Tag: بٹگرام

  • بٹگرام  : سیلابی ریلے میں 30 افراد بہہ گئے ، 10 افراد کی لاشیں نکال کی گئیں

    بٹگرام : سیلابی ریلے میں 30 افراد بہہ گئے ، 10 افراد کی لاشیں نکال کی گئیں

    بٹگرام : خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام میں سیلابی ریلےمیں 30افراد بہہ گئے ، جس میں 10 افراد کی لاشیں نکال کی گئیں اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، آسمانی بجلی اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

    ضلع بٹگرام کے نیل بند گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے اور بارش سے پانچ مکانات منہدم ہوگئے، جبکہ سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے کم از کم 30 افراد لاپتہ ہوگئے۔

    ریسکیو حکام نے بتایا کہ اب تک 10 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جن میں 6 مرد، 2 خواتین اور ایک بچی شامل ہیں، جبکہ مزید 18 افراد کی تلاش جاری ہے۔

    ریسکیو 1122، پولیس، رضاکار اور مقامی افراد امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے اور بے گھر ہونے والوں کے لیے فوری رہائش کا انتظام کیا جائے۔

    مانسہرہ میں بھی آسمانی بجلی اور کلاؤڈ برسٹ سے سیلاب آیا، جس کے باعث مزید جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔

    دوسری جانب سوات کے مینگورہ، ملابابا، حاجی بابا، خوازہ خیلہ اور مرغزار سمیت نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، سینکڑوں گھروں میں پانی داخل ہوگیا اور متعدد علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

    متاثرہ علاقوں میں لوگ گھروں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ بعض مقامات پر اپنی مدد آپ کے تحت انخلا کیا جا رہا ہے۔

  • شہری ہوشیار ہوجائیں !‌اسلام آباد کے بعد ایک اور شہر میں گدھے کا گوشت برآمد

    شہری ہوشیار ہوجائیں !‌اسلام آباد کے بعد ایک اور شہر میں گدھے کا گوشت برآمد

    بٹگرام : اسلام آباد کے بعد ایک اور شہر میں گدھے کا گوشت برآمد ہوا، فوڈ اتھارٹی نے دو افراد کو گرفتار کر لیا اور شبہ ظاہر کیا اسے مقامی مارکیٹوں میں فروخت کے لیے سپلائی کیا جانا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں حالیہ دنوں ہونے والی بڑی کارروائی کے بعد اب خیبر پختونخوا میں بھی غیر قانونی گدھے کے گوشت کا اسکینڈل سامنے آ گیا ہے۔

    ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام نے کوزہ بانڈہ کے علاقے میں کارروائی کے دوران ذبح شدہ گدھا برآمد کرلیا، جس نے نہ صرف مقامی افراد کو خوفزدہ کر دیا بلکہ ملک بھر میں صحت عامہ اور خوراک کے معیار پر شدید تحفظات کو جنم دیا ہے۔

    کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی جس میں دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزمان کا تعلق مانسہرہ سے ہے، اور وہ لائسنس یافتہ قصائی نہیں تھے۔

    حکام نے شبہ ظاہر کیا اسے مقامی مارکیٹوں میں فروخت کے لیے سپلائی کیا جانا تھا تاہم واقعے کی مکمل تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔

    پولیس یہ بھی جاننے کی کوشش کررہی ہے کہ برآمد شدہ گوشت کہاں اور کس کو سپلائی کیا جانا تھا، اور اس جرم میں مزید کون کون شریک ہے۔

    گرفتار افراد کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 272 اور 273 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جو مضر صحت اشیاء کی تیاری اور فروخت جیسے سنگین جرائم سے متعلق ہیں۔

    بٹگرام پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید گرفتاریوں کا عندیہ دیا ہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ جانچ جاری ہے کہ آیا گوشت انسانی کھپت کے لیے فروخت کیا جانا تھا یا نہیں۔

    مزید پڑھیں : کیا اسلام آباد میں گدھے کا گوشت سپلائی کیا گیا؟ پولیس کا اہم بیان آگیا

    اس افسوسناک واقعے نے ایک بار پھر عوامی صحت، خوراک کی حفاظت اور غیر انسانی کاروباری رویوں پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

    یاد رہے چند روز قبل اسلام آباد کے علاقے ترنول میں ایک خفیہ فارم ہاؤس پر چھاپے کے دوران 1,000 کلوگرام گدھے کا گوشت اور 50 سے زائد زندہ گدھے برآمد کیے گئے تھے جبکہ اس کارروائی میں ایک غیر ملکی شہری کو بھی گرفتار کیا گیا تھا.

