Tag: بچہ اغوا

  • نشتر اسپتال ملتان سے نامعلوم خاتون نومولود بچہ اغوا کرکے فرار

    نشتر اسپتال ملتان سے نامعلوم خاتون نومولود بچہ اغوا کرکے فرار

    ملتان : نشتراسپتال ملتان سے نامعلوم خاتون دو روز کے نومولود بچہ اغوا کرکے فرار ہوگئی، تاہم پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں نشتر اسپتال وارڈ نمبر 16 سے نامعلوم خاتون نے نومولود کو اغواکر لیا، اغوا کرنے والی خاتون کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظرعام پر آگئی ہے۔

    ویڈیومیں خاتون کو بچے کو اٹھائےاوروارڈ سے باہرجاتےدیکھاجاسکتا ہے ۔ کبیر والا کے رہائشی ستار کے ہاں گزشتہ روز بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

    والد نے بتایا کہ نامعلوم خاتون بیٹے کی پیدائش پر مبارک باد دینے آئی تھی اور بچہ اٹھا کر پیار کرنے لگی، جس کے بعد نامعلوم خاتون بچے کو اپنے شوہر کو دکھانے وارڈ کے دروازے تک لے گئی اور موقع پا کر بچے کو لیکر فرار ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مغوی بچے کے والد کی درخواست پرتھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کرادیا ہے ، جس کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئیں ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ پولیس نے شیخ زید ویمن اسپتال سے نومولود کو اغوا کرنے والی ملزمہ کو کراچی سے گرفتار کیا تھا، ایس ایس پی نے بتایا تھا کہ لاڑکانہ پولیس نے کراچی بلدیہ ٹاؤن میں گھر پر چھاپا مار کر بچی کو بازیاب کرایا تھا، ملزمہ نے 18 نومبر کو اسپتال سے نومولود بچی کو اغوا کیا تھا۔

  • اسپتال سے خاتون ایک ماہ کا بچہ اغوا کرکے فرار

    اسپتال سے خاتون ایک ماہ کا بچہ اغوا کرکے فرار

    بھارت کے شہر حیدرآباد کے نیلوفر اسپتال سے نا معلوم خاتون ایک ماہ کے بچے کو اغوا کرکے فرار ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ظہیرآباد سے تعلق رکھنے والی حسینہ بیگم کا شیر خوار بچہ بیمار تھا، جسے وہ اسپتال میں علاج کی غرض سے لائیں تھیں۔ شیرخوار کے ساتھ اس کی ماں اور نانی دونوں موجود تھے۔

    حسینہ بیگم اپنے بچے کو اپنی ماں کے پاس چھوڑ کر ضروری کام سے گئی کہ اس دوران ایک اجنبی خاتون وہاں پہنچی اور علاج کیلئے ڈاکٹروں کی جانب سے بچے کو طلب کرنے کا بہانہ کرکے بچے کو لے کر فرار ہوگئی، کافی دیر تک خاتون کے واپس نہ آنے پر لڑکے کی ماں اور نانی کو شک ہوا۔

    بچے کی ماں اور نانی نے بچے کی تلاش شروع کردی مگر وہ نہ ملا، جس پر انھوں نے نامپلی پولیس سے رابطہ کرکے اس سلسلے میں شکایت درج کروائی، پولیس کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل بھی بھارت کے شہر حیدرآباد میں سرکاری میٹرنٹی اسپتال سے ایک نومولود بچے کو اغوا کرنے کی کوشش کے الزام میں پولیس نے ایک خاتون کو حراست میں لیا تھا۔ گرفتار کی گئی ملزمہ کی شناخت 45 سالہ عسکری بیگم کے طور پر کی گئی، جو گھریلو ملازمہ ہے۔

    پولیس کے مطابق خاتون کا تعلق حیدرآباد کے رین بازار سے ہے، اسپتال کی سپرنٹنڈنٹ جے انورادھا کی شکایت پر خاتون کر گرفتار کیا گیا۔

    دوست کو شادی کا تحفہ دیتے ہوئے نوجوان اسٹیج پر گر کر ہلاک، ویڈیو وائرل

    پولیس کا کہنا ہے کہ جس وقت خاتون کو حراست میں لیا گیا وہ ایک نومولود بچے کو اغواء کرنے کی کوشش میں مصروف تھی۔

  • اغوا کاروں نے رقم چلتی ٹرین سے نیچے گرا کر وصول کی، بچہ واپس نہیں کیا، افسوسناک واقعہ

    اغوا کاروں نے رقم چلتی ٹرین سے نیچے گرا کر وصول کی، بچہ واپس نہیں کیا، افسوسناک واقعہ

