Tag: بچے

  • پاکستان میں پہلی بار بچے کا پیدائش کے ساتھ ہی ڈیجیٹل اندراج (ویڈیو رپورٹ)

    پاکستان میں پہلی بار بچے کا پیدائش کے ساتھ ہی ڈیجیٹل اندراج (ویڈیو رپورٹ)

    (10 اگست 2025) پاکستان میں تاریخ رقم ہو گئی اور پہلی بار بچے کی پیدائش کے ساتھ ہی اس کا براہ راست ڈیجیٹل اندراج کیا گیا ہے۔

    پاکستان میں عموماً بچے کی پیدائش کے کچھ ہفتوں، مہینوں بعد انکی رجسٹریشن (پیدائشی سرٹیفکیٹ) کرائی جاتی ہے۔ بعض اوقات تو والدین کئی سال بعد بچوں کے اسکول داخلے کے وقت یہ اندراج کراتے ہیں۔ تاہم اب ملک میں بچے کے پیدا ہوتے ہی اس کا ڈیجیٹل اندراج کیا جائے گا جس کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

    حیدرآباد کی تحصیل قاسم آباد کے سرکاری اسپتال میں بچے کی پیدائش کے ساتھ ہی اس کا براہ راست ڈیجیٹل اندراج کیا گیا۔ نومولود کی رجسٹریشن میثم کے نام سے کی گئی ہے۔

    اس حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے بتایا کہ سندھ کے اسپتالوں میں سی آر وی ایس منصوبے کے تحت اندراج جاری ہے۔ اب تک 36 سرکاری اور 13 نجی اسپتالوں میں پیدائش کی رجسٹریشن شروع کی گئی ہے۔

    چیف سیکریٹری سندھ نے بتایا کہ یہ منصوبہ سول رجسٹریشن اینڈ وائیٹل اسٹیٹِسٹکس پراجیکٹ جولائی 2025 میں UNFPA، محکمہ صحت، نادرا اور لوکل گورنمنٹ کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ 2028 تک 95 فیصد پیدائش و وفات رجسٹریشن کا ہدف مقرر کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں برتھ رجسٹریشن کی تمام فیسیں ختم کر دی گئی ہیں۔ پیدائش کا اندراج بچوں کی تعلیم اور صحت کی سہولتوں تک رسائی کی ضمانت ہے۔ ڈیجیٹل رجسٹریشن کے عمل کو دیہی اور دور دراز علاقوں میں تیز رفتاری سے بڑھایا جائے گا۔

  • کراچی میں میاں، بیوی اور بچے کا بے دردی سے قتل

    کراچی میں میاں، بیوی اور بچے کا بے دردی سے قتل

    کراچی (30 جولائی 2025): شہر قائد کے علاقے گھگر پھاٹک کے قریب میاں بیوی اور بچے کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تہرے قتل کا یہ سنسنی خیز واقعہ کراچی کے علاقے گھگر پھاٹک کے قریب پیش آیا جہاں میاں بیوی اور بچے کو تیز دھار آلے سے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

    واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پہنچ گئے اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں افراد کو گھر کے اندر تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا اور جائے وقوعہ سے دو کلہاڑیاں ملی ہیں۔

    پولیس کے مطابق مقتولین کا اصل تعلق بلوچستان سے بتایا جا رہا ہے اور انکی شناخت عبدالمجید، اہلیہ سکینہ اور بیٹے عبدالنبی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/dead-body-found-from-home-new-karachi-police/

  • کراچی: خاتون نے بچے کے ہمراہ چلتی ٹرین سے کیوں چھلانگ لگائی؟

    کراچی: خاتون نے بچے کے ہمراہ چلتی ٹرین سے کیوں چھلانگ لگائی؟

    کراچی (29 جولائی 2025): کالا پل کے قریب چلتی ٹرین سے خاتون اور بچے کے چھلانگ لگانے کے واقعہ پر ریلوے حکام کا موقف بھی سامنے آیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کالا پل کے قریب خاتون اور بچے نے گزشتہ دنوں چلتی ٹرین سے چھلانگ لگائی تھی۔ خوش قسمتی سے دونوں محفوظ رہے، تاہم ان کی شناخت نہ ہو سکی۔ مذکورہ واقعہ پر ریلوے حکام کا موقف بھی سامنے آ گیا ہے۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ خاتون اور بچےکا چلتی ٹرین سے چھلانگ لگانے کا واقعہ کالا پل کے قریب اس وقت پیش آیا، جب ٹرین انتہائی کم رفتار سے گزر رہی تھی۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ خاتون خود ٹرین سے اترنے کی نیت سے کھڑی تھیں۔ ٹرین کی رفتار کم ہوتے ہی خاتون اور بچے نے چھلانگ لگائی۔

