیاں داؤ پر نہیں لگا سکتی اور نہ ہی کسی قسم کی غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کرے گی، خصوصی طور پر طیاروں کے معاملے میں کسی قسم کا رسک ناقابل قبول ہے۔

    یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی ایئرلائن نے بوئنگ طیارے کو گراؤنڈ کیا ہو، اس سے قبل بھی متعدد ایئرلائنز خرابی سامنے آمنے کی شکایات پر طیاروں کو فضائی مشن سے ہٹا چکی ہیں۔

  • بوئنگ طیاروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان، منافع میں کمی

    بوئنگ طیاروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان، منافع میں کمی

    واشنگٹن: امریکی طیارہ ساز کمپنی کے بوئنگ 737 میکس طیاروں کی کارکردگی پر دنیا بھر میں سوالات اٹھنے لگے، منافعے میں بھی واضح کمی واقع ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق ناقص کارکردگی اور حادثات کے بعد بوئنگ 737 میکس طیاروں پر دنیا بھر میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں اس کے منافع میں کمی واقع ہوئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ منافع میں کمی کی وجہ بھی بوئنگ سیون تھری سیون میکس طیاروں کے حادثات اور عالمی سطح پر اس طرز کے طیاروں کے استعمال پر پابندی بنی ہے۔

    اعداد وشمار کے مطابق رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں بوئنگ کو دو اعشاریہ ایک ارب ڈالر کا منافع ہوا، جو گزشتہ برس کے اسی عرصے کے مقابلے میں تیرہ اعشاریہ دو فیصد کم ہے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ایتھوپین ائیرلائن کا بوئنگ طیارہ تباہ ہوا جس کے نتیجے میں 157 افراد ہلاک ہوئے تھے، اسی طرح اکتوبر 2018 میں بھی اسی ماڈل کا طیارہ کریشن ہوا تھا جس کے نتیجے میں 189 مسافر مارے گئے تھے۔

    بعد ازاں متحدہ عرب امارات، برطانیہ، فرانس، چین، سنگاپور اور انڈونیشیا بوئنگ737 ماڈل کے تمام طیاروں کی فضائی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کی، جبکہ کئی یورپی ممالک نے کہا تھا کہ وہ مذکورہ پابندی پر غور کررہے ہیں۔

    ایک اور بوئنگ 737 طیارہ حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا

    اتنے بڑے حادث کے بعد گذشتہ ماہ ایک بار پھر بوئنگ طیارہ حادثے سے بال بال بچا تھا، امریکی ریاست فلوریڈا میں بوئنگ طیارے نے جیسے ہی اڑان بھری فوراً انجن میں خرابی محسوس ہوئی جس کے بعد پائلٹ نے ایمرجنسی لینڈنگ کی۔

  • پی آئی اے کی 2 پائلٹ بہنوں کا منفرد ریکارڈ

    پی آئی اے کی 2 پائلٹ بہنوں کا منفرد ریکارڈ

    اسلام آباد: یوں تو پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے ہر قت خبروں میں رہتی ہے اور یہ خبریں عموماً منفی ہوتی ہیں، تاہم حال ہی میں دو پائلٹ بہنوں نے پی آئی اے کے 2 بوئنگ طیارے بیک وقت اڑا کر ایک تاریخ رقم کر ڈالی۔

    پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی کے ٹوئٹ کے مطابق یہ پی آئی اے کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ 2 سگی بہنوں مریم مسعود اور ارم مسعود نے 777 بوئنگ طیارے بیک وقت اڑائے۔ دونوں طیارے بیک وقت فضا میں محو پرواز ہوئے تاہم دونوں کی منزلیں مختلف تھیں۔

    بڑی بہن مریم کافی عرصہ سے پی آئی اے کے مختلف جہازوں کو بطور پائلٹ اڑا چکی ہیں تاہم حال ہی میں ان کی چھوٹی بہن ارم کو بھی جہاز اڑانے کا لائسنس مل گیا جس کے بعد دونوں بہنوں نے مختلف جہازوں میں بیک وقت اڑان بھری۔

    دو سگی بہنوں کا ایک ساتھ جہاز اڑانے کا یہ پاکستان ہی نہیں بلکہ جنوبی ایشیا کا پہلا ریکارڈ ہے۔

    اس سے قبل پاک فضائیہ کی خاتون فلائنگ آفیسر مریم مختار بھی فضائیہ کی پہلی خاتون پائلٹ ہونے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں تاہم وہ گزشتہ برس میانوالی میں تربیتی پرواز کے دوران جہاز کو حادثہ پیش آنے کے سبب شہید ہوگئیں۔