Tag: بچوں کے لاپتہ

  • کراچی میں بچوں کے لاپتہ ہونے کا ایک اور واقعہ

    کراچی میں بچوں کے لاپتہ ہونے کا ایک اور واقعہ

    کراچی : بچوں کے لاپتہ ہونے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ، کورنگی کے ڈی اے ایمپلائز سوسائٹی سے 12 سالہ محمد حسن تین روز سے لاپتہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بچوں کے اغوا کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تاہم پولیس اور اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) اب تک کسی ایک بچے کو بھی بازیاب نہیں کراسکے۔

    کورنگی کے ڈی اے ایمپلائز سوسائٹی سے 12 سالہ محمد حسن تین روز سے لاپتہ ہے، 27 اگست کو 12 سالہ حسن ولد محمد صالحین کو مبینہ طور پر کورنگی انڈسٹریل ایریا میں عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب سے اغوا کیا گیا۔

    والدین نے بتایا کہ بیٹا بدھ کی صبح مدرسے جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا لیکن واپس نہ آیا۔

    واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ،جس میں کہا ہے کہ متاثرہ بچے کے بھائی محمد عمیر نے بتایا کہ حسن اپنے ہمسائے عبدالرحمن کے ساتھ گھر سے نکلا تھا اور کہا تھا کہ اُس کی ایک مفتی صاحب سے بات ہوئی ہے اور وہ اندرونِ سندھ کسی مدرسے جانے کا ارادہ رکھتا ہے، تاہم اس کے بعد سے وہ لاپتہ ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی سے اغوا ہونے والی 4 سالہ مائرہ کا تاحال کچھ پتا نہ چل سکا

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، لیکن تاحال بچے کی بازیابی عمل میں نہیں آسکی۔

    شہری حلقوں نے بچوں کے مسلسل اغوا اور پولیس کی ناکامی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • کراچی میں بچوں کے لاپتہ ہونے کے بڑھتے واقعات،  والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

    کراچی میں بچوں کے لاپتہ ہونے کے بڑھتے واقعات، والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

    کراچی : شہر میں بچوں کے لاپتہ ہونے کے بڑھتے واقعات سے والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ متاثرہ خاندان اپنے بچوں کی تلاش میں دربدر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں حالیہ دنوں کے دوران بچوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور پولیس کے دعووں کے باوجود لاپتہ کئی ننھے پھول اب تک اپنے گھروں کو نہیں پہنچے۔

    بڑھتے واقعات نے شہر میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے ، جس سے والدین شدید پریشانی اور بے یقینی کا شکار ہیں جبکہ متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی تلاش میں دربدر ہیں۔

    گارڈن میں گھر کے باہر کھیلنے والے علیان اور علی کہاں ہیں، پولیس نو روز بعد بھی پتہ نہیں لگا سکی۔

    نارتھ کراچی سے لاپتہ ننھے صارم کی بازیابی کے لیے پولیس نے بڑے بڑے دعوے کیے لیکن اس کی لاش گیارہ روز بعد گھر کے قریب پانی کے ٹینک سے ملی۔

    اسی طرح پیرآباد کا رہائشی چودہ سال کا مبشر گیارہ جنوری کولاپتہ ہوا لیکن میڈیا پر خبرچلی تو لیاری سے مل گیا جبکہ فرنٹیئر کالونی کا دس سالہ ایان سترہ جنوری کو لاپتہ ہوا، اب تک نہیں ملا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ کی ہدایت پر بچوں کی گمشدگی کی فوری ایف آئی آر درج کیے جانے کی وجہ سے میڈیا پر اس نوعیت کی خبروں میں اضافہ ہوا ہے۔

    متاثرہ خاندانوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ بچوں کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور ان جرائم میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ والدین کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے جرائم کے باعث بچوں کو اکیلا باہر بھیجنے سے گریز کیا جا رہا ہے۔