کراچی: شہر قائد میں بے رحم باپ نے سالگرہ کا کیک نہ کھانے پر چھ سال کی بیٹی کو تشدد کرکے قتل کردیا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوس نا ک واقعہ شہرِ قائد کے علاقے کورنگی میں پیش آیا، جہاں چھ سالہ بچی مسکان اپنے ہی باپ کے ہاتھوں تشدد سے دم توڑگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زمان ٹاؤن تھانہ پولیس نے بچی کے قتل کا مقدمہ اس کے والد عبد الحکیم کے خلاف بچی کی والدہ کی مدعیت میں درج کرلیا ہے، مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی والدہ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ مسکان کی سالگرہ تھی اور وہ اپنے والد کا لایا ہوا کیک نہیں کھا رہی تھی، جس پر اس کا والد غصے سے اندھا ہوگیا اور بچی کو تشش کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔
کمسن بچی تشدد برداشت نہ کرسکی اور موت کی آغوش میں چلی گئی ، واقعے کے بعد ملزم اپنے گھر سے فرار ہوگیا۔ پولیس اس کی تلاش کررہی ہے۔
یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ ملزم عبدالحکیم نشے کا عادی ہے اور جرائم میں بھی ملوث رہا ہے۔ اس سے قبل بھی وہ ایک بار جیل جا چکا ہے۔ ملزم کی اپنی بیوی سے اکثر و بیشتر لڑائی ہوا کرتی تھی۔
یاد رہے کہ اسی طرح کا ایک واقعہ رواں ماہ کے آغاز میں پیش آیا تھا جب کراچی کےعلاقے کلفٹن میں اپنی پھول جیسی کمسن ڈھائی سالہ بیٹی انعم کو سمندر میں ڈبو کرقتل کرنے کے بعد ماں نے خود بھی خودکشی کی کوشش کی تھی ، تاہم موقع پر موجود لوگوں نے اسے ڈوبتا دیکھ کر بچا لیا تھا۔ ملزمہ کے اہل ِ خانہ کا کہنا تھا کہ وہ نفسیاتی مسائل کا شکار ہے۔
دوسری جانب گزشتہ سال دسمبر میں صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں ایک باپ نے اپنی معاشی حالت میں بہتری کے لیے جعلی عامل کے حکم پر عمل کرتے ہوئے ڈیڑھ سالہ بیٹی مبینہ طور پر قتل کردی تھی ، پولیس نے والد اور عامل دونوں کو گرفتار کرلیا تھا۔