Tag: بوئنگ 777

  • پی آئی اے کے 19 بوئنگ 777 طیاروں میں صرف 5 اڑان بھر رہے ہیں، انکشاف

    پی آئی اے کے 19 بوئنگ 777 طیاروں میں صرف 5 اڑان بھر رہے ہیں، انکشاف

    کراچی: ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن پی آئی اے کے 19 بوئنگ 777 طیاروں میں صرف 5 اڑان بھر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انجینئرز کی مبینہ عدم توجہ کے باعث فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی طیارے مرمت نہ ہونے کے باعث گراؤنڈ ہیں۔

    قومی ایئرلائن کے 19 بوئنگ 777 طیاروں میں سے صرف پانچ طیارے اڑان بھر رہے ہیں، اور ایئر بس 320 کے 17 طیاروں میں سے صرف 9 آپریٹ کیے جا رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی مبینہ نجکاری کے باعث انجینئرنگ کا شعبہ طیاروں کی مینٹننس پر توجہ نہیں دے رہا ہے، نہ ہی پرزہ جات کی خریداری کے لیے پلاننگ کی گئی، جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن طیاروں کی عدم دستیابی یا فنی خرابی کے باعث متاثر ہو رہا ہے۔

    کراچی سے اندرون اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے اہم خبر آگئی

    واضح رہے کہ کہ دبئی سے پشاور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 284 نے فنی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کی ہے، طیارہ فنی خرابی کے باعث اتوار کی شب کراچی ایئرپورٹ اتارا گیا تھا۔

    مسافروں کو کئی گھنٹے تک جہاز میں پہ بیٹھے رہنے پر مجبور ہونا پڑا، آخرکار لاؤنج منتقل نہ کیے جانے پر مسافروں کا پارہ ہائی ہو گیا اور انھوں نے جہاز میں احتجاج شروع کر دیا، کئی گھنٹے گزرنے کے بعد مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے پشاور روانہ کیا گیا۔

  • ہنگرین پوپائے نے دانتوں سے بوئنگ 777 کھینچنے کی تیاری کرلی

    ہنگرین پوپائے نے دانتوں سے بوئنگ 777 کھینچنے کی تیاری کرلی

    دبئی : ہنگری کے پوپائے زولٹ سنکا متحدہ عرب امارت میں بوئنگ 777 طیارہ دانتوں سے کھینچ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ہنگری سے تعلق رکھنے والے زولٹ سنکا گزشتہ دس برسوں کے دوران طاقت اور باڈی بلڈنگ کے اب تک 35 سے زائد عالمی ریکارڈ قائم کرچکے ہیں جس کے باعث انہیں ہنگری کا پوپائے کہا جاتا ہے۔

    زولٹ سنکا نے اپنی 8 سالہ بیٹی اور اہلیہ مونیکا کے ہمراہ دبئی اسپورٹس کونسل آفس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’پہلے میری کوشش ہے کہ میں دانتوں سے بوئنگ 777 طیارہ کھینچوں، اس کے بعد آئندہ برس دبیئ 2020 ورلڈ ایکسپو کے دوران ایئر بس اے 380 کو کھینچا چاہتا ہوں، میرا خیال ہے کہ ایکسپو کے دوران یہ اچھی مہم ہوگی‘۔

    سنکا نے کہا کہ اے 380 کے بعد میں کار کھینچنے کا ریکارڈ بنانا چاہتا ہوں ممکن ہے چھ سے آٹھ گاڑیاں ہوں اور ممکن ہے کہ میں آر ٹی اے (روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی) کے ہمراہ کام کروں اور بڑی بس کو کھینچوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میرے منصوبے میں برج العرب کے ہیلی پیڈ پر ایک اسٹیج شو بھی شامل ہے جس میں دو موٹرسائیکلوں اپنے دانتوں سے روکوں گا، جو ایک زبردست شو ہوگا۔

    سنکا سنہ 2016 سے دبئی رہائشی ہیں جو ماضی میں 180 سیٹوں کے ایئربس اے 320 کو کھنچ چکے ہیں، انہوں نے بوداپست ایئرپورٹ پر 50 ٹن کے طیارے کو 39 .2 میٹر تک 52 سیکنڈ میں کھینچاتھا۔

    ہنگرین پاور لفٹر طاقت سے آزامائی کے کھیل سے قبل فٹبال کے کھلاڑی تھے وہ بوداپست ایئرپورٹ پر اے 300 طیارہ بھی کھینچ چکے ہیں جس کا وزن 90 ٹن تھا جبکہ 80 ٹن وزنی ٹرین بھی اپنے دانتوں سے کھینچ کر دنیا کو حیران کرچکے ہیں۔