    ریلوے حکام کے مطابق خوش قسمتی سے خاتون اور بچہ دونوں محفوظ رہے اور ٹرین سے زمین پر گرنے کے بعد دونوں خود ہی اٹھے اور آگے بڑھ گئے۔

    ریلوے حکام نے عام افراد بالخصوص ٹرین میں سفر کرنے والوں کو متنبہ کیا ہےکہ چلتی ٹرین سے اترنے کی کوشش انتہائی خطرناک اور جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔

  • ہری پور سیلابی ریلے میں ڈوبنے والے 7 بچے ریسکیو، مالم جبہ میں 2 بچے بہہ گئے

    ہری پور سیلابی ریلے میں ڈوبنے والے 7 بچے ریسکیو، مالم جبہ میں 2 بچے بہہ گئے

    ہری پور: خیبر پختونخوا کے شہر ہری پور کی تحصیل غازی میں سیلابی ریلے میں ڈوبنے والے 7 بچوں کو بچا لیا گیا، تاہم دوسری طرف مالم جبہ میں 2 بچے ریلے میں بہہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہری پور کی تحصیل غازی میں سیلابی ریلے میں بہنے والے سات بچوں کو بروقت ریسکیو کر لیا گیا، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بچے اہل خانہ کے ساتھ صوابی سے تربیلہ ڈیم کی سیر کے لیے آئے تھے۔

    پانی کم ہونے پر سات بچے غازی بیراج میں کھیل رہے تھے، کہ اچانک سیلابی ریلا آ گیا، ریلا آنے پر تیز بہاؤ کے باعث تمام بچے ڈوب گئے، تاہم بروقت اطلاع پر ریسکیو نے فوری کارروائی کر کے ساتوں بچوں کو بہ حفاظت نکال لیا۔

    دوسری جانب خیبر پختونخوا میں سوات کے سیاحتی مقام مالم جبہ میں دو بچے سیلابی ریلے میں بہہ گئے، جن میں سے ایک کی لاش مل گئی ہے اور دوسرا لاپتا ہے، خاتون بچوں کے ساتھ ندی پار کر رہی تھی کہ اچانک ریلا آ گیا۔

    ادھر مدین میں لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک گھر تودے تلے آ گیا، جس میں 3 بچے دب کر جاں بحق ہو گئے اور ان کی ماں زخمی ہو گئی۔ جب کہ خوازہ خیلہ، مینگورہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آئی ہوئی ہے، اور بونیر کے مختلف علاقوں میں 3 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

  • بانی پی ٹی آئی کے بچے پاکستان آکر سیاست کرنا چاہیں تو ضرور کریں، شرجیل میمن

    بانی پی ٹی آئی کے بچے پاکستان آکر سیاست کرنا چاہیں تو ضرور کریں، شرجیل میمن

    کراچی (15 جولائی 2025) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے بچے پاکستان میں سیاست کرنا چاہتے ہیں تو ضرور کریں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بچوں کی پاکستان آمد سے متعلق کہا کہ ایک باپ کو اپنے بچوں سے ملنے کا پورا اختیار ہے۔ اگر ان کے بچے پاکستان آ کر سیاست کرنا چاہتے ہیں تو ضرور کریں۔ تاہم نفرت اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کرنے کی اجازت نہیں مل سکتی۔

    شرجیل میمن کا یہ بھی کہنا تھا کہ کے پی حکومت کے پاس جتنا مینڈیٹ ہے، انہیں کام کرنے دینا چاہیے۔ وہاں کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور خود اور ان کی طرز حکمرانی ان کے لیے اپوزیشن ہے۔ کے پی حکومت کے پاس بیچنے کو منجن نہیں ہے۔

    سندھ کے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے صوبے سمیت پورے پاکستان میں صنعتیں لگانی ہیں۔ ٹیکنالوجی کا دور ہے، نوجوانوں کو سہولتیں فراہم کرنا ہوں گی۔

    سندھ حکومت سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کو ماہانہ اربوں روپے دے کر کچرا اٹھوا رہی ہے۔ کراچی میں کچروں کے پہاڑوں کو ختم کیا ہے۔