    ملتان: ملتان کے علاقے مخدوم رشید سے تاوان کے لیے اغوا کیے جانے والے 12 سالہ بچے کو تاوان کی رقم ادا کرنے کے باوجود بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے مخدوم رشید میں 12 سالہ بچے کو 13 لاکھ روپے وصول کرنے کے باوجود قتل کر دیا گیا، اغوا کاروں نے بچے کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش گٹر میں پھینک دی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شک کی بنیاد پر ایک اغوا کار کو گرفتار کیا گیا، جس کی نشان دہی پر گٹر سے بچے کی لاش برآمد کی گئی، بچے کی گردن سے لوہے کی تار بندھی تھی۔

    پولیس حکام کے مطابق اغوا کاروں نے تاوان کی رقم چلتی ٹرین سے نیچے گرا کر وصول کی، تاہم بچہ واپس نہیں کیا، اغوا میں ملوث ایک ملزم گرفتاری کے بعد دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے شروع کر دیے گئے ہیں۔

  • موٹر سائیکل سوار جوڑا 12 سالہ ماموں کی گود سے 2 سالہ بچہ لے کر فرار

    موٹر سائیکل سوار جوڑا 12 سالہ ماموں کی گود سے 2 سالہ بچہ لے کر فرار

    کراچی: شہر قائد میں لاقانونیت کی انتہا ہو گئی، موٹر سائیکل سوار مرد عورت 12 سال کے ماموں کی گود سے 2 سال کا بھانجا چھین کر فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سعید آباد سے 2 سالہ بچہ مبینہ طور پر اغوا ہو گیا ہے، جس کا مقدمہ والد ریاض کی مدعیت میں تھانہ سعید آباد میں درج کر لیا گیا ہے۔

    یہ واقعہ ہفتے کی شام ساڑھے 7 بجے سعید آباد پیر بازار کے علاقے میں پیش آیا، جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں، ایس ایس پی کیماڑی عارف اسلم راؤ بچے کے والدین سے ملنے ان کے گھر پہنچ گئے۔

    بچے کے والد ریاض نے پولیس کو بتایا کہ وہ مزدوری کرتے ہیں، ’’دوپہر کو میری ساس آئی اور میرے بیٹے 2 سالہ سمیر کو اپنے گھر جی سیون اسٹاپ لے گئی، وہ اکثر پہلے بھی لے جاتی تھی۔‘‘

    بچے کے والد کے بیان کے مطابق ’’شام 8 بجے سالے نے بتایا کہ میرا چھوٹا بارہ سالہ چھوٹے کو پیدل لے کر گھر آ رہا تھا، اسی دوران موٹر سائیکل پر مرد اور خاتون آئے اور بچہ چھین کر فرار ہو گئے۔‘‘

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچے کی بازیابی کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں، تاحال کوئی کامیابی نہیں ملی، سی سی ٹی وی فوٹیج کی عدم فراہمی کے باعث تفتیش میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کا روٹ میپ تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم بھی تشکیل دی جائے گی۔

  • کراچی میں 6 سالہ بچہ اغوا ،  آٹھ کروڑ روپے تاوان طلب

    کراچی میں 6 سالہ بچہ اغوا ، آٹھ کروڑ روپے تاوان طلب

    کراچی : اورنگی سے چھ سالہ بچے ایان کو اغوا کرلیا گیا، اغوا کاروں کی جانب سے 8 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی میں اغوا کاروں نے چھ سالہ بچے ایان کو اغوا کرکے 8کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ
    کردیا۔

    واقعہ کا مقدمہ اورنگی ٹاؤن تھانے میں دادا کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے ، بچے کے دادا کا کہنا ہے کہ صبح ایان، عائشہ اور اربش کو اسکول چھوڑنے کیلئے جا رہا تھا کہ پینٹ شرٹ پہنے دو افراد زبردستی گاڑی میں بیٹھ گئے۔

    مدعی مقدمے کا کہنا تھا کہ ملزمان گاڑی میں بیٹھے اور کے ڈی اے چورنگی لے گئے، کے ڈی اے چورنگی پر ملزمان کا ساتھی موٹر سائیکل لے آیا، ملزمان نے مجھے اور بچیوں کو چھوڑ دیا۔

    مقدمے میں کہا کہ ملزمان ایان کو اغوا کرکے موٹر سائیکل پر لے گئے، ملزمان نے مجھے کہا کہ آٹھ کروڑ روپے دے دینا پوتا مل جائے گا۔

    پولیس کا کہنا ہے مقدمہ درج کرلیا ہے، واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

  • خاتون اغوا کار سے تین ماہ کا بچہ بازیاب

    خاتون اغوا کار سے تین ماہ کا بچہ بازیاب

    راولپنڈی: بے نظیر بھٹو اسپتال سے اغوا ہونے والے شیر خوار بچے کو پولیس نے چوبیس گھنٹوں‌ کے اندر بازیاب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے 3 ماہ کا بچہ محمد موسیٰ بازیاب کر کے روبینہ نامی خاتون کو گرفتار کر لیا، خاتون نے بچے کو گزشتہ روز بے نظیر بھٹو اسپتال سے اغوا کیا تھا۔

