Tag: بچہ

  • جِن (بھوت) کا بچہ کہہ کر خاتون نے 2 سالہ بیٹے کو نہر میں پھینک دیا!

    جِن (بھوت) کا بچہ کہہ کر خاتون نے 2 سالہ بیٹے کو نہر میں پھینک دیا!

    اولاد ماں کے لیے جان سے بھی بڑھ کر ہوتی ہے لیکن ایک خاتون نے توہم پرستی کی تقلید کرتے ہوئے اپنے 2 سالہ بیٹے کو بھوت کا بچہ سمجھ کر نہر میں پھینک دیا۔

    جادو ٹونا اور توہم پرستی بھارتی معاشرے میں اتنا عام ہے کہ اس پر خون کے رشتے بھی گنوا دیے جاتے ہیں جیسا کہ ایک خاتون نے اپنے دو سالہ بیٹے کو بھوت (جِن) کا بچہ سمجھتے ہوئے نہر میں پھینک دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ہریانہ کے علاقہ فرید آبھاد میں پیش آیا جہاں ایک مذہبی جوتشی کے زیر اثر خاتون نے اپنے دو سالہ بیٹے کو نہر میں پھینک کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    رپورٹ کے مطابق خاتون نے سرعام اپنے بچے کو نہر میں پھینکا۔ جس کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور عورت کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی جب کہ غوطہ خوروں نے لاش نہر سے نکال کر پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی۔

    پولیس کے مطابق گرفتار خاتون کا نام میگھا ہے اور وہ ایک گھریلو خاتون ہے۔ میگھا تین روز قبل اپنے دو سالہ بیٹے کے ساتھ گھر سے لاپتہ ہوگئی تھی اور آج اطلاع ملی کہ اس نے اپنے بچے کونہر میں پھینک دیا ہے۔

    پولیس نے عینی شاہد ایک خاتون کے حوالے سے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کے ہمراہ جا رہی تھی کہ اس نے ملزمہ کو بچہ گود میں لیے نہر کے کنارے کھڑے دیکھا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے اس نے اچانک بچہ نہر میں پھینک دیا۔

    عینی شاہد کے مطابق ملزمہ کا کہنا تھا کہ بچہ نہر میں پھینکنے کے بعد پہلے میگھا نے کہا کہ وہ انسانی نہیں بلکہ جِن کا بچہ ہے، تاہم بعد میں وہ اس بیان سے مُکر گئی۔

    مذکورہ خاتون کا شوہر کپل لوکر ایک پرائیوٹ کمپنی میں ملازم ہے اور اس کے مطابق اس کی بیوی ذہنی طور پر پریشان ہے اور کافی عرصہ سے زیر علاج ہے۔

  • کراچی میں ڈھائی سالہ مغوی بچہ چند گھنٹے میں بازیاب کرا لیا گیا

    کراچی میں ڈھائی سالہ مغوی بچہ چند گھنٹے میں بازیاب کرا لیا گیا

    کراچی کے علاقے قائد آباد سے اغوا ہونے والے ڈھائی سالہ بچےکو پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں بازیاب کرا لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے قائد آباد میں آج ایک ڈھائی سالہ بچہ کاشان اغوا ہوا تھا۔ والدین کے رپورٹ درج کرانے پر پولیس فوری حرکت میں آئی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مغوی بچے کو چند گھنٹوں میں بازیاب کراکر کر والدین کے حوالے کر دیا گیا۔

    بچے کو علاقے میں ہی ایک زیر تعمیر مکان سے برآمد کیا گیا۔ پولیس نے مغوی کی بازیابی کے ساتھ ہی اغوا کار ریاض کو بھی گرفتار کر لیا۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر کاشف آفتابکا کہنا ہے کہ بچے کی گمشدگی کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس کی تلاش شروع کی اور چند گھنٹے کی کوششوں کے بعد اس کو ایک زیر تعمیر مکان سے برآمد کرایا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کاشان کے اغوا کا مقدمہ اس کے والد کی مدعیت میں قائد آباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ کراچی میں بچوں کے اغوا کے واقعات میں اضافہ ہو چکا ہے۔ رواں برس کے آغاز میں نارتھ کراچی میں صارم اغوا کیس نے ملک بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔

    سات سالہ صارم کی لاش اس کے اغوا کے ایک ہفتہ بعد اسی بلڈنگ کے زیر زمین پانی کے ٹینک سے برآمد ہوئی۔ اس حوالے سے کئی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں مگر تاحال صارم کے قاتل کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جا سکا۔

  • دنیا کا وہ ملک جہاں ایک صدی سے کوئی بچہ پیدا نہیں ہوا!

    دنیا کا وہ ملک جہاں ایک صدی سے کوئی بچہ پیدا نہیں ہوا!

    ہماری زمین اس وقت بڑھتی آبادی کی وجہ سے کئی مسائل کا شکار ہے لیکن ایک ایسا ملک بھی ہے جہاں ایک صدی سے کسی بچے نے جنم نہیں لیا۔

    دنیا کو بڑھتی آبادی اور پاپولیشن بم کے خطرے کا سامنا ہے۔ مسلسل بڑھتی آبادی نے جہاں اس کرہ ارض پر موجود وسائل کو کم کرنا شروع کر دیا ہے وہیں اس کی بقا بھی خطرات کا شکار ہوتی جا رہی ہے۔

    دنیا کے کئی ممالک آبادی کے بم پر قابو پانے کے لیے سرکاری سرپرستی میں فیملی پلاننگ کے کئی پروگرام ترتیب دیتے ہیں، لیکن ہماری اسی دنیا میں ایک ملک ایسا بھی ہے جہاں لگ بھگ ایک صدی سے ایک بھی بچہ پیدا نہیں ہوا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ منفرد اعزاز دنیا کے سب سے چھوٹے ملک ویٹی کن سٹی کو حاصل ہے جہاں گزشتہ 96 برس کے دوران ایک بھی نئی زندگی نے جنم نہیں لیا ہے اور کسی بچے کی قلقاریاں نہیں گونجی ہیں۔

    صرف 118 ایکڑ رقبے پر محیط اور چند سو کی آبادی والا دنیا کا یہ سب سے چھوٹا ملک اسپتالوں اورڈیلیوری ہومز سے بھی محروم ہے، اور شاید یہی وجہ ہے کہ یہاں کی گلیاں بچوں کی ہنسی سے نا واقف ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کا چھوٹا سائز، طبی سہولیات کی کمی اور یہاں کے مخصوص طرزِ زندگی نے ویٹی کن کو ایک منفرد مقام بنا دیا ہے، جہاں ننھے قدموں کی چاپ سنائی نہیں دیتی۔

  • بچہ 13 سکے نگل گیا!

    بچہ 13 سکے نگل گیا!

    ایک 14 سالہ بچہ ایک دو نہیں بلکہ 13 سکے نگل گیا ڈاکٹروں نے بروقت کامیاب آپریشن کرتے ہوئے اس کی جان بچا لی۔

    یہ واقعہ مصر میں پیش آیا جہاں منصورہ یونیورسٹی کے چلڈرن اسپتال میں ایک ایسا بچہ لایا گیا جس کے پیٹ میں شدید درد ہو رہا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ بچہ جس کی عمر لگ بھگ 14 برس بتائی جاتی ہے، شدید درد میں تڑپتا ہوا اسپتال لایا گیا تھا۔

    بچے کا جب ایکسرے کیا گیا تو اس کی غذائی نالی میں سکوں کی موجودگی کا پتہ چلا۔

    یہ معلوم ہوتے ہی اینڈو اسکوپی یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر محمد ایز نے اس کا آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا اور کامیاب سرجری کرتے ہوئے تمام سکے نکال لیے۔

    بچے کے پیٹ سے جب سکے نکالے گئے تو سب دیکھ کر حیران رہ گئے کہ یہ سکے ایک یا دو نہیں بلکہ 13 تھے جس کی وجہ سے بچہ شدید درد میں تڑپ رہا تھا۔