    سنکا کا کہنا تھا کہ میں نے 2010 میں کچھ نیا کرنے کا سوچا، جس کےبعد میں نے پورے جسم سے دو فائر ٹرک کھینچنے کا فیصلہ کیا اور 2013 میں 50 ٹن وزنی جہاز کو کھینچ کر عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • جدہ : پی آئی اے کا ایک اور طیارہ تباہی سے بچ گیا

    جدہ : پی آئی اے کا ایک اور طیارہ تباہی سے بچ گیا

    جدہ : پی آئی اے کا ایک اور جہاز تباہی سے بچ گیا، جدہ ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے بوئنگ 777 کے ایک طیارے میں آگ لگ گئی، پرایئر ٹریفک کنٹرولر نے طیارے سے دھواں نکلتا دیکھ کر فائر بریگیڈ کو اطلاع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ ایئر پورٹ پر ملتان روانگی کیلئے تیار پی آئی اے کی پرواز پی کے 740 سے اچانک دھواں نکلنے لگا.

    پی آئی اے کا عملہ طیارے سے دھواں نکلنے سے لاعلم تھا، پی آئی اے عملے کی لاعلمی کے باوجود ایئر ٹریفک کنٹرولر نے ہنگامی طور پر فائر بریگیڈ کو طلب کر لیا.

    ذرائع کے مطابق پرواز پی کے 740 جدہ سے ملتان کیلئے پہلے ہی 9 گھنٹے سے زائد تاخیرکا شکار تھی۔ خوش قسمتی سے وقوعہ کے وقت جہاز میں کوئی مسافر موجود نہیں تھا.

    پی آئی اے حکام کے مطابق طیارے کا جنریٹر سسٹم میں فنی خرابی ہوگئی تھی اور اے ٹی یو سسٹم بھی کام نہیں کررہا تھا، طیارے کے پرزہ جات کراچی سے جدہ بھیج دیئے گئے ہیں، طیارہ ٹھیک ہوتے ہی پرواز کو ملتان کیلئے روانہ کردیاجائے گا۔

  • پی آئی اے کی "ہوابازی کے عالمی قوانین” سے پہلو تہی

    پی آئی اے کی "ہوابازی کے عالمی قوانین” سے پہلو تہی

    کراچی: پی آئی اے کے طیارے بین الاقوامی قوانین کے تحت بنائے گئے معیار کو پورا نہیں کر پارہے، سرویلنس کیمرے سے عاری طیاروں کو بھی پرواز بھرنے کی اجازت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے بین الاقوامی قوانین نظرا نداز کرتے ہوئے لیز پر حاصل کیے گئے دو بوئنگ 777 طیاروں کے کاک پٹ میں سرویلنس کیمرے نہیں لگائے ۔

    یاد رہے کہ نائن الیون کے سانحے کے بعد بین الاقوامی قوانین میں تبدیلی کرتے ہوئے کاک پٹ میں کیمرا سرویلنس ضروری قرار دی گئی تھی جب کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی قوانین کے بر خلاف دونوں طیاروں کو بغیر سرویلنس کیمروں کے پرواز کی اجازت دے دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن کے بوئنگ 777 طیاروں کے ٹوائلٹ خراب ہیں،متعدد بار توجہ دلانے کے باوجود پی آئی اے کا محکمہ انجینئرنگ اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہا۔

    یاد رہے کہ بوئنگ 777طیارے سعودی عرب،نیو یارک، ٹورنٹو، بیجنگ، لندن کے علاوہ یورپ کے لیے بھی آپریٹ کیےجاتے ہیں۔خدشہ ہے کہ بین الاقوامی ہوا بازی کی انسپکشن ٹیم نے اگر ان طیاروں کا معائنہ کرلیا تو ان طیاروں پر یورپی ممالک جانے پر پابندی بھی عائد ہوسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ بوئنگ 777 طیارے ایک اہم حکومتی شخصیت کے دباوٴ پر لیے گئے ہیں،جس میں سرویلنس کیمرے نہ ہونے اور ٹوائلٹ کی ناگفتہ بہ حالت کے ساتھ ساتھ کئی سیفٹی ایشوز بھی سامنے آچکے ہیں تا ہم پی آئی اے کی انتظامیہ اس معاملے پر مسلسل غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