Tag: بول نیوز

  • ملزم عاطف زمان کا تفصیلی بیان ریکارڈ، 5 افراد کے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی

    ملزم عاطف زمان کا تفصیلی بیان ریکارڈ، 5 افراد کے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی

    کراچی: ایس ایس پی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عاطف زمان کا تفصیلی بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے، ملزم نے قتل کی وارداتوں کا بھی اعتراف کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس کے قاتل عاطف زمان کا تفصیلی بیان ریکارڈ کر لیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    ایس ایس پی طارق دھاریجو کا کہنا ہے کہ ملزم نے 5 افراد کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی، ملزم نے کروڑوں روپے کی ہیر پھیر کی ہے، جب مکمل پھنس گیا تو قتل کا منصوبہ بنایا، ملزم نے 5 لاکھ سے فراڈ شروع کیا جو کروڑوں تک پہنچا، لوگ پرافٹ کی لالچ میں جڑتے چلے گئے۔

    پولیس افسر کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ جھوٹ بول کر لوگوں سے پیسے لیتا تھا، اب تک کی تفتیش میں 40 سے 50 کروڑ کے کاروبار کا پتا چلا ہے، ملزم ایک جگہ سے پیسے لے کر دوسری جگہ دیتا رہا، مزید کلائنٹس آنا بند ہوئے تو ملزم پھنستا چلا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  عدالت نے ملزم عاطف زمان کو ریمانڈ میں لینے کی مہلت دے دی

    ایس ایس پی نے بتایا کہ تحقیقات میں اصل رقم کا تعین کر رہے ہیں، ملزم کے گھر والوں سے رابطہ نہیں ہوا تاہم ملزم کے وکیل سے رابطہ ہوا ہے، گرفتاری اب تک عاطف کی ہی ہوئی ہے، ملزم کا بھائی بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا جس کی گرفتاری کے لیے ٹیم بنا دی گئی ہے۔

    طارق دھاریجو کا کہنا تھا کہ ملزم نے بیان میں بتایا ہے کہ بھائی ساتھ نہیں تھے، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج سے تحقیقات میں مدد لی جا رہی ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے سرمایہ کاری کر رکھی تھی لیکن کاروبار کوئی نہیں تھا، چند سال قبل 15 ہزار تنخواہ پر ڈرائیور کی نوکری کرتا تھا، عاطف جب میٹرک میں فیل ہوا تب بھی خود کشی کی کوشش کی، اب تک ملزم کے بیانات بے ہوشی کی حالت میں لیے گئے تھے۔

  • مرید عباس کے قاتل عاطف زمان نے لوگوں سے پیسے لے رکھے تھے: اہلیہ مرید

    مرید عباس کے قاتل عاطف زمان نے لوگوں سے پیسے لے رکھے تھے: اہلیہ مرید

    کراچی: نجی ٹی وی چینل کے اینکر مرید عباس کی اہلیہ نے کہا ہے کہ انھیں پورا یقین ہے مرید عباس کو عاطف زمان نے مارا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ٹی وی اینکر مرید عباس کی اہلیہ نے کہا ہے کہ عاطف زمان ٹائر کا بزنس کرتا ہے، اس نے لوگوں سے پیسے لے رکھے تھے۔

    اہلیہ کا کہنا تھا کہ ہم نے سرمایہ کاری کر رکھی تھی، وہ بندہ پیسے نہیں دے رہا تھا، عاطف زمان کسی کے بھی پیسے نہیں دے رہا تھا، ڈرامے کر رہا تھا، عاطف زمان ہی نے فون کر کے مرید کو بلایا تھا۔

    ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ عاطف زمان کا گھر خیابان نشاط میں ہے، پولیس کے پہنچنے پر اس نے خود کو گولی ماری، جسے شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: فائرنگ کے واقعات میں نجی چینل کے اینکر سمیت پانچ افراد جاں بحق

    پولیس کے مطابق اینکر مرید عباس کو گولی مارنے والے ملزم نے خود کو بھی گولی ماری، ملزم عاطف نے موقع سے فرار ہو کر گھر جا کر خود پر گولی چلائی۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ مرید عباس پر فائرنگ کرنے والا اس کا جاننے والا تھا، فائرنگ چائے کے ہوٹل پر بیٹھے افراد پر کی گئی۔

    پولیس کا واقعے کے بارے میں یہ بھی کہنا ہے کہ ڈیفنس اور خیابان بخاری میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات ہوئے، فائرنگ کے ایک واقعے میں اینکر مرید عباس جاں بحق ہوئے جب کہ دوسرے میں ڈیفنس میں خضر نامی شخص جاں بحق ہوا۔