    انہوں نے ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر دونوں جماعتیں عوامی مسائل پر بات کریں تو ہم سنیں گے اور حل بھی کریں گے، لیکن نفرت انگیز اور تعصب کی بات کریں گے تو ان کی یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ جن کی کارکردگی صفر بٹا صفر ہے، وہ اپنی سیاسی چمکانے کے لیے نمبر پلیٹ پر سیاست کر رہے ہیں۔ جعلی نمبر پلیٹس پر حکومت کریک ڈاؤن کر رہی ہے تو انہیں کیوں اعتراض ہے۔

    صوبائی وزیر بلدیات نے رواں ماہ لیاری بغدادی میں گرنے والی 6 منزلہ عمارت جس میں 27 افراد جان سے گئے تھے۔ اس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری میں پتہ چلا منہدم عمارت کا نقشہ ہی موجود نہ تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ لیاری میں جو عمارت گری اس کا نقشہ منظور نہیں تھا, وہ غیر قانونی عمارت تھی جو 80 کی دہائی میں بنی تھی۔

    صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بلڈنگ قوانین موجود ہیں۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اگر کوئی انتظامی فیصلہ کیا ہے تو سوچ سمجھ کر ہی کیا ہوگا۔

  • بچے کو ڈوبنے سے بچاتے ہوئے 3 افراد بھی جان سے گئے

    بچے کو ڈوبنے سے بچاتے ہوئے 3 افراد بھی جان سے گئے

    بچے سمیت 4 افراد تالاب میں ڈوب کر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے بچے کو ڈوبتا دیکھ کر تینوں اس کو بچانے کے لیے تالاب میں کودے تھے۔

    یہ افسوسناک واقعہ راولپنڈی کے تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں پیش آیا جہاں مچھلیاں پکڑنے اور نہانے کے لیے آنے والے بچے سمیت چار افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

    عینی شاہدین کے مطابق مچھلیاں پکڑنے کے دوران ایک بچہ ڈوبا، جس کو بچانے کے لیے تینوں افراد نے تالاب میں چھلانگ لگا دی۔ تاہم بچے کو بچانے کی کوشش میں وہ بھی زندگی کی بازی ہار گئے۔

    مقامی افراد نے تمام لاشیں تالاب سے نکال لیں اور اسپتال منتقل کر دیں جہاں سے معمول کی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔

    ایس ایچ او ٹیکسلا کے مطابق چاروں افراد نہانے اور مچھلی کا شکار کرنے کے لیے تالاب آئے تھے۔

    مرنے والوں میں 12 سالہ وقاص، 40 سالہ امجد، 55 سالہ خالق اور اظہار شامل ہیں۔

  • بچوں میں اے آئی کے استعمال میں اضافہ

    بچوں میں اے آئی کے استعمال میں اضافہ

    کیسپرسکی نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ بچوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    کیسپرسکی کی جانب سے بچوں کی ڈیجیٹل دل چسپیوں پر اپنی سالانہ تجزیاتی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں مئی 2024 سے اپریل 2025 کے عرصے کا احاطہ کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے چلنے والے چیٹ بوٹس میں بچوں کی بڑھتی ہوئی دل چسپی کو ظاہر کیا گیا ہے، تاہم یوٹیوب عالمی سطح پر بچوں کے درمیان سب سے زیادہ مقبول ایپ بنی ہوئی ہے، جب کہ واٹس ایپ نے ٹِک ٹاک کو پیچھے چھوڑ کر دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔

    حالیہ مطالعات سے پتا چلتا ہے کہ 8 سے 10 سال کی عمر کے بچے روزانہ اوسطاً 6 گھنٹے اسکرین پر گزارتے ہیں، جب کہ 11 سے 14 سال کی عمر کے بچے اوسطاً 9 گھنٹے روزانہ آن لائن گزارتے ہیں۔ پاکستان میں سب سے زیادہ مقبول اینڈرائیڈ ایپس میں سے ٹاپ 5 میں یوٹیوب، وٹس ایپ، ٹک ٹاک، انسٹا گرام اور روبلوکس ہیں، تاہم کریکٹر ڈاٹ اے آئی بھی 13 ویں نمبر پر موجود ہے۔

