Tag: بورے والا

  • باراتیوں سے بھری بس افسوسناک حادثے کا شکار

    باراتیوں سے بھری بس افسوسناک حادثے کا شکار

    بورے والا: لاہور روڈ پر باراتیوں کی بس اُلٹ گئی، جس کے نتیجے میں 20 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بورے والا حادثے سے متعلق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق بارات کی بس کو حادثہ سیالکوٹ سے واپس آتے ہوئے پیش آیا، حادثہ تیز رفتاری اور ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا۔

    اس سے قبل بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بروری بائی پاس کے قریب بھی باراتیوں سے بھری بس کھائی میں گر گئی تھی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    پولیس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ حادثے میں زخمیوں کی تعداد 20 ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، تمام زخمیوں کو علاج کیلیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    باراتیوں کی بس ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری جو ہزارہ ٹاؤن سے بلیلی جا رہی تھی۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بروری بائی پاس بس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک اور دکھ کا باعث ہے، حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا کوئی غفلت پائی گئی تو مواخذہ ہوگا۔

    کراچی، وین میں آگ لگنے سے 10 مسافر جھلس گئے

    انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہتر طبی امداد فراہم کی جائے، جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلیے دعاگو ہیں۔

  • گھر میں سلنڈر پھٹنے سے والدین سمیت 2 بچے جاں بحق

    گھر میں سلنڈر پھٹنے سے والدین سمیت 2 بچے جاں بحق

    بورے والا میں کمرے کے اندر گیس سلنڈر پھٹنے سے 4 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جس میں ماں باپ اور 2 بچے شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ فرید ٹاؤن کے علاقے میں پیش آیا جہاں گھر کے اندر کمرے میں سلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 4 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جن میں دو معصوم بچے اور ان کے والد اور والدہ شامل ہیں۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دانش اپنی فیملی کے ساتھ سو رہا تھا اور 6 ماہ کے بچے کے لیے دودھ گرم کرنے کی غرض سے کمرے میں سلنڈر کو چلایا گیا جو دھماکے سے پھٹ گیا اور کمرے میں آگ پھیل گئی جس کی زد میں آکر پوری فیملی جاں بحق ہوگئی۔

    اس کے علاوہ تھرپارکر میں بھی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہان گاؤں کویا میں گھر سے 5 افراد کی لاشیں ملی ہیں، جاں بحق افراد میں میاں بیوی، 2 بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔

    پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ باپ نے تین بچوں اور بیوی کو زہر دینے کے بعد خودکشی کی ہے۔

  • بھتہ نہ دینے پر تاجر کو سر عام گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا

    بھتہ نہ دینے پر تاجر کو سر عام گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا

    بورے والا : پنجاب کے ضلع وہاڑی کے علاقے بورے والا میں بھتہ نہ دینے پر تاجر کو سر عام گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع وہاڑی کے علاقے بورے والا کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں قتل کا واقعہ سامنے آیا، جہاں مبینہ طور پر بھتے نہ دینے پر مقامی تاجر کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ تاجر ملک اکرم کو شہزاد عرف کبابٹ نے بھرے بازار میں گولیاں مار کر قتل کیا اور موقع سے فرار ہونے ہوگیا۔

    شہزادعرف کبابٹ نے تاجر ملک اکرم سے بھتہ مانگا تھا ، تاہم پولیس نے ماڈل ٹاؤن تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    اسی طرح کے ایک واقعے میں کراچی کے ایک تاجر کو مبینہ طور پر ایک بین الاقوامی نمبر سے بھتے کی کال موصول ہوئی، جس میں دو کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا اور انکار کرنے پر دونوں بھائیوں کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔

    ایک بیان میں تاجر نے دعویٰ کیا تھا کہ 04 دسمبر کی رات موٹر سائیکل پر سوار دو افراد ان کی دکان کے قریب آئے اور اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے ان کا بھائی زخمی ہو گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق تاجر کراچی کے علاقے کورنگی میں گیس سلنڈر کی دکان چلاتا ہے اور بھتہ نہ دینے پر اسے جان سے مارنے کی متعدد دھمکیاں مل رہی ہیں۔

  • بورے والا میں خوفناک ٹریفک حادثہ، خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق

    بورے والا میں خوفناک ٹریفک حادثہ، خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق

    بورے والا: لڈن روڈ پر ٹرک اور کار کے خوفناک تصادم میں خواتین اور بچوں سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے، تا حال مرنے والے افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے علاقے بورے والا کے قریب ٹرک اور کار میں تصادم نے 8 افراد کی جان لے لی ، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کار میں سوار خاندان لڈن سے بورے والا آرہا تھا کہ کار ٹرک کے نیچے گھس کر بری طرح پچک گئی، جس کے باعث ریسکیو ٹیموں نے باڈی کاٹ کر لاشوں کو کار سے نکالا۔

