Tag: بولان

  • بولان کے قریب پہاڑ سے 6 لاشیں برآمد

    بولان کے قریب پہاڑ سے 6 لاشیں برآمد

    کوئٹہ: بولان کے قریب پہاڑ سے 6 لاشیں برآمد ہوئیں تاہم لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

    بلوچستان کے ضلع کوئٹہ سے متصل ضلع کچھی میں قومی شاہراہ کے قریب سے پولیس نے چھ افراد کی نعشیں برآمد کرلی ہیں، چار افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی کچھی دوست محمد بگٹی نے اے آروائی نیوز کو بتایا کہ کچھی کے علاقے کولپور میں رات کو جو ریلوے پل دھماکے سے اڑایا گیا تھا، اس کے ملبے تلے 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

    دوست محمد بگٹی کا کہنا تھا کہ پل سے چند گز کے فاصلے پر قومی شاہراہ کے قریب ہی چار مزید لاشیں بھی برآمد ہوئیں جنہیں گولیاں مارکر قتل کیا گیا ہے۔

    پولیس نے تمام لاشوں کو ڈھاڈر اسپتال منتقل کردیا تاہم ان کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔

    بولان سےملنے والی 6میں سے 4افرادکی لاشیں سول اسپتال منتقل کی گئی ہے ، جہاں شناخت کاعمل جاری ہے۔

    خیال رہے بلوچستان کے مختلف علاقوں راڑہ شم،قلات اور بالاناڑی میں مختلف واقعات 31افرادجاں بحق اور 7زخمی ہوگئے ہیں۔

    موسیٰ خیل کےعلاقےراڑہ شم میں قومی شاہراہ پر23افرادکوگاڑیوں سےاتارکرماراگیا جبکہ راڑہ شم اور کنگری کے درمیان قومی شاہراہ پر درجن بھر سےزائدگاڑیاں جلادی گئیں۔

    قلات کے علاقے مہلبی میں پولیس اورلیویز اہلکاروں سمیت 8افراد جاں بحق ہوئے جبکہ فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنرقلات سمیت 5افرادزخمی بھی ہوئے۔

  • بولان: سیلابی ریلا 2 گیس پائپ لائنیں بہا لے گیا

    بولان: سیلابی ریلا 2 گیس پائپ لائنیں بہا لے گیا

    کوئٹہ: بلوچستان کے شہر بولان میں سیلابی ریلا 2 گیس پائپ لائنیں بہا لے گیا، جس سے کئی شہروں میں گیس سپلائی معطل ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بولان کی تحصیل مچھ میں بی بی نانی کے مقام پر گزشتہ روز ایک اور گیس پائپ لائن سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہے، جس سے بیش تر علاقوں میں گیس سپلائی معطل ہو گئی۔

    مچھ شہر کو گیس کی سپلائی مکمل طور پر بند ہوگئی ہے، کوئٹہ، مستونگ، قلات، پشین اور دیگر علاقوں میں بھی گیس کی سپلائی معطل ہے۔

    گیس غائب ہونے سے ایل پی جی کی دکانوں پر رش بڑھ گیا، گھریلو صارفین اور ہوٹل مالکان کو گیس نہ ہونے سے مشکلات کا سامنا ہے۔

    سوئی سدرن گیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ 12 انچ قطر کی پائپ لائن کی بحالی کے لیے ٹیموں کو روانہ کر دیا گیا ہے، بولان میں ٹیلی کمیونیکیشن سگنلز دستیاب نہیں ہیں، جس کی وجہ سے بحالی کے کاموں کی پیش رفت معلوم ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔

    حکام نے کہا ہے کہ صارفین ایندھن کی ضروریات پوری کرنے کے لیے متبادل انتظامات کر لیں۔

    یاد رہے کہ 19 اگست کو بھی بی بی نانی کے مقام پر 24 انچ قطر کی لائن کو سیلابی ریلے سے شدید نقصان پہنچا تھا، اس پائپ لائن کی بحالی کا کام مسلسل بارش کے باعث تاحال مکمل نہیں ہو سکا ہے۔

  • بلوچستان میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی

    بلوچستان میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی

    کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بولان میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں اب تک 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متعدد علاقوں میں گیس سپلائی معطل ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع بولان میں سیلاب سے تباہ کاریاں جاری ہیں، لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈھاڈر کے قریب بولان ندی سے 2 لاشیں ملی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹی قومی شاہراہ، بی بی نانی، گوکرت اور پنجرہ پل پر ٹریفک تاحال بند ہے، بی بی نانی پل ٹوٹنے کے باعث متبادل راستہ بنایا جارہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق بولان میں سیلابی ریلے سے متاثرہ گیس لائن بحال نہ ہوسکی، مستونگ، قلات، پشین اور زیارت میں گیس سپلائی دوسرے روز بھی معطل ہے۔

    بلوچستان میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اب تک 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    بارش کے باعث تحصیل جوہی کے کاچھو کے پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بلوچستان کے پہاڑی علاقے گاج ندی میں سیلابی پانی کئی دیہات اپنے ساتھ لے گیا، لوگ جانیں بچانے کے لیے درختوں پر چڑھ گئے۔

    تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے پہاڑی سلسلے سے اچانک پانی کا ریلا گاج ندی میں آیا، گاج ندی میں طغیانی سے 50 سے زائد دیہات زیر آب ہیں۔

    حلیم عادل شیخ کا مزید کہنا تھا کہ کاچھو میں سیلابی پانی سے 200 دیہات ڈوبنے کی اطلاعات ہیں۔

  • بلوچستان میں ریلوے ٹریک پر 2 دھماکے، 6 افراد جاں بحق

    بلوچستان میں ریلوے ٹریک پر 2 دھماکے، 6 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: بلوچستان کے علاقہ مچھ میں ریلوے ٹریک پر یکے بعد دیگرے 2 دھماکوں سے 6 افراد جاں بحق اور 28 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے میں جعفر ایکسپریس کی دو بوگیوں کو نقصان بھی پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے مچھ میں ریلوے ٹریک پر پے در پے دو دھماکے ہوئے۔ پہلے دھماکے کے وقت جعفر ایکسپریس ٹریک سے گزر رہی تھی جس کی دو بوگیاں دھماکے کے بعد پٹڑی سے اتر گئیں۔

    واقعہ کے بعد ابھی امدادی کام جاری تھا اور زخمیوں کو تباہ حال بوگیوں سے نکالا جا رہا تھا کہ 20 منٹ بعد دوسرا دھماکہ ہوگیا۔

    جعفر ایکسپریس کی بوگیاں الٹ گئیں، 13 افراد جاں بحق *

    واقعہ کے بعد ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی۔

    دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے شواہد اکھٹے کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔

    اس سے قبل گذشتہ برس بھی بلوچستان میں سبی کے مقام پر جعفر ایکسپریس کو ہی ریموٹ کنٹرول دھماکے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • بولان: بھاگ میں امام بارگاہ کے قریب دھماکا، 10 افراد جاں بحق

    بولان: بھاگ میں امام بارگاہ کے قریب دھماکا، 10 افراد جاں بحق

    جھل مگسی: بلوچستان کی تحصیل بھاگ میں چھل گری کے امام بارگاہ میں خود کش دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 10 افراد شہید اور 4 افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔

     وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کے مطابق دھماکے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق دھماکا امام بارگاہ کے دروازے کےقریب ہوا پر ہوا جہاں کچھ دیر بعد مجلس منعقد ہونا تھی، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی علاقے میں طلب کرلیا گیا ہے۔ پ

    ولیس نے دھماکا خودکش حملہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ کی تحقیقات کے بعد ہی دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگایا جاسکے گا۔

  • بولان میڈیکل کمپلیکس کوئٹہ،بچوں کی نرسری کے10 انکیوبیٹر خراب

    بولان میڈیکل کمپلیکس کوئٹہ،بچوں کی نرسری کے10 انکیوبیٹر خراب

    کوئٹہ: بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال کوئٹہ میں بچوں کی نرسری کے دس انکیوبیٹر خراب ہیں۔ انکیوبیٹر کی کمی کے باعث مریضوں کو نجی اسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔

    محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق بی ایم سی اسپتال کے بچوں کی نرسری کے دس انکیوبیٹر عرصہ دراز سے خراب ہیں۔ نرسری میں صرف چار انکیوبیٹرز کام کررہے ہیں جو روزانہ بڑی تعداد میں نرسرسی آنے والے بچوں کے لئے نا کافی ہے۔

    ڈاکٹر کے مطابق اس وقت صوبے کے سب سے بڑے اسپتال بولان میڈیکل اسپتال کو کم از کم پچیس انکیوبیٹر کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے محکمہ صحت بلو چستان اوردیگر اداروں کو درخواست دے چکے ہیں تاہم اب تک انکیوبیٹرز فراہم نہیں کیے جا سکے ہیں۔

  • کوئٹہ: بولان کی پہاڑیوں پرایف سی کا سرچ آپریشن جاری

    کوئٹہ: بولان کی پہاڑیوں پرایف سی کا سرچ آپریشن جاری

    کوئٹہ:پہاڑی علاقوں میں ایف سی نے شدت پسندوں کے گِرد گھیرا تنگ کردیا، تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں بولان کے پہاڑی علاقوں میں شدت پسندوں کیخلاف فرینٹئیر کانسٹیبلری (ایف سی ) کا بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

    کارروائی کے دوران شر پسندوں کے بھاری جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔ بولان کی پہاڑیوں پرایف سی نے بڑے پیمانے پرسرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ آخری اطلاعات تک آپریشن کے دوران ایف سی اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

    شدت پسندوں کی جانب سے خود کار آتشی اسلحے اور راکٹ لانچر کااستعمال کیا جارہا ہے۔ آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹروں کا استعمال بھی کیا جارہا ہے، ایف سی حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت کے احکامات کے تحت آپریشن جاری رہے گا۔