(26 اگست 2025): نئے اساتذہ کی بھرتی کے سلسلے میں امیدواروں کی اسناد کی جانچ پڑتال کے لیے اسکروٹنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبہ سندھ میں نئے اساتذہ کی بھرتی کے سلسلے میں پیش رفت ہوئی ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر امیدواروں کی جانچ پڑتال کے لیے اسکروٹنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
یہ کمیٹی امیدواروں کی ڈگری، ڈومیسائل اور پی آر سی کی تصدیق کرے گی اور اس کی رپورٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو پیش کرے گی۔
اسکروٹنی کمیٹی میں ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن، چیف مانیٹرنگ آفیسر اور ایل ایس یو کوآرڈینیٹر شامل ہیں۔ جانچ پڑتال ایس ٹی ایس سکھر آئی بی اے کے ٹیسٹ پاس امیدواروں کی ہوگی۔
جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد نئے اساتذہ کی بھرتی 2021 کی پالیسی کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت کے 90 ہزار اساتذہ بھرتی کرنے پر عملدرآمد کرتے ہوئے اب تک 83 ہزار اساتذہ بھرتی کیے جا چکے ہیں اور چند ماہ قبل آئی بی اے ٹیسٹ پاس اساتذہ کو صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ نے آفر لیٹر بھی جاری کیے تھے۔
بعد ازاں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا تھا کہ صوبائی حکومت اگلی سہ ماہی میں مزید 4400 نئے اساتذہ بھرتی کرے گی۔