Tag: بورڈ گیم

  • عمان میں 4 ہزار سال پرانی دریافت

    عمان میں 4 ہزار سال پرانی دریافت

    مسقط: عمان میں 4 ہزار سال پرانا بورڈ گیم دریافت ہوگیا، یہ بورڈ گیم عمان میں برونز ایج سے تعلق رکھتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ماہرینِ آثارِ قدیمہ کی ایک ٹیم نے عمان میں 4 ہزار سال پرانا بورڈ گیم دریافت کیا ہے۔

    بورڈ گیم عمان میں برونز ایج سے تعلق رکھتا ہے، یہ دریافت پولینڈ میں وارسا کی یونیورسٹی کے سینٹر آف میڈیٹرینین آرکیالوجی اور عمان کی وزارت برائے ورثہ و سیاحت نے کی ہے۔

    عمان اور پولینڈ کے اس مشترکہ پروجیکٹ کا مقصد شمالی عمان میں الحجر نامی پہاڑی سلسلوں میں قدیم انسانی آباد کاری کی چھان بین کرنا ہے۔

    ماہرین سنہ 2015 سے اس خطے کا تجزیہ کر رہے ہیں اور اب تک متعدد دریافتیں ہوچکی ہیں جن میں سے اکثر دریافتیں قبل مسیح سے تعلق رکھتی ہیں۔

    وارسا کی یونیورسٹی کی پریس ریلیز کے مطابق ابھی ٹیموں کی توجہ کانسی کے دور کی باقیات پر ہے جن میں سے ایک دریافت مذکورہ بالا بورڈ گیم کی ہے۔

  • شخصیت بوجھیں! دنیا بھر کی متاثر کن خواتین پر مبنی گیم

    شخصیت بوجھیں! دنیا بھر کی متاثر کن خواتین پر مبنی گیم

    ’شخصیت بوجھیں‘ چھوٹے بچوں کے لیے ایک مزیدار کھیل ہوتا ہے جس میں وہ مختلف مشہور شخصیات کے کارناموں اور ان کے اقوال کے ذریعے انہیں پہچاننے کی کوشش کرتے ہیں، ایک روسی ڈیزائنر نے اسی طرح کے کھیل کو نہایت منفرد انداز میں پیش کیا ہے۔

    روس کی زوزیا کوزرکا جو خود بھی ایک والدہ ہیں، اپنی بچیوں کی منفرد خطوط پر تربیت کرنا چاہتی تھیں۔ وہ چاہتی تھیں کہ ان کی بچیاں بچپن ہی سے باہمت اور حوصل مند بنیں۔

    اسی لیے انہوں نے لکڑی سے بنا ہوا ایک انوکھا بورڈ گیم تشکیل دیا جس میں دنیا کی مشہور اور متاثر کن خواتین کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

    28 مشہور خواتین پر مبنی اس بورڈ گیم کو 2 کھلاڑی کھیلتے ہیں جن میں سے ایک دوسرے سے کسی مشہور خاتون کے بارے میں سوالات دریافت کرتا ہے۔

    ان خواتین میں پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی اور میکسیکن مصورہ فریدہ کاہلو سمیت ایسی خواتین شامل ہیں جنہوں نے دنیا پر اپنے نقوش ثبت کیے۔

    زوزیا کا کہنا ہے اس بورڈ گیم کے ذریعے وہ ننھی بچیوں کو یہ بتانا چاہتی ہیں کہ وہ کچھ بھی کرسکتی ہیں۔ لڑکی ہونا انہیں کوئی کارنامہ سر انجام دینے سے روک نہیں سکتا۔

    وہ کہتی ہیں کہ ہمارے آس پاس موجود لوگ بچیوں کو وہ نہیں بتاتے جو انہیں بتانا چاہیئے، ’وہ صرف اس بارے میں بات کرتے ہیں کہ تمہارا لباس بہت خوبصورت ہے، تمہارے بال بہت پیارے ہیں۔ کوئی یہ نہیں کہتا کہ تم بہت بہادر ہو، حوصلہ مند ہو اور کوئی بڑا کام کرسکتی ہو‘۔

    تب زوزیا نے ننھی بچیوں کی سوچ کا دھارا تبدیل کرنے کا کام اپنے ہاتھ میں لیا اور اس کے لیے یہ بورڈ گیم بنا ڈالا۔

    گیم پر ان خواتین کے رنگین پورٹریٹس بنائے گئے ہیں جبکہ ان کے مختصر حالات زندگی، ان کے اہم کارنامے اور اقوال بھی درج ہیں۔

    زوزیا بتاتی ہیں کہ ان کے لیے سب سے مشکل مرحلہ تھا کہ وہ دنیا بھر کی ہزاروں خواتین میں سے صرف 28 کیسے چنیں، ’یہ 28 خواتین میری پسندیدہ ترین خواتین تھیں اور انہوں نے مجھے بہت متاثر کیا تھا۔ مجھے یقین ہے کہ یہ خواتین ننھی بچیوں کو بھی بے حد متاثر کریں گی‘۔