    اس سال کی رپورٹ میں کیسپرسکی نے مصنوعی ذہانت کے آلات (اے آئی) میں دل چسپی کا اضافہ پایا، اگرچہ 2023-2024 کے دورانیے میں 20 سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی ایپلی کیشنز میں کوئی بھی AI ایپس نظر نہیں آئیں، تاہم ‘Character.AI اب اس فہرست میں شامل ہو گیا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بچے نہ صرف اے آئی کے بارے میں متجسس ہیں بلکہ اسے فعال طور پر اپنی ڈیجیٹل زندگیوں میں ضم کر رہے ہیں۔

    بچوں کے درمیان سب سے عام آن لائن سرگرمی گوگل پر اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کی تلاش تھی، تمام سوالات میں سے تقریباً 18 فی صد ویڈیوز دیکھنے سے متعلق تھے، یوٹیوب واضح پسندیدہ اینڈرائیڈ ایپ بنی ہوئی ہے، جو پچھلے سال کے دوران 28.13 فی صد سے بڑھ کر 29.77 فی صد ہو گئی ہے۔ جب کہ اسنیپ چیٹ اور فیس بک میں مسلسل کمی واقع ہوئی۔ یہ تبدیلی کمیونیکیشن کی بدلتی ہوئی عادات کی عکاسی کر سکتی ہے، کیوں کہ بچے دوستوں کے ساتھ لنکس، میمز اور مختصر ویڈیوز شیئر کرنے کے لیے زیادہ کثرت سے چیٹ ایپس کا استعمال کر رہے ہیں۔

    کیسپرسکی میں پرائیویسی ایکسپرٹ اینا لارکینا کے مطابق اس سال کے رجحانات یہ بتاتے ہیں کہ بچوں کے ڈیجیٹل رجحانات میں کتنی تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے، ایک دن وہ اے آئی بوٹس کے ساتھ چیٹ کر رہے ہیں، اور اگلے دن وہ سب ایک اطالوی میمی گانا گا رہے ہیں جس کے بارے میں آپ نے کبھی نہیں سنا ہوگا۔

  • چپس چوری کے جھوٹے الزام سے دلبرداشتہ بچے نے انتہائی قدم اٹھا لیا، ماں کے نام درد بھرا خط چھوڑا

    چپس چوری کے جھوٹے الزام سے دلبرداشتہ بچے نے انتہائی قدم اٹھا لیا، ماں کے نام درد بھرا خط چھوڑا

    چوری کے جھوٹے الزام اور سرعام ذلت سے دلبرداشتہ 13 سالہ بچے نے مایوسی میں زندگی کا خاتمہ کر لیا خودکشی سے پہلے ماں کے نام درد بھرا خط چھوڑا۔

    یہ افسوسناک واقعہ بھارت میں پیش آیا جہاں مدنا پور ضلع میں ایک شہری نے ساتویں جماعت کے طالبعلم 12 سالہ بچے پر چپس کی چوری کا جھوٹا الزام لگایا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص نے نہ صرف بچے پر چوری کا جھوٹا الزام لگایا بلکہ اس کی سرعام تذلیل کرنے کے ساتھ پٹائی بھی کی۔

    بچہ یہ ذلت برداشت نہ کر سکا اور گھر آ کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ مرنے سے پہلے اس نے اپنی ماں کے نام درد بھرا جذباتی خط بھی چھوڑا جس میں لکھا تھا کہ ’’ماں میں نے چپس نہیں چرائی تھی، اس کو سڑک سے اٹھایا تھا۔‘‘

    بچے کے اہلخانہ کے مطابق ان کا بیٹا چپس خریدنے بازار گیا تھا، دکان پر چپس تھی اور نہ ہی دکاندار موجود تھا۔ بچہ واپس آ رہا تھا تو اس کو سڑک کے کنارے چپس کا پیکٹ ملا۔ اس نے پیکٹ اٹھایا تو اسی وقت ایک شہری رضاکار نے آکر اس کو پکڑ لیا اور سرعام پٹائی کر دی۔

    رپورٹ کے مطابق بچے نے مبینہ طور پر اس کو چپس کے پیسے دینے کی کوشش کی تھی، لیکن رضاکار نے پھر بھی اس پر تشدد کیا۔ اطلاع ملتے ہی بچے کی ماں وہاں پہنچ گئی اور بیٹے کو ساتھ گھر لے گئی تھی۔ گھر پہنچ کر وہ اپنے کمرے میں چلا گیا اور کچھ دیر بعد گھر والوں نے اس کو بے ہوش پایا۔

