Tag: بچے

  • اسمارٹ فون بچوں میں نفسیاتی مسائل کا سبب

    اسمارٹ فون بچوں میں نفسیاتی مسائل کا سبب

    اسمارٹ فون کا زیادہ استعمال بچوں اور بڑوں دونوں پر سنگین اثرات مرتب کرتا ہے اور حال ہی میں ایک تحقیق نے بچوں کے لیے اس کے ایک اور سنگین خطرے کی طرف اشارہ کیا ہے۔

    ایک امریکی غیر سرکاری تنظیم سیپین لیب نے اپنی ایک تحقیق میں کہا ہے کہ بچوں کا کم عمری میں اسمارٹ فونز استعمال کرنا مستقبل میں ان کے لیے نفسیاتی مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔

    شاؤمی انڈیا کے سابق سی ای او منو کمار جین نے اسی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے ابتدائی عمر میں اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ استعمال کرنے سے بچوں کی ذہنی صحت پر پڑنے والے خطرناک اثرات پر روشنی ڈالی ہے اور والدین پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کو اسمارٹ فون نہ دیں۔

    انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ والدین اپنے بچوں کی ابتدائی عمر میں اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ کے استعمال سے ذہنی صحت پر پڑنے والے خطرناک اثرات کے بارے میں بات کریں۔ ایک دوست نے سیپین لیب کی یہ رپورٹ شیئر کی ہے جس میں چھوٹے بچوں تک اسمارٹ فونز (اور ٹیبلٹس) کی جلد رسائی اور بالغوں کے طور پر ذہنی امراض میں مبتلا ہونے کے بڑھتے ہوئے امکانات کے درمیان گہرے تعلق کو اجاگر کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تحقیق کے مطابق جن خواتین نے پہلی بار اسمارٹ فون 10 سال کی عمر میں استعمال کیا، ان میں سے 60 سے 70 فیصد کو ذہنی صحت کے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔

    جن افراد نے پہلی بار اسمارٹ فون 18 سال کی عمر میں استعمال کیا ان میں یہ تناسب 46 فیصد رہا، اسی طرح اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ 45 سے 50 فیصد مرد، جو 10 سال کی عمر سے پہلے اسمارٹ فونز استعمال کرتے تھے، کو بھی اسی طرح کی ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا ہے۔

    منو کمار جین کا کہنا تھا کہ میں والدین سے گزارش کرتا ہوں کہ جب بچے رو رہے ہوں، کھانا کھا رہے ہوں، یا گاڑی میں ہوں تو انہیں فون دینے سے گریز کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اپنے بچوں کی ذہنی حالت کا خیال رکھنا والدین کی اہم ذمہ داری ہے اور بہت زیادہ سکرین ٹائم کے سنگین نتائج ہیں۔

  • سڑک کنارے کھڑے 3 ننھے بچوں پر تیز رفتار گاڑی چڑھ دوڑی، ویڈیو وائرل

    سڑک کنارے کھڑے 3 ننھے بچوں پر تیز رفتار گاڑی چڑھ دوڑی، ویڈیو وائرل

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جازان میں سڑک کنارے کھڑے 3 بچوں کے ساتھ اس وقت ہولناک حادثہ پیش آگیا جب ایک تیز رفتار گاڑی ان پر چڑھ دوڑی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان میں تیز رفتار گاڑی سڑک کے کنارے کھڑے ہوئے 3 بچوں پر چڑھ دوڑی اور واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بچہ گاڑی کے نیچے آنے کے باوجود خوش قسمتی سے بچ گیا جبکہ دوسرے بچے بھی محفوظ رہے۔

    ویڈیو میں بچے کو اسپتال لے جاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے، گاڑی کے نیچے آنے والے بچے کے سر پر پٹی بندھی ہے اور اس کا ہاتھ بھی زخمی ہوا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرنے والے شہری نے کیپشن میں لکھا کہ بچے کا نام عبداللہ ہے جو خوش قسمتی سے بچ گیا۔

  • بلڈوزر کے نیچے آنے والے بچے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    بلڈوزر کے نیچے آنے والے بچے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    چین میں بلڈوزر کے نیچے آکر بھی ایک خوش نصیب بچہ زندہ اور بالکل صحیح سلامت بچ گیا جس کی دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

