لاہور (25 جولائی 2025): موت کا وقت مقرر ہے اگر یہ وقت نہ آئے تو یہ زندگی کو چھو کر گزر جاتی ہے بچی بجلی کے کھمبے سے چپک گئی مگر بھائی نے بچا لیا۔
کہتے ہیں جس کو اللہ رکھے اسے کون چکھے یعنی جس کی موت کا وقت نہیں آیا تو اس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ ایسا ہی واقعہ لاہور میں پیش آیا جہاں برساتی پانی کے اندر بچی بجلی کے کھمبے سے چپک گئی لیکن اس کا بال بیکا نہ ہوا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقے شالیمار لنک روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں رہائشی آبادی میں بارش کا پانی جمع تھا۔
9 سالہ رامین اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ اسی برساتی پانی سے گزر کرجا رہی تھی کہ اچانک وہ راستے میں آنے والے بجلی کے کھمبے سے چپک گئی۔
لیکن جس کو اللہ رکھے تو اس کا کوئی بال بیکا نہیں کر سکتا۔ رامین کو فوری طور پر اس کے چھوٹے بھائی نے کھینچ کر کھمبے سے الگ کیا، جس کی وجہ سے اس کی جان بچ گئی۔
شور سن کر گھروں سے لوگ بھاگتے ہوئے آئے اور دونوں بہن بھائیوں کو انکے گھر تک پہنچایا۔