Tag: بورڈ آف ڈائریکٹرز

  • ملک بھر کی پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز تحلیل کرنے کا بڑا فیصلہ

    ملک بھر کی پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز تحلیل کرنے کا بڑا فیصلہ

    لاہور: حکومت نے ملک بھر کی پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز تحلیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع وزارت توانائی کے مطابق پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے بورڈز میں سیاسی افراد کو شامل کیا گیا ہے، جانچ کرنے پر اکثر بورڈ ممبران نان ٹیکنیکل اور سیاسی گھرانوں کے نکلے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور کمپنیوں میں نئے ممبران ٹیکنیکل، اہل اور غیر سیاسی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اب ان کمپنیوں اور این ٹی ڈی سی کے نئے بورڈز تشکیل دیے جائیں گے، اس وقت اصلاحات کا عمل جاری ہے اس لیے پاور کمپنیوں میں نئے بورڈز ضروری ہیں۔

    یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ حالیہ بورڈز ممبران ایک دن اجلاس کا یومیہ 60 ہزار روپے معاوضہ لیتے ہیں، بورڈ اجلاس میں شرکت کا موجودہ طریقہ کار کو ختم کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے اور کمپنیوں کے بورڈ ممبران اب اعزازی ہوں گے۔

  • پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس، ریونیو میں کمی پر اظہار برہمی

    پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس، ریونیو میں کمی پر اظہار برہمی

    کراچی : پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس چیئرمین عرفان الہٰی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں پی آئی اے کے جنوری تا مارچ کی سہ ماہی کارکردگی اور مالی حسابات کا جائزہ لیا گیا۔

    اس موقع پر بورڈ اراکین نے ماضی کی صورتحال اور ریونیو میں مجموعی کمی پر برہمی کا اظہار کیا، اراکین نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ سے بزنس پلان پر مؤثر عملدرآمد نہ ہونے سے متعلق باز پرس کی جائے۔

    بورڈ اراکین کی جانب سے پی آئی اے کے چار جہاز کی دم اور کلر اسکیم تبدیل کئے جانے کی منظوری دی گئی، اجلاس میں جہازوں کی کلر اسکیم کی تبدیلی کو جہازوں کے سی چیک سے مشروط کردیا گیا۔

    مذکورہ جہاز مرحلہ وار انجنئیرنگ میں آمد پر کلر تبدیلی کی کارروائی مکمل کی جائے گیاس کے علاوہ بورڈ کی جانب سے ائیرکرافٹ انجنئیرز کے مطالبات کی منظوری بھی دی گئی۔

  • پی آئی اے کا اعلیٰ سطح اجلاس، پائلٹوں کی حرکات پراظہار برہمی

    پی آئی اے کا اعلیٰ سطح اجلاس، پائلٹوں کی حرکات پراظہار برہمی

    کراچی : پی آئی کے پائلٹوں کی غیرقانونی اورغیراخلاقی حرکتوں کا حکام نے سختی سے نوٹس لے لیا، دونوں کپتانوں کے خلاف تحقیقات جلد مکمل کا حکم دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس چیئرمین پی آئی اے عرفان الہٰی کی صدارت میں ہوا۔

    اجلاس میں حالیہ دنوں کپتان عامر ہاشمی کے دوران پرواز نیند پوری کرنے اور دوسرے پائلٹ کا ٹوکیو سے بیجنگ آنے والی پرواز میں غیر ملکی خاتون مسافر کو کاک پٹ میں بٹھانے پر بورڈ کے ارکان نے اظہار برہمی کیا۔

    اجلاس میں قائم مقام سی ای او کو بریفنگ دی گئی کہ پی آئی اے انتظامیہ نے ان واقعات کا سختی سے نوٹس لیاہے دونوں کپتانوں کے خلاف تحقیقات جاری ہے۔ ان کپتانوں کی حرکتوں کی وجہ سے پی آئی اے کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہوئی ہے۔

    بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں ایئربس 310اے کی مبینہ فروخت کے معاملے پر بھی پی آئی اے انتظامیہ سے باز پرس کی گئی۔ ڈائریکٹرز نے بوئنگ 777 کی ڈرائی لیز اور ویٹ لیز کے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔

    اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ پی آئی اے کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، ذرائع کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 2016 کے چھ ماہ کی مالی آڈٹ کی بھی منظور دی۔

  • پی آئی اے کی جدید خطوط پرتنظیم نوکی جا رہی ہے، سردارمہتاب خان

    پی آئی اے کی جدید خطوط پرتنظیم نوکی جا رہی ہے، سردارمہتاب خان

    کراچی : وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ جدید خطوط پر پی آئی اے کی تنظیم نو کرکے ائرلائن انتظامیہ میں تبدیلیوں کے ذریعے اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قومی ائر لائن میں نئی روح پھونکی جا رہی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز کاروباری شخصیت اور پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سابق ممبرعارف حبیب سے ملاقات کے دوران کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے جو کہ ہوابازی کی صنعت میں صف اوّل کا مقام رکھتی تھی اب اس کو کمرشل کمپنی کے طور پر کام کرنا ہوگا اور اس میں کارپوریٹ کلچر کو فروغ دیا جانا چاہیئے۔

    سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ پی آئی اے کو کامیاب ائرلائنوں میں شامل کرنے کے لئے اسے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تا کہ وہ دنیا کی کامیاب ائرلائنوں کی سطح پرآسکے۔

    انہوں نے کہا کہ اس قسم کا فیصلہ پی آئی اے کی تاریخ میں پہلی دفعہ کیا گیا ہے جس کے آنے والے وقتوں میں دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

    پی آئی اے کو منافع بخش بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس کے لئے اس کے انفراسٹرکچر، لوجسٹکس اور ہیومن ریسورسز میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

    اس موقع پر عارف حبیب نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردار مہتاب قومی ائر لائن کی بہتری کےلئے دلیرانہ انداز میں مشکل فیصلے کر رہے ہیں۔

  • پی آئی اے کے ڈائریکٹرزنے انتظامیہ سے حساب مانگ لیا

    پی آئی اے کے ڈائریکٹرزنے انتظامیہ سے حساب مانگ لیا

    لاہور: پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے قومی ایئر لائن انتظامیہ کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے چار اعشاریہ چھ ارب کاحساب طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کا خسارہ کم کیوں نہیں ہوا؟

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس قائم مقام چیئرمین کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں ممبران نے قومی ایئر لائن کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

    اجلاس میں ممبران برس پڑے کہ حکومت کی جانب سے ڈیڑھ سال پہلے چار اعشاریہ چھ ارب روپے دیئے جانے کے باوجود خسارہ کم کیوں نہیں ہوا؟ حساب دیا جائے رقم کہاں اور کیسے خرچ کی گئی ؟

    بورڈ ممبران نے سوال کیا کہ اب تک بو ئنگ ٹرپل سیون طیاروں کی اپ گریڈیشن کیوں نہیں ہوئی۔ بورڈ ممبران نے ہدایت کی کہ غفلت اورلاپروائی برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    بورڈ کے ممبران نے فیصلہ کیا کہ مختلف محکموں سے آئے 6 افسران 22 فروری تک معاملات نمٹا کر واپس اپنے محکموں میں جائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کل لاہورمیں ہوگا

    پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کل لاہورمیں ہوگا

    کراچی : پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کل لاہور میں طلب کرلیا گیا، نئے بورڈ ممبران کی شمولیت، ڈپوٹیشن پر آئے ہوئے افسران کو واپس بھیجنے کی منظوری اور دیگراہم فیصلے کئے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کل لاہور میں طلب کرلیا گیا ہے، اجلاس میں تین نئے بورڈ ممبران کی شمولیت کی منظوری دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر پی آئی اے کے مالی بحران ، کارکردگی اور بزنس پلان سے متعلق بھی اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

    کل ہونے والے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں پی آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر آئے ہوئے چھ سے زائد افسران کو واپس ان کے محکموں میں بھیجنے کی منظوری بھی دی جائے گی۔

    یاد رہے کہ پی آئی اے میں ڈپوٹیشن پر آئے ہوئے پاک فضائیہ اور پی آئی ڈی کے افسران بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اجلاس میں پریمیئر سروس کے ہونے والے نقصانا ت اوراس کو بند کرنے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کئے جائیں گے۔