  • بٹگرام: چیئر لفٹ کا مالک اور آپریٹر گرفتار

    بٹگرام: چیئر لفٹ کا مالک اور آپریٹر گرفتار

    پشاور: پولیس نے بٹگرام چیئرلفٹ واقعے کے بعد چیئر لفٹ کے مالک اور آپریٹر کو کوتاہی برتنے پرگرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ بٹگرام چیئر لفٹ واقعے کے بعد چیئر لفٹ کے مالک گلزرین اور آپریٹر اعجاز کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق چیئر لفٹ کے کنٹرول روم کو بھی سیل کردیا گیا ہے اور گرفتار ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو کوتاہی برتنے پر گرفتار کیا گیا ہے، ایف آئی آر میں کوتاہی برتنے کی 5 مختلف دفعات شامل کی جائیں گی۔

    بٹگرام، چیئر لفٹ میں پھنسے تمام افراد کو ریسکیو کرلیا گیا

    پولیس کا کہنا ہے کہ چیئرلفٹ کے کنٹرول روم کو سیل کرکے تالے لگا دیئے گئے، واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح ہے کہ بٹگرام چیئر لفٹ سے بچے صبح 7 بجے کے وقت اپنے اسکول جارہے تھے کہ لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹنے سے چیئرلفٹ تقریباً 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئی۔

    اس چیئر لفٹ میں 8 لوگ سوار تھے جسے کئی گھنٹے کے آپریشن کے بعد صحیح سلامت رسیکیو کرلیا گیا تھا۔

  • بٹگرام چیئر لفٹ میں پھنسے نویں جماعت کے 3 طلبہ کا رزلٹ آ گیا

    بٹگرام چیئر لفٹ میں پھنسے نویں جماعت کے 3 طلبہ کا رزلٹ آ گیا

    بٹگرام: خیبر پختون خوا کے شہر بٹگرام کے چیئر لفٹ میں پھنسے نویں جماعت کے 3 طلبہ کا رزلٹ آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع بٹگرام میں سیکڑوں فٹ بلندی پر رسیاں ٹوٹنے کے بعد چیئر لفٹ میں پھنسے طلبہ کے حوالے سے اچھی خبر یہ آئی ہے کہ نے ان میں سے نویں جماعت کے تین طلبہ نے دو کڑے امتحان پاس کر لیے ہیں۔

    ان طلبہ نے نہ صرف چھ سو فٹ کی بلندی پر جھولتی ڈولی میں زندگی اور موت کی کشمکش کا کڑا مرحلہ کامیابی سے طے کیا، بلکہ نویں جماعت کا امتحان میں بھی پاس کر لیا ہے۔

    چیئر لفٹ میں موجود عطااللہ 442 نمبر لے کر کامیاب ہو گئے، نیاز محمد نے 412 نمبر لے کر کامیابی حاصل کی، جب کہ اسامہ 391 نمبر لے کرپاس ہوئے۔

    یہ تینوں طلبہ گورنمنٹ ہائی اسکول بٹنگی پاشتو الائی بٹگرام میں زیر تعلیم ہیں۔

  • بٹگرام: شیر نے چرواہے کو کھا لیا

    بٹگرام: شیر نے چرواہے کو کھا لیا

    بٹگرام: خیبر پختون خوا کے علاقے بٹگرام کے ایک چرواہے کو شیر نے حملہ کر کے جان سے مار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے شہر بٹگرام کے بالائی علاقہ ڈونگا میں جنگل کے شیر نے چرواہے پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں چرواہا جاں بحق ہو گیا۔

    مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ 40 سالہ طالع زر ولد محمد شاہ مال مویشی چرانے کے لیے ڈونگا کے جنگل گیا تھا، جہاں شیر نے اس پر حملہ کر کے بری طرح زخمی کر دیا۔

    علاقے کے لوگوں کو اطلاع ملی تو وہ زخمی شخص کو طبی امداد کے لیے بٹگرام کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال لے گئے، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

    ایبٹ آباد، حملے کے بعد مقامی افراد نے جنگلی چیتے کو زیر کر لیا (ویڈیو)

    مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بٹگرام کے بالائی علاقوں میں اس قسم کے واقعات میں تیزی آ رہی ہے، جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

    محکمہ وائلڈ لائف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جنگلی درندوں کو آبادی کی طرف آنے سے روکا جائے، تاکہ انسانی جانوں سمیت جنگلی حیات کی زندگیاں بھی محفوظ رہیں۔

    پہاڑی سے گرنے والے برفانی چیتے کو بچایا نہ جا سکا

    یاد رہے کہ چند دن قبل ایوبیہ، ایبٹ آباد کے ایک گاؤں ملکوٹ میں مقامی افراد نے آبادی پر حملہ کرنے والے ایک چیتے کو زیر کر لیا تھا، چیتے کے حملے میں ایک شخص بری طرح زخمی ہوا تھا۔