Tag: بگلا

  • معصوم بگلے نے شہری کو مشکل میں پھنسا دیا

    معصوم بگلے نے شہری کو مشکل میں پھنسا دیا

    نیوزی لینڈ میں ایک شخص کو خطرے کا شکار بگلے کو تنگ کرنا مہنگا پڑ گیا، حکام کے سخت ایکشن کے بعد مذکورہ شخص کو معذرت کرنی پڑی۔

    نیوزی لینڈ میں پیش آنے والے اس واقعے میں ٹیلر نامی ایک شخص مکڈونلڈز کا برگر اور چپس لے کر ایک جگہ بیٹھا ہے جہاں اسے چند بگلے گھیر لیتے ہیں۔

    ایک بگلا جب اس کے بالکل قریب پہنچ جاتا ہے تو وہ اس کو پکڑ لیتا ہے جس پر بگلا چیختا ہے، اس کے بعد وہ شخص بگلے کو چھوڑ دیتا ہے۔

    بگلے کو پکڑتے ہوئے اس شخص نے ویڈیو بھی بنائی جسے اس نے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر شیئر کیا، وہ شخص سمجھ رہا تھا کہ یہ ویڈیو مزاحیہ ہوگی تاہم جلد ہی اس ویڈیو کو تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا۔

    ٹک ٹاک پر اس ویڈیو کو 22 ملین سے زائد افراد نے دیکھا۔

    دراصل یہ پرندے نیوزی لینڈ میں خطرے کا شکار جانداروں کی فہرست میں شامل ہیں اور انہیں پروٹیکٹڈ قرار دیا گیا ہے۔ ملک بھر میں ان پرندوں کی تعداد صرف 5 لاکھ رہ گئی ہے۔

    ٹک ٹاک پر ویڈیو پوسٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کا ڈپارٹمنٹ آف کنزرویشن فوراً حرکت میں آیا اور محکمے کی جانب سے بیان جاری کیا گیا کہ وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت پروٹیکٹڈ قرار دیے گئے جانداروں کو تنگ کرنا یا مارنا سخت جرم ہے۔

    محکمے کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص کو جرمانہ یا قید یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔

    محکمے کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ جانوروں اور پرندوں کو تنگ کرنے سے گریز کیا جائے اور انہیں اپنا کھانا خصوصاً فاسٹ فوڈ کھلانے سے بھی پرہیز کیا جائے، یہ کھانا انہیں بیمار کرسکتا ہے۔

    حکام کی جانب سے تنبیہ کے بعد مذکورہ شخص نے ایک معذرتی ویڈیو جاری کی جس میں اس نے وضاحت کی کہ وہ اس پرندے کو پکڑنے کا ارادہ نہیں رکھتا تھا، یہ پرندہ اچانک اس کے سر کے قریب آیا جس کے بعد اس نے بے اختیار اسے پکڑ لیا۔

  • بگلا ایک ٹانگ پر کیوں کھڑا رہتا ہے؟

    بگلا ایک ٹانگ پر کیوں کھڑا رہتا ہے؟

    آپ نے اکثر بگلے کے بارے میں سنا، پڑھا یا دیکھا ہوگا کہ وہ اپنی ایک ٹانگ پروں میں چھپائے رکھتا ہے جبکہ صرف ایک ٹانگ کے توازن پر گھنٹوں کھڑا رہتا ہے۔

    کیا آپ جانتے ہیں بگلوں میں یہ عادت کیوں پائی جاتی ہے؟

    تصور کریں کہ اگر آپ کو کچھ دیر کے لیے ایک ٹانگ پر کھڑا ہونا پڑے تو کیا ہوگا؟ یقیناً آپ کچھ دیر بعد تھک جائیں گے اور یا تو دونوں ٹانگوں کا استعمال کرنا چاہیں گے، یا بیٹھ کر آرام کریں گے، یا پھر ٹانگ بدل کر دوسری ٹانگ پر کھڑے ہوجائیں گے۔

    لیکن بگلے اس تھکن سے مستثنیٰ ہوتے ہیں۔

    دراصل بگلے ایک ٹانگ پر کھڑے ہی اس وقت ہوتے ہیں جب وہ آرام کر رہے ہوتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: مسلسل 10 ماہ تک اڑنے والا پرندہ

    ایک امریکی تحقیق کے مطابق ایک ٹانگ پر کھڑے ہونے کی پوزیشن میں بگلے کے خلیات آرام دہ حالت میں آجاتے ہیں اور وہ بالکل غیر فعال ہوجاتے ہیں۔

    یہ ایسا ہی ہے جیسے ایک طویل مشقت بھرا دن گزارنے کے بعد ہمیں نیند کی ضروت ہوتی ہے تاکہ ہمارے تھکے ہوئے جسمانی و دماغی خلیات کو آرام ملے اور اگلی صبح وہ پھر سے تازہ دم ہوجائیں۔

    تحقیق کے مطابق بگلے جس وقت تھکن کا شکار ہوتے ہیں اس وقت وہ ایک ٹانگ پر کھڑے ہو کر آرام کرتے ہیں۔

    اٹلانٹا میں جارجیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے پروفیسر یونگ ہوئی چانگ کی تحقیق کے مطابق ان پرندوں کی ٹانگوں کی ساخت ہی اس قسم کی ہوتی ہے کہ یہ باآسانی ایک ٹانگ پر اپنا توازن برقرار رکھ سکتے ہیں۔

    انہوں نے اس تحقیق کے لیے بے شمار زندہ اور مردہ بگلوں کا معائنہ کیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ جس وقت بگلا ایک ٹانگ کے بل پر کھڑا ہو، اس وقت اگر آپ اسے بالکل سامنے سے دیکھیں تو یوں محسوس ہوگا کہ اس کی یہ ایک ٹانگ اس کے جسم کے بالکل مرکز یعنی درمیان میں ہے جس پر اس کے پورے جسم کا توازن قائم ہے۔

    گویا اگر کبھی آپ کا ایک ٹانگ پر معلق کسی بگلے سے ٹکراؤ کا اتفاق ہو تو جان جائیں کہ وہ آرام کر رہا ہے اور ہرگز اس کے آرام میں خلل ڈالنے کی کوشش نہ کریں۔


    نوٹ: مضمون میں فلیمنگو نامی پرندے کا ذکر کیا گیا ہے۔ ماہر ماحولیات رفیع الحق کے مطابق چونکہ یہ مقامی پرندہ نہیں اس لیے اس کا اردو میں کوئی خاص نام موجود نہیں، البتہ اسے عام زبان میں بگلا یا سارس کہا جاتا ہے جو فلیمنگو کی نسل سے کچھ مختلف نسل کے پرندے ہیں۔

    رفیع الحق کے مطابق ماہرین جنگلی حیات اس پرندے کی شناخت کے لیے ’لم ڈھینگ‘ کا نام بھی استعمال کرتے ہیں جو اس کی لمبی ٹانگوں کی وجہ سے اسے دیا گیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