    نکالے گئے سکے

    رپورٹ کے مطابق بچے کو آپریشن کے بعد انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے اور مکمل صحتیابی کے بعد اس کو اسپتال سے فارغ کیا جائے گا۔

  • اغوا کار نے 4 سالہ بچے کا مذہب پوچھ کر اسے چھوڑ دیا

    اغوا کار نے 4 سالہ بچے کا مذہب پوچھ کر اسے چھوڑ دیا

    ایک عجیب و غریب واقعے میں اغوا کار نے بچے کا مذہب پوچھ کر اسے چھوڑدیا، پولیس نے اغواکار کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔

    نئی دہلی پولیس نے بتایا تکہ گزشتہ ہفتے ایک 46 سالہ خاتون کو ریڈ فورٹ، کے قریب سے گرفتار کیا گیا ہے، اس نے فٹ پاتھ سے 4 سالہ بچے کو اغوا کیا تھا، تاہم اسی دن یہ جب خاتون کو یہ معلوم ہوا کہ بچہ مختلف مذہب سے تعلق رکھتا ہے تو اسے چھوڑ دیا۔

    بچے کے اغوا کے دوسرے دن اسے ڈھونڈا گیا تھا، ڈپٹی کمشنر اپولیس راجا بناتھیا نے بتایا کہ رچنا دیوی، جو مشرقی دہلی کے کرشنا نگر کی رہنے والی ہے اسے 12 نومبر کو اسکے گھر سے حراست میں لیا گیا۔

    7 نومبر ایک بچے کے اغوا کی اطلاع ملی تھی، بچے کی ماں جس کا نام رخسانہ ہے اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کے ساتھ فٹ پاتھ پر کھڑی تھی، وہ قریب موجود عوامی بیت الخلا گئی واپس آنے پر دیکھا بچہ جگہ پر موجود نہیں ہے۔

    تقریباً 400 سی سی ٹی وی کا جائزہ لینے کے بعد پولیس نے دیکھا کہ بچے کی اغوا کار خاتون علاقے میں گھوم رہی تھی اور اس نے وہاں یہ واردات انجام دی۔

    سی سی ٹی وی سے پتا چلتا ہے کہ بچہ خاتون کے ساتھ رکشے میں بیٹھا ہوا ہے، پولیس نے رکشہ ڈرائیور سے پوچھ گوچھ کی تو پتا چلا خاتون نے بچے کو سیلم پور چوک پر چھوڑا تھا۔

    خاتون کی شناخت کے بعد 12 نومبر کو اسے گھر سے حراست میں لیا گیا تھا، خاتون نے پولیس کو بتایا اس کی دو بیٹیاں ہیں وہ بیٹے کی خواہشمند ہے لیکن ماں نہیں بن سکتی اسی لیے لڑکے کو اغوا کیا۔

    جب اسے محسوس ہوا بچہ اس کے مذہب سے تعلق نہیں رکھتا ہے تو اسے شاستری پارک نئی دہلی میں چھوڑ دیا، بعد ازاں پولیس نے اسے بازیاب کیا۔

  • ماں کا ہولناک اقدام، کمسن بیٹے کو قتل کر کے لاش پکا کر کھا گئی

    ماں کا ہولناک اقدام، کمسن بیٹے کو قتل کر کے لاش پکا کر کھا گئی

    مصر میں نفسیاتی عارضوں کا شکار ایک ماں نے اپنے 5 سالہ بیٹے کو قتل کیا اور لاش کے کچھ حصے پکا کر کھا گئی، 30 سالہ خاتون کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

    مصر کے ایک گاؤں میں دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا جب ایک ذہنی مریض ماں نے اپنے بچے کو ذبح کر کے اس کی لاش کو پکا کر کچھ حصے کھا لیے۔

    مصر کے ابو شلبی گاؤں میں ماں نے اپنے 5 سالہ بچے کو قتل کیا اور پھر اس کی لاش کو پکایا اور اس کے کچھ حصے کھا گئی۔

