Tag: بڑے ایکشن کی تیاری

  • پاکستان میں ٹیکس چوروں اور فراڈ کرنے والوں کیخلاف بڑے ایکشن کی تیاری

    پاکستان میں ٹیکس چوروں اور فراڈ کرنے والوں کیخلاف بڑے ایکشن کی تیاری

    اسلام آباد (13 اگست 2025): ایف بی آر  نے پاکستان میں ٹیکس چوروں اور فراڈ کرنے والوں کیخلاف بڑے ایکشن کی تیاری کر لی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں ٹیکس چوروں اور فراڈ کرنے والوں کے خلاف بڑے ایکشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور ایف بی آر نے ٹیکس فراڈ کیسز کی تحقیقات کے لیے اضافی اختیارات حاصل کر لیے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر نے تحقیقات کے لیے جو اضافی اختیارات حاصل کیے ہیں، اس کے تحت اب انٹرنیٹ اور ٹیلی کام کمپنیاں، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ایف بی آر کو معلومات دینے کے پابند ہوں گے۔ انکوائری یا ٹیکس کیس کی تفتیش کیلیے کمشنر کو مطلوبہ معلومات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔

    ایف بی آر ذرائع کے مطابق ٹیکس فراڈ کی تحقیقات کیلیے انٹرنیٹ سبسکرائبرز کی معلومات میسر ہوں گی اور کسی بھی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنیوالی کمپنی سے ڈیٹا حاصل کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ ٹیلی کام کمپنی یا پی ٹی اے سے صارفین کی معلومات بھی حاصل کی جا سکیں گی۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ آڈٹ یا ٹیکس کیسز کی تحقیقات کیلیے ماہرین اور آڈیٹرز کا تقرر بھی کیا جائے گا۔ بورڈ یا کمشنر مقدمات یا ویلیوایشن میں معاونت کیلئے ماہرین کا تقرر کرے گا۔ ماہرین کے تقرر کا مقصد ٹیکس امور میں کام کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔

    ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین ٹیکس دہندگان سے متعلق معلومات افشا نہ کرنے کے پہلے ہی پابند ہیں۔ نئے ترمیم شدہ قانون کا اطلاق نجی شعبے کے ماہرین یا آڈیٹرز پر بھی ہوگا۔ اس کے تحت نجی آڈیٹرز رجسٹرڈ افراد کے ڈیٹا کی رازداری کو یقینی بنانے کے پابند ہونگے اور اگر انہوں نے یہ معلومات لیک کیں تو انہیں سزا اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