Tag: بگلیہار ڈیم

  • بھارت نے بگلیہار ڈیم سے پاکستان کو آنے والے پانی کا بہاؤ منقطع کر دیا

    بھارت نے بگلیہار ڈیم سے پاکستان کو آنے والے پانی کا بہاؤ منقطع کر دیا

    اسلام آباد: بھارت نے بگلیہار ڈیم سے پاکستان کو آنے والے پانی کا بہاؤ منقطع کر دیا، دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5 ہزار 300 کیوسک رہ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پڑوسی ملک گھٹیا حرکتوں پر اتر آیا، بھارت نے دریائے چناب پر بگلیہار ڈیم سے پاکستان کو آنے والے پانی کا بہاؤ منقطع کر دیا ہے۔

    ہندوستان ٹائمز کے مطابق پاکستان کو ’’ایک قطرہ‘‘ بھی نہ دیے جانے کے فیصلوں پر عمل کرتے ہوئے بھارت جہلم پر کشن گنگا پراجیکٹ کے بہاؤ کو کم کرنے کی بھی تیاری کر رہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق بھارت نے بگلیہار ہائیڈل پاور پراجیکٹ کے دروازے پاکستان پر بند کر دیے ہیں، اس اقدام سے پاکستان کی طرف بہاؤ میں 90 فی صد تک کمی ہوگی، جب کہ کشن گنگا ڈیم کے لیے بھی اسی طرح کی کارروائیوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔


    پاک بھارت کشیدگی، پاکستان کا ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ


    اے این آئی کے مطابق بھارت نے بگلیہار ڈیم میں مٹی کو ہٹانے کا کام شروع کیا ہے اور بند کے دروازے کو نیچے کر دیا، جس سے پاکستان کی طرف بہاؤ نوّے فیصد تک کم ہوا۔ بھارت کی نیشنل ہائیڈرو الیکٹرک پاور کارپوریشن کے ایک اہلکار نے اتوار کو بتایا کہ بگلیہار ہائیڈل پاور پراجیکٹ کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں، آبی ذخائر کو ’’ڈی سِلٹنگ‘‘ کر دیا گیا ہے اور اسے دوبارہ بھرنا ہے۔

    دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5 ہزار 300 کیوسک رہ گیا ہے، گزشتہ ہفتے دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ 40 ہزار کیوسک کے قریب تھا، ذرائع آبپاشی کا کہنا ہے کہ بھارت نے بگلیہار ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنا شروع کر دیا ہے اور دریائے چناب میں پانی کی مزید کمی متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کے آغاز کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے، اور خطے کے امن و امان کو خدشات لاحق ہو گئے ہیں، ایسے میں بھارت کو کسی بھی جارحیت سے خبردار کرنے کے لیے پاکستان نے ہفتے کے روز زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کے تجربے بھی کیے۔ پاکستان نے آج فتح میزائل کا بھی کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے، فتح میزائل زمین سے زمین تک 120 کلو میٹر تک مارنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

  • بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے بگلیہار ڈیم پر دریائے چناب کا پانی روک لیا

    بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے بگلیہار ڈیم پر دریائے چناب کا پانی روک لیا

    سیالکوٹ : بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے بگلیہارڈیم پردریائے چناب کا پانی روک لیا، جس کے باعث دریا کا پچانوے فیصد سے زائد حصہ خشک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق 1960ء کے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرکے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے بگلیہارڈیم پردریائے چناب کا پانی روک لیا جس کی وجہ سے ہیڈمرالہ کے مقام پردریائے چناب کے پانی کی آمد کم ہوکر 47ہزار دو سواٹھاون کیوسک رہ گیا۔

    دریائے چناب کا پچانوے فیصد سے زائد حصہ خشک ہوگیا ہے۔ سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت دریائے چناب میں ہرلمحہ55ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کا پابند ہے لیکن بھارت نے کئی سالوں سے دریائے چناب کا پانی روک رکھا ہے۔

    دوماہ قبل تک دریائے چناب کے پانی کی آمد بارہ ہزار کیوسک تھی جومقبوضہ کشمیر کے پہاڑوں پر برف باری اوربارشوں کی وجہ سے دریائے چناب کے پانی میں اضافہ ہوا لیکن یہ سند ھ طاس معاہدہ کے خلاف رہا۔

    محکمہ ایری گیشن کے مطابق مقبوضہ کشمیر سے آکردریائے چناب میں شامل ہونے والے دودریائے وںدریائے مناور توی کے تین ہزارچھیالیس کیوسک پانی اور دریائے جموں توی کے پانچ ہزار پانچ سو چونسٹھ کیوسک پانی کی وجہ سے دریائے چناب کے مجموعی پانی کی آمد 55ہزار آٹھ سو اڑسٹھ کیوسک رہی۔

     دریائے چناب کے اپنے پانی کی آمد 47ہزار دو سواٹھاون کیوسک رہی اور ہیڈمرالہ کے مقام پردریائے چناب سے نکلنے والی نہراپرچناب میں پانی کا بہاؤ تیرہ ہزار چھ سو کیوسک اور نہر مرالہ راوی لنک میں پانی کا بہاؤ بیس ہزار کیوسک رہا۔

    ماضی میں پانی کمی کی وجہ سے سیالکوٹ ، نارووال ، گوجرانوالہ ودیگر اضلاع کی لاکھوں ایکٹرزرعی اراضی پر کاشت شدہ فصلوں کو نقصان پہنچا۔