کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں لٹیروں کی فائرنگ سے 12 سالہ احمد علی زخمی ہو گیا تھا، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے دوران سفاک لٹیروں کی فائرنگ کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، ایک واقعے میں لٹیروں نے معصوم بچے پر بھی فرار ہوتے وقت بے سبب گولی چلا دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار 3 لٹیروں نے واردات کی اور بائیک پر جاتے وقت ایک نے پیچھے مڑ کر گولی داغ دی۔
فوٹیج کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا جب گلی میں تین افراد سے موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے آ کر لوٹ مار کی، لٹیروں نے شہریوں سے ان کے موبائل فون اور رقم چھینی۔
بدقسمتی سے اس واردات کے دوران ایک 12 سالہ بچہ احمد علی ولد اختر علی ان کے قریب آیا، لٹیروں نے جب فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کی تو گولی احمد کی ٹانگ میں لگ گئی اور وہ لنگڑا کر زمین پر گر گیا۔
محکمہ پولیس کے مطابق بچے کو اسپتال میں طبی امداد دی گئی ہے اور اس کی حالت بہتر ہے۔