     چین سے ایک سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہورہی ہے جس میں تیز رفتار سے آتے ہوئے ایک بلڈوزر کو ایک بچے کے اوپر سے گزرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    https://twitter.com/cctvidiots/status/1648622120770076673?s=20

    اس منظر کو دیکھ کر آس پاس کھڑے تمام لوگ حواس باختہ ہوجاتے اور چند سیکنڈ میں چیخ و پکار کی آواز سنائی دیتی ہے لیکن جیسے ہی بلوڈوزر گزرجاتا ہے تو صحیح سلامت بچہ دیکھ کر سب پرسکون ہوجاتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر وائرل اس سی سی ٹی وی فوٹیج پر صارفین بچے کے معجزانہ طور پر بچ جانے پر خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔

  • سعودی عرب: 3 بچے والدین کے سامنے سیلابی ریلے میں ڈوب کر جاں بحق

    سعودی عرب: 3 بچے والدین کے سامنے سیلابی ریلے میں ڈوب کر جاں بحق

    ریاض: سعودی عرب کے علاقے قصیم میں ایک خاندان کی گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس میں 3 بچے جاں بحق ہوگئے، والدین اور 2 بچے باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے علاقے قصیم کی وادی ابو رمث میں 3 بچے والدین کے سامنے سیلابی پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے، شہری دفاع کے اہلکاروں نے تینوں کی نعشیں نکال لیں۔

    شہری دفاع نے ٹویٹر پر کہا کہ تینوں بچے اپنے اہلخانہ کے ہمراہ گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ سیلاب میں پھنس گئے، سانحہ کی اطلاع پر پورے علاقے میں رنج و ملال کی لہر دوڑ گئی۔

    شہری دفاع کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حادثے کے وقت تینوں بچے اپنے والدین کے ہمراہ تھے، ان کی گاڑی کو سیلابی ریلا بہا کر لے گیا۔

    عہدیدار کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے میں محصور افراد نے گاڑی کے الٹنے سے قبل اس سے نکلنے کی کوشش کی، والدین اور 2 بچے نکلنے میں کامیاب ہوگئے تاہم تین بچے گاڑی ہی میں پھنس گئے۔

    ڈوبنے والے بچوں کی عمریں ڈیڑھ سے 5 سال کے درمیان تھیں، تینوں بچوں کو سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔

    شہری دفاع نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے ایک بار پھر کہا ہے کہ بارش کے دوران برساتی نالوں سے دور رہا جائے، اگر برساتی نالے خشک ہوں تو وہاں رکنے سے گریز کریں۔ بچوں کو سیلاب یا تالاب کے قریب نہ جانے دیا جائے۔

    خیال رہے کہ ان دنوں قصیم ریجن اور اس کی تحصیلوں میں طوفانی بارش کے بعد سیلابی صورتحال ہے۔

  • افسوسناک واقعہ، بچے نے حادثاتی طور پر مچھر مار دوا پی لی

    افسوسناک واقعہ، بچے نے حادثاتی طور پر مچھر مار دوا پی لی

    حیدرآباد: بھارتی شہر حیدر آباد میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک بچے نے حادثاتی طور پر مچھر مار دوا پی لی اور وہ جاں بحق ہو گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق حیدر آباد کے چندا نگر، تارا نگر میں ہفتہ کے روز مچھر مار دوا پینے سے ایک 15 ماہ کے لڑکے کی موت واقع ہو گئی۔

    رپورٹس کے مطابق ذاکر نامی بچہ گھر میں اکیلا کھیل رہا تھا کہ اس دوران اس نے ماسکیٹو لیکویڈ پی لیا۔

    والدین نے ذاکر کو بیڈ روم میں نیم بے ہوشی کی حالت میں پایا تو اسے فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا، لیکن اس کی جان نہیں بچائی جا سکی اور دوران علاج انتقال کر گیا۔