    حادثہ کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر بورے والا بھی موقع پر پہنچ گئے اور اپنی نگرانی میں ریسکو آپریشن مکمل کروایا تا حال مرنے والے افراد کی شناخت نہیں ہوسکی ، جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    ریسکیو ٹیموں نے لاشوں کو ضابطہ کارروائی کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بورے والا کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانو ں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

  • ٹمپریچر چیک کرنے پر سیخ پا اسسٹنٹ کمشنر کو غریب گارڈ پر تشدد کرنا مہنگا پڑ گیا

    ٹمپریچر چیک کرنے پر سیخ پا اسسٹنٹ کمشنر کو غریب گارڈ پر تشدد کرنا مہنگا پڑ گیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر بورے والا میں طاقت کے نشے میں چور اسسٹنٹ کمشنر کو غریب گارڈ پر تشدد کرنا مہنگا پڑگیا، ٹمپریچر چیک کرنے پر سیخ پا ہو کر اے سی نے گارڈ پر تشدد کیا تو وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے سخت احکامات جاری کروا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر بورے والا میں نجی اسکول کے گارڈ کو اسسٹنٹ کمشنر کا ٹمپریچر چیک کرنا مہنگا پڑ گیا، ٹمپریچر چیک کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب سیخ پا ہوگئے اور عملے کے ذریعےاسکول گارڈ پر تشدد کروایا۔

    اس کے بعد بھی اسسٹنٹ کمشنر کا غصہ ٹھنڈا نہ ہوا تو گارڈ کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن میں بدتمیزی کا مقدمہ درج کروا دیا، اسسٹنٹ کمشنر کا حفاظتی عملہ گارڈ کو گھسیٹتے ہوئے تھانے لایا اور حوالات میں بند کروا دیا۔

    گارڈ پر تشدد اور تھانے لے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، فوٹیج میں گارڈ کو اسسٹنٹ کمشنر سے تعارف پوچھتے اور ان کا ٹمپریچر چیک کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ویڈیو سامنے آنے کے بعد وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے معاملے کا نوٹس لے لیا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اصولاً اس اے سی کا یہی حال ہونا چاہیئے جو اس نے اس غریب گارڈ کا کیا ہے۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ چیف سیکریٹری سے بات کر رہا ہوں، اس اسسٹنٹ کمشنر کو معطل کیا جائے اور ایف آئی آر درج کر کے جیل کی ہوا بھی کھلائی جائے۔

  • دل کہہ رہا ہے تبدیلی کا انقلاب آنے والا ہے، عمران خان

    دل کہہ رہا ہے تبدیلی کا انقلاب آنے والا ہے، عمران خان

    بورے والا: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ’25 جولائی کو 2 ہفتے رہ گئے ہیں، میرا دل کہہ رہا ہے تبدیلی کا انقلاب آنے والا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے جنوبی پنجاب کے شہر بورے والا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ لمبی اندھیری رات اب ختم ہونے والی ہے اور 25 جولائی کے بعد ایک نئی صبح طلوع ہوتی نظر آ رہی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ آج پی ٹی آئی نہ ہوتی تو دو جماعتوں کی باریاں چلتی رہتیں، کبھی زرداری اور کبھی نواز شریف، عوام کے پاس اور کوئی چارہ نہیں تھا، اب تو ان کے بچے بھی باریاں لینے کو تیار ہوگئے ہیں۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ’یہ نوجوانوں کے مستقبل کی جنگ ہے، اللہ قوم کو کبھی کبھی تقدیر بدلنے کا موقع دیتا ہے، آپ نے گھر گھر جا کر لوگوں کو مستقبل کے لیے باہر لانا ہے۔

    ان کا کہنا تھا ’پی ٹی آئی میدان میں ہے، 25 جولائی کو دونوں جماعتوں کو شکست دیں گے، یہ لوگ قوم کو بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں، میرے نئے پاکستان میں ہر طرف تبدیلی آئے گی۔‘

    عمران خان نے کہا کہ قانون کی بالا دستی کے بغیر کوئی قوم آگے نہیں بڑھتی، یورپ کے نظام میں محنت کرنے والوں کو پھل ملتا ہے، بیرون ملک ریاست غریبوں کا خیال رکھتی ہے، الاؤنس دیتی ہے، پیسے نہ ہوں تو وکیل بھی کر کے دیتی ہے۔

    کراچی کے انتخابی حلقے


    ان کا کہنا تھا ’مزدوروں کے لیے ایک نظام لے کر آئیں گے، دیہی علاقوں میں زرعی سیکٹر پیچھے رہ گیا ہے، ہم کسانوں کو پیسا بنانے کے لیے مواقع فراہم کریں گے، کسان جب پیسا اپنی زمین پر لگاتا ہے تو پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے۔‘

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نواز شریف کی سزا پر شہباز شریف اور حمزہ خوشی میں لڈو بانٹ رہے ہیں، وہ ہاتھ اٹھا کر مجھے دعائیں دے رہے ہیں۔

    عمران خان نے کہا زرداری اور نواز شریف نے قوم پر قرضے چڑھائے، جو حکومت جاتی ہے خالی خزانہ اور فضل الرحمان چھوڑ کر جاتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مداریوں، زرداریوں اور جھوٹے کھلاڑیوں کو آئندہ انتخابات میں‌ شکست ہوگی: شہباز شریف

    مداریوں، زرداریوں اور جھوٹے کھلاڑیوں کو آئندہ انتخابات میں‌ شکست ہوگی: شہباز شریف

    بورے والا: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ کا صحیح استعمال کیا، تو پاکستان مودی کو آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب دے گا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے بورے والا میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئی کیا، ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے لودھراں میں مخالفین کو بدترین شکست دی.