    پولیس نے وومن تھانے میں بچہ والدین کے حوالے کر دیا، ذرائع نے بتایا کہ بچے کو شکایت ملنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے حساس اداروں کی مدد سے چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر بازیاب کیا۔

    روبینہ نامی اغواکار خاتون اور بازیاب بچہ محمد موسیٰ

    بچے محمد موسیٰ کے اغوا میں ملوث روبینہ نامی اغوا کار خاتون کراچی میں بھی بچوں کے اغوا کی متعدد وارداتیں کر چکی ہے، سی پی او شہزاد ندیم بخاری نے میڈیا کو بتایا کہ روبینہ بچوں کے اغوا کے مقدمے میں جیل بھی کاٹ چکی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ ملزمہ کراچی سے جیل کاٹ کر راولپنڈی پہنچی اور یہاں بھی واردات کر لی، بچے کی بازیابی کے لیے پولیس نے دن رات ایک کیا، ملزمہ کی گرفتاری اور بچے کی بازیابی پر دلی سکون ملا ہے۔

  • 10 کروڑ تاوان کے لیے پانچ سالہ عریض کو اغوا کرنے والا ملزم مارا گیا، بچہ بازیاب

    10 کروڑ تاوان کے لیے پانچ سالہ عریض کو اغوا کرنے والا ملزم مارا گیا، بچہ بازیاب

    لاہور: 10 کروڑ تاوان کے لیے بچے عریض کو اغوا کرنے والا ملزم پولیس کے ہاتھوں مارا گیا، بچے کو بھی بازیاب کرا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ باٹا پور میں مبینہ پولیس مقابلے میں دس کروڑ روپے تاوان کے لیے بچہ اغوا کرنے والا مارا گیا، پولیس نے بچے کو بازیاب کرا لیا۔

    ڈی ایس پی علی بٹ کے مطابق پولیس ٹیم ملزم کو گرفتار کرنے بھسین گاؤں پہنچی تھی، جہاں ملزم نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور جوابی فائرنگ میں مارا گیا۔

    ملزم کی ساتھی مغوی بچے کی سوتیلی نانی کو بھی گرفتارکر لیا گیا، ملزم نے چند روز قبل 5 سال کے بچے عریض کو تاوان کے لیے اغوا کیا تھا۔

    ملزم کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

  • بچے کے اغوا کی ویڈیو، والدین کو احتیاط کا مشورہ، پولیس نے بچہ بازیاب کرا لیا

    بچے کے اغوا کی ویڈیو، والدین کو احتیاط کا مشورہ، پولیس نے بچہ بازیاب کرا لیا

    کراچی: شہر قائد کی پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے کل اغوا ہونے والے بچے کو آج حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد سے بازیاب کرا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں سپر ہائی وے پر واقع واٹر پارک سے فیملی کے ساتھ آنے والا ڈھائی سالہ بچہ معصب اچانک غائب ہو گیا تھا، جس پر تفتیش کرتے ہوئے میمن گوٹھ پولیس نے لطیف آباد میں چھاپا مار کر بچے کو بازیاب کرا لیا۔

    ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ 2 سالہ بچے معصب کو کراچی سے اغوا کر کے حیدر آباد لے جایا گیا تھا، پولیس نے خاتون اور اس کے 2 ساتھیوں کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حراست میں لیا۔

    عرفان بہادر نے بتایا کہ ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے اے وی سی سی کے حوالے کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ دو سالہ معصب اپنی فیملی کے ہمراہ واٹر پارک عید کے موقع پر تفریح کے لیے آیا ہوا تھا، لیکن والدین کی نظروں سے کچھ دیر کے لیے دور ہونے پر یہ ناخوش گوار واقعہ رونما ہو گیا، اس لیے مارکیٹوں اور تفریح گاہوں میں والدین کو بچوں کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔

    پولیس کے مطابق ڈھائی سالہ معصب کے اغوا کا مقدمہ تھانہ میمن گوٹھ میں درج کیا گیا ہے، واٹر پارک کی جو سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے اس میں معصب کو 2 مردوں اور ایک عورت ساتھ جاتے دیکھا جا سکتا ہے، ایک بچے نے بھی معصب کا ہاتھ پکڑا ہوا تھا۔

    کراچی: واٹر پارک سے فیملی کے ساتھ آنے والا بچہ اغوا

    ایف آئی آر کے مطابق بچے کو اغوا کار پارکنگ ایریا میں سفید رنگ کی گاڑی میں ڈال کر لے گئے تھے، اور یہ واردات شام پونے چھ بجے کی گئی تھی۔