    چندا نگر پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہے۔

  • دبئی پبلک ٹرانسپورٹ میں بچے تنہا سفر کر سکتے ہیں؟ حکام کی ہدایت

    دبئی پبلک ٹرانسپورٹ میں بچے تنہا سفر کر سکتے ہیں؟ حکام کی ہدایت

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں حکام نے ہدایت جاری کی ہے کہ 8 سال سے کم عمر بچوں کو پبلک ٹرانسپورٹ میں تنہا سفر کی اجازت نہیں، 8 سے 11 سال تک کے بچے اپنے والدین کے اجازت نامے کے ساتھ سفر کرسکتے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں 8 برس سے کم عمر کے بچوں کو تنہا سفر کی اجازت نہیں۔

    8 سے 11 برس تک کے بچے پبلک ٹرانسپورٹ تنہا استعمال کر سکتے ہیں بشرطیکہ ان کے پاس والدین میں سے کسی ایک کا اجازت نامہ موجود ہو۔

    ٹرانسپورٹ اتھارٹی دبئی کا کہنا ہے کہ بچوں کی سلامتی مشترکہ ذمہ داری ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیوروں، اسٹیشنوں کے اہلکاروں اور رشتہ داروں کو مل جل کر بچوں کی سلامتی کا دھیان رکھنا ہوتا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ نول کارڈ میں کم از کم بیلنس 7.50 درہم ضروری ہے، علاوہ ازیں پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کو منظم کرنے والے قواعد و ضوابط کی پابندی بھی لازمی ہے۔

    دبئی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے اوقات کار سے متعلق آن لائن معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں، اتھارٹی کی ویب سائٹ اور رابطہ سینٹر سھیل سے رابطہ کر کے بسوں اور میٹرو کے اوقات معلوم کیے جا سکتے ہیں۔

  • خلا نورد بننے پر بچوں نے بہت مذاق اڑایا تھا: بین ایفلک

    خلا نورد بننے پر بچوں نے بہت مذاق اڑایا تھا: بین ایفلک

    ہالی ووڈ اداکار بین ایفلک کا کہنا ہے کہ ان کے بچے انہیں خلا نورد کے کردار میں دیکھ کر بہت محفوظ ہوئے تھے اور ان کا بہت مذاق اڑایا تھا۔

    بالی ووڈ اداکار بین ایفلک ایک او ٹی ٹی پلیٹ فارم کیلئے فلم کی ہدایت کاری کریں گے، پروموشن کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو بھی اپنی فلمیں دکھائیں گے کیونکہ اب بچے بڑے ہوگئے ہیں۔

    بین ایفلک اور ان کی سابقہ اہلیہ کی 2 بیٹیاں 17 سالہ وائلٹ، 14 سالہ سیرافینا اور 11 سال کے بیٹے سیموئل ہیں۔

    بین نے بتایا کہ بچوں نے اپنے بچپن میں میری فلم آرمیگیڈن دیکھی تو خوب مذاق اڑایا تھا۔

    امریکی فلمی میگزین سے بات کرتے ہوئے بین ایفلک نے کہا کہ آرمیگیڈن میری وہ پہلی فلم تھی جو بچوں نے ساتھ بیٹھ کر دیکھی، بچوں کو میرے خلا نورد کا کردار بہت دلچسپ لگا، لیکن انہوں نے میرا خوب مذاق اڑایا۔

  • چھوٹے بچوں کو گھر پر اکیلا چھوڑ کر، ماں کئی ماہ کے لیے دوسرے شہر روانہ

    چھوٹے بچوں کو گھر پر اکیلا چھوڑ کر، ماں کئی ماہ کے لیے دوسرے شہر روانہ

    امریکا میں ایک خاتون اپنے چھوٹے بچوں کو گھر پر اکیلا چھوڑ کر کئی ماہ کے لیے دوسرے شہر روانہ ہوگئیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق 31 سالہ خاتون کو ریاست الباما میں گرفتار کرلیا گیا ہے جہاں وہ گزشتہ کئی ماہ سے رہ رہی تھیں۔

    وہ اپنی 13 سال کی بچی اور 3 سال کا بچہ ریاست ٹیکسس میں اپنے گھر پر اکیلے چھوڑ کر آئی تھیں اور بظاہر ان کے واپس جانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

    والد اس دوران بچوں کو کھانا بھیج رہے تھے اور جب ایک روز بڑی بچی کے منہ سے اتفاقاً نکل گیا، کہ والدہ گزشتہ کئی روز سے گھر پر نہیں تو وہ فوراً ٹیکسس پہنچے جہاں بچوں کو گھر پر اکیلا پایا۔