    اہلخانہ کے مطابق اس نے کیڑے مار دوا پی لی تھی۔ بچے کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تاہم اہلخانہ کا کہنا ہے کہ پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔

  • "لگ رہا تھا اپنے بچوں سے کبھی نہیں مل پاؤں گی”، حرا مانی زاروقطار رو پڑیں

    "لگ رہا تھا اپنے بچوں سے کبھی نہیں مل پاؤں گی”، حرا مانی زاروقطار رو پڑیں

    معروف پاکستانی اداکارہ حرا مانی نے ابوظہبی ایئرپورٹ سے ایک ویڈیو شیئرکی ہے جس میں وی کافی جذباتی دکھائی دے رہی ہیں۔

    فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر شیئر کی گئی ویڈیو شیئر میں حرا نے پاک بھارت موجودہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پرسوں میں ابوظہبی ایئرپورٹ پر پھنس گئی تھی، اس وقت مجھے لگ رہا تھا میں کبھی اپنے بچوں سے نہیں مل پاؤں گی۔

    اداکارہ حرا مانی نے روتے ہوئے ابوظہبی میں پھنسنے کی وجہ بتاتے ہوئے مزید کہا کہ جنگ کی وجہ سے پاکستان کی فضائی حدود بند ہو گئی تھی ہم جنگ نہیں چاہتے ہیں۔

    حرا کا کہنا تھا کہ کہ میں ان پاکستانیوں سے اپنے جذبات شیئر کرنا چاہتی تھی جن کے بچے، شوہر، بیٹے اس جنگ کی نذر ہوئے ہیں، میری دل سے دعا ہے کہ اللّٰہ پاک سب کو صبر عطا کرے، پاکستان زندہ باد۔

    خیال رہے کہ 4 دنوں کی لگاتار جنگ کے بعد گزشتہ دنوں 10 مئی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت پر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ہوئی تھی۔

    https://urdu.arynews.tv/hira-mani-sarwat-gulani-kangana-ranaut/

  • برطانوی رکن پارلیمنٹ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے شبہے میں گرفتار

    برطانوی رکن پارلیمنٹ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے شبہے میں گرفتار

    لندن: برطانیہ میں لیبر پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ڈین نوریس کو زیادتی اور کمسن سے جنسی جرم کے شبہ میں گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی پولیس نے ایم پی ڈین نوریس کو گھر پر چھاپا مار کر گرفتار کیا، بعض اشیا بھی تحویل میں لے لیں، لیبر پارٹی نے ان کی رکنیت بھی معطل کر دی ہے۔

    ایون اور سمرسیٹ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ڈین نوریس کو جمعہ کو گرفتار کیا گیا تھا اور پھر انھیں مشروط ضمانت پر رہا کیا گیا۔ ترجمان لیبر پارٹی کا کہنا ہے کہ پولیس کی تحقیقات جاری ہے، اس پر مزید بات نہیں کر سکتے۔

    بی بی سی کے مطابق ایم پی ڈین نورس کو ریپ، بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی، بچوں کے اغوا اور عوامی دفتر میں بدتمیزی کے شبے میں گرفتار کیا گیا۔ ڈین نورس ٹیچر اور چائلڈ پروٹیکشن افسر بھی رہے ہیں، ان کے خلاف دسمبر 2000 میں شکایت ملی تھی اور زیادہ تر واقعات 2000 کے عشرے میں ہوئے، تاہم پولیس 2020 سے ہونے والے مبینہ جنسی جرائم کی تحقیقات بھی کر رہی ہے۔


    اسرائیل نے پارلیمانی وفد میں شامل برطانیہ کی پارلیمنٹ کے 2 ارکان کو گرفتار کر لیا


    65 سال کے ڈین نورس 2024 میں برطانیہ کے علاقے نارتھ ایسٹ سمرسیٹ سے ایم پی منتخب ہوئے، انھوں نے ہائی پروفائل کنزرویٹو ایم پی جیکب ریس موگ کو شکست دی تھی۔ ڈین نورس گورڈن براؤن کی کابینہ میں جونیئر وزیر بھی رہ چکے ہیں۔

    پولیس کے مطابق دسمبر 2024 میں انھیں ایک اور پولیس فورس کی جانب سے ایک ریفرل موصول ہوا تھا، جس میں مبینہ طور پر ایک لڑکی کے خلاف جنسی جرم کا ارتکاب کیا گیا تھا۔