  • پارک سے بچہ اغوا کرنے والا رنگے ہاتھوں گرفتار، ویڈیو دیکھیں

    پارک سے بچہ اغوا کرنے والا رنگے ہاتھوں گرفتار، ویڈیو دیکھیں

    برلن: جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایک پارک سے بچہ چراتے ہوئے ایک شخص رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق برلن میں ایک شخص 2 سالہ بچی کو پلے پارک سے اٹھا کر لے جا رہا تھا کہ کیمرے میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، بچی کی ماں نے اس کی مشکوک حرکتوں کی وجہ سے اس کا تعاقب کیا لیکن اسے نہ پکڑ سکی۔

    چوالیس سالہ لمبے قد کے آدمی نے بچی اس وقت اٹھائی جب اس کی ماں دوسروں کے ساتھ باتوں میں مصروف تھی، مشتبہ شخص نے بچی کو اٹھا کر کندھوں پر بٹھایا اور پارک سے آسانی سے نکل جاتا اگر اس کی ماں نے اس کی مشکوک حرکات نوٹ نہ کی ہوتیں۔

    ستائیس سالہ ماں نے مشتبہ شخص کا تعاقب کیا لیکن اس کی تیز رفتاری کا ساتھ نہ دے سکی، جس پر اس نے ایک کھوکھے والے سے مدد مانگی، جس پر چوالیس سالہ کھوکھا مالک زوران زی نے مشتبہ شخص کا تعاقب کر کے اسے پکڑ لیا۔

    زوران زی نے مشتبہ شخص سے پوچھا کہ کیا وہ اس کی بیٹی ہے، اس نے جواب دیا کہ یہ میری بچی نہیں تاہم مجھے بچے بہت پسند ہیں۔

    بعد ازاں، مشتبہ شخص کو پولیس کے حوالے کیا گیا تاہم پولیس نے بعد میں اسے یہ کہہ کر رہا کر دیا کہ گرفتاری کے وارنٹ کے لیے شرائط ناکافی ہیں، پولیس نے مشتبہ شخص کو چھوڑنے کے بعد بچی کے والدین کو مطمئن کرنے کے لیے ٹویٹر پر ایک پوسٹ کے ذریعے کہا کہ کیس میں نہ تو جنسی محرکات یا بدنیتی کے ارادے کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔

    پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ برلن میں اب کسی پلے گراؤنڈ میں جانا معمول سے زیادہ خطرناک نہیں رہا ہے، تاہم دوسری طرف بچی کے والدین ایک ایسے شخص کی رہائی پر تحفظات کا اظہار کیا جسے ایک بچی اٹھاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔

  • ترنول سے اغوا کیا گیا 2 سال کا حسن بحفاظت بازیاب، ایک ملزم گرفتار

    ترنول سے اغوا کیا گیا 2 سال کا حسن بحفاظت بازیاب، ایک ملزم گرفتار

    اسلام آباد: پنجاب کے شہر ترنول سے اغوا کیا گیا 2 سال کا بچہ حسن بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے ترنول کے علاقے سے اغوا ہونے والا حسن نامی دو سالہ بچہ بحفاظت بازیاب کرا لیا، پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور دیگر ذرایع کی مدد سے ایک ملزم اختر کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دو سالہ بچے کو مسمات بی بی نامی خاتون نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ اغوا کیا تھا، بچے کے والد خان شیریں نے اغوا کی اطلاع دے کر دعویٰ کیا تھا کہ مسمات بی بی نامی خاتون نے ساتھیوں کے ساتھ میرے بیٹے کو اغوا کیا۔

    پولیس کے مطابق ایس پی صدر عمر خان کی ہدایت پر ملزمان کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کر کے بچے کی تلاش فوری طور پر شروع کر دی گئی تھی، ڈی ایس پی کی نگرانی میں ترنول پولیس ٹیم نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور ملزم اختر کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

    خیبرپختونخوا: اغوا برائے تاوان کا ملزم گرفتار، مغوی بازیاب

    بچے کی بازیابی کے بعد پولیس نے دو سالہ بچہ والدین کے حوالے کر دیا، آئی جی اسلام آباد نے پولیس ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش بھی دی۔

    یاد رہے کہ یکم فروری کو خیبر پختون خوا کے شہر پشاور میں بھی پولیس نے اغوا برائے تاوان کے ملزم حسنین کو گرفتار کر کے مغوی بچے کو بازیاب کرا لیا تھا، دوسری جماعت کا طالب علم 7 سالہ کاشان کو گھر کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا، ملزم نے بچے کی رہائی کے لیے اس کے چچا سے 7 لاکھ روپے تاوان مانگا تھا، تاہم پولیس نے فون کال ٹریس کر کے اغوا میں ملوث 2 مرد اور 4 خواتین کو گرفتار کر لیا۔