    والدہ نے بڑی بچی کو دھمکی تھی کہ اگر اس نے والد کو بتایا کہ وہ گھر پر نہیں تو وہ اس سے بری طرح پیش آئیں گی۔

    پولیس کو اطلاع دیے جانے کے بعد خاتون کی تلاش شروع کی گئی اور بالآخر انہیں ریاست الباما سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ ایک شخص کے ساتھ رہ رہی تھیں۔

    گرفتاری کے وقت خاتون کو کوئی پشیمانی نہیں تھی اور وہ مسکراتے ہوئے ہتھکڑیاں پہن کر پولیس کی گاڑی میں بیٹھیں۔

    پولیس نے بڑی بچی کو والد کے حوالے کردیا ہے جبکہ بچے کو، جس کے والد کوئی اور تھے، ایک قریبی رشتے دار کے حوالے کیا گیا ہے۔

  • یوکرین جنگ: عرب امارات کا بچوں کی فلاح کے لیے 40 لاکھ ڈالرز کا اعلان

    یوکرین جنگ: عرب امارات کا بچوں کی فلاح کے لیے 40 لاکھ ڈالرز کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے یوکرین جنگ سے متاثرہ بچوں کے لیے 40 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان صدر شیخ محمد بن زائد نے یوکرینی صدر کی اہلیہ اولینا زیلسنسکا سے ملاقات کے دوران کیا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زائد سے منگل کو یوکرینی صدر کی اہلیہ اولینا زیلسنسکا نے، جو فاونڈیشن آف چیرٹیبل آرگنائزیشن کی چیئر پرسن بھی ہیں، قصر البحر میں ملاقات کی۔

    یوکرینی صدر کی اہلیہ 7 سے 10 مارچ تک ہونے والی فوربز کانفرنس میں شرکت کے لیے ابو ظہبی میں موجود ہیں۔

    اماراتی صدر سے ملاقات میں اولینا زیلسنسکا نے عام شہریوں اور خصوصاً بچوں پر یوکرینی بحران کے منفی اثرات سے آگاہ کیا۔

    اماراتی صدر نے بحران سے متاثرہ بچوں کی نگہداشت کے لیے 40 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کی ہدایت کی، یہ رقم 100 یتیم بچوں کے لیے 10 عمارتوں کی تعمیر میں لگائی جائے گی۔

    شیخ محمد بن زائد کا کہنا تھا کہ امارات عام شہریوں خصوصاً بچوں پر یوکرین بحران کے منفی اثرات سے باہر نکالنے کے لیے کی جانے والی ہر کوشش کے ساتھ ہے، اس حوالے سے جو بھی علاقائی یا عالمی کوشش ہوگی اس میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔

    یوکرینی صدر کی اہلیہ نے بحران کے آغاز سے اب تک انسانیت نواز کردار اور امارات کی جانب سے یوکرین کے پناہ گزینوں کو دی جانے والی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

    اولینا زیلسنسکا امارات میں مقیم یوکرین کی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گی، اس موقع پر امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد آل نہیان اور وزیر ماحولیات بھی موجود تھیں۔

  • دوا سے درجنوں بچوں کی موت کے بعد بھارتی کمپنی کے 3 ملازم گرفتار

    دوا سے درجنوں بچوں کی موت کے بعد بھارتی کمپنی کے 3 ملازم گرفتار

    نئی دہلی: ازبکستان میں 19 اور گیمبیا میں 70 بچوں کو ہلاک کرنے والی بھارتی دوا کمپنی کے 3 ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی دوا تیار کرنے والی کمپنی ماریون بائیو ٹیک کے کھانسی کے شربت سے بچوں کی اموات کے بعد 3 ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    بھارتی ڈرگ اتھارٹی نے دوا کے 36 نمونے ٹیسٹ کیے جن میں سے 26 میں زہریلا مواد پایا گیا، پولیس نے 3 ملازمین کو حراست میں لے لیا تاہم 2 ڈائریکٹرز فرار ہو گئے۔

    بھارتی کمپنی کی دوا استعمال کرنے سے ازبکستان میں 19 جبکہ گیمبیا میں 70 بچے موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں، اس کے باوجود بھارتی وزارت صحت نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