    رپورٹس کے مطابق 30 سالہ مشتبہ خاتون نے اعتراف کیا کہ اس نے یہ گھناؤنا جرم اس وقت کیا جب وہ ہوش کھو بیٹھی تھی۔

    ملزمہ کا کہنا ہے کہ وہ مرگی اور کئی دیگر نفسیاتی امراض میں مبتلا تھی، اپنے بچے کے بارے میں پریشان تھی اور اسے دوبارہ اپنے پیٹ میں ڈالنا چاہتی تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق خاتون تقریباً 3 سال سے اپنے شوہر سے الگ تھی اور وہ گاؤں میں اپنے ہی گھر میں اپنے بیٹے کے ساتھ اکیلی رہ رہی تھی، کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • سیڑھیوں سے نیچے گرنے والے بچے کو ماں نے کیسے بچایا؟

    سیڑھیوں سے نیچے گرنے والے بچے کو ماں نے کیسے بچایا؟

    حال ہی میں انٹرنیٹ پر ایک پریشان کن ویڈیو میں ایک ماں اپنے بچے کو بچاتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے جو سیڑھیوں سے ایک منزل نیچے گرنے والا ہے۔

    ٹویٹر پر پوسٹ کی جانے والی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون ایک چھوٹے بچے کے ساتھ لفٹ سے نکلی ہیں اور فون پر بات کر رہی ہیں۔

    قریب میں ہی چوڑی ریلنگ موجود ہے جس کے درمیان خاصا فاصلہ ہے۔ بچہ ماں سے ہاتھ چھڑا کر ریلنگ کے قریب جاتا ہے اور وہاں بیٹھ جاتا ہے۔

    اس دوران وہ آگے جھک کر نیچے دیکھنے کی کوشش کرتا ہے لیکن اس کوشش میں اپنا توازن کھو بیٹھتا ہے اور وہاں سے نیچے گرنے لگتا ہے۔

    اسی لمحے ماں لپک کر تقریباً گرتے ہوئے بچے کو بچانے کی کوشش کرتی ہے اور اس کی ٹانگ پکڑنے میں کامیاب رہتی ہے۔

    وہاں موجود ایک آدمی تیزی سے نیچے کی طرف بھاگتا ہے کہ اگر بچہ نیچے گرے تو وہ اسے گرنے سے پہلے پکڑ لے۔

    اس دوران آس پاس سے دیگر لوگ بھی بھاگتے ہوئے وہاں پہنچتے ہیں اور ماں کے ساتھ مل کر بچے کو اوپر کھینچتے ہیں، بچہ صحیح سلامت اوپر آجاتا ہے۔

    ماں بچے کو گلے لگا لیتی ہے جبکہ وہاں موجود لوگ بھی سکون کی سانس لیتے دکھائی دیتے ہیں۔

  • کراچی سے اغوا ہونے والا 2 ماہ کا بچہ ننکانہ صاحب سے بازیاب

    کراچی سے اغوا ہونے والا 2 ماہ کا بچہ ننکانہ صاحب سے بازیاب

    لاہور / کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے اغوا ہونے والا 2 ماہ کا بچہ پنجاب سے بازیاب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب میں پولیس نے کراچی سے اغوا ہونے والے 2 ماہ کے بچے کو بازیاب کرلیا۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے چند روز قبل عبد اللہ کو تاوان کے لیے کراچی سے اغوا کیا تھا، ملزم کے خلاف کراچی کے ضلع کورنگی کے تھانہ زمان ٹاؤن میں مقدمہ درج تھا۔

    پولیس نے بچے کو والدین کے حوالے کر دیا ہے جبکہ ملزم سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

  • 2 دن سے ماں ناراض ہے: بچہ مردہ ماں کو سویا ہوا سمجھتا رہا

    2 دن سے ماں ناراض ہے: بچہ مردہ ماں کو سویا ہوا سمجھتا رہا

    نئی دہلی: بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک خاتون کی موت پر اس کا 11 سالہ بچہ دو روز تک اسے سویا ہوا سمجھتا رہا، ماں سوتے میں چل بسی تھی جسے بچہ اس کی ناراضگی سمجھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلورو کے علاقے آر ٹی نگر میں 45 سالہ انما اپنے 11 سال کے بچے کے ساتھ رہتی تھی، خاتون کا شوہر ایک سال پہلے انتقال کر چکا تھا، جس کے بعد انما گھروں میں کام کر کے زندگی کی گاڑی چلا رہی تھی۔