    انھوں نے سیاسی حریفوں کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ عمران خان جھوٹوں کے آئی جی ہیں، انھوں‌ نے 2013 میں کہا کے پی میں بجلی لائیں گے اورپورےپاکستان کو دیں گے، میں‌عمران خان سے پوچھتا ہوں، وہ 74 میگاواٹ بجلی کہاں ہے، آسمانوں میں ہے یا زمین میں؟

    انھوں‌ نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مداریوں، زرداریوں اور جھوٹے کھلاڑیوں کو شکست ہوگی، عوام کا جم غفیر کہتا ہے آئندہ الیکشن میں جھوٹی سیاست مسترد ہوگی.

    شبہاز شریف کا کہنا تھا کہ خان صاحب اور زرداری نے اپنے صوبوں میں کچھ نہیں کیا، فقط جھوٹے وعدے کیے، خان صاحب اور آصف زرداری پنجاب میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں، عمران خان قوم پر رحم کریں اور گھر چلے جائیں، سیاست آپ کا کام نہیں.

    مریم اورحمزہ شریف فیملی کےچشم وچراغ اور مسلم لیگ ن کا مستقبل ہیں،راناثنااللہ

    ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی قیادت میں سی پیک کے منصوبے لگے ہیں، ن لیگ کی حکومت نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ پورا کیا، پنجاب میں ہزاروں میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے گئے، پنجاب کے دیہاتوں میں 85 ارب روپے کی سڑکیں بنائی ہیں.

    انھوں نے کے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کے پی میں ڈینگی آیا تو یہ نتھیا گلی چلے گئے، آئندہ الیکشن میں پشاور والے ن لیگ کو ووٹ دیں گے، مسلم لیگ (ن) کےپی عوام کو میٹرو منصوبے بنا کر دے گی.

    انھوں نے سابق صدر آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لوٹی دولت واپس لے آئیں، عوام نے منتخب کیا، تو ہم آصف زرداری کی دولت واپس لائیں گے، اگلے الیکشن کے بعد کراچی اورکوئٹہ کو لاہور بنائیں گے.


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • این اے 63 اور پی پی 232 کے ضمنی انتخاب،مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب

    این اے 63 اور پی پی 232 کے ضمنی انتخاب،مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب

    جہلم / وہاڑی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 63 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 232 کے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے تحریک انصاف کو شکست دے دی.

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 63 جہلم کے غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ مطلوب
    مہدی نے 82 ہزار 896 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے امیدوار فواد چوہدری نے 74 ہزار 77 ووٹ حاصل کیے اور یوں انہیں 8 ہزار 77 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا.

    دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے حلقہ این اے 323 کے غیرسرکاری نتیجے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار یوسف کسیلیہ نے 51 ہزار 323 ووٹ لے کر میدان مار لیا جبکہ تحریک انصاف کی امیدوار عائشہ نذیر نے 50 ہزار 267 ووٹ حاصل کیے اور انہیں ایک ہزار 56 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا.

    *اسلام آباد: الیکشن کمیشن کا حمزہ شہباز کو شوکازنوٹس

    یاد رہے کہ گزشتہ روز این اے 63 اور پی پی 232 ویہاڑی میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بلاتعطل شام 5 بجے تک جاری رہا.

    این اے 63 جہلم میں4 لاکھ 27 ہزار 757 رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 314 پولنگ اسٹیشنز اور 974 پولنگ بوتھز قائم کیےگئے.

    *جہلم : انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرعمران خان کی طلبی

    الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں 39 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 31 کو حساس قرار دیا گیا،کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس اور پاک فوج کے جوانوں کو تعینات کیاگیا،پاک فوج کے جوان پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات رہے.

    پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 232 ویہاڑی میں ایک لاکھ 91 ہزار 92 ووٹرز کے لئے 157 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے،حلقے میں 31 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 48 کو حساس قرار دیا گیا جب کہ پولیس اور پاک فوج کے جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دیا.

    واضح رہے کہ جہلم سے ن لیگ کے کن قومی اسمبلی اقبال مہدی کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست پر مسلم لیگ ن نے ان کے بیٹے کوتحریک انصاف کےامیدوارفواد چودھری کے خلاف میدان میں اتارا تھا.