Tag: بچے کی لاش

  • کار سوار بچے کی لاش جناح اسپتال ایمرجنسی کے باہر چھوڑ کر فرار

    کار سوار بچے کی لاش جناح اسپتال ایمرجنسی کے باہر چھوڑ کر فرار

    کراچی: شہر قائد کے بڑے سرکاری اسپتال پر نامعلوم کار سوار ایک 6 سالہ بچے کی لاش چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال ایمرجنسی کے باہر نامعلوم کار سواروں نے چھ سالہ بچے کی لاش رکھی اور افراتفری میں فرار ہو گئے، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہنڈا سوک کار میں 2 افراد سوار تھے۔

    فرار ہوتے ہوئے ڈرائیور نے بوکھلاہٹ میں اسپتال کے سیکیورٹی گارڈ کو بھی گاڑی سے روند ڈالا، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی ہے۔

    جاں بحق بچے کے چہرے پر زخموں کے واضح نشانات موجود ہیں، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے پہنچ کر اسپتال کے سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیا، پولیس کے مطابق جس گاڑی میں نامعلوم ملزمان آئے اس کا رجسٹریشن نمبر حاصل کر لیا گیا ہے، گاڑی محمد رضا کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

    دوسری جانب ترجمان جناح اسپتال جہانگیر درانی کے مطابق بچے کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، بتایا گیا کہ بچے کا روڈ ایکسیڈنٹ ہوا تھا، ایمرجنسی کی پرچی بنوانے کا کہا گیا تو نا معلوم افراد فرار ہو گئے۔

  • اپنے بچے کی لاش چبانے والی ماں، عدالتی فیصلے میں اہم انکشاف

    اپنے بچے کی لاش چبانے والی ماں، عدالتی فیصلے میں اہم انکشاف

    قاہرہ : مصر میں اپنے پانچ سالہ بچے کو قتل کرکے اس کا گوشت پکا کر کھانے والی ماں کی عدالت سے بریت کے فیصلے کے حوالے سے نئے اور چشم کشا حقائق سامنے آئے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زقازیق کے علاقے میں منصورہ کی یونیورسٹی میں سائیکاٹری کے پروفیسرز کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی نے ملزمہ کا معائنہ کرنے اور اس کی حالت کا تعین کرنے کے لیے عدالت کی درخواست پر استدعا کی کہ اس کے طبی معائنے کرایا جائے۔

    جس میں خون کی جامع جانچ، گردے اور جگر کی رپورٹس، ای ای جی، دماغ کا ایم آر آئی، ذہانت کا ٹیسٹ اور جسمانی حالت کے دیگر ٹیسٹوں سے معلوم ہوا کہ وہ بے حس تھی اور اس کی سوچ میں ظلم و ستم کا وہم تھا۔

    اس کے ذہن میں یہ سوچ تھی اس کی بھابھی اور اس کے چچا کی بیوی جان بوجھ کر اسے اور اس کے بیٹے کو جادو ٹونے سے نقصان پہنچا رہی تھیں جبکہ رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ملزمہ وقت اور جگہ سے اچھی طرح واقف ہے۔ قریب اور دور کے واقعات کے لیے اچھی یادداشت رکھتی ہے اور اس کی ذہانت طبی تخمینے میں اوسط سے کم ہے۔

    رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ ملزمہ معاملات کے ناقص فیصلے اور اپنے حالات کی سنگینی کو سمجھنے میں کمی کا شکار ہے، اور اس کا ماننا تھا کہ اس نے جو گھناؤنا جرم کیا وہ محض ایک غلطی تھی جس کے بدلے خون بہا ادا کرنا پڑا۔

    خاتون کے اعمال سے ظاہر ہے کہ وہ ذہنی تکلیف میں تھی اسے سوچنے میں دشواری تھی، خاص طور پر اس عرصے میں جب اس کے شوہر سے اس کی طلاق ہوئی تو وہ بہت زیادہ ذہنی دباؤ میں تھی۔

    رپورٹ کے مطابق وہ اپنے بچے کے لیے بیماری اور خوف کی حد تک پہنچ گئی تھی اور اسے لگتا تھا کہ اسے اور اس کے بچے کو زہر دے دے گا اس لیے اس نے اپنا گھر چھوڑ دیا اور اپنے بچے کے ساتھ ایک ایسے ویران گھر میں رہنے لگی جس میں زندگی کی بنیادی ضروریات کا فقدان تھا۔

    رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ ملزمہ نے متعدد اور بگڑتے ہوئے طبی خدشات کے پیش نظر اپنی زینب نامی پڑوسی سے کہا کہ وہ ایک گڑھا تیار کرکے اسے اور اس کے بیٹے کو اس میں دفن کر دے اور اس نے اس بات کو جواز بنا کر اس سے چھپانے کی کوشش کی۔

    انہوں نے تصدیق کی کہ ملزمہ کے آئی کیو ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ اس کا آئی کیو 60 فیصد ہے. یہ صورتحال اسے ہلکی ذہنی معذوری کے زمرے میں رکھتی ہے۔

    واضح رہے کہ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ مصر کی شرقیہ گورنری کے فاقوس پولیس سینٹر سے منسلک ابو شلبی گاؤں میں پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق سفاک ماں نے اپنے 5 سالہ بچے کو قتل کر کے اس کی لاش کے نہ صرف ٹکڑے کیے بلکہ اسے پکا کر کھا بھی لیا۔

  • درندگی کی انتہا : 10 روز قبل اغوا ہونے والے بچے کی لاش کے ٹکڑے کھیتوں سے برآمد

    درندگی کی انتہا : 10 روز قبل اغوا ہونے والے بچے کی لاش کے ٹکڑے کھیتوں سے برآمد

    پسرور: دس روز قبل اغوا ہونے والے بچے کی لاش کے ٹکڑے کھیتوں سے برآمد ہوئے، درندہ صفت ملزمان نے قتل کرکے لاش کے ٹکڑے پھینکے۔

    تفصیلات کے مطابق پسرور میں درندگی کی انتہا ہوگئی ، دس روزقبل اغوا ہونے والے بچے کی لاش کے ٹکڑے برآمد ہوئے ، جسے جانوروں نے نوچ ڈالا۔

    محنت کش محمد شفیع اللہ کے بیٹے کو بڑی مشکل سے شناخت کیا گیا، تھانہ بڈیانہ پولیس نے گیارہ سال کے بچے کے والد کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کیا تھا اور تلاش جاری تھی۔

    آج قریبی گاؤں کے کھیتوں سے لاش کے ٹکڑے ملے، درندہ صفت ملزمان نے قتل کرکے لاش کے ٹکڑے پھینکے۔

    جانوروں نے گوشت نوچ نوچ کر بچے کی شناخت ختم کردی والدین نے بچے کی بڑی مشکل سے شناخت کی۔

  • گم شدہ بچے کی لاش مگرمچھ کے جبڑوں سے مل گئی

    گم شدہ بچے کی لاش مگرمچھ کے جبڑوں سے مل گئی

    فلوریڈا: امریکا میں ایک گم شدہ بچے کی لاش دو دن بعد مگرمچھ کے جبڑوں سے مل گئی۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوریڈا کے ننھے 2 سالہ بچے ٹیلن موسلے کی لاش کافی تلاش کے بعد جھیل میں مگرمچھ کے جبڑوں سے مل گئی، سینٹ پیٹرزبرگ پولیس نے بتایا کہ بچے کی والدہ کو اس کے اپارٹمنٹ میں قتل کیا گیا تھا اور بچہ لاپتا ہو گیا تھا۔

    پولیس چیف انتھونی ہولوے کے مطابق ٹیلن موسلے دو دن سے لاپتا تھا، بچے کے والد 21 سالہ تھامس موسلے پر شبہ ہے کہ انھوں نے اپنی بیوی 20 سالہ پشون جیفری کو چاقو کے متعدد وار کر کے بے دردی سے قتل کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ تھامس موسلے کے ہاتھوں اور پیروں پر کٹ کے نشان تھے جس کے لیے انھیں اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ 2 سالہ لڑکے کو بڑی شد و مد کے ساتھ تلاش کیا جا رہا تھا، اور کھوجی کتوں، غوطہ خور ٹیموں اور ڈرون کی مدد بھی لی گئی، تلاش کے لیے امبر الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق آخر کار جمعے کو اپارٹمنٹ کمپلیکس سے چند میل کے فاصلے پر ایک جھیل پر ننھے بچے کو تلاش کرنے والے افسران نے ایک مگرمچھ کو منہ میں کسی چیز کے ساتھ دیکھا، تو قریب سے دیکھنے پر انھیں احساس ہوا کہ یہ ایک بچے کا جسم ہے، ایک جاسوس نے جھیل میں مگرمچھ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، اور بچے کی لاش نکالی گئی۔

    لڑکے کی موت کی وجہ کا تعین طبی معائنے سے کیا جا رہا ہے، جب کہ اس کے والد تھامس موسلے پر اس کی ماں کے قتل میں فرسٹ ڈگری قتل کے دو الزامات عائد کیے جائیں گے۔

  • قصور: تین لاپتا بچوں کی مسخ شدہ لاشیں برآمد، علاقے میں خوف کی لہر

    قصور: تین لاپتا بچوں کی مسخ شدہ لاشیں برآمد، علاقے میں خوف کی لہر

    پتوکی: ضلع قصور کی تحصیل پتوکی میں چونیاں بائی پاس کے قریب تین لاپتا بچوں کی مسخ لاشیں اور انسانی اعضا برآمد ہوئے ہیں.

    تفصیلات کے مطابق ضلع قصور میں بچوں کی مسخ لاشیں ملنےکے واقعے نے سنسنی پھیلا دی ہے، زینب  قتل کیس پھر تازہ ہوگیا۔

    پتوکی میں تین بچوں کی لاشیں ملی ہیں،  ایک بچےکی لاش مکمل حالت میں، جب کہ دوبچوں کے سر  اور ہڈیاں برآمد ہوئیں۔

    قتل ہونے والا آٹھ سال کا فیضان پیرکو لاپتا ہوا تھا، سلیمان دس اگست اور  علی حسنین ایک ماہ سےلاپتا تھے، علاقہ مکینوں کے مطابق بچوں کے لاپتا ہونے کا سلسلہ دو  ماہ سے جاری ہے، مگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    اس ضمن میں آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ حالیہ واقعات میں مماثلت پائی گئی ہے، تفتیش جاری ہے، انویسٹی گیشن کے لئے خصوصی ٹیم چونیاں روانہ کردی ہے، جب کہ پنجاب فرانزک کی ٹیموں نے موقع سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔

    ادھر تنقید کے جواب میں  ڈی پی او قصور نے ہاتھ کھڑے کرلیے، ان کا کہنا ہے کہ ہم ہر گلی میں پولیس والا نہیں کھڑا کرسکتے، لاش اور اعضا ملنے کے معاملے کی وجہ سے علاقے میں‌خوف و ہراس پایا جاتا ہے.

  • گلستان  جوہر سے لاپتہ ہونے والے چار سالہ بچے  کی لاش ملی ہے

    گلستان جوہر سے لاپتہ ہونے والے چار سالہ بچے کی لاش ملی ہے

    کراچی : گلستان جوہر سے لاپتہ ہونے والے چار سالہ بچے کی لاش ملی ہے بچے کے اغواء اور قتل کے شبے میں تین مشتبہ افراد کوحراست میں لے لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر تھانے کی حدود حسین ہزارہ گوٹھ کے رہائشی نوید علی کے لاپتہ ہونے والے چارسالہ بیٹے رحمٰن علی کی لاش مل گئی ہے،لاش کو ایک شخص نجی اسپتال لایا تھا

    اہل خانہ کا کہنا ہے کہ کم سن رحمٰن علی گزشتہ روز گھر کے باہر کھیلتے ہوئے پراسرارطور پرلا پتہ ہو گیا تھا جس پر بچے کے ورثاء نے تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرادی تھی ،رپورٹ میں اغواء کے شبے کا بھی اظہارکیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں : کراچی میں بچی کو اغوا کرنے والا گرفتار‘ دو دن میں تیسرا واقعہ

    پولیس کے مطابق عارف نامی شخص مقتول بچے کی پانی میں ڈوبی ہوئی لاش لے کر گلشن اقبال میں واقع نجی اسپتال پہنچا اوربتایا کہ یہ لاش اسے ایک رکشے سے ملی تھی۔

    جس کے بعد پولیس نے بچے کی لاش لانے والے عارف اوررکشہ کے مالک بشارت سمیت تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے کررکشہ بھی قبضے میں لے لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے تفتیش میں اغوا کاروں کے حوالے سے اہم انکشافات کی توقع ہے۔

    بعد ازاں بچے لے لواحقین اور علاقہ مکینوں نے یونیورسٹی روڈ پر مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور سڑک بند کردی جس کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی۔