    چند روز سے انما کی طبیعت خراب تھی، 28 فروری کی صبح بچہ اٹھا تو اس نے دیکھا کہ اس کی ماں سو رہی ہے، وہ اسکول چلا گیا۔ درحقیقت اس کی ماں رات کو سوتے میں ہی کسی وقت چل بسی تھی۔

    بچہ اپنی ماں کی موت کو نیند سمجھ کر اسکول سے گھر آیا تو دیکھا ماں بسدتور ویسے ہی سورہی ہے، اس نے اپنے دوست کے گھر کھانا کھایا اور شام کو کھیل کود کر گھر لوٹا۔ پھر وہ بستر پر چلا گیا اور اگلے دو دنوں تک یہ معمول جاری رکھا۔

    2 روز تک انما کو نہ دیکھ کر پڑوسیوں کو تشویش ہوئی، انہوں نے بچے سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ اس کی ماں اس سے ناراض ہے، اس لیے اس نے اس سے دو دن بات ہی نہیں کی۔

    پڑوسیوں کی تشویش بڑھی تو وہ اس کے گھر میں گئے جہاں انہوں نے انما کو مردہ حالت میں پایا، انما کی لاش اسپتال پہنچائی گئی تو معلوم ہوا کہ اس کی موت خون میں شوگر کی مقدار کی کمی اور ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے ہوئی۔

  • چھوٹے بچے نے ننھے منے ہاتھوں سے بیمار ماں کے لیے کھانا تیار کرلیا

    چھوٹے بچے نے ننھے منے ہاتھوں سے بیمار ماں کے لیے کھانا تیار کرلیا

    مائیں جہاں ایک طرف تو اپنے بچوں کے لیے محبت، خدمت اور ایثار میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھتیں، وہیں بچے بھی بعض دفعہ اپنی ماؤں سے محبت کا اظہار نہایت معصومانہ انداز سے کرتے ہیں جو دیکھنے والوں کو آبدیدہ بھی کردیتا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایسے ہی ایک بچے کی معصوم سی کاوش کی تصویر وائرل ہورہی ہے جس میں ماں کے لیے خیال اور محبت کا اظہار واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے۔

    ایرن ریڈ نامی ایک خاتون نے ٹویٹر پر 2 تصاویر پوسٹ کیں اور لکھا کہ وہ کووڈ 19 کا شکار ہو کر کمرے میں بند ہیں اور ایسے میں ان کے چھوٹے بچے نے ان کے لیے کھانا تیار کیا ہے۔

    بچے نے ایک پیالے میں سلاد کے پتے اور پاستہ کے چند ٹکڑے ڈال کر کانٹے کے ساتھ ماں کے لیے رکھا ہے۔

    بچے نے ساتھ میں ایک نوٹ بھی لکھا ہے جس میں تحریر ہے کہ یہ میں نے آپ کے لیے بنایا ہے، یہ بالکل بھی پرفیکٹ نہیں اور اس کے لیے میں آپ سے معذرت خواہ ہوں۔

    بچے نے نوٹ اور کھانے کا پیالہ ماں کے کمرے کے سامنے میز پر رکھ دیا۔

    تصاویر دیکھ کر ٹویٹر صارفین حیران اور بچے کے لیے محبت بھرے جذبات سے مغلوب ہوگئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ آپ نے بچے کی بہت اچھی تربیت کی ہے جس کی وجہ سے اس کا دل احساس اور محبت سے لبریز ہے۔

    ایک اور صارف نے لکھا کہ مجھے یہ تصاویر دیکھ رونا آرہا ہے۔

    اکثر صارفین نے ماں کے صحت یاب ہونے کی دعا